تحریک انصاف کو پنجاب میں بڑا دھچکا، حماد اظہر کے بعد لاہور کی قیادت بھی مستعفی

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی جانب سے پنجاب کی صدارت چھوڑنے کے بعد پی ٹی آئی لاہور کی قیادت نے بھی عہدے چھوڑ دیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف لاہور کے صدر چوہدری اصغر گجر نے پارٹی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا جبکہ اُن کے ہمراہ جنرل سیکریٹری حافظ ذیشان نے بھی ذمہ داری سے استعفی دیا۔

چوہدری اصغر گجر نے پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہک ’آپ نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلیے جدوجہد میں میرا ساتھ دیا، امین ہے آنے والا صدر مجھ سے بہتر جدوجہد کرے گا‘۔

قبل ازیں حماد اظہر نے سماجی رابطے کی سائٹ پر جاری اپنے بیان میں پارٹی صدارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے میری عمران خان صاحب تک رسائی نہیں ہے، میں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نا ہی کوئی ڈیل کی، میری نقل و حرکت پر بہت سختی ہے اور میں اڈیالہ نہیں جا سکتا، پنجاب کی تنظیم میں بہت سارے ایسے فیصلے ہوئے جن پر نا تو میری رائے شامل تھی اور نا ہی رضامندی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ فیصلے میرٹ کے بجائے لابنگ کی بنیاد پر کیے گئے اور عمران خان کو یکطرفہ معلومات پہنچا کر تصویر کا دوسرا رخ پیش کیا گیا،
کافی عرصے سے لابنگ جاری تھی کی لاہور کے صدر چوہدری اصغر کو بدلا جائے، جس میں وہ کامیاب ہوئے اور خان صاحب کو غلط حقائق دے کر اپنا مقصد آج پورا کرلیا۔

حماد اظہر نے کہا کہ چوہدری اصغر کا قصور یہ کے وہ دو ماہ قید میں رہے، فارم 45 پر نوازشریف کے حلقے سے الیکشن جیتے اور 3 ماہ پہلے وہ لاہور کے صدر منتخب ہوئے، میں دعوے سے کہتا ہوں کے تین ماہ جو کام انھوں نے کیا اور جس طرح فرنٹ سے لیڈ کیا وہ پہلے لاہور کے کسی صدر نے نہیں کیا۔

نیرج چوپڑا سے دوستی ہے مگر میدان میں ہم ایک دوسرے کے حریف ہیں، ارشد ندیم

  کراچی: پیرس اولمپکس گیمز میں نئے ریکارڈ کے ساتھ پاکستان کو 40 برس بعد گولڈ میڈل دلوانے والے اولمپئین ارشد ندیم نے کہا ہے کہ میں پاکستانی ہوں اور رہوں گا، مجھے اس دھرتی کا بیٹا ہونے پر فخر ہے، بھارت کے  نیرج چوپڑا سے دوستی ہے لیکن میدان میں ہم ایک دوسرے کے حریف ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں  ارشد ندیم نے وزیر اعلیٰ سندھ  سے ملاقات کے علاوہ گورنر ہاؤس میں  پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ارشد ندیم کو 5 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا، وزیر بلدیات سندھ  سعید غنی نے کراچی میں سڑک کوارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے، مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ان کے نام پر اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا جبکہ  وزیر کھیل محمد بخش مہر نے اپنی جانب سے اولمپئین کو چیک پیش کیا۔

