کرسٹیانو رونالڈو نے ماورہ حسین کو نئے سال پر پیغام بھیج دیا

پاکستانی ڈراموں کی اداکارہ ماورہ حسین کو مقبول فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے نئے سال پر مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے خوشی خوشی کا اظہار کیا کہ ’’سال بن گیا ہے۔‘‘

انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماورہ حسین نے اس پوسٹ میں فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو ٹیگ بھی کیا ہے۔

اداکارہ ماورہ حسین کی سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے بھی انہیں نئے سال کی مبارک باد دی ہے۔

شادی سے انکار پر لڑکی کو قتل کرنے والے کی 25 سال قید کی سزا کالعدم قرار

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شادی سے انکار پر لڑکی کو قتل کرنے والے شخص کی 25 سال قید کی سزا کو کالعدم قرار دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے شادی سے انکار پر 24 سالہ لڑکی کے قتل پر سزا پانے والے مجرم شہزاد کی سزا کے خلاف اپیل پر8 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کا 25 سال قید بامشقت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کا پورا فیصلہ 25 سال سزا دینے کی وضاحت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ٹرائل کورٹ 45 روز میں کیس کی وجوہات پر مبنی دوبارہ فیصلہ کرے۔ قتل عمد کے ملزم کو سزائے موت کیوں نہیں دی گئی ٹرائل کورٹ فیصلے کی وجوہات لکھے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مدعی کے مطابق شہزاد 5 ماہ تک سونیا کا پیچھا کرتا رہا اور پھر رشتہ بھیجا۔ وکیل کے مطابق شادی سے انکار پر شہزاد نے سونیا اور اُس کے والد کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ 30 نومبر 2020 کو سونیا کو صبح ساڑھے 9 بجے سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔ جائے وقوع سے ملنے والی گولی کا خول ملزم سے برآمد ہونے والے پستول سے میچ کرگیا۔ درخواست گزار کے وکیل اور اسٹیٹ کونسل 25 سال قید سے متعلق پوچھنے پر کوئی قابل جواز پیش نہ کر سکے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ ٹرائل کورٹ نے فیصلے میں قتل کے مقصد، گواہوں کی شہادت اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کو تسلیم کیا۔ ٹرائل کورٹ حتمی پیراگراف میں 25 سال قید بامشقت کی سزا دینے کا جواز پیش نہیں کر سکی۔ ملزم کو دی جانے والی سزا کی واضح وجوہات بیان کرنا ٹرائل کورٹ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو سیکشن 302 سی کے تحت 25 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔ 302 سی کے تحت سزا صرف ان کیسز میں دی جا سکتی ہے جہاں قصاص کی سزا نہ دی جا سکتی ہو۔ سزا کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر کیس دوبارہ فیصلے کیلئے ریمانڈ بیک کیا جاتا ہے۔

ایک اور اہم کیوی بلے باز پی ایس ایل10 پلئیرز ڈرافٹ میں شامل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن  کے لیے غیرملکی پلئیر کی ڈرافٹ رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے اور اب نیوزی لینڈ کے ایک اور کھلاڑی نے لیگ میں شمولیت کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کردی۔

نوجوان مایہ ناز کیوی بلے باز مارک چیمپ مین نے بھی پی ایس ایل کھلنے پر رضامندی دے دی اور پاکستان سپر لیگ کیلئے اپنا نام باضابطہ طور پر پلئیرز ڈرافٹ میں درج کروادیا ہے۔

ان سے قبل  نیوزی لینڈ کے اسٹار پیسر ایڈم ملنے بھی غیرملکی پلئیر ڈرافٹس میں اپنا نام درج کروادیا ہے، انکے علاوہ دیگر کیوی کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل، ٹم ساؤتھی اور مارٹن گپٹل کے نام سرفہرست ہیں۔

اسی طرح کرس ووکس اور جونی بیئراسٹو کی شمولیت انگلش بورڈ کے این او سی سے مشروط ہوگی۔ بھارت کے سوا دیگر تمام ٹیسٹ ممالک کے کرکٹرز ڈرافٹ میں شریک ہیں، اسٹار کرکٹرز کو لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضہ دیا جائے گا.

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بھی پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کیلئے اپنا نام باضابطہ طور پر پلئیرز ڈرافٹ میں درج کروادیا ہے.

