آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی لبریکینٹس کی من مانی قیمتیں، عوام اربوں روپے سے محروم

لاہور: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور کمی پر تو فوری عملدرآمد ہوجاتا ہے مگر انجن گئیر اور بریک آئل سمیت دیگر لبریکینٹس کی قیمتوں میں صرف اضافہ ہی ہوتا ہے کمی نہیں کی جاتی

لبریکینٹس کی قیمتوں کا تعین اوگرا کے بجائے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس ہے جو اپنی من مانی قیمت مقرر کر کے عوام کو سالانہ اربوں روپے سے محروم کر رہی ہیں۔

وزرات پٹرولیم نے سال 2014 پندرہ میں انجن گئیر اور دیگر لبریکینٹ سمیت ہائی اوکٹین کی قیمتوں کا تعین کرنے کا اختیار اوگرا سے لیکر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے سپرد کر دیا تھا جس کے بعد سے آج تک یہی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ان لبریکینٹ اور ہائی اوکٹین کی قیمتوں کا تعین کرتی آرہی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کو ملنے والے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں مقامی اور امپورٹیڈ لبریکینٹ کی سالانہ کھپت 193 ملین سے لیکر 195 ملین لیٹرز سے زائد ہے جبکہ ماہانہ استعمال 16 سے 18 ملین لیٹرز سے زائد ہے۔

لاہور سمیت ملک بھر میں موٹرسائیکل کے انجن آئل کی قیمت 500 روپے سے لیکر ایک ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ گاڑی ٹرک کے انجن گئیر اور بریک آئل کی قیمت بھی ساڑے 3 ہزار سے لیکر ساڑے 7 ہزار روپے فی لیٹرز تک ہے۔

پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خواجہ عاطف کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی اجارہ داری قائم ہو چکی ہے اپنی مرضی سے ریٹس بڑھا دیتے ہیں بلکہ بعض آئل کمپنیاں پٹرول پمپس مالکان کو زبردستی اپنے لبریکینٹ فروخت کرنے پر مجبور کرتی ہیں اگر لبریکینٹ نہ لیں تو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی روک دیتی ہیں جبکہ پٹرول پمپس مالکان ایڈوانس میں ان کمپنیوں کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمت ادا کرتے ہیں مگر اس کے باوجود یہ کمپنیاں بلیک میل کرتی ہیں اوگرا کو چاہیے یہ اختیارات آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے واپس لیکر از خود لبریکینٹ کی قیمتوں کا بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی طرح تعین کرے اور عوام کو اربوں روپے کی لوٹ مار سے بچایا جا سکے۔

اس حوالے سے آئل مارکیٹنگ کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق وزیر علی کا کہنا ہے کہ لبریکینٹ کی قیمتوں کے تعین کو ڈی ریگولیٹ کر دیا گیا تھا اور پندرہ روز کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کے حساب سے قیمتوں میں کمی نہیں کی جاسکتی یہ چیز انٹرنیشنل آئل مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے اس کی پیکنگ سے لیکر پراسسنگ تک کے بے شمار اخراجات ہوتے ہیں پھر یہ عام پٹرولیم مصنوعات کی طرح استعمال نہیں ہوتی کمپنیوں کے پاس ہزاروں لیٹرز اسٹاک پڑا ہوتا ہے اس لیے اس کی قیمتوں کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ساتھ جوڑا نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے اس بات کی بھی تردید کی کہ پٹرول پمپس مالکان کو زبردستی لبریکینٹ کا اسٹاک رکھواتے ہیں بلکہ جس کمپنی کا پٹرول پمپ ہوتا ہے اس نے اسی کا لبریکینٹ بھی فروخت کرنا ہو تا ہے۔

فیض حمید کے خلاف کارروائی؛ تین ریٹائرڈ فوجی افسران بھی زیر حراست

راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں تین ریٹائرڈ افسران بھی فوجی حراست میں ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ان افسران نے فوجی نظم و ضبط کے خلاف کام کیے، افسران کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ ان ریٹائرڈ افسران اور ان کے ساتھیوں نےسیاسی مفادات رکھنے والے افراد کے ساتھ ملی بھگت کرکے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کیں۔

