دلجیت دوسانجھ کو ایک مرتبہ پھر قانونی کارروائی کا سامنا

بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کو لدھیانہ کنسرٹ کے بعد مبینہ طور پر شراب نوشی پر اُکسانے والے گیت گانے کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  مشہور گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کا لدھیانہ میں نئے سال کی شام کا کنسرٹ چندی گڑھ کے ایک اسسٹنٹ پروفیسر پنڈت راؤ دھریناور کی طرف سے دائر کی گئی شکایت کے بعد قانونی تنازعہ کا شکار ہو گیا۔

گلوکار کیخلاف شکایت نے حکومت پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو لدھیانہ کے ڈسٹرکٹ کمشنر کو باضابطہ نوٹس جاری کرنے پر مجبور کیا، اور ان پر زور دیا کہ گلوکار کو 31 دسمبر 2024 کو اپنے لائیو شو کے دوران کچھ مخصوص گانے پیش کرنے سے روکا جائے۔

نوٹس میں خاص طور پر ان گانوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا جن میں شراب نوشی کو فروغ دینے کا اشارہ دیا گیا ہے جیسے کہ ’پٹیالہ پیگ‘، ’ 5 تارا تھیکے‘، اور ’کیس‘ وغیرہ جو کہ متنازع بن گئے ہیں۔

نوٹس میں دلجیت دوسانجھ کو مختلف کمیشنوں کی طرف سے جاری کی گئی پیشگی انتباہات کا حوالہ دیا گیا ہے، جہاں انہیں یہ متنازع گانے گانے سے منع کیا گیا تاہم ان نصیحتوں کے باوجود گلوکار نے مبینہ طور پر گزشتہ رات نیو ائیر نائٹ پر دھنوں میں معمولی ردوبدل کے ساتھ انہیں پرفارم کرنا جاری رکھا۔

بھارتی کمنٹیٹر نے سلمان آغا کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے

بھارت کے معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے قومی ٹیم کے وائٹ بال فارمیٹ کے نائب کپتان سلمان علی آغا کی تعریفوں کے پُل پاندھ دیے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے کہا کہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں سعود شکیل کا کردار نہایتی اہم ہے لیکن گزشتہ برس دورہ آسٹریلیا کے دوران سلمان آغا نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک بہترین آل راؤنڈر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وہ بالنگ کے علاوہ اچھی بیٹنگ بھی کررہے ہیں جسکا فائدہ متعدد مواقعوں پر گرین شرٹس کو ہوا ہے۔

گزشتہ برس وائٹ بال کرکٹ سے بابراعظم کے مستعفیٰ ہونے کے بعد سلمان آغا کو کپتان محمد رضوان کا نائب مقرر کیا گیا تھا، انکی کپتانی میں قومی ٹیم نے 1-2 سے سیریز جیتی۔

انہوں نے 2024 میں 9 ون ڈے میچز میں 209 رنز اور 11 وکٹیں بھی حاصل کیں تھی۔

اسی طرح 7 ٹیسٹ میچز میں 41.47 کی شاندار اوسط سے 454 رنز بنائے جس میں 4 نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل تھی۔

دسمبر 2024 میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میں آل راؤنڈر نے 90 گیندوں پر 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جبکہ 4 وکٹیں لیکر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا تاہم انہوں نے اس میچ کا ایوارڈ اپنے نوجوان اوپنر صائم ایوب کو تھما دیا تھا، جنہوں نے اس جیت میں سینچری اسکور کی تھی۔

پروٹیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں سلمان 81.50 کی شاندار اوسط سے 163 رنز بنا کر تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے تھے۔

