سگنل کا جھنجھٹ ختم، موبائل کا نیا دور شروع!

ایلون مسک کی اسپیس ایکس کی جانب سے’ڈائریکٹ ٹو سیل‘  نامی سیٹلائٹ سروس کے ذریعے صارفین آئی فونز اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز سے زمین کے کسی بھی کونے سے کہیں بھی کال کرنا ممکن ہو گیا ۔

اس سروس کی خاص بات یہ ہے کہ اسمارٹ فونز میں کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ بس ڈیوائس میں ایل ٹی ای سپورٹ ہونا ہی کافی ہوگا۔

یہ سروس موبائل رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی۔اب زمین کے ان علاقوں سے بھی کالز کرسکیں گے جہاں ابھی موبائل فون استعمال کرنا ممکن نہیں۔

اس سروس کے لیے سیٹلائیٹس میں ایسے موڈیم نصب کیے گئے ہیں جو انہیں کسی موبائل ٹاور کی طرح کام کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور وہ خلا سے براہ راست اسمارٹ فونز میں فون سگنل بیم کرتے ہیں۔

یوکرین ان اولین ممالک میں سے ایک ہوگا جہاں یہ سروس متعارف کرائی جائے گی۔ اسی مقصد کے لیے یوکرین کے موبائل آپریٹر Kyivstar نے اسٹار لنک کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تاکہ ڈائریکٹ ٹو سیل سیٹلائٹ سروس متعارف کرائی جاسکے۔

آغاز میں اس سروس میں میسجنگ کی سہولت دستیاب ہوگی اور بعد ازاں وائس اور ڈیٹا سروسز کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے گا۔

دوسری طرف ایلون مسک نے ایکس پر اپنا نام تبدیل کر لیا۔انہوں نے اپنی ایکس پروفائل کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اپنا نام کیکئس میکسمس رکھ لیا ہے جب کہ پروفائل پکچر بھی تبدیل کردی ہے۔

روٹی بنانے، کپڑے دھونے اور برتن صاف کرنیوالی بندریابندریا بھی ہوگئی آل راؤنڈر: روٹی، کپڑے اور برتن سب سنبھالے!

بھارت میں بندریا کی روٹی بنانے اور برتن دھونے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اترپردیش کے ضلع رائے بریلی کے کھگی پورا سدھوا گاؤں کی رانی (بندریا) کی وڈیو وائرل ہو رہی ہے جو 8 سال سے خاندان کے ساتھ گھر میں رہتی ہے۔

ویڈیو میں بندر یاکو برتن دھوتے، کپڑے دھوتے، فرش صاف کرتے، مصالحہ پیستے اور روتی بناتے دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔

گھر کے مالک  آکاش کی قسمت اس وقت بدل گئی جب اس نے دنیا کے سامنے یہ ویڈیو شیئر کی۔

آکاش نے بتایا کہ ’اب تک کروڑوں لوگ رانی کی ویڈیوز دیکھ چکے ہیں اور ویڈیو کو اب تک 100 ملین سے زائد ویوز حاصل ہوچکے ہیں۔

گھر کے مالک کا کہنا تھا کہ رانی بھارت سے باہر کے ممالک میں بھی کافی مشہور ہے، امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، بنگلادیش، پاکستان، نیپال، ایران، روس، چین اور بہت سے دوسرے ممالک میں مشہور ہے۔

علاوہ ازیں ممبئی، کولکتہ، وارانسی اور کئی دوسرے شہروں سے لوگ اسے دیکھنے آتے ہیں۔

آکاش نے اپنی آمدنی سے متعلق نہیں بتایا بس اتنا کہا کہ وہ ویڈیوز سے کافی پیسے کما چکے ہیں اور بندریا کچی روٹی بھی کھانا پسند کرتی ہے، رانی غصے میں مایوسی کا اظہار کرنے کیلئے اپنی کلائی کاٹ لیتی ہے، اس نے کبھی جان بوجھ کر کسی کو ناراض نہیں کیا۔

آئی پی ایل کے ٹھکرائے گئے وارنر پی ایس ایل 10 پلئیرز ڈرافٹ میں شامل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کیلئے غیرملکی پلئیر ڈرافٹس میں نامور آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر بھی ابتدائی فہرست میں شامل ہوگئے۔

رواں برس انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی جانب سے ٹھکرائے گئے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کیلئے اپنا نام باضابطہ طور پر پلئیرز ڈرافٹ میں درج کروادیا ہے۔