3 بچوں سے مبینہ زیادتی ،ویڈیو وائرل کرنے کا ملزم گرفتار

راولپنڈی میں 3 بچوں سے مبینہ طور پر زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ کر سیداں کے علاقے سے 3 بچوں سے مبینہ زیادتی کے ملزم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا۔ متاثرہ بچوں کے والدین نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔

مقدمے کے متن کے مطابق سکندر نامی ملزم نے مبینہ طورپر3 بچوں کوزیادتی کا نشانہ بنایا اور اس کا ساتھی اویس نازیبا ویڈیو بناکر وائرل کرتا رہا۔ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی فوری کارروائی کا حکم دیا دیا۔ پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم سکندر اور اویس کو گرفتار کرلیا جبکہ تیسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایس پی صدر کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچوں کا میڈیکل پراسیس کروا کر مقدمہ بھی درج کرلیاگیا ہے۔ خواتین اور بچوں پر تشدد اور زیادتی ناقابل برداشت ہیں، ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے ۔

پاکستان اسٹیل ملز کے نقصانات 6 سو ارب روپے تک پہنچنے کا انکشاف

اسلام آباد: پاکستان اسٹیل کے نقصانات 6 سو ارب روپے تک پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے، اسٹیل ملز کے نقصانات 224 ارب اور ادائیگیوں کا بوجھ 335 ارب ہے، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے تحقیقات کیلئے ناز بلوچ کی زیرصدارت ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سید حفیظ الدین کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن کا اجلاس ہوا۔ چیف فنانشل آفیسر محمد عارف نے انکشاف کیا کہ اسٹیل ملز کی 305 ایکڑ پر انکروچمنٹ ہو چکی ہے، اسٹیل ملز وفاقی حکومت اور نیشنل بینک کی 258 ارب کی نادہندہ ہے، نیشنل بینک کے 102 ارب اور وفاقی حکومت کے 156 ارب واجب الادا ہیں۔

وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز میں ابھی بھی چوری ہو رہی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسٹیل ملز کی تقریبا 5 ہزار ایکڑ زمین پر اسپیشل اکنامک زونز بنایا جائے گا، موجودہ پلانٹ کیلئے 7 سو ایکڑ زمین سندھ حکومت کو دی جائے گی، 5 ہزار ایکڑ پر چین کے طرز کا اسپیشل اکنامک زونز متعارف کرانے کی تجویز ہے۔

رانا تنویر نے کہا کہ روس سمیت دیگر ممالک کی کمپنیاں اسٹیل ملز کو چلانا چاہتی تھیں، اسٹیل ملز کو بحال کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی کپیسٹی نہیں ہے، اسٹیل ملز کی دو ارب کی بھٹی کیلئے ہر سال 6 ارب کی گیس دینا پڑتی ہے، ملز کی جو زمین فروخت ہوگی اس پر ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں بننے دیں گے۔

کمیٹی رکن عبدالحکیم بلوچ نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی زمین پر سب کی نظریں ہیں، اسٹیل ملز کے ملازمین 9 ہزار سے کم ہو کر 2 ہزار تک رہ گئے۔

بعدازاں اسٹیل ملز میں تحقیقات کے لیے ناز بلوچ کے زیر صدارت ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

پہلا 4 روزہ میچ؛ مسلسل بارش کے باعث ختم کردیا گیا

پاکستان شاہینز اور بنگلادیش اے درمیان کھیلا جارہا ہے پہلا 4 روزہ میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلا 4 روزہ میچ کے تیسرے روز مسلسل بارش کی وجہ سے ایک گیند بھی نہ کروائی جاسکی، بعدازاں امپائرز نے متفقہ طور پر کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا۔