ارشد ندیم کو بیش قیمت کار بھی بطورانعام دی گئی جبکہ سندھی ثقافتی تحائف اجرک، ٹوپی اور شیلڈ بھی عطا کی گئی۔ ارشد ندیم نے آئی ٹی کورس کرنے والوے نوجوانوں کے لیے سو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق پیرس اولمپکس  کے جیولین تھرو ایونٹ میں 92.97 میٹرز دور نیزہ پھینک کر نئے ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کرنے والے ارشد ندیم نے دورہ کراچی کے دوسرے دن جمعرات کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کر کے  مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کی  تاریخ  میں  پہلا انفرادی اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم نے کہا کہ اعزاز پانے کے بعد  شکر گزار ہوں، پوری قوم نے پرتپاک انداز میں میرا استقبال کیا، وزیر اعلٰی پنجاب نے میرے گاؤں آکر بڑی عزت دی، خیبر پختون خواہ کے بعد سندھ آنے پر کراچی میں گورنر ہاؤس میں والہانہ استقبال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اہل کراچی نے مجھے بہت عزت دی،خوشی ہے کہ میرے اولمپک میڈل نے پوری قوم کو اکھٹا کیا، پیرس اولمپکس میں  دوسری تھرو کے بعد ہی  گولڈ میڈل ملنے کا یقین ہوگیا تھا، میری کامیابی میں کوچ اور ڈاکٹرز کی محنت کا بھی نمایاں کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعزاز کے دفاع میں ناکام رہ کر دوسری پوزیشن کے ساتھ سلور میڈل جیتنے والے بھارت کے نیرج چوپڑا سے اچھی دوستی ہے لیکن میدان میں ہم ایک دوسرے کے حریف ہیں،قوم کی دعائیں شامل رہیں تو آئندہ بھی  ملک کے لیے کارنامے انجام دینے کی کوشش کروں گا۔

قبل ازیں  ارشد ندیم  نے وزیر اعلٰی ہاوس میں  وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی، وزیر اعلٰی سندھ  نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے  کہا کہ چئیرمین  پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں اولمپئین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ  اگلے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے ابھی سے تیاری کا آغاز کردیں، سندھ حکومت اس معاملے میں بھرپور سپورٹ کرے گی۔

مراد علی شاہ نے  ارشد ندیم کو سندھی ثقافتی تحائف اجرک، ٹوپی اور شیلڈ بھی دیے، اس موقع پر صوبائی وزرا بھی موجود تھے،اس سے قبل  ارشد ندیم کے ہمراہ منعقدہ پریس کانفرنس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری قوم کے دل جیت لیے، ان کی شاندار کامیابی سے دنیا میں پاکستان کے حوالے سے مثبت تاثر گیا۔

امریکی اداکار میتھیو پیری کی پراسرار موت، ڈاکٹر سمیت متعدد افراد گرفتار

لاس اینجلس: معروف امریکی اداکار میتھیو پیری کی ناگہانی موت کی تفتیش میں متعدد گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں جس میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق اداکار کو ممنوعہ دوائی ’کیٹامائن‘ کی سپلائی کا سورس پتہ چلانے کیلئے متعدد خفیہ ایجنسیوں نے اس تفتیش میں کام کیا ہے۔

اداکار کے پوسٹ مارٹم کے بعد جاری کی گئی تفصیلی میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ان کی موت انستھیزیا کی دوائی کی زیادتی کی وجہ سے ہوئی جو ڈپریشن اور دماغی امراض کی صورت میں استعمال کی جاتی ہے۔

54 برس کے میتھیو پیری لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر واش روم کے ٹب میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

میتھیو پیری نے ٹیلی ویژن سیریز “فرینڈز” میں “چاندلر بنگ” کے اپنے مشہور کردار سے دُنیا بھر میں شہرت حاصل کی تھی، یہ سیریز 1994 میں شروع ہوئی جبکہ اس کا آخری سیزن 2004 میں نشر کیا گیا تھا۔

اس سیریز نے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی اور درجنوں ایوارڈز بھی اپنے نام کیے جبکہ اس “فرینڈز” کے تمام اداکاروں کو بھی سیریز میں اپنے کرداروں کی وجہ سے ہی شہرت ملی۔

سیریز “فرینڈز” کی کہانی چھ دوستوں روس، مونیکا، چاندلر، فیبی، ریچل اور جوئی کے گِرد گھومتی ہے، سیریز میں  مونیکا اور روس بہن بھائی تھے، ریچل مونیکا کے کالج کی سہیلی تھی جبکہ چاندلر اور روس روم میٹ تھے اور فیبی مونیکا کی روم میٹ رہ چکی تھی۔