قبل ازیں پی سی بی کے اعلیٰ حکام کو آسٹریلوی اسٹار ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور کیوی کرکٹر کین ولیمسن سے شرکت کی تصدیق کا انتظار کررہے تھے تاہم ابھی تک محض ایک کرکٹر نے اپنی آمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اسی طرح کرس ووکس اور جونی بیئراسٹو کی شمولیت انگلش بورڈ کے این او سی سے مشروط ہوگی۔ بھارت کے سوا دیگر تمام ٹیسٹ ممالک کے کرکٹرز ڈرافٹ میں شریک ہیں، اسٹار کرکٹرز کو لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضہ دیا جائے گا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے اسٹار پیسر ایڈم ملنے بھی غیرملکی پلئیر ڈرافٹس میں اپنا نام درج کروادیا ہے، انکے علاوہ دیگر کیوی کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل، ٹم ساؤتھی اور مارٹن گپٹل کے نام سرفہرست ہیں۔

بریسٹ کینسر کے باوجود ومبلڈن کا فائنل کھیلا، ٹینس اسٹار کا انکشاف

ومبلڈن کے ویمنز ڈبلز فائنل میں پہنچنے والی کینیڈا کی ٹینس اسٹار گیبریالا ڈابروسکی نے انکشاف کیا ہے ٹورنامنٹ کا 2024 کا سیزن سے قبل انہیں چھاتی کے کینسر کے دوران کھیلا۔

کینیڈین ٹینس اسٹار نے بتایا کہ اپریل میں انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی تاہم انہوں نے اس بات کو خفیہ رکھا۔

گیبریالا ڈابروسکی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ٹینس کورٹ میں پیش آئی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میں جانتی ہوں کہ یہ کئی لوگوں کیلئے صدمے کا باعث ہوگا لیکن میں ٹھیک ہوں۔

سال 2023 میں مجھے پہلی بار گلٹی کا پتہ چلا تھا تاہم 2024 میں سکین کروایا تو انہیں پتہ چلا کہ بریسٹ کینسر ہے، اپریل اور مئی میں کوئی میچ نہیں کھیل سکی لیکن اگلے مہینے واپسی کی اور ناٹنگھم میں پارٹنر ایرن روٹلف کے ساتھ اپنا پہلا ٹائٹل جیتا۔

ڈابروسکی نے ومبلڈن میں مقابلہ کرنے کیلئے علاج ملتوی کردیا جہاں وہ روٹلف کے ساتھ رنر اپ رہیں اور پیرس اولمپکس میں بھی کھیلا۔
ڈابروسکی نے گزشتہ سیزن کا اختتام ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں ڈبلز ٹائٹل جیت کر کیا اور یہ جوڑی ڈبلز میں دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔

وزیراعظم نے کل ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا

وزیراعظم شہباز شریف نے کل ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ عسکری اور سول قیادت شریک ہو گی ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق ہو گی جبکہ پی ایم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں ایس آئی ایف سی کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

ایس آئی ایف سی کی مد میں ہونے والی ترقی، سرمایہ کاری اور تیل گیس کے نئے ذخائر کے بارے میں بریفنگ ہو گی اور دوست ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور سہولیات کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔

ویتنام میں جڑواں بچے کس طرح پیدا ہوئے، دنیا کا حیرت انگیز واقعہ سامنے آگیا

جنوب مشرقی ایشیائی ملک ویتنام میں ایک خاندان میں پانچ ہفتوں کے وقفے سے جڑواں بچے پیدا ہوئے ہیں۔

دارالحکومت ہنوئی میں قائم ایک اسپتال میں 26 سالہ خاتون نے حمل کے 26 ویں اور 31 ویں ہفتے میں جڑواں بچوں کو جنم دیا۔

اِن وائٹرو فرٹیلائزیشن عمل کے تحت خاتون میں جڑواں بچوں کا حمل ٹھہرا۔ خاتون کو حمل کے 24 ویں ہفتے میں کچھ مسائل پیش آئے جس کے بعد وہ معائنے کے لیے اسپتال گئیں۔

مسئلے کی نشان دہی کے بعد وہ قبل از وقت ڈیلیوری سے بچنے کے لیے ایک پروسیجر سے گزریں۔ لیکن چھ روز بعد ہی ان کو دوبارہ ایمرجنسی میں دوبارہ اسپتال لے جانا پڑا۔

پیچیدہ صورتحال میں ڈاکٹروں کو ایک بچے کو 26 ویں ہفتے میں ڈیلیور کرنا پڑا۔ 730 گرام وزنی اس بچے کو (جو کہ لڑکا ہے) فوری طور پر انتہائی نگہداشت کے لیے نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ میں منتقل کر دیا گیا۔

ڈاکٹر نے لڑکی کو ماں کے پیٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔ لڑکی کی صحت لڑکے کی پیدائش کے ایک ہفتے بعد بہتر ہوگئی۔

حمل کے 31 ویں ہفتے میں شدید پریکلیمپسیا میں مبتلا خاتون اور بچی کی حفاظت کے لیے ڈاکٹروں سی سیکشن کے ذریعے ڈیلیوری کا فیصلہ کیا۔

لڑکی کی پیدائش بحفاظت (1.2 کلو وزن کے ساتھ) ہوئی اور اس کو بھی خصوصی نگہداشت کے لیے نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ لے جایا گیا۔

