حکومت سے مذاکرات کے اہم دور سے قبل عمران خان کی پارٹی کو اہم ہدایت

پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو قیدیوں کی رہائی پر  سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل میں ایک مقدمے کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی سے  پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے  2 اراکین نے ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں بیرسٹر علی ظفر اور سلیمان اکرم راجا شامل تھے، مذاکرات سے قبل حتمی مشاورت مکمل کر لی گئی۔

اس دوران بانی پی ٹی آئی نے قیدیوں کی رہائی پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔

سلیمان اکرم راجا نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے مؤقف پر کھڑے ہیں، مذاکرات کی کامیابی کے لیے پرامید ہوں۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد مذاکراتی کمیٹی کے اراکین اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئے۔

یاد رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا، اس سے قبل 23 دسمبر پہلی ملاقات میں کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

حکومتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سینیٹر عرفان صدیقی، رانا ثنااللہ، نوید قمر ، راجا پرویز اشرف، فاروق ستار، اعجاز الحق اور خالد مگسی شامل ہیں جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے قائم کمیٹی میں اسد قیصر، اعجاز چوہدری، حامد رضا اور علامہ راجا ناصر عباس شامل ہیں۔

توشہ خانہ ٹو کیس: وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث جرح مکمل نہ ہو سکی

عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث استغاثہ کے گواہ پر جرح مکمل نہ ہو سکی۔

بانی پی ٹی ائی عمران خان اور سابق خاتون اول بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیال جیل میں سماعت ہوئی، بشری بی بی کے وکیل ارشد تبریز بیماری کے باعث عدالت پیش نہ ہو سکے۔

وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث استغاثہ کے گواہ بنیامین پر جرح مکمل نہ ہو سکی، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی کو گواہ پر جرح کرنے کی استدعا کی۔

بانی پی ٹی ائی کے وکیل  نے  مؤقف اپنایا کہ پہلے بشری بی بی کے وکیل گواہ پر جرح مکمل کریں پھر ہم کریں گے۔

عدالت نے وکلا کو ائندہ سماعت پر جرح  مکمل کرنے کی ہدایت کی اور سماعت پیر 6 جنوری تک ملتوی کر دی۔

ائندہ سماعت پر جرح کا عمل مکمل نہ کیا گیا تو تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،عدالت

کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی

لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم سمیت 2 انسانی اسمگلر گرفتار

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم سمیت 2 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی شناخت اظہر اقبال اور محمد افضال کے نام سے ہوئی۔ ملزم اظہر اقبال لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کو عثمان پورہ گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پایا گیا۔ اظہر اقبال نے شہری کو غیر قانونی طور پر یورپ براستہ لیبیا بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے وصول کیے۔ لیبیا سے یورپ کشتی حادثے میں شہری کی موت واقع ہو گئی۔

دوسری کارروائی میں ملزم محمد افضال کو محلہ امرپورہ، راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم بھاری رقوم وصول کر کے شہریوں کو یورپی ممالک، دبئی، اور کینیڈا کے جعلی ویزے فراہم کرتا تھا۔ ملزم گزشتہ 6 سال سے اسلام آباد زون کو مطلوب تھا۔ ملزم کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں 2019 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم لاہور میں بھی انسانی اسمگلنگ کا منظم نیٹ ورک چلاتا رہا ہے۔ ملزم ویزا فراڈ کر کے روپوش ہو جاتا تھا اور دوسرے شہروں سے آپریٹ کرنے لگتا تھا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے جاری وارنٹ گرفتاری منسوخ

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے جاری وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے جب کہ انہیں اشتہاری قرار دینے کی کاروائی کو بھی روک دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی مین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے منسوخ کیے۔

ملزم کے وکیل فیصل ملک نے بتایا کہ عدالت نے ہماری درخواست کو منظور کرتے ہوئے علی آمین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے ہیں کیونکہ وہ تمام مقدمات میں پہلے ہی پشاور ہائیکورٹ سے 16 جنوری تک ضمانت حاصل کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ اے ٹی سی عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری تھانہ صدر حسن ابدال کے مقدمات میں جاری کیئے تھے۔

علی آمین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری 24 نومبر کو احتجاج کے حوالے سے تھانہ صدر حسن ابدال کے مقدمات میں جاری کیئے گئے تھے۔

2024 میں چیلنجز کو کنٹرول کیا، قوم کیساتھ وعدوں پر عمل کیلیے کوشاں ہیں، نائب وزیراعظم

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ برس 2024ء میں حکومت نے چیلنجز کو بہتر طریقے سے کنٹرول کیا، حکومت قوم کے ساتھ وعدوں پر عمل کے لیے کوشاں ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 2024ء ہمارے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل تھا، اسی سال ملک میں انتخابات کا انعقاد ہوا، جس میں عوام نے مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ نیا سال 2025ء بھی پاکستان کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔

مہنگائی اور شرح سود میں کمی
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ  گزشتہ سال حکومت نے تمام چیلنجز کو احسن انداز میں کنٹرول کرنے کی کوشش کی اور کامیابی حاصل کی۔ ہمیں اس دوران بہت سے چیلنجز درپیش تھے۔ ایک جانب کہا جا رہا تھا کہ پاکستان سفارتی سطح پر اکیلا ہوگیا ہے جب کہ ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی مہنگائی کی کمی کو ترجیح بنایا اور اس میں بتدریج کمی کی جس کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافے کی شرح اب 5 فی صد سے بھی نیچے آ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت  کی باگ ڈور سنبھالی تو ملک میں شرح سود 22 فی صد پر تھا، جو اب کم ہوکر 13 فی صد پر آ گیا ہے۔ قوم کے ساتھ جو وعدے کیے تھے، انہیں پورا کرنے کے لیے  مسلسل کوشاں ہیں۔ ملکی معیشت مزید بہتری کی جانب گامزن ہے۔ دو روز قبل ہی وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معاشی ترقی کے لیے اڑان پاکستان پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترجمان دفتر خارجہ کو تبدیل کیا گیا ہے اور شفقت خان کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ ممتاز زہرہ بلوچ کو وزیراعظم سے مشاورت کے نتیجے میں فرانس میں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

اسلامو فوبیا پر دو ٹوک مؤقف
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں اسلاموفوبیا کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف دو ٹوک اور واضح ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی ہر عالمی فورم پر فلسطین خصوصاً غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کھل کر آواز بلند کر چکے ہیں جب کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جموں کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بھی  ممکن بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے معاملے پر جس طرح سے پاکستان نے آواز اٹھائی ہے، شاید ہی کسی اور ملک نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے  فیصلے پر عمل ہونا چاہیے۔

بجلی بلز میں ریلیف
نائب وزیراعظم نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بجلی بلز کے حوالے سے عوام پر کافی بوجھ تھا، جس کی کئی وجوہات تھیں۔ گزشتہ کچھ برسوں میں روپے کی قدر میں کمی آئی، جس کے بعد اب کرنسی کو استحکام ملنا شروع ہوچکا ہے۔ ہماری برآمدات بڑھ رہی ہیں جب کہ آئی ٹی سمیت دیگر کئی شعبوں میں بہتری اور ترقی کے اعداد و شمار آنا شروع ہو چکے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کی سہولت کے لیے اسکیم متعارف کروائی تھی، جس کے بعد پنجاب  میں 200 تا 500 یونٹ تک سبسڈی کا اعلان کیا گیا۔ حکومت نے ہر سطح پر عوام کو بجلی بلز کے معاملے میں ریلیف دینے کے لیے کردار ادا کیا ہے۔

مجیب الرحمان اور جیسن ہولڈر نے بھی پی ایس ایل کیلئے دستیابی کا اعلان کردیا

افغانستان کے اسپنر مجیب الرحمان اورویسٹ انڈیز کے سابق کپتان جیسن ہولڈر نے بھی پی ایس ایل کیلئے دستیابی کا اعلان کردیا۔

افغانستان کے اسپنر مجیب الرحمان اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 10 کے لئے پلیئرز ڈرافٹ کیلئے رجسٹریشن کرالی ہے۔

جیسن ہولڈر پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے، اس سے قبل وہ آئی پی ایل، سی پی ایل اور دوسری لیگز میں شامل رہے ہیں۔

بین الاقوامی کھلاڑیوں کی جانب سے پی ایس ایل کے لئے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے، ایڈم ملن، ٹم ساؤتھی اور ڈیوڈ وارنر جیسے کھلاڑیوں نے بھی رجسٹریشن کروا لی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا پلیئرز ڈرافٹ 11 جنوری کو ہوگا،چار جنوری کو فرنچائز ز ری ٹین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کریں گی۔

بجلی 15 روپے فی یونٹ سستی کرنے کا فارمولا تیار

بجلی کی قیمتوں میں 15 روپے فی یونٹ سے زائد کی کمی کے لیے فارمولا تیار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نیپرا نے قیمت میں کمی کے حوالے سے سفارشات حکومت کے حوالے کردیں،   بیلنس آف ٹیرف سے قیمتوں کو کم کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فی یونٹ کپیسٹی ادائیگی، سرچارجز پر نظر ثانی سے نرخ کم ہو سکتے ہیں، آپریشنل خامیوں کو بہتر کر کے بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جاسکتی ہے،بجلی کی قیمت 45 روپے 6 پیسے فی یونٹ ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ 45 روپے 6 پیسے میں سے 17 روپے 1 پیسے فی یونٹ کپیسٹی چارجز ہیں، بجلی کے ٹیرف میں 15 روپے 28 پیسے فی یونٹ ٹیکس اور سرچارج عائد ہیں، بجلی تقسیم کار کمپنیاں صارفین سے 3 روپے 10 پیسے ڈسٹری بیوشن مارجن لیتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایک پیسہ فی یونٹ مرمت، آمدن کے حصول اور آئندہ سال کی ایڈجسٹمنٹ کے نام سے وصول کیا جاتا ہے، ایک روپے 37 پیسے فی یونٹ ٹرانسمیشن چارجز کے لیے جاتے ہیں، بجلی کی خالص اوسط پیداواری قیمت 7 روپے 62 پیسے فی یونٹ ہے۔