بھارت نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی سے صاف انکار کردیا

  کراچی: بھارت نے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی سے صاف انکار کردیا ہے۔

بنگلادیش میں سیاسی بحران کی وجہ سے آئی سی سی نے بھارت سے ٹورنامنٹ کی میزبانی کی درخواست کی تھی۔

ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے کہا کہ میں نے آئی سی سی کو ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی سے صاف انکار کردیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ابھی مون سون چل رہا ہے اور اگلے سال ہم نے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھی کرنی ہے، میں ایسے کوئی اشارے نہیں دینا چاہتا کہ میں لگاتار ورلڈ کپ منعقد کرنا چاہتا ہوں۔

بھارت کے دستبردار ہونے کے بعد سری لنکا اور متحدہ عرب امارات آنے والے ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش کو 3 سے 20 اکتوبر تک ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنی ہے لیکن ملک میں جاری سیاسی بحران کی وجہ سے آئی سی سی ٹورنامنٹ کو کسی دوسرے ملک منتقل کرنے پر غور کررہی ہے۔

آسٹریلیا، برطانیہ، بھارت اور نیوزی لینڈ کی حکومتوں نے اپنے شہریوں کو بنگلا دیش کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹام کروز کی ایکشن فلمیں بہت پسند ہیں، شاہ رخ خان کا انکشاف

ممبئی: بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہالی وڈ اداکار ٹام کروز کے مداح ہیں اور ان کی فلمیں بہت پسند ہیں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اداکار نے ٹام کروز کی فلم ’مشن امپاسیبل‘ کی تعریف ہے اور کہا کہ انہیں رومانٹک فلمیں پسند نہیں ہیں اوروہ زیادہ تر ایکشن موویز دیکھتے ہیں۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ جب وہ فلموں سے تھوڑا دور ہوئے تو انہیں خیال آیا کہ انہوں نے کوئی ایکشن فلم  کیوں نہیں کی، اسی لئے انہوں نے ایک ساتھ دوایکشن فلموں کے ساتھ انڈسٹری میں واپسی کی تھی۔

اداکار نے بتایا کہ جب وہ فلمیں دیکھتے ہیں تو اس میں ایکشن سے لے کر سائنس فکشن، ہارر اور تھرلرز تک کے سب موضوع ہوتے ہیں۔

اس موقع پر شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ انہیں رومینٹک فلمیں سب سے کم پسند ہیں جبکہ ان کی شناخت ایک رومینٹک ہیرو کی ہے۔

ہائیڈروپاور منصوبے ملک کی معیشت، ماحول و سماجیات کیلئے نقصاندہ قرار

  کراچی: ماہرین توانائی نے تحقیق کے ذریعے دو بڑے پراجیکٹ سے حاصل ہونے و الی بجلی کے پوشیدہ نقصانات سے فی یونٹ لاگت 50روپے سے زائد ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیڈروپاور منصوبے ملک کی معیشت، ماحول اور سماجیات کے لیے نقصان دہ ہیں۔

کراچی میں ہائیڈروپاور کی اصل لاگت کے موضوع پر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ہائیڈرولوجی اور آبی وسائل کے ماہر ڈاکٹر حسن عباس نے کہا کہ دنیا بھر میں بڑے آبی ذخائر (ڈیم) کو ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ملکوں میں چھوٹے ڈیم یومیہ بنیادوں پر ختم کیے جا رہے ہیں تاکہ پانی کے قدرتی بہاؤ اور زیر زمین ذخائر قدرتی طریقے سے چارج کیے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی ڈیمز بنانے کے بجائے پانی کے قدرتی بہاؤ کو رواں رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ڈیمز کی تعمیر سے ہونے والے ماحولیاتی نقصانات روکے جاسکیں بالخصوص تیزی سے معدوم ہونے والے انڈس ڈیلٹا اور اس سے جڑی زندگی کو مٹنے سے بچایا جاسکے۔