دھرنوں نے حکومت کا دھڑن تختہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس محصولات میں آئی ایم ایف کی جانب سے دیا گیا دسمبر کا ہدف حاصل کرلیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ دعا ہے نیا سال پاکستان کے لیے اچھا سال ثابت ہو، کل اڑان پاکستان پروگرام کا افتتاح کیا گیا، یہ منصوبہ نئے سال کے لیے نیک شگون ثابت ہوگا، احسن اقبال، اسحاق ڈار اور دیگر حکام کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہمیں مزید آگے بڑھنا ہے اے ڈی آر کی مد میں جو کام ہوا ہے ہمیں اسے سراہنا چاہیے جسے نائب وزیراعظم نے لیڈ کیا، اس کاوش کے نتیجے میں 72 ارب روپے کے محصولات خزانے میں آئے، ہمارے ہدف اور محصولات جمع کرنے کے درمیان ایک بڑا گیپ ہے اس کے باوجود چیئرمین ایف بی آر بھی اپنی کاوشوں کی وجہ سے لائق ستائش ہیں، دسمبر کا محصولات کا ٹارگٹ حاصل کرلیا ہے اس میں 72 ارب روپے کی بھی کنٹری بیوشن شامل ہے تب جاکر ہم نے 97 ٹارگٹ حاصل کیا ہے جو کہ ہماری آئی ایف کے ساتھ کمٹمنٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی میں کراچی پورٹ گیا وہاں بتایا گیا کہ ہم فلاں جگہ رئیل اسٹیٹ بنارہے ہیں مجھے افسوس ہوا کہ آپ کا کام رئیل اسٹیٹ میں جانا ہے یا کراچی پورٹ پر بزنس لانا ہے، ہم نے کراچی پورٹ پر ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے لیے بل گیٹس فاؤنڈیشن کے ذریعے چھ ملین ڈالر کی فنڈنگ دلوائی، چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے بڑی محنت سے کام کیا اور اب ہم کہہ سکتے ہیں کہ کراچی پورٹ پر کام میں تیزی آگئی یہ فیس لیس انٹرایکشن ہے اس کے ذریعے کراچی پورٹ پر کنٹینگ کے وقت میں 39 فیصد کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت چینی کی افغانستان کو اسمگلنگ صفر ہوچکی ہے جس کے باعث ہم شوگر ایکسپورٹ کرنے کے قابل ہوگئے اس کا کریڈٹ وفاقی وزیر رانا تنویر، اداروں کو اور آرمی چیف کو جاتا ہے جنہوں نے اسمگلنگ صفر کرکے دکھائی اس کے ساتھ ہی تیل کی بھی اسمگلنگ انتہائی کم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال پانچ ماہ میں ترسیلات زر (ریمی ٹینسز) 15 ارب ڈالر تک ہیں یہی رفتار رہی تو سال پورا ہونے تک یہ مالیت 35 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی جو کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے باوجود ہم نے کامیابیاں حاصل کیں، مخالفین نے نو ماہ میں ہماری حکومت کا دھڑن تختہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن اللہ کے فضل سے ہم اس کے باوجود ملکی معیشت میں استحکام لانے میں کامیاب ہوگئے، ہمارے حکومت میں شفافیت ہے نو ماہ گزر گئے لیکن عام آدمی بھی گواہی دے رہا ہے کہ کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی دوبار عود کر آئی ہے، افغان حکومت نے نجانے کس زعم میں فیصلہ کیا اور ہزاروں نہیں تو کم ازکم سیکڑوں لوگوں کو انہیں چھوڑ دیا جن میں سے کئی لوگ یہاں آئے، ہمارے سیکیورٹی ادارے ان سے نبرد آزما ہیں ہمارے جوان روزانہ شہادتیں دے کر اپنے خون سے وطن کی آبیاری کررہے ہیں۔

چھوٹے طیاروں کو بڑے طیاروں کے اسٹینڈز پر کھڑا کرنے کا تجریہ کامیاب

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چھوٹے طیاروں کو بڑے طیاروں کے اسٹینڈز پر کھڑا کرنے کا تجریہ کامیاب کیا گیا ہے۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فلائٹ پی اے231  (اے321-200) اور پی ایف769 (اے320-200) کو بالترتیب اسٹینڈ 06 اور 07 پر کامیابی سے پارک کیا گیا، اس دوران پیسنجر، مسافر برج اور گراؤنڈ پاور یونٹ مکمل فعال رہے۔

بیان میں کہا گیا کہ حال ہی میں 9 میں سے 8 بڑے اسٹینڈز کو چھوٹے طیاروں کے لیے بھی موزوں بنایا گیا تھا، اقدام آپریشنل لچک، کم ٹرن اراؤنڈ وقت، مسافروں کی سہولت، اور آمدنی میں اضافے کا باعث بنے گا