حکومت سے مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کے مطالبات سامنے آگئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت سے مذاکرات کرنے والی اپنی کمیٹی کے لیے چارٹرآف ڈیمانڈ تیار کر لیا ہے جو حکومتی ٹیم کے سامنے رکھے جائیں گے۔

 ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی نے پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کرلیا ہے اور کمیٹی نے بانی چئیرمین کی ہدایت کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے مطالبات کی فہرست بنائی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے مختصر چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کیا ہے، جس میں پی ٹی آئی نے صرف دو مطالبات رکھے ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے پہلا مطالبہ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کا حکومت سے دوسرا مطالبہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کل کے مذاکراتی اجلاس میں پی ٹی آئی کے تمام کمیٹی اراکین شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان 23 دسمبر کو قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی ثالثی میں ہوئے تھے اور دونوں فریقین کی جانب سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

بعد ازاں پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان 2 جنوری کو مذاکرات کا دوسرا دور شیڈول کیا گیا تھا۔

نشے کی مستی میں کون بنا کپل اور میکا کا استاد؟

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشہور کامیڈین کپل شرما کا اداکار و فلمی ناقد کمال راشد خان (کے آر کے) کے گھر ہنگامے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں کے آر کے کے سکیورٹی گارڈ نے کپل کو تھپڑ مارا۔

کے آر کے نے اپنے یوٹیوب چینل پر بتایا کہ یہ واقعہ 2012 یا 2013 کے آس پاس کا ہے، جب میکا سنگھ اور کپل شرما ان کے ممبئی والے گھر پہنچے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں نشے میں تھے اور گھر کے باہر ہنگامہ کر رہے تھے۔

کے آر کے نے کہا، ’’میرے سکیورٹی گارڈ نے انہیں اندر جانے سے روکا، لیکن وہ تصویر کھنچوانے اور مجھ سے ملنے کا اصرار کرتے رہے۔ آخر کار، گارڈ نے انہیں تھپڑ مار کر باہر نکال دیا۔‘‘

میکا سنگھ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کپل شرما کے آر کے سے شدید ناراض تھے اور انہیں مارنے کے ارادے سے ان کے گھر گئے۔ تاہم، کے آر کے گھر پر موجود نہیں تھے۔ میکا کے مطابق، ’’کپل نے وہاں ہنگامہ کیا اور ان کے گھر کے شیشے توڑ دیے۔‘‘

کے آر کے نے مزید بتایا کہ اگلے دن میکا سنگھ نے معذرت کی، اور معاملہ وہیں ختم ہو گیا۔

امریکی شہر نیو اورلیئنزمیں ڈرائیور نے کار ہجوم پر چڑھا دی، 10 افراد ہلاک

امریکا کے شہر نیو اورلیئنز میں ڈرائیور نے گاڑی ہجوم پر چڑھادی، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیو اورلیئنز کے میئر نے واقعے کو ‘دہشت گردی کا حملہ’ قرار دیا اور محکمہ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ اینا کرک پیٹرک نے بتایا کہ دو پولیس افسران بھی نشانہ بنے۔

کرک پیٹرک نے بتایا کہ جائے وقوع سے دھماکا خیز مواد بھی ملا ہے۔

پولیس نے اس سے قبل بتایا تھا کہ وہ شہریوں کی ہلاکتوں پر کارروائی کر رہے ہیں جہاں شہریوں کی کثیر تعداد نشانہ بنی ہے اور حکام نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ جائے وقوع سے دور رہیں۔

لوئیسیانا کے گورنر جیف لینڈری نے سوشل میڈیا پر صورت حال کے حوالے سے بیان میں کہا کہ بوربون اسٹریٹ میں ایک ہول ناک واقعہ پیش آیا، تمام متاثرین کے لیے دعا گوہ ہوں اور امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جائے وقوع کے قریب موجود تمام شہریوں کو وہاں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ نیواورلیئنز میں نئے سال کا جشن مکمل کرنے کے بعد اور شہر میں کالج کے فٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل مقابلے آل اسٹیٹ باؤل کے آغاز سے چند گھنٹے قبل پیش آیا جہاں تماشائیوں کی بڑی تعداد میں آمد متوقع تھی۔

کرم امن معاہدے پر دستخط کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات اور حکومت کی جرگہ کمیٹی کے سربراہ بیرسٹر سیف نے کرم امن معاہدے پر دستخط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ضلع میں امن اور خوشحالی کا نیا سفر شروع ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، ایک فریق کی جانب سے چند دن پہلے دستخط ہو گئے تھے جبکہ دوسرے فریق نے آج دستخط کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنکرز کی مسماری اور بھاری اسلحے کی حوالگی پر دونوں فریقین متفق ہو گئے ہیں، امن معاہدے کے دستخط پر اہلیانِ کرم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ امن معاہدے سے کرم میں امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اور معمولات زندگی جلد مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