ڈاکٹر حسن عباس نے کہا کہ بڑے آبی ذخائر کی پوشیدہ لاگت بجلی کی پیداواری لاگت میں شامل نہیں کی جاتی جن میں ڈیموں کی سماجی، معاشی اور ماحولیاتی لاگت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان عوامل کی لاگت کو نظر انداز کیے جانے کی بنا پر پانی سے بننے والی بجلی کو سب سے سستی بجلی سمجھا جاتا ہے تاہم تحقیق سے ثابت ہوا کہ پاکستان کے دو بڑے ڈیم تربیلا اور نیلم جہلم سے حاصل ہونے والی بجلی اس کے ٹیرف سے کئی گنا زیادہ ہے۔

اپنی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر حسن عباس نے کہا کہ بڑے آبی منصوبوں کی مجموعی لائف سائیکل لاگت کو مدنظر رکھا جائے تو یہ سراسر خسارے کا سودا ہے، جس سے ماحولیات اور سماج کو پہنچنے والے نقصانات کا کبھی ازالہ نہیں ہوسکتا۔

تحقیق کے مطابق تربیلا ڈیم کی پوری مدت میں ماحول اور معاشرے کو 350 ارب ڈالر کا نقصان پہنچے گا، جس میں صرف ماحولیاتی اثرات کی لاگت کا تخمینہ 50ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

انہوں نے تحقیق میں بتایا ہے کہ طرح تربیلا ڈیم سے بننے والی بجلی کی اصل لاگت 53.61 روپے بنتی ہے، تربیلا ڈیم سے بننے والی بجلی ماحول دوست نہیں ہے اور نہ ہی اس سے ملک کے آب پاشی کے نظام کو کوئی فائدہ ہے، یہ ڈیم ملک کی معیشت کے لیے بڑے آبی ذخائر کے معاشی نقصانات کی ایک مثال ہے۔

ڈاکٹر حسن عباس نے اپنی تحقیق کی بنیاد پر دعویٰ کیا کہ نیلم-جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کی ٹوٹل لائف سائیکل لاگت 26ارب ڈالر ہے جو 50 سال کے عرصے پر محیط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیلم-جہلم منصوبے سے سالانہ 4360 گیگا واٹ بجلی پیدا ہوگی، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے 18فیصد نقصانات کے بعد صارفین تک 3575گیگا واٹ بجلی سال میں پہنچے گی اور اپنی 50 سال کی پوری مدت میں یہ منصو بہ 179ارب یونٹس بجلی پیدا کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی ٹوٹل لائف سائیکل لاگت کو شامل کیا جائے تو فی یونٹ لاگت 50.55روپے بنتی ہے، اس لحاظ سے یہ منصوبہ بھی ملک کی معیشت، ماحول اور سماجیات کے لیے نقصان دہ ہے۔

ڈاکٹر حسن عباس نے کہا کہ بڑے منصوبوں کے لیے عالمی اداروں سے فنڈنگ لی جاتی ہے اور غیرملکی ماہرین ہی ان منصوبوں کا ڈیزائن تیار کرتے ہیں جس میں مقامی آبادی سے مشاورت نہیں کی جاتی، بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوتی ہے، آبادیوں کو صدیوں پرانے اپنے آبائی علاقے چھوڑنا پڑتے ہیں، جس کے صدمے اور دکھ کا مالی تخمینہ لگانا ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے انتظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے پانی کی کمی پوری کرنے کے لیے دریا کی سطح کے نیچے ریت میں جذب شدہ پانی کی وافر مقدار کو نکالا جاسکتا ہے، جس سے پانی کی طلب پوری کی جاسکتی ہے۔

ڈاکٹر حسن عباس کا کہنا تھا کہ بجلی کی پیداوار کے لیے بھی متبادل توانائی کے ذرائع کو ترقی دینا ضروری ہے۔

اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بنگلادیش بھیجنے کا فیصلہ

ڈھاکا: اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے اپنی ایک فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بنگلا دیش بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کی عبوری حکومت نے تصدیق کی ہے کہ 1971 میں بنگلادیش کے قیام کے بعد پہلی بار اقوام متحدہ کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم آئندہ ہفتے ملک کا دورہ کرے گی۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ پروفیسر محمد یونس سے فون پر گفتگو کی اور فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بھیجنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