پی ایس ایل کا 10 واں ایڈیشن 7 اپریل سے 20 مئی تک شیڈول ہے، اسے کامیاب بنانے کیلیے تیاریاں جاری ہیں۔

وزیراعظم کے زیر صدارت ایس آئی ایف سی کا اجلاس جاری

وزیراعظم کے زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا اجلاس جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کررہے ہیں۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، اعلیٰ سول و عسکری حکام، چاروں وزرائے اعلی، وزیر اعلی گلگت بلتستان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وفاقی وزرا موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بالخصوص غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں دینے کے حوالے سے بات چیت کی جارہی ہے۔

معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے منگنی کرلی

دنیا کے نمبر ون یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے منگنی کرلی ہے۔

مسٹر بیسٹ نے یکم جنوری کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کے ساتھ یہ خوشخبری شیئر کرتے ہوئے ایک پوسٹ کی ہے جس میں وہ اپنی منگیتر تھیا کو انگوٹھی پیش کررہے ہیں۔

معروف یوٹیوبر کی یہ پوسٹ فوراً ہی وائرل ہوگئی اور مداحوں کی جانب سے مبارک باد کا تانتا بندھ گیا۔ یوٹیوبر نے کرسمس کے موقع پر لی گئی اپنی منگنی کی تصاویر و ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تصاویر کے کیپشن میں مسٹر بیسٹ نے لکھا ہے کہ ’’لڑکے نے بڑا کام کر ڈالا‘‘۔ تصویر میں وہ اپنی منگیتر تھیا کو انگوٹھی پیش کرنے کےلیے گھٹنوں کے بل بیٹھے نظر آرہے ہیں۔

مسٹر بیسٹ کی منگیتر تھیا نے اس موقع کے بارے میں بتایا کہ ہم گھر پر کرسمس کا اہتمام کررہے تھے اور ان کی فیملی بھی جنوبی افریقہ سے یہاں پہنچی تھی اس لیے دونوں خاندان اس موقع پر موجود تھے۔ ہم تحائف کھول رہے تھے اور پھر آخری تحفے کےلیے اس نے مجھے آنکھیں بند کرنے کو کہا کیوں کہ وہ سرپرائز تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر بیسٹ کے پروپوز کرنے پر انہوں نے فوراً ہاں کہہ دی اور وہ بے انتہا خوش تھیں۔ یاد رہے کہ دونوں کی ملاقات سال 2022 میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے جنوبی افریقہ میں ہوئی تھی۔

رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات کتنے ہوں گے؟

رواں برس سرکاری  اسکیم کے تحت حج اخراجات سے متعلق سیکرٹری مذہبی امور نے قائمہ کمیٹی اجلاس میں  تفصیلات بتا دیں۔

وزارت مذہبی امور کے کمیٹی روم میں قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس  ہوا، جس میں چیئرمین کمیٹی عامر ڈوگر نے کہا کہ ہر سال حج انتظامات میں بہتری آ رہی ہے۔نجی حج کمپنیاں وزارت کا حصہ ہیں، وزارت ان کی سرپرستی کرے۔

دورانِ اجلاس سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں حج اخراجات 11 لاکھ سے کم رہیں۔ سرکاری حج اسکیم میں 5 ہزار کا کوٹہ موجود ہے، چند دن تک مزید درخواستیں لیں گے۔ منیٰ میں ہر میٹرس پر مخصوص نمبر لگا کر حجاج کو الاٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ  گزشتہ سال 218 نجی کمپنیوں کے خلاف 764 شکایات موصول ہوئیں۔

قائمہ کمیٹی اجلاس میں پرائیویٹ حج آپریٹرز بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 900 سے زائد  حج آپڑیٹرز ہیں ۔ 20 سال سے پرائیوٹ سیکٹر حج آپریشن میں شامل ہے۔

وزارت کی جانب سے اجلاس میں کہا گیا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے پیکیج کو کم کیا جائے۔

پرائیویٹ حج آپریٹرز نے کہا کہ  دوسرے مشن سعودی عرب میں لانگ ٹرم معاہدے کرتے ہیں۔ ہم نے وزارت سے کہا کہ ہمیں سعودی حکام سے معاہدے کی اجازت دی جائے تاکہ ہمارے ریٹ نیچے آ سکیں ۔ سعودی حکومت نے کہا کہ ایک آپریٹر کا کوٹہ 2 ہزار  حجاج ہونا چاہیے۔

وزارت کی جانب سے اجلاس میں کہا گیا کہ سعودی حکام تو 3ہزار کا کوٹہ کا کہ رہے تھے ، ہم نے انہیں ابھی  روکا  ہے۔ اگلے سال یہ کوٹہ 2500 سے 3ہزار ہو جائے گا ۔ کچھ سال میں ہم پالیسی بنا کر کوٹہ ہی ختم کر دیں  گے۔ کابینہ نے ہمیں کہا ہے کہ ایسی پالیسی بنائیں جو سعودی حکام کی طرز پر ہوں ۔ ہم کسی کا بزنس ختم نہیں کر رہے ۔ حاجیوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح بیچا جاتا ہے۔ ایک کمپنی دوسری کمپنی کو حاجی بیچ دیتی ہے۔

