کرن تعبیر نے سالِ نو کا آغاز عمرہ کی سعادت سے کیا

پاکستانی ڈراموں کی معروف اداکارہ کرن تعبیر نے نئے سال کا آغاز عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ کیا ہے۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوہر علی حمزہ اور بیٹی کے ساتھ عمرہ ادائیگی کے دوران لی گئی تصاویر شیئر کی ہیں۔

گزشتہ دنوں ہی انھوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرکے مداحوں کو عمرہ کی ادائیگی کےلیے جانے کی اطلاع دی تھی۔ اداکارہ نے اپنے شوہر اور بیٹی کے ساتھ ارضِ مقدس کے سفر اور عمرہ ادائیگی سے قبل کی بھی تصاویر شیئر کی تھیں۔

کرن نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد خانہ کعبہ کے سامنے اپنی فیملی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’الحمدللہ، بالآخر عمرہ کرلیا، نئے سال کے آغاز کا کیا ہی خوبصورت انداز ہے‘‘۔

کرن تعبیر کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا اور انہوں نے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

اسرائیل نے غزہ پولیس فورس کے سربراہ کے خیمے پر بم برسا دیئے؛ معاون سمیت شہید

اسرائیلی فوج نے المواصی کیمپ میں غزہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کے خیمے کو نشانہ بنایا جس میں وہ اپنے معاون سمیت شہید ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے المواصی کیمپ پر بموں کی بارش کردی جس میں 11 فلسطینی شہید ہوگئے۔

شہید ہونے والوں میں غزہ پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل پولیس محمود صلاح اور ان کے معاون حسان مصطفیٰ بھی شامل ہیں۔

قبل ازیں اسرائیلی بمباری میں 4 بڑے اسپتالوں کو بھی تباہ کردیا گیا تھا اور کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ کو حراست میں لیا گیا اور تاحال ان کا کچھ پتا نہیں۔

واضح رہے کہ 8 اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 45 ہزار 500 سے تجاوز کرگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد ہوگئی۔

کرم امن معاہدہ: 400 اہلکار بھرتی اور نئی چیک پوسٹیں قائم

کرم امن معاہدے کے پیش نظر 400 اہل کاروں کی بھرتی کی منظوری دے دی گئی جب کہ نئی چیک پوسٹیں اور ایف سی پلاٹون بھی تعینات کی جائے گی۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کرم امن معاہدے سے متعلق  اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور ایک صدی سے زائد طویل کرم تنازع کے پائیدار حل میں کامیاب ہو گئے، اس کے لیے گرینڈ جرگے کی تقریباً 50 سے زائد نشستیں منعقد ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ جرگہ ممبران نے پورے خلوص کے ساتھ کوششیں کیں جو رنگ لے آئیں۔ کمشنر اور ڈی آئی جی سمیت پوری انتظامیہ نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔

بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ  سڑک کی بندش کا مقصد مزید خونریزی کا راستہ روکنا تھا۔ سڑک کی بندش کے باعث حکومت کو مسائل کا پوری طرح ادراک تھا۔ وزیراعلیٰ نے ادویات اور دیگر سروسز کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کیا تھا، جس کے ذریعے تقریبا 15 ٹن ادویات پہنچائی گئیں۔اسی طرح  700 سے زائد افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی سروس فراہم کی گئی۔

صوبائی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے رعایتی نرخوں پر آٹا فراہم کیا۔ محکمہ ریلیف نے نان فوڈ آئٹم علاقے میں پہنچائے۔ متاثرہ گاؤں کا سروے مکمل کیا ہے، جلد ہی معاوضے دینے کا عمل شروع ہوجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ امن معاہدے کے بعد دھرنوں کا اب کوئی جواز نہیں رہا۔ دھرنوں کے 2 مطالبات تھے، امن اور سڑک کھولنا، دونوں مطالبات پورے ہوئے۔ مین شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لیے 400 پولیس اہلکاروں کو بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ نئی پولیس چیک پوسٹوں سمیت 2ایف سی پلاٹون بھی تعینات کیے جائیں گے۔

روہت شرما سڈنی ٹیسٹ میں؟ گمبھیر نے چپ سادھ لی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر نے اس بات کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا ہے کہ  کپتان روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں کھیلیں گے یا نہیں۔

بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق جب بھارتی کوچ سے روہت شرما کی شمولیت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ  ٹیم نے ابھی اپنی پلیئنگ الیون کو حتمی شکل نہیں دی اور اس کا فیصلہ پچ کا جائزہ لینے کے بعد کل کیا جائے گا۔

ایک صحافی نے بھارتی کوچ سے یہ سوال کیا پوچھا کہ کپتان نے ٹیسٹ کے موقع پر پریس کانفرنس میں شرکت کیوں نہیں کی جب کہ یہ ایک روایت ہے تو گمبھیر نے بھارتی فاسٹ باؤلر آکاش دیپ کی انجری کی وجہ سے عدم شمولت کی تصدیق کی جب کہ وہ روہت شرما کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کے حوالے سے کوئی واضح جواب نہیں دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ روہت شرما کے ساتھ سب ٹھیک ہے، مجھے نہیں لگتا کہ یہ کوئی روایت ہے، ہیڈ کوچ یہاں موجود ہیں ، یہ کافی ہونا چاہئے، میں کل وکٹ  دیکھ کر ٹیم کو حتمی شکل دوں گا۔

اس سوال پر کہ  کیا روہت شرما بھارتی ٹیم کی منصوبہ بندی کا حصہ ہوں گے گمبھیر نے دہرایا کہ جیسا کہ میں نے ابھی کہا، ہم وکٹ کا جائزہ لیں گے اور کل پلیئنگ الیون کا اعلان کریں گے۔

جب ان سے دوبارہ یہ پوچھا گیا تو انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ جواب وہ ہی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز میں اپنی خراب فارم اور ٹیم کی بری کارکردی کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں ہیں، آسٹریلیا کو 5 میچوں کی سریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے۔

جدہ جانے والے مسافر سے ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد

کراچی ائیرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرلی۔

ترجمان ائیرپورٹ سیکورٹی فورس ( اے ایس ایف) نے کراچی ائیرپورٹ پر اے ایس ایف کے عملے نے کراچی سے جدہ کی پرواز  کے مسافر امجد علی کے سامان میں منشیات کی موجودگی کی نشاندہی کی۔ منشیات بڑی مہارت سے سامان میں سوپ کی پیکنگ میں چھپا رکھی تھی۔

اے ایس ایف کے پیشہ ورانہ مہارت کے حامل عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی پر  1.060 کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔

قصور اسکینڈل: ملزم کی 10 سالہ سزا پر معافی کی اپیل

قصور ویڈیو اسکینڈل کے ملزم حسیم عامر نے 10 سالہ سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں ملزم حسیم عامر نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس 10 سال کی سزا سنائی۔ ٹرائل کورٹ نے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا۔ عدالت 10 سالہ سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیل منظور کرے۔

ملزم کے خلاف قصور تھانہ گنڈا سنگھ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔

26نومبر کو پی ٹی آئی احتجاج کے دوران گرفتار 300 سے زائد ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں 26 نومبر کو پی ٹی آئی  کے احتجاج کے دوران گرفتار 300 سے زائد ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔

ملزمان کے وکلا انصر کیانی، سردار مصروف، قمر عنایت راجا، آغا سید فیصل و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، پراسیکیوٹر راجہ نوید بھی عدالت میں پیش  ہوئے۔

دوران سماعت جج  نے  ریمارکس دیے کہ ضمانتیں لگی ہوئی ہیں آپ یہ کریں ایک ہی وکیل بحث کر لے، وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اس میں افغانی اور پاکستانی ہیں، جج نے ریمارکس  دیے کہ  آپ افغانیوں کی حد تک ان کے نام بتا دیں ان کو الگ کر دیتے ہیں۔

وکیل نے کہا کہ سب افغانی لیگل طور پر پاکستان میں رہ رہے ہیں سب کے کاغذات بھی لگے ہیں، لیگل افغانیوں نے پناہ کے لئے اپلائی کیا ہوا اور وہ اس قسم کی سرگرمیوں میں شامل نہیں ہوتے، سب افغانیوں کو گھروں سے،کراچی کمپنی اور ترنول سے اٹھایا گیا ہے۔

جج نے استفسار کیا کہ یہ ٹوٹل کتنے لوگ ہیں، وکیل  نے جواب دیا کہ یہ 146 لوگ ہیں،
جج  نے پوچھا کیا ان سب پر برآمدگیاں ڈالی گئی ہیں،وکیل نے بتایا  کہ سب پر مشکوک برآمدگیاں ڈالی گئیں، کوئی ویڈیو اور کوئی پرائیوٹ گواہ نہیں۔