ذرائع کے مطابق 7 روپے 52 پیسے کے سرچارجز اور 67 پیسے ایڈجسٹمنٹ ختم ہونے سے بجلی 25 روپے 20 پیسے فی یونٹ بنتی ہے، سرچارجز  اور ایڈجسٹمنٹ ختم ہونے سے  45 روپے 6 پیسے والا بجلی کا یونٹ 20 روپے 4 پیسے پر آ جائے گا۔

عائزہ خان اور دانش تیمور کی بچوں کے ساتھ ڈانس ویڈیو نے تہلکہ مچادیا

پاکستانی ڈراموں کی نامور اداکارہ عائزہ خان اور اداکارہ دانش تیمور کی اپنے بچوں کے ساتھ ڈانس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا ہے۔

نئے سال کی خوشی مناتے ہوئے منظر عام پر آنے والی اس پوسٹ میں دانش تیمور اور عائزہ خان ایک انگریزی گانے پر ڈانس کررہے ہیں، جس میں ان کے دونوں بچے بھی ساتھ دے رہے ہیں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔

عائزہ خان نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر یہ دلکش پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’’بس ہم چار، اور ہزاروں یادیں میرے بچوں کے پسندیدہ گانے کے ساتھ بندھی ہوئی۔‘‘

عائزہ اور دانش کے 7 سالہ بیٹے ریان کے پوز اور ڈانس نے تو جیسے صارفین کو دنگ ہی کردیا ہے اور صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

ریان کی بہترین پرفامنس پر مشتمل اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد کمنٹ سیکشن میں بھی تعریفوں کے انبار لگ گئے، ریان کی شاندار پرفارمنس نے نہ صرف مداحوں بلکہ کئی مشہور شخصیات کو بھی متاثر کیا۔

اداکارہ حرا سومرو نے ویڈیو کے کمنٹس میں لکھا کہ ’’’ریان نے شو چرا لیا اور حورین بہت کیوٹ لگ رہی ہے، ہاہاہا، ماں باپ بھی ٹھیک ہی پرفارم کر رہے ہیں‘‘۔

جبکہ اداکارہ منال خان نے بھی ویڈیو میں عائزہ کے بیٹے کی تعریف میں لکھا کہ ’ریان آگ لگا رہا ہے‘‘۔

انسداد اسمگلنگ کریک ڈاؤن؛ 20 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

انسداد اسمگلنگ کریک ڈاؤن کے دوران 20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ اور خرید و فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران پانچ مختلف آپریشنز میں ایک خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرکے 20 کروڑ  90 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 287.740  کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔

کارروائیوں کے دوران ہزار گنجی کوئٹہ کے غیر آباد علاقے سے 231 کلو گرام مارفین برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح لسبیلہ کے علاقے  گوٹھ لکھا اوتھل  کے قریب  سے 35 کلو افیون، 12 کلو آئس اور 6 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔

اُدھر سایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 3 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ اس کے علاوہ اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب 2 کارروائیوں میں خاتون سمیت ملزم سے 740 گرام آئس برآمد ہوئی۔

تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے مالی سال کے پہلے 6 ماہ 24.2 ارب روپے اکٹھا کیے

 خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی ( کیپرا) نے رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 24.2 ارب روپے کے محاصل  اکٹھے کر لیے۔

ترجمان کیپر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، کیپرا نے گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 16.7 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کیے تھے، جس سے رواں مالی سال کے دوراں محاصل میں 45 اضافے کی تصدیق ہوتی ہے۔ مجموعی طور پر گزشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران کیپرا کے محاصل میں 7.5 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 18.15 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کی مد میں6.07 ارب روپے کے محاصلے اکٹھے کیے گئے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں کیپرا نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 14.6 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 2.1 ارب روپے جمع کیے تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں  26 فیصد جبکہ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 189 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی فوزیہ اقبال نے کیپرا کے افسران کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ان کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کیا ۔ ان کا کہنا تھا اگر ہم اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کرتے رہے تو جون کے اختتام پر ہم نہ صرف رواں مالی سال کے لیے دیے گئے 47 ارب روپے کےہدف کو نہ صرف حاصل کریں گے بلکہ دیے گئے ہدف سے زیادہ کے محاصل اکٹھے کر لیں گے۔ کیپرا کی جانب سے ہم اپنے ٹیکس دہندگان کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے اوپر اعتماد کیا، ہمارے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھا اور خیبر پختونخوا کو مالی طور پر خود مختار صوبہ بنانے کے ہمارے مشن میں ہماری مدد کی۔