بنگلا دیش پریمیئر لیگ: کھلاڑیوں کو معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر

بنگلا دیش پریمیئرلیگ (بی پی ایل) میں شریک کھلاڑیوں کو معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش پریمیئرلیگ (بی پی ایل) میں شریک کھلاڑیوں کو فرنچائزز مالکان کی جانب سے ابھی تک پہلی قسط نہیں دی گئی۔

قواعد کے تحت طے شدہ معاوضے کا نصف لیگ کے آغاز سے پہلے دینا ہوتا ہے۔

معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے  یقین دہانی کرائی کہ معاوضوں کی ادائیگی جلد ہوجائے گی۔

7 ٹیموں کی بی پی ایل کا آغاز 30 دسمبر سے ہوچکا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ کو فرانس میں پاکستان کا سفیر مقرر کردیا گیا

دفتر خارجہ  کی سابق ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کو فرانس میں پاکستان کا سفیر مقرر کردیا گیا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وفاقی دارالحکومت میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ممتاز زہرہ بلوچ کو فرانس میں پاکستان کا سفیر مقرر کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ممتاز زہرہ بلوچ کی تقرری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سینئر سفارت کار شفقت علی خان کو دفترخارجہ کا نیا ترجمان مقررکیا گیا ہے، اس حوالے سے گزشتہ روز نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق شفقت علی خان ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے یورپ تعینات تھے۔ اس سے قبل روس میں بطور سفیرپاکستان تعینات رہے اور پولینڈ میں بھی پاکستانی سفیر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔

خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور میں گھوسٹ ملازمین کے ذریعے 48 لاکھ روپے کی کرپشن کا انکشاف

محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور میں گھوسٹ ملازمین کے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے خزانے کو 48 لاکھ 38 ہزار روپے کے نقصان کا انکشاف کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور میں گھوسٹ ملازمین کے لیے جعلی اکاؤنٹس بنانے کی رپورٹ پر اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے کارروائی کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گھوسٹ ملازمین کے لیے جعلی اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں جس کے ذریعے تنخواہیں نکالی گئیں۔

جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے خزانے کو 48 لاکھ 38 ہزار 302 روپے کا نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس نے ملزمان زرغون شاہ ولد گلوب شاہ، سید حارث شاہ ولد زرغون شاہ اور بینک ملازم اشفاق ندیم ولد عبداللہ جان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہیں، ملزم زرعون شاہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ مزید گرفتاریوں کے لیے کوششیں جاری ہی

سانحہ 9 مئی کے 19 مجرموں کی سزائیں معاف کرنے کا اعلان

سانحہ 9 مئی کے 19 مجرموں کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سانحہ 9 مئی کی سزاؤں پر عمل درآمد کے دوران مجرموں نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں، مجموعی طورپر67 مجرموں نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔

بیان کے مطابق 48 پٹیشنرز کو قانونی کارروائی کے لیے ”کورٹس آف اپیل“ میں نظرثانی کے لیے ارسال کیا گیا، 19مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 19 مجرمان جن کی سزائیں معاف کی گئی ہیں ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں:

1۔ محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان
2۔سمیع اللہ ولد میرداد خان
3۔لئیق احمد ولد منظور احمد
4۔امجد علی ولد منظور احمد
5۔یاسر نواز ولد امیر نواز خان
6۔سِیعد عالم ولد معاذاللہ خان
7۔زاہدخان ولد محمد نبی
8۔محمد سلیمان ولد سِیعد غنی جان
9۔ حمزہ شریف ولد محمد اعظم
10۔ محمد سلمان ولد زاہد نثار
11۔ اشعر بٹ ولد محمد ارشد بٹ
12۔ محمد وقاص ولد ملک محمد خلیل
13۔ سفیان ادریس ولد ادریس احمد
14۔منیب احمد ولد نوید احمد بٹ
15۔ محمد احمد ولد محمد نذیر
16۔ محمد نواز ولد عبدالصمد
17۔ محمد علی ولد محمد بوٹا
18۔ محمد بلاول ولد منظور حسین
19۔ محمد الیاس ولد محمد فضل حلیم

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ان مجرموں کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے، دیگر تمام مجرموں کے پاس بھی اپیل کرنے اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ سزاؤں کی معافی ہمارے منصفافہ قانونی عمل اور انصاف کی ۔مضبوطی کا ثبوت ہے

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے، اس سے قبل اپریل 2024 میں قانون کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرمان کی رہائی کا حکم صادر کیا گیا تھا۔