قبل ازیں اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت میں جوڈیشل کمپلیکس میں صبح سے بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہوا، آج انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی کی تین سو سے زائد بعدازگرفتاری درخواست ضمانتیں زیر سماعت ہیں، بجلی نہ ہونے کے باعث جوڈیشل کمپلیکس تاریکی میں ڈوب گیا۔

جوڈیشل کمپلیکس میں بجلی بحال ہوئی جس کے بعد 3 سو سے زائد ضمانتوں پر سماعت شروع کردی۔

سالِ نو کا شاندار آغاز؛ اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی تیزی، انڈیکس نے نیا سنگِ میل عبور کرلیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی تیزی کا رجحان ہے، جس کے سبب انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

سالِ نو کا آغاز ہوتے ہی اسٹاک ایکسچینج  میں نئی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز بھی  سرمایہ کاروں کے مارکیٹ پر اعتماد کے نتیجے میں  انڈیکس ایک لاکھ 17 ہزار پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کر گیا تھا، جس کے بعد آج دوسرے روز بھی مارکیٹ پر تیزی کا رجحان غالب ہے۔

جمعرات کے روز بازارِ حصص میں کاروبار کا آغاز 344 پوائنٹس کے اضافے سے ہوا، جس سے انڈیکس 117352 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا۔ بعد ازاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں بتدریج 960، 1121 اور 1282 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 18 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو عبور کرکے 118220 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔

چترال؛ شدید خشک موسم کے بعد بارشوں کا آغاز، پہاڑوں پر برف باری جاری

چترال  میں شدید خشک موسم کے بعد بارشوں کا آغاز ہوگیا جب کہ پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چترال شہر اور مضافات میں گزشتہ رات سے  بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری  ہے۔ اس دوران لواری ٹنل پر 5 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ این ایچ اے کی جانب سے لواری ٹنل پر برف صفائی کا کام بھی ساتھ ہی شروع کردیا گیا ہے۔

کالاش ویلیز،لٹکوہ کے علاقے گرم چشمہ،  بگوشٹ ٫،پیرا بیگ ، نارکوریت ،ژیتور، مڈکلشٹ ٫ گولین وغیرہ جیسے مقامات پر برفباری  مسلسل ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ چترال میں شدید خشک موسم کے بعد تقریباً ڈیڑھ ماہ کے وقفے کے بعد دوبارہ بارشیں اور برفباری  کا آغاز ہوا ہے، جس کے سبب سردی میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ بارش اور برفباری سے سوختنی لکڑی کی مانگ بڑھ گئی  اور اس کی منہ مانگی قیمت پر فروخت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

اداکارہ نرگس اور انسپکٹر ماجد بشیر کے جھگڑے کا ڈراپ سین

اسٹیج اداکارہ نرگس اور انسپکٹر  ماجد بشیر  کے جھگڑے کا ڈراپ سین ہوگیا جب کہ اداکارہ نے اپنے شوہر کو تشدد کیس میں معاف کردیا۔

رپورٹ کے مطابق ماجد بشیر نے گزشتہ سال نومبر میں اپنی بیوی نرگس کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، تشدد کرنے کا مقدمہ اداکارہ نرگس نے تھانہ ڈیفنس سی میں درج کروایا تھا، انسپکٹر ماجدبشیر تشدد کیس میں ابھی تک ضمانت پر تھے۔

پیش رفت کے حوالے سے اداکارہ نرگس کا کہنا تھا کہ خاندان کے بڑوں کی مداخلت پر انسپکٹر ماجد بشیر کو معافی دی، میرے بچے اور خاندان والے ناراض لیکن بڑوں کے کہنے پرخاوند کو معاف کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عدالت میں بھی صلح نامے کا بیان حلفی جمع کروا دیا ہے، باقی زندگی اپنے بیٹے  اور بیٹی  کےلئے جینا چاہتی ہوں۔

کیس کے تفتیشی ذرائع نے کہا کہ نرگس کی طرف سے بیان جمع کروانے کے بعد پولیس مقدمہ خارج کرنے کی رپورٹ  بنائے گی جس کے بعد درج مقدمہ  خارج ہو جائے گا۔