پہلی بار 10 سال سے زائد عمر کے بچوں کیلیے ب فارم میں خصوصی سیکورٹی فیچر متعارف

تاریخ میں پہلی بار 10 سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے ب فارم (رجسٹریشن سرٹیفکیٹ) میں خصوصی سیکورٹی فیچرز متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سکیورٹی فیچرز کے تحت  دس سال سے زائد العمر بچوں کےانگلیوں کے نشانات اور تصویر کو ب فارم کا لازمی حصہ بنا دیا گیا۔ خصوصی ب فارم کا اجراء مرحلہ وار15 جنوری سے کیا جائے گا۔ نیا فیچر نادرا نے محکمہ پاسپورٹ کے اشتراک سے متعارف کروایا ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ان اقدامات  سے بچوں کی شناختی معلومات کی چوری اور غلط استعمال کو روکنے میں مدد ملے گی۔ یہ اقدامات بچوں کے جعلی شناختی کارڈز ۔ غیر قانونی پاسپورٹ کے حصول اور انسانی سمگلنگ جیسے جرائم کی روک تھام میں معاون ثابت ہوں گے۔ چئیرمین نادرا ، ڈی جی پاسپورٹ اور پوری ٹیم کو مختصر مدت میں ب فارم میں اصلاحات متعارف کرانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق پہلے مرحلے میں 10 سال سے زائد اور 18 سال سے کم عمر بچوں سے 15 جنوری سے نادرا سینٹر پر انگلیوں کے نشانات اور تصویریں لی جائیں گی۔ ان بچوں کے ساتھ والدین میں سے کسی ایک یا قانونی سرپرست کا آنا لازم ہے۔ انہیں اپنے ہمراہ اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور بچے کا یونین کونسل یا ٹاؤن کمیٹی سے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ پیدائش سرٹیفکیٹ بھی لانا ہوگا۔

ترجمان کے مطابق نادرا میں ضروری کارروائی کے بعد بچے کا تصویر والا ب فارم جاری کیا جائے گا۔ 10 سال سے زائد اور 18 سال سے کم عمر بچوں کو نئے پاسپورٹ کی درخواست کے وقت نادرا سے جاری شدہ انگلیوں کے نشانات اور تصویر والا ب فارم بھی پیش کرنا ہوگا۔ پرانا ب فارم جس میں تصویر اور انگلیوں کے نشانات شامل نہیں مذکورہ بالا عمر کے بچوں کے لیے قابل قبول نہیں ہوگا۔

وزارت داخلہ ترجمان نے مزید کہا کہ والدین یا قانونی سرپرست نادرا سے 10 سال سے زائد عمر کے بچے کی تصویر اور انگلیوں کے نشانات والا نیا ب فارم بنوائیں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس پاسپورٹ کی درخواست پر کارروائی کے دوران نادرا کے ڈیٹا بیس سے بچے کی تصویر اور انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کرے گا۔ اگلے مراحل میں مزید اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔

ٹائم آؤٹ ہونے والے مخالف کھلاڑی کوواپس بلانے پر بنگلہ دیشی کپتان کی تعریفیں

چٹاگانگ کنگز کے کپتان محمد مٹھن نے اپنے مخالف ہم منصب مہدی حسن میراز کی تعریف کی جب کہ ٹام او کونل کو واپس بلایا جو منگل کو ڈھاکا میں کھلنا ٹائیگرز کے خلاف  بنگلہ دیش پریمئر لیگ (بی پی ایل) میچ کے دوران ٹائم آؤٹ ہو گئے تھے۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق چٹاگانگ کے 204 رنز ہدف کے تعاقب کے دوران 3 منٹ کے وقفے کے بعد آسٹریلوی لیگ اسپنر ٹام او کونل بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے جس پر فیلڈنگ کپتان مہدی حسن میراز اپنی ٹیم کے کئی ساتھیوں کے ساتھ امپائر کے پاس گئے اور تاخیر کے بارے میں بات کی۔

اس پر گراؤنڈ میں موجود امپائرز نے او کونل کو آؤٹ قرار دیا اور جب وہ پویلین لوٹنے لگے تو مہدی حسن میراز نے انہیں واپس بلا لیا۔

مخالف کپتان محمد متھن  نے تسلیم کیا کہ آؤٹ قرار دیا جانا ٹھیک تھا اور کہا کہ وکٹیں تیزی سے گرنے کی وجہ سے او کونل حیران تھے اور نمبر 7 پر بیٹنگ کرنے کے لیے آنے کے باوجود ان کے پاس تیار ہونے کے لیے کافی وقت نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر محسوس کرتا ہوں کہ مہدی حسن میراز نے شاندار کام کیا، اس نے دکھایا کہ ان کا دل بڑا ہے، فیلڈنگ سائیڈ کی طرف سے اپیل کرنا اصولوں کے مطابق ہے، او کونل کو بیٹنگ کے لیے واپس بلانے کا سہرا مہدی حسن میراز کو جاتا ہے۔

او کونل کی بیٹنگ کی باری اس وقت آئی جب پاکستانی بلے باز حیدر علی دوسری گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے، چٹاگانگ کا اسکور اس وقت ساتویں اوور میں 5 وکٹ پر 56 رنز تھا، بعد میں او کونل گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوگئے، وہ شارٹ مڈ وکٹ پر پاکستانی اسپنر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جہاں مہدی حسن نے ان کا آسان کیچ لیا۔

کھلنا ٹائیگرز نے چٹاگانگ کنگز کو 37 رنز سے شکست دے دی۔

غلط معلومات پھیلانے کا الزام، ایرانی اور روسی اداروں پر پابندیاں عائد

امریکا نے صدارتی انتخابات سے قبل غلط معلومات پھیلانے کے الزام میں 2 ایرانی اور