وولکر ترک نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس سے ٹیلی فونک گفتگو میں یکجہتی کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تحقیقات کا یقین دلایا۔

جس پر محمد یونس نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کا تحفظ کسی بھی حکومت کی اولین ترجیح ہوتی ہے جسے یقینی بنانا عالمی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے۔

یاد رہے کہ بنگلادیش میں طلبا احتجاجی تحریک کے دوران 400 سے زائد افراد مارے گئے تھے جن میں بڑی تعداد طلبا اور عام شہریوں کی تھی جن میں سے 3 افراد کے قتل کی ایف آئی آر شیخ حسینہ واجد اور ان کے 15 حکام کے نام کاٹی گئی ہے۔

کھیلوں کی عالمی عدالت نے انڈین ریسلر کی اپیل پر مختصر فیصلہ سنا دیا

  کراچی: کھیلوں کی عالمی عدالت نے انڈین ریسلر کی اپیل پر مختصر فیصلہ سنا دیا۔

ونیش پھوگٹ نے پیرس اولمپکس 2024 میں ڈس کوالیفائی ہونے اور میڈل نہ ملنے پر اپیل کی تھی جسے کورٹ آف آربیٹریشن کی جانب سے مسترد کر دیا گیا ہے۔

ونیش پھوگٹ کو 100 گرام وزن زیادہ ہونے پر ریسلنگ فائنل سے ڈس کوالیفائی کیا گیا تھا، انڈین ریسلر کا اپیل میں موقف تھا کہ کم سے کم انہیں سلور میڈل دیا جائے۔

سی اے ایس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اگست 2024 کو ونیش پھوگاٹ کی طرف سے داخل درخواست کو خارج کیا جاتا ہے۔

ونیش پھوگاٹ پیرس اولمپکس میں 50 کلوگرام ریسلنگ کیٹیگری میں فائنل میں پہنچی تھیں لیکن فائنل میچ سے پہلے جب ان کا وزن کیا گیا تو یہ 100 گرام زیادہ نکلا جس پر انہیں نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

توقع تھی کہ اپیل کے بعد وہ میڈل حاصل کر لیں گی لیکن ایسا نہیں ہوسکا ہے، وہ پہلی بھارتی خاتون ریسلر تھیں جنہوں نے بھارت کے لیے اولمپک فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

ملک میں مذہبی تقسیم کی بنیاد بننے والے قوانین ختم کردیں گے؛ مودی

نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے والے قوانین کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام سے خطاب میں وزیراعظم مودی کا کہنا تھا کہ جدید معاشرے میں مذہب کی بنیاد پر ملک کو تقسیم کرنے والے قانون کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ بھی ایک بار نہیں، متعدد بار ملک میں سب کے لیے ایک  سول کوڈ کے نفاذ کے احکامات جاری کر چکی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک بھر میں یکساں سول کوڈ وقت کی ضرورت ہے۔ اس معاملے پر کھل کر بحث کی جائے تاکہ ہم اس مذہبی امتیاز سے چھٹکارا حاصل کرلیں۔

وزیراعظم مودی کے اس خطاب سے پورے ملک میں نئی بحث چھڑ گئی ہے اور بالخصوص مسلمان شدید بے چینی اور اضطراب کا شکار ہیں۔

مودی کے بھارت میں پہلے ہی مذہبی اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے اور اس طرح کی قانون سازی سے اکھنڈ بھارت کو تقویت دی جا رہی ہے۔

“ جنرل (ر) باجوہ نے مارشل لاء لگانے کی دھمکی دی تھی، جنرل باجوہ اور جنرل فیض کا بہت قریبی تعلق ہے۔” خواجہ آصف کے انکشافات

“ جنرل (ر) باجوہ نے مارشل لاء لگانے کی دھمکی دی تھی، جنرل باجوہ اور جنرل فیض کا بہت قریبی تعلق ہے۔” خواجہ آصف کے انکشافات