خلیل الرحمان نے ‘برزخ’ کیخلاف ماریہ بی کے ایکشن کی حمایت کردی

 لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے متنازع ویب سیریز ‘برزخ’ کے خلاف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کے ایکشن کی حمایت کردی ہے۔

خلیل الرحمان قمر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پاکستانی فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ماریہ بی مسلسل ہم جنس پرستی کے خلاف آواز اُٹھا رہی ہیں اور میں اُن کے اس مقصد میں اُن کے ساتھ کھڑا ہوں۔

ڈرامہ نگار نے کہا کہ ماریہ بی واقعی ایک حقیقی خاتون ہیں جو ہمارے مذہبی اور سماجی ڈھانچے کو بچانے کے لیے بہت کوششیں کر رہی ہیں، اُنہوں نے ویب سیریز ‘برزخ’ کے خلاف جس طرح آواز اُٹھائی، وہ قابلِ تعریف ہے، میں اُنہیں سلام پیش کرتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم جنس پرستی کو فروغ دینے والی سیریز یا فلموں کے پیچھے ایک ایجنڈا ہے، ہم غلط راستے کا انتخاب کر رہے ہیں، ہمیں اس مغربی ایجنڈے کا شکار ہونے کے بجائے ہم جنس پرست کمیونٹی کے لیے آگاہی و شعور اور فلاحی کام کرنے چاہئیں۔

خلیل الرحمان نے کہا کہ ہم جنس پرست لوگ بنیادی طور پر ہمارے معاشرے میں اس کی قبولیت کا مطالبہ کر رہے ہیں اور مجھے ان اداکاروں، مصنفین اور فلمسازوں کے لیے افسوس ہوتا ہے جو ہم جنس پرست کی فروغ کے لیے ایک آلے کے طور پر استعمال ہورہے ہیں۔

ڈرامہ نگار نے کہا کہ ماریہ بی ایسے گھٹیا ایجنڈے کے خلاف اپنا کام کر رہی ہیں، میں اُن کے ساتھ کھڑا ہوں اور میری حمایت بھی ماریہ بی کے ساتھ ہے۔

اُنہوں نے ماریہ بی کے ایک دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے مزید کہا کہ ماریہ بی نے کہا تھا کہ میڈیا انڈسٹری میں 80 فیصد مرد ہم جنس پرستی ہیں، وہ ایک سچی خاتون ہیں، مجھے لگتا ہے کہ اُن کے یہ حقائق بالکل درست ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی کی جانب سے تحریر اور ہدایت کردہ بھارتی ویب سیریز ‘برزخ’ میں ہم جنس پرستی، فحاشی، زنا اور بچوں کی ذہنی سازی بھی دکھائی گئی تھی جس کی وجہ سے پاکستانی مداح سمیت کئی شوبز شخصیات بھی سیریز پر پابندی کا مطالبہ کررہی تھیں۔

فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے ‘برزخ’ کے خلاف پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میں پابندی کی درخواست بھی دائر کی تھی، تاہم بھارتی چینل زی زندگی کے پروڈیوسرز نے پی ٹی اے کے ایکشن سے قبل ہی سیریز کو یوٹیوب سے ڈیلیٹ کردیا تھا۔

حج سیزن اختتام، 10 لاکھ سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا گیا، سعودیہ گروپ

  کراچی: سعودیہ گروپ نے حج سیزن1445ہجری کے کامیاب اختتام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 ہزارسے زائد پروازوں کے ذریعے 10لاکھ سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا گیا۔

ترجمان سعودیہ ائیرکے مطابق حج آپریشن کے دوران سعودی گروپ کوذیلی شعبوں کارگو، لاجسٹکس، کیٹرنگ، گراؤنڈ سروسز، مینٹیننس اور دیگر کی بھرپور معاونت حاصل رہی۔

انہوں نے کہا کہ سعودیہ گروپ نے چار براعظموں اور 100 سے زائد مقامات پر20 ہزار گھنٹوں پر مشتمل پروازیں آپریٹ کیں، 5 ہزار سے زائد پروازوں کے ذریعے 10لاکھ سے زائد عازمین حج کو ان کی منزل مقصود تک پہنچایا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ 440 دیگر پروازوں کے ذریعے گروپ کی سستی ترین ائیرلائن فلائی ڈیل کی جانب سے 70ہزار سے زائد حجاج کرام کو سفری سہولیات فراہم کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عازمین حج میں نمایاں تعداد پاکستانی حجاج کرام کی تھی، حج سیزن 1445 ہجری کے دوران سعودیہ کی غیرمعمولی کارکردگی نے پاکستانی مسافروں کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں سےمتعدد پروازوں کے ساتھ سعودیہ کے وسیع نیٹ ورک اور بہترین کارکردگی کے عزم نےسفر کے ہموار اور سہل تجربے کو یقینی بنایا۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کامیابی حج جیسے اسلامی فریضے کی ادائیگی کو فروغ دینے کے حوالے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعاون کو اجاگر کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودیہ گروپ اب حج سیزن 1446ہجری کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور پاکستانی عازمین حج پہلے سے بھی زیادہ مؤثر اور آرام دہ سفر کی توقع کرسکتے ہیں، جسے ایک توسیع شدہ فلائٹ نیٹ ورک اور ایک جامع سیٹ ریٹروفٹ پروگرام کی معاونت حاصل ہوگی۔