قبل ازیں دوسرے روز پاکستان شاہینز نے 4 وکٹوں پر 367 رنز بنائے تھے، عمر امین 177 جبکہ کپتان سعود شکیل کے 76 رنز کی کھیل کر نمایاں رہے تھے۔

اس سے قبل بنگلا دیش اے کی ٹیم پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 122 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اسطرح پاکستان شاہینز کو 245 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور اس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

اسلام آباد کلب میں میچ کے دوسرے روز پاکستان شاہینز نے اپنی پہلی اننگز2 رنز بغیر کسی نقصان پر شروع کی تاہم صائم ایوب 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

عمرامین نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 32 ویں سنچری 128 گیندوں پر مکمل کی، وہ 177 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 23 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے یہ ان کے فرسٹ کلاس کریئر کا دوسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

اس سے قبل انہوں نے نومبر2012 میں پورٹ قاسم اتھارٹی کی طرف سے حبیب بینک کے خلاف 281 رنز اسکور کیے تھے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 300روپے کا اضافہ

کراچی: بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4 ڈالر کی کمی سے 2454ڈالر کی سطح پر آگئی۔

اس باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 300روپے کے اضافے سے 257400 روپے کی سطح پر آگئی اور اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 256روپے کے اضافے سے 220680روپے کی سطح پر آگئی۔

اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2850روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2443.41روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) کا اجلاس آج طلب کرلیا۔

ای سی سی کے آج ہونے والے اجلاس میں 2 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں پسماندہ طبقے کے لیے وزیر اعظم امدادی پیکج 2024-25 کی منظوری کا امکان ہے۔

وزیراعظم امدادی پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے پسماندہ طبقے کو رعایتی قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ اجلاس میں وئیر ہاؤسنگ کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی منظوری دئیے جانے کا بھی امکان ہے۔

امریکا؛ بے گناہ 50 سال قید کاٹنے والے سیاہ فام کو 70 لاکھ ڈالر ہرجانہ دیا جائے گا

واشنگٹن: امریکی ریاست اوکلاہوما میں تقریباً 50 برسوں تک بغیر کسی جرم کے قید کاٹنے والے سیاہ فام کو 7.15 ملین ڈالرز کے تصفیے کی منظوری دیدی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بےگناہ سیاہ فام گلین سیمنز نے رہائی کے بعد اپنے خلاف غلط چارج شیٹ جمع کرانے اور جھوٹے قتل کیس میں سزا دلوانے پر پولیس اہلکاروں پر ہرجانے کے لیے وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

وفاقی عدالت میں دائر اس کیس کا فیصلہ آئندہ برس مارچ میں سنائے جانے کا امکان ہے تاہم اس سے قبل ہی اوکلاہوما میں سٹی کونسل نے سیاہ فام گلین سیمنز کو 7.15 ملین ڈالر بطور تصفیہ ادا کرنے کی منظوری دیدی۔

بے گناہ قید کاٹنے والے گلین سیمنز کے فیڈرل کیس کے لیڈ اٹارنی الزبتھ وانگ نے میڈیا کو بتایا کہ اگرچہ میرے کلائنٹ کے 50 سال واپس نہیں آسکتے لیکن اس تصفیے سے انھیں انصاف ملے گا اور بقیہ زندگی بہتر گزر سکتی ہے۔

گلین سمننر کے وکیل نے مزید کہا کہ ہم مقدمے کی اگلی سماعتوں میں بے گناہ شخص کو 50 سال تک قید میں رکھنے والوں کے کڑے احتساب کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ گلین سیمنز کو 1974 میں شراب کی دکان پر ڈکیتی کے دوران کلرک کیرولین سو راجرز کو ہلاک کرنے کے جرم میں عمر قید سنائی گئی تھی۔

تاہم حال ہی میں ایک این جی او کی جانب سے ان کے کیس کی دوبارہ سماعت کی درخواست میں انکشاف ہوا کہ اس کیس کے تفتیش کاروں گیریٹ اور شوبرٹ نے ایسے شواہد چھپا رکھے تھے جن سے گلین سیمنز کی بے گناہی ثابت ہوسکتی تھی۔