3 ارب سے زائد سیلز ٹیکس فراڈ کے ملزم کی 100 روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 3 ارب 20 کروڑ روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کیس کے شریک ملزم کی 100 روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں 3 ارب 20 کروڑ روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کیس کے شریک ملزم شاہد حسین خواجہ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فرسٹ ویمن بینک کے امپیریل کورٹ برانچ کراچی کے مینجر کی ضمانت 100 روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی کرمنل کارروائی کو اختیار سے تجاوز قرار دیتے ہوئے عدالتی فیصلے کی کاپی چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھجوانے کا حکم دیا۔ عدالت نے جسٹریٹ کا ملزم کے ریمانڈ اور ماتحت عدالت کا ضمانت مسترد کرنے کے فیصلے کو بھی باعث شرم قراردیتے ہوئے آئندہ قانون کی خلاف ورزی میں کارروائی پر ایف بی آر اور ٹیکس آفیشلز کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ بینک کے برانچ منیجر کو پاور کمپنی کی برانچ میں اکاؤنٹ کھولنے میں اعانت پر گرفتار کیا گیا۔ اسٹیٹ نے درخواست گزار کے ٹیکس فراڈ کے جرم میں ملوث ہونے کا کوئی مواد پیش نہیں کیا۔ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے قانون کے مطابق ٹیکس پیئر پر واجب الادا ٹیکس کا تعین ہی نہیں کیا۔ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے درخواست گزار کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی میں گرفتار کیا۔

تفصیلی فیصلے کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے تاج انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے کیس میں فیصلہ سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا۔ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا علم ہونے کے باوجود کرمنل کارروائی شروع کی۔ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے کرمنل کارروائی شروع کر کے اختیارات سے تجاوز کیا۔ اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے درخواست گزار کے آزادی، وقار اور برابری کے آئینی حقوق مجروح کیے گئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق زیادہ ٹیکس جمع کرنے کی کوشش میں اتھارٹیز اور ٹیکس حکام نے طے کردہ قانون کی خلاف ورزی کی۔ شرم کی بات ہے کہ ریمانڈ دینے والے مجسٹریٹ اور ضمانت مسترد کرنے والی عدالت نے سیلز ٹیکس ایکٹ کی شقوں کا خیال نہیں رکھا۔ماتحت عدالت نے بنیادی آئینی حقوق کے تحفظ کے بجائے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے گمراہ کُن اقدامات کی ستائش کی۔ کرمنل کارروائی کی قانونی حیثیت کا سوال اس عدالت کے سامنے نہیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت امید کرتی ہے کہ ٹرائل کورٹ اس کارروائی کی قانونی حیثیت کو مدنظر رکھے گی۔ درخواست گزار کی ضمانت ایک سو روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی جاتی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر اسلام آباد ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کی کاپی ٹیکس افسران میں تقسیم کریں۔ خلاف ورزی میں کارروائی پر ایف بی آر اور ٹیکس آفیشلز کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پبلک آفیشلز کو تفویض کردہ قانونی اور پولیس اختیارات کا استعمال قانون کے مطابق کیا جائے۔

اب اور نہیں“، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کھلاڑیوں کی کلاس لے لی۔”

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم سیریز اور پھر آسٹریلیا کیخلاف ذلت آمیز شکستوں کے بعد بھارتی ٹیم کا ڈریسنگ روم کا ماحول تلخ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میلبرن میں آسٹریلیا کے ہاتھوں کے 184 رنز کی شکست نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کھیلنے کی امیدوں کو روند ڈالا ہے، اب انہیں دیگر ٹیموں پر فائنل تک پہنچنے کیلئے سہارا لینا پڑرہا ہے۔

بھارتی ہیڈکوچ گوتم گمبھیر بھی کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر شدید غصے میں ہیں جبکہ ڈریسنگ روم میں ماحول بھی تلخ ہوچکا ہے، سلیکٹرز، کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف ایک پیج پر نہیں ہیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گوتم گمبھیر چوتھے ٹیسٹ میں ذلت آمیز شکست کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں پر برس پڑے جس نے ماحول کو ناخوشگوار بنادیا ہے۔

ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کسی کا نام لیے بغیر کھلاڑیوں کو کھری کھری سنائیں اور کہا اب بہت ہوگیا ہے، نیچرل گیم کے نام پر کھلاڑی اپنی مرضی کررہے ہیں اور انہیں جو پلان دیا جاتا ہے اس پر عمل نہیں کرتے۔

گمبھیر کا کہنا تھا کہ میلبرن ٹیسٹ میں 20.4 اوورز میں 7 وکٹیں گنوائیں اور ٹیسٹ میچ ہار گئے، 6 ماہ میں کھلاڑیوں کو پورا موقع دیا کہ جس طرح انہوں نے ٹیم کے لیے کھیلنا ہے کھیلیں لیکن اب وہ فیصلہ کریں گے کہ انہیں کیسے ٹیم کے لیے کھیلنا ہے۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا اگر کوئی کھلاڑی حکمت عملی کے مطابق نہیں کھیلے گا تو اس کو تھینک یو کہہ دیا جائے گا، بیٹرز بنگلادیش کے خلاف سیریز سے پرفارمنس نہیں دے رہے، نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی اور اب آسٹریلیا میں بھی بیٹرز ناکام رہے۔

وی پی این بندش کے معاملے پر اسٹینڈ لے کر میں نے اسے بند نہیں ہونے دیا،چیئرمین پی ٹی اے

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین  نے کہا ہے کہ وی پی این کی بندش کے معاملے پر ہم نے اسٹینڈ لیا ہے، میں نے وی پی این بند نہیں ہونے دیے،  وی پی این سروس پروائیڈرز کی رجسٹریشن کا عمل 19 دسمبر کو شروع کیا گیا، 2 انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز نے لائسنس کی درخواست دی ہے۔

سینٹر پلوشہ خان کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی آئی ٹی کا اجلاس ہوا، رکن کمیٹی  نے کہا کہ  ڈاؤن لوڈ اسپیڈ ٹھیک ہے مگر ایپلی کیشنز نہیں چل رہی، وائس نوٹ بھی نہیں جا رہے۔

چئیرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پاکستان میں سات سب میرین کیبلز ہیں، چار سے پانچ مزید سب میرین کیبلز اور آرہی ہیں، 2 افریقہ کیبل بچھانے کا کام رواں سال مکمل ہوجائے گا، اس وقت دنیا میں انٹرنیٹ اسپیڈ کے لحاظ سے 97 ویں نمبر پر ہیں۔

چئیرمین پی ٹی اے  نے کہا کہ اس  سب میرین کیبل کو شارک نہیں کاٹ سکتی، آپ کسی اور چیز کو شارک کہتے ہیں تو وہ الگ بات ہے۔

وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے  نے انٹرنیٹ میں خلل  کے حوالے سے  بریفنگ  دی،

چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پی ٹی اے کو روزانہ سوشل میڈیا مواد کی 500 شکایات موصول ہوتی ہیں،  پی ٹی اے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مواد بلاک کرنے کی درخواست کرتا ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز 80 فیصد مواد بلاک کردیتے ہیں، سوشل میڈیا کمپنیاں 20 فیصد مواد کو بلاک نہیں کیا جاتا۔

کامران مرتضی نے کہا کہ کہ کہاں پر پاور ہے کسی خاص علاقے میں انٹرنیٹ بلاک کرسکیں، ایکٹ میں کہاں لکھا ہوا کسی خاص علاقے میں بلاک کرنا ہے۔

ممبر لیگل وزارت آئی ٹی  نے کہا کہ ایکٹ میں واضح کسی خاص علاقے کا نہیں لکھا ہے، چیرمین پی ٹی اے  نے کہا کہ رولز میں لکھا ہے کہ وزارت داخلہ پی ٹی اے کو ہدایت دے سکتا ہے۔

اجلاس کے دوران سینیٹر کامران مرتضی اور چیئرمین پی ٹی اے کے درمیان مکالمہ ہوا، کامران مرتضی نے کہا کہ قانون میں نہیں لکھا تو آپ انٹرنیٹ کیسے بلاک کرسکتے ہیں، چیرمین پی ٹی اے نے کہا کہ  اگر یہ غلط ہے تو حکومت 9 سال سے ہم سے انٹرنیٹ کیوں بند کرواتی ہے، میں تاریخ اور وقت بتا سکتا ہوں کب کب انٹرنیٹ بند ہوا۔

سینیٹر کامران مرتضی  نے کہا کہ ہم حکومت نہیں، ہم پارلیمان ہیں، چیئرمین پی ٹی اے نے کامران مرتضی سے مکالمہ کیا کہ آپ سب کبھی کبھی حکومت میں رہے۔

سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ رولز میں بھی صرف مواد کا ذکر موجود ہے، اسپیشل سیکرٹری وزارت آئی ٹی نے کہا کہ اگر حکومت کہے کسی علاقے میں تمام آن لائن مواد کو بلاک کرنا ہے،  کسی علاقے میں تمام آن لائن مواد کو انٹرنیٹ بند کرکے ہی بند کیا جاتا ہے۔

چیرمین پی ٹی اے  نے کہا کہ دو ہزار سولہ سے جب بھی وزارت داخلہ کا خط آتا ہے انٹرنیٹ بند ہوتا ہے، میرے آنے سے پہلے کہ پریکٹس چلتی رہی ہے، آج پہلی بار پتا چلا کہ انٹرنیٹ کی بندش غلط ہوتی ہے،

اس حوالے سے حتمی لیگل رائے وزارت قانون اور وزارت داخلہ دے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے حکم پر کئی بار سوشل میڈیا ایپس بند کی گئیں،  پھر 8 فروری کو الیکشن کے روز بھی انٹرنیٹ کی بندش غلط تھی؟ سپریم کورٹ کے حکم پر انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا اپلیکیشنز بند ہوتی ہیں۔

سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے کہا کہ رولز بنے ہوئے کئی سال ہوگئے ہیں، سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ کیا رولز ایکٹ سے آگے جاسکتے ہیں، اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے تو کیا وزارت نے نظرثانی دائر کی۔

سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ  کیا وزارت کا یہ کام نہیں کہ سپریم کورٹ کو بتائے کہ یہ چیز ایکٹ یا رولز میں نہیں ہے۔

چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ کل اڑان پاکستان منصوبہ لانچ کیا گیا، کیا اس میں آئی ٹی شامل ہے،  اڑان پاکستان پروگرام میں آئی ٹی کو شامل کیا گیا ہے۔

ممبر وزارت آئی ٹی  نے کہا کہ  گزشتہ کئی سالوں میں آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ پانچ سالوں میں کمپاونڈ آئی ٹی گروتھ 23 فیصد ہی،  ہمیں سالانہ بنیادوں پر نہیں، کمپاونڈ گروتھ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

 ممبر وزارت آئی ٹی  نے بتایا  کہ کورونا کے دوران آئی ٹی برآمدات کچھ متاثر ہوئیں، 2023 کے 11 ماہ میں آئی ٹی برآمدات 2.4 بلین ڈالرز تھیں،  2024 کے 11 ماہ آئی ٹی برآمدات 3.3 بلین ڈالرز ہیں، آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت 37 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی سست کے نقصان کا اندازہ لگانا مشکل ہے، ابھی چار سب میرین کیبلز آرہی ہیں، اس سے انٹرنیٹ بہتر ہوگا۔

سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے کہا کہ تین سب میرین کیبلز ایک سال میں کنیکٹ ہوجائیں گی، فائبرآئزیشن پالیسی اور فائیو جی کے آنے سے انٹرنیٹ پر فرق پڑے گا۔

سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں آئے روز مسئلہ ہوتا ہے، موبائل فون پر ٹیکس کا پیغام آجاتا ہے۔

 چیرمین پی ٹی اے نے کہا کہ یہاں آنے سے پہلے مجھے لگتا تھا پی ٹی اے موبائل فون پر ٹیکس لیتا ہے،  بطور چیئرمین پی ٹی اے میں نے اپنی اہلیہ کا موبائل فون ٹیکس جمع کروایا ہے، پی ٹی اے یہ ٹیکس نہیں لیتا بلکہ ایف بی آر لیتا ہے۔

چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ موبائل فون پر بے تحاشہ ٹیکس کو عام آدمی کی پہنچ میں لانا چاہیے،  کیا بلوچستان کے پورے پورے اضلاع انٹرنیٹ کی بندش سے متاثر ہیں۔

سینیٹر ہمایوں مہمند سیکیورٹی خدشات پر کیا کوئی دوسرا راستہ نہیں نکل سکتا، چیرمین پی ٹی اے نے کہا کہ بلوچستان میں فائبر کنیکٹوٹی کا بھی مسئلہ ہے۔

سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ ہم تو ٹاورز کیلئے درخواست دے دے کر تھک گئے، سینیٹر ندیم بھٹو نے کہا کہ سندھ میں جہاں ٹاورز لگے ہیں وہاں بھی انٹرنیٹ سست ہے، لاڑکانہ سندھ کا شہر ہے لیکن انٹرنیٹ سروس سست ہے۔

سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے کہا کہ  خیبر پختونخواہ میں ضم اضلاع میں کنیکٹوٹی کی بہتری کیلئے 3 ارب خرچ کیے گئے،  یو ایس ایف کی جانب سے ایکس فاٹا میں منصوبے شروع کیے گئے۔

چیرمین پی ٹی اے  نے کہا کہ وی پی این کی بندش کے معاملے پر ہم نے اسٹینڈ لیا ہے، میں نے وی پی این بند نہیں ہونے دیئے،  وی پی این سروس پروائیڈرز کی رجسٹریشن کا عمل 19 دسمبر کو شروع کیا گیا، 2 انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز نے لائسنس کی درخواست دی ہے۔

 چیرمین پی ٹی اے نے کہا کہ  پی ٹی سی ایل کو ایک بڑی کمپنی نے وی پی این رجسٹریشن کیلئے اپلائی کیا ہے، ابھی جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں، امید ہے بڑی تعداد میں درخواستیں آئیں گی۔

 سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ  کیا  ہم نے ایسی حساس معلومات مانگی ہیں جن سے کمپنیوں کو مشکلات ہوں،چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ

وی پی این سروس پروائیڈرز کے حوالے سے پاشا کے ساتھ مشاورت کی گئی، پاشا سے درخواست کی کہ دنیا کا کوئی ماڈل اٹھا کر لے آئیں۔

لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں سمیت 6 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے اسلام آباد نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں سمیت 6 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد ارشد، سہیب علی حشمت، احمد نواز ، ذوالفقار ، مظہر خان اور منشا کے نام سے ہوئی۔  ملزم احمد نواز، محمد ارشد، مظہر خان اور منشاء سال 2023 میں ہونے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو سرگودھا، فیصل آباد اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم احمد نواز کو چھاپہ مار کارروائی میں سرگودھا سے گرفتار کیا گیا۔ احمد نواز انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے اور اس کے خلاف انسدادِ انسانی اسمگلنگ راولپنڈی میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ ملزم نے لیبیا کشتی حادثے کے 9 متاثرین سے مجموعی طور پر 5 کروڑ 16 لاکھ روپے ہتھیائے۔

ملزم احمد نواز نے لیبیا میں متاثرین کو سیف ہاوسسز میں رکھا اور بعد ازاں کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی۔ کشتی حادثے میں تمام متاثرین کی موت واقع ہوئی۔ اشتہاری ملزم منشا کو جھنگ قصور  سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم لیبیا کشتی حادثہ کے مقدمہ میں نامزد ہے۔ ملزم کو تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے 3 مختلف مقامات پر چھاپہ مار کاروائیاں کر کے گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم مظہر خان لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث ہے۔ ملزم کے خلاف سال 2023 میں متعدد مقدمات درج کئے گئے۔ مظہر خان بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور پر یورپ اور دیگر ممالک بھجوانے میں ملوث پایا گیا۔ بدنام زمانہ ایجنٹ سہیب علی حشمت کو بھی چھاپہ مار کارروائی میں ای الیون اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم اشتہاری ہے اورانسانی اسمگلنگ کے کئی مقدمات میں نامزد اور ویزا فراڈ میں بھی ملوث ہے۔

ملزم مظہر خان پولینڈ ، یونان ، کینیڈا اور لیٹیویا جیسے ممالک میں ٹریفکنگ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث پایا گیا۔ ملزم  اینٹی منی لانڈرنگ سرکل فیصل آباد کی مطلوب ملزمان کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ انتہائی مطلوب ہیومن اسمگلر ذوالفقار کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم متعدد مقدمات میں نامزد اور اشتہاری ہے۔ ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد بخاری کے مطابق کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انٹیلیجنس بنیادوں پر انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں۔ ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔

پشپا جیسی فلم بنانے کے لیے ‘بھارتی دماغ’ بہت چھوٹاہے, انوراگ کشپ

بالی ووڈ کے مشہور اداکار انوراگ کشپ کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں پشپا جیسی فلم کو بنانے کیلئے دماغ کی کمی ہے۔

 بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انوراگ کشپ نے ایک مرتبہ پھر ہندی فلم سازوں اور انڈسٹری کی حالت پر اپنا سخت موقف دیا ہے۔ انوراگ نے ہندی فلمسازوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ میں کوئی بھی پشپا جیسی فلم نہیں بنا سکتا۔

ہالی ووڈ رپورٹر کو دیئے ایک حالیہ انٹرویو میں انوراگ نے کہا کہ فلم انڈسٹری جسے بالی ووڈ کہا جاتا ہے اس کے فلم بنانے والوں کے پاس پشپا: دی رائز یا پشپا 2: دی رول جیسا کچھ بنانے کے لیے ‘دماغ’ کی کمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ (بالی ووڈ فلمساز) نہیں سمجھتے کہ فلم سازی کیا ہوتی ہے، پشپا صرف سوکمار ہی بنا سکتا ہے۔ جنوبی بھارتی انڈسٹری میں فلم سازوں پر سرمایہ کاری کرتے ہیں اور انہیں فلمیں بنانے کے لیے بااختیار بناتے ہیں۔ یہاں، ہر کوئی ایک یونیورس بنانے کی کوشش کر رہا ہے‘۔

فلمساز نے کہا کہ ’کیا وہ اپنی یونیورس کو سمجھتے ہیں اور وہ اس میں کتنے معمولی ہیں؟ یہی انا ہے۔ جب آپ کائنات بناتے ہیں، تو آپ کو لگتا ہے کہ آپ خدا ہیں‘۔

یاد رہے کہ پشپا 2 تیلگو فلم انڈسٹری کی 2024 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے جس نے بھارت سمیت دنیا بھر سے خوب کمائی کی ہے۔ اس فلم میں تیلگو سپر اسٹار الو ارجن اور رشمیکا مندانا نے مرکزی کردار نبھائے ہیں۔

دنیا کے صاف ستھرے ممالک کی فہرست؛ پاکستان کا نمبر کیا ہے؟

ورلڈ پاپولیشن ریویو نے ماحولیاتی کارکردگی انڈیکس (Environmental Performance Index) کی بنیاد پر 2024 کے دنیا کے سب سے صاف ستھرے ممالک کی فہرست ترتیب دی ہے۔

ورلڈ پاپولیشن ریویو کی ویب سائٹ کے مطابق اس فہرست میں 180 ممالک کی درجہ بندی انڈیکس ییل یونیورسٹی، کولمبیا یونیورسٹی اور ورلڈ اکنامک فورم (WEF) کے تعاون سے کی گئی ہے۔

اس درجہ بندی کے لیے 40 مختلف اشاریے استعمال کیے جاتے ہیں جن میں ماحولیاتی صحت، ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کارکردگی کے معیار کو جانچا جاتا ہے۔

سال 2024 میں ایسٹونیا 75.3 کے اسکور کے ساتھ سرفہرست ہے جو اس کی ماحولیاتی پالیسیوں اور آلودگی کے کم سطح کی عکاسی کرتا ہے۔

دوسرے نمبر پر لکسمبرگ ہے جس کا انوائرمینٹل پرفارمنس انڈیکس 75 ہے جب کہ 74.6 اسکور کے ساتھ جرمنی تیسرے نمبر پر ہے۔

اس کے بعد فن لینڈ، برطانیہ، سویڈن، ناروے، آسٹریا، سوئٹزرلینڈ اور ڈنمارک بالترتیب چوتھے سے دسویں نمبر تک ہیں۔

ان ممالک کی ماحولیاتی صفائی میں نہ صرف بہتری نظر آئی بلکہ انسانی صحت بھی بہتر ہوئی کیونکہ صاف پانی، خالص ہوا، اور مؤثر صفائی کے ذریعے بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

180 ممالک کی فہرست میں بھارت کا نمبر 175 اور بنگلادیش 174 ویں نمبر پر ہے جب کہ پاکستان کا نمبر 178 ہے جس کے بعد دو آخری ممالک بالترتیب ویت نام اور مغربی افریقی ملک گنی بساؤ ہے۔

یاد رہے کہ عالمی سطح پر آلودگی کے اعلیٰ سطح والے ممالک میں غیر متعدی بیماریوں کی شرح زیادہ ہوتی ہے جو عالمی اموات کا 72 فیصد حصہ ہیں۔