اسماعیل ہنیہ کی شہادت؛ حماس کی جنگ بندی مذاکرات میں شرکت سے معذرت

دوحہ: قطر میں ہونے والے غزہ مذاکرات کے سلسلے میں آج وزیراعظم سے اسرائیلی انٹیلی جنس چیف نے بند کمرے میں ملاقات کی اس موقع پر امریکا اور مصر کے انٹیلی جنس چیفس بھی موجود تھے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد غزہ میں جنگ بندی کے لیے فریقین کے درمیان مذاکرات کا نیا دور قطر میں شروع ہوگیا جس میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے چیف نے بھی شرکت کی۔

خیال رہے کہ ان مذاکرات کا ایجنڈا غزہ میں 10 ماہ سے جاری اسرائیل حماس جنگ کے خاتمے اور 115  یرغمالیوں کی حماس کے قید سے اپنے وطن واپسی ہے۔

مذاکرات کے لیے اسرائیل کے وفد میں انٹیلی جنس چیف ڈیوڈ بارنیا کی قیادت میں ڈومیسٹک سیکیورٹی سروس کے سربراہ رونن بار اور فوج کے یرغمالیوں کے سربراہ نطزان ایلون شامل قطر پہنچے ہیں۔

دوسری جانب حماس کا مذاکرات کاروں سے کہنا ہے کہ ہم کئی بار مذاکرات میں شامل ہوئے اور بہت سے سمجھوتے کیے ہیں لیکن اسرائیل کی طرف سے کبھی بھی سنجیدگی سے عمل نہیں کیا گیا اس لیے مذاکرات میں حصہ لینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

حماس نے واضح کیا کہ اگر اسرائیل نے ہماری سابق تجاویز پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تو ہم بھی مذاکراتی عمل میں شامل ہوسکتے ہیں لیکن کسی نئی شرط کے ساتھ مذاکرات قابل قبول نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیلی مذاکراتی ٹیم نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے چند اہم تنازعات کے حل اور امدادی سامان کی ترسیل کے لیے راہداریوں کے قیام کی اجازت دی ہے۔

غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 80 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہیں۔

اسرائیل نے غزہ پر بمباری کا سلسلہ اُس وقت سے بلا تعطل جاری رکھا ہوا ہے جب 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل کے جنوبی علاقے میں داخل ہوکر فوجیوں پر حملہ کردیا تھا جس میں 1200 اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے اور 250 کو یرغمال بنالیا گیا تھا۔

مریخ میں زیر زمین پانی کے بڑے ذخائر دریافت

سان ڈیاگو: محققین نے مریخ کے زیر زمین مائع پانی کے اتنے بڑے ذخائر دریافت کیے ہیں جو سیارے کی سطح پر موجود سمندروں کو بھرنے کے لیے کافی ہیں۔

ناسا کے انسائیٹ لینڈر سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے سائنس دانوں نے اندازہ لگایا کہ زیر زمین موجود پانی مریخ کو ایک سے دو کلو میٹر گہرائی میں ڈبو سکتا ہے۔

لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مریخ پر فراہمی کے لیے اس آبی ذخائر سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے والے کسی بھی شخص کے لیے اس کے زیادہ استعمال کا امکان نہیں ہے۔

یہ مریخی تہہ کے وسط میں چٹان میں موجود چھوٹی چھوٹی دراڑوں میں واقع ہے، جو سطح سے 11.5 سے 20 کلومیٹر کے درمیان ہے۔ یہاں تک کہ زمین پر بھی ایک کلومیٹر گہرا سوراخ کھودنا ایک چیلنج ہے۔

امریکا میں قائم یو سی برکیلے سے تعلق رکھنے والے وشان رائٹ کا کہنا تھا کہ مریخ کے موسم، سطح اور اندرون کی ارتقاء کو سمجھنے کے لیے آبی چکر کو سمجھنا اہم ہے اور کارآمد ابتداء اس بات کی شناخت ہے کہ پانی کہاں ہے اور کتنی مقدار میں ہے۔

ایشائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کو طویل مدتی معاشی ترقی کیلئے اقدامات کی سفارش

  اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ترسیلات زر کو مالیاتی پالیسیوں اور کلی معیشت کے اشاریوں کے ساتھ ہم آہنگ کرکے پاکستان کو طویل مدتی معاشی ترقی کے مثبت اثرات میں اضافہ کے لیے اقدامات کی سفارش کی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری ہونے والے حالیہ مطالعاتی بلاگ میں کہا  گیا ہے کہ سمندرپار کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا ملک کی معیشت میں اہم کردار رہا ہے اور آنے والے مہینوں اور برسوں میں ترسیلات زر کا بہاؤ اسی رفتار سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

بینک نے ترسیلات زر میں اضافے کے لیے سہولیات اور ترغیبات فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

اے ڈی بی نے کہا ہے کہ ترسیلات زر پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، حالیہ اقتصادی بحرانوں اور کوویڈ کے دوران بھی سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر نے بفر اور پائیدار ترقی کے ممکنہ محرک کے طور پر اپنا کردار ادا کیا ہے۔

بلاگ میں کہا گیا ہے کہ ترسیلات زر کو مالیاتی پالیسیوں اور کلی معیشت کے اشاریوں کے ساتھ ہم آہنگ کرکے پاکستان طویل مدتی معاشی ترقی کے مثبت اثرات میں اضافہ کرسکتا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کو اکثر ادائیگیوں کے توازن کی مشکلات کا سامنا رہا ہے اور ایسے حالات میں سمندر پارپاکستانیوں کی ترسیلات زر بیرونی مالی اعانت کا اہم ذریعہ ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس سے حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ کو کم کرنے میں بھی مدد مل رہی ہے، پاکستان میں مضبوط خاندانی نظام کی وجہ سے ترسیلات زر نے سماجی تحفظ کے ایک اہم عنصر کے طور پر بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔

اے ڈی بی نے کہا کہ 2000 کی دہائی میں مسلسل نموکے بعد ترسیلات زر اب پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً 10 فیصد ہے جو پاکستان کے پڑوسی ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق بہتر معاشی کارکردگی اور کلی معیشت کے استحکام کی طرف لے جانے والی پالیسیاں بھی ترسیلات زر میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

بینک نے ترسیلات زر کو مالیاتی پالیسیوں اور کلی معیشت کے اشاریوں کے ساتھ ہم آہنگ کرکے پاکستان کو طویل مدتی معاشی ترقی کے مثبت اثرات میں اضافہ کے لیے اقدامات کی سفارش کی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان میں ترسیلات زر کا اوسط بہاؤ آئندہ بہاؤ بھی نمایاں رہے گا، اس کے لیے پالیسی اقدامات بشمول ڈھانچہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے۔

انٹرنیٹ سست ہونے کی شکایات پر پی ٹی اے سے ڈیٹا مانگ لیا، وزیر آئی ٹی

  اسلام آباد: وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ سست ہونے کی شکایات پر پی ٹی اے سے ڈیٹا مانگا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ سروسز متاثر اور فائروال کی تنصیب کے معاملے پر انٹرنیٹ کے سست ہونے کی شکایات آئی ہیں، انٹر نیٹ کبھی بھی سست نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فائیو جی کی آکشن کی کوششوں میں ہیں، آئی ٹی ڈیجیٹل اکانومی اور ڈیجیٹل گورنمنٹ کا انحصار انٹرنیٹ کی اچھی اسپیڈ پر ہے، پی ٹی اے سے گزشتہ دو ہفتوں کا ڈیٹا مانگا ہے، آئی ٹی ڈیٹا ٹریفک دیکھ کر انٹرنیٹ اسپیڈ کا پتا چلے گا، واٹس ایپ ڈاؤن ہونے کی شکایات دور کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی فائر وال سائبر سکیورٹی کے لیے ہے، دنیا بھر میں تمام ممالک فائروال استعمال کر رہے ہیں، پہلے بھی ویب مینجنٹ سسٹم حکومت چلا رہی تھی۔

شزہ فاطمہ کا مزید کہنا تھا کہ ملک پر عالمی سطح پر سائبر سکیورٹی حملے بڑھتے جارہے ہیں، ریاست کو ضرورت ہے کہ سائبر سکیورٹی حملوں کو روک سکے۔

مہنگے بجلی کے بل عوام کے لئے ناقابل برداشت ہیں، نوازشریف

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ مہنگے بجلی کے بل عوام کے لئے ناقابل برداشت ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں ہوا جس میں وزیراعظم محمد شہبازشریف بھی شریک ہوئے۔  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں عوام کو مہنگائی خاص طورپر بجلی کے مہنگے بلوں میں ریلیف دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

محمد نوازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگے بجلی کے بل عوام کے لئے ناقابل برداشت ہیں، پی ٹی آئی کی لائی تباہی مہنگائی اور مہنگے بل لائی ہے لیکن ہم سے عوام ریلیف کی توقع کرتے ہیں۔

نوازشریف نے کہا کہ یہ ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا، معاشی استحکام واپس لانے کے لئے سیاسی قربانی آپ کی حب الوطنی کاثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی طرح اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے،  مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکلات سے راستہ نکالا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی صدر کو قومی معاشی ایجنڈے کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کے لئے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرلیا ہے، 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کو تین ماہ کے لئے ریلیف دیا ہے۔

غیرملکی کمپنی کا پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کیلیے 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

  اسلام آباد: غیرملکی کمپنی اے ڈی ایم نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری پر 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین اور اے ڈی ایم گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے درمیان ملاقات ہوئی ہے بعدازاں ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اے ڈی ایم کمپنی پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری پر 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں،  وزارت صنعت و پیداوار متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مکمل تعاون فراہم کرے گی، گرین انرجی پر توجہ مرکوز کرنے کی وجہ سے الیکٹرک گاڑیاں حقیقت بن چکی ہیں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل دیگر گاڑیوں کے مقابلے سستی ہیں، الیکٹرک گاڑیوں کی وجہ سے ایندھن کی بچت ہوگی، منصوبے کے مطابق پہلے مرحلے میں چارجنگ نیٹ ورک اسٹیشن قائم کیے جائیں گے اور دوسرے مرحلے میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری شروع ہو جائے گی۔

الیکٹرک گاڑی ایک چارج سے 300 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔

آرمی چیف کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں کل خصوصی تقریب

 راولپنڈی: اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی طرف سے جی ایچ کیو میں کل خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور اہلخانہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کل جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوگی۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی صلاحیتوں کا اعتراف اور حوصلہ افزائی ہے۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم قوم کی توقعات پر پورا اترے اور ملک کا نام روشن کیا۔ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کھیلوں کی دُنیا میں پاکستان کی نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ثابت ہو نگے۔

جیولن تھرو ایونٹ میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اولمپکس میں 92.97 میٹر تھرو کر کے نیا ریکارڈ بنایا اور شاندار تھرو کر کے اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا۔

انہوں نے دو مرتبہ ریکارڈ بنایا۔ ان کی ایک تھرو 92.97 میٹر جبکہ دوسری 91.79 میٹر کے فاصلے تک گئی اور یوں انھوں نے 2008 میں بنایا گیا 90.57 میٹر کا اولمپک ریکارڈ توڑ دیا۔

میں اغواکاروں کا ٹارگٹ نہیں تھی، نمرہ خان

  کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان نے اُن کے اغواء کے واقعے پر تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا۔

حال ہی میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اغواء ہونے سے بچنے والی اداکارہ نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنا نیا ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

نمرہ خان نے اپنے ناقدین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مجھے اغواء کے معاملے میں کسی کی بھی ہمدردی اور توجہ کی ضرورت نہیں ہے، آپ لوگ مجھ پر تنقید کرنے کے بجائے جرم پر توجہ دیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اغواکاروں کا ٹارگٹ میں نہیں تھی بلکہ میری جگہ کوئی بھی لڑکی ہوسکتی تھی، اُن کے چہروں سے پتا چل گیا تھا کہ وہ نمرہ خان کو نہیں جانتے تھے، اُن کا ٹارگٹ صرف ایک لڑکی تھی اور وہ لڑکی کوئی بھی ہوسکتی تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے سوشل میڈیا پر اپنے لیے آواز نہیں اُٹھائی بلکہ میرا مقصد اُن لڑکیوں کے آواز اُٹھانا تھا جو ہراساں ہونے کے باوجود بھی اپنے والدین، معاشرے یا سوشل میڈیا کے خوف کی وجہ سے خاموش رہتی ہیں۔

نمرہ خان نے مزید کہا کہ براہِ کرم! سب لڑکیاں اپنی حفاظت کریں، ظلم کے خلاف بولیں اور میڈیا والوں سے گزارش ہے کہ مجھ پر توجہ دینے کے بجائے جرم کی روک تھام پر توجہ دیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں نمرہ خان نے انکشاف کیا تھا کہ 11 اگست کی شام 7 بج کر 21 منٹ پر اُنہیں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اغواء کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