سیمنز کے وکلاء نے یہ بھی استدلال کیا تھا کہ تفتیش کاروں نے ایک گواہ کو جھوٹا قرار دیا جو ڈکیتی میں بچ گیا تھا جس نے سیمنز کو لائن اپ میں شناخت کیا۔

جس کے باعث سیمنز کو 48 سال جیل میں گزارنے پڑے تھے تاہم گزشتہ برس اوکلاہوما کاؤنٹی کے جج ایمی پلمبو نے انھیں بے گناہ قرار دیکر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

یونیورسٹی آف مشی گن لا سکول کی نیشنل رجسٹری آف ایکسونیشنز کے مطابق گلین سیمنز امریکا کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک بے گناہ جیل کاٹنے والے قیدی بن گئے۔

پی سی بی قذافی اسٹیڈیم کے نام کے حقوق فروخت کرنے پر رضامند

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قذافی اسٹیڈیم کے نام کے حقوق اگلے 5 سال کیلئے بینک آف پنجاب کو منتقل کرنے پر رضامند ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بینک آف پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ ایک اہم تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے قریب پہنچ گئے ہیں، جس کے تحت قذافی اسٹیڈیم کے نام کے حقوق اگلے 5 سال کیلئے بینک آف پنجاب کو فروخت کرے گا۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی ریونیو بڑھانے کیلئے وسیع تر اقدامات کررہا ہے۔

ڈیل کی شرائط کے مطابق بینک کی شناخت کی عکاسی کرنے کیلئے قذافی اسٹیڈیم کی ری برانڈنگ کی جائے گی۔

اس سے قبل اکتوبر 2022 میں نیشنل بینک آف پاکستان اور پی سی بی نے 5 سالہ ناموں کے حقوق کے معاہدے پر اتفاق کیا تھا اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو (نیشنل بینک کرکٹ ایرینا) کے نام سے پکارا جانے لگا۔

ارشد ندیم کا کردار کون ادا کرے گا؟ مداحوں نے انتخاب کرلیا

  کراچی: پیرس اولمپکس 2024 میں تاریخی فتح کے ساتھ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی بائیوپِک میں اُن کے کردار کے لیے مداحوں نے اداکار کا انتخاب کرلیا۔

پاکستانی اولمپئین ارشد ندیم نے یومِ آزادی سے قبل پوری قوم کو گولڈ میڈل کا تحفہ دے کر خوش کردیا، اس تحفے کے بعد سے پاکستان کے ہر عام و خاص شہری کی زبان پر صرف ارشد ندیم کا نام ہے۔

شوبز شخصیات سمیت ارشد ندیم کے مداح چاہتے ہیں کہ اُن کی زندگی پر فلم بنائی جائے جس میں ارشد ندیم کی جدوجہد کا دکھایا جائے۔

اس حوالے سے پاکستانی فلم اسٹار ہمایوں سعید اور محسن عباس حیدر نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ ارشد ندیم پر بائیکوپِک بنائی جائے، محسن عباس نے تو اس فلم میں ارشد ندیم کا کردار ادا کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی تھی۔

اب مداحوں نے ارشد ندیم کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں اُن کے کردار کے لیے ہمایوں سعید اور محسن عباس حیدر کو مسترد کرکے اداکار عمر شہزاد کا انتخاب کیا ہے۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ اداکار عمر شہزاد کی جسامت اور قد ارشد ندیم کے جیسا ہے، لہٰذا اگر مستقبل میں ارشد ندیم پر کوئی فلم بنی تو اُن کا کردار ادا کرنے کے لیے عمر شہزاد بہترین انتخاب ہیں۔

دوسری جانب اداکار عمر شہزاد نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری میں مداحوں کے انتخاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب کا بہت شکریہ، میرے لیے ارشد ندیم کا کردار ادا کرنا اعزاز ہوگا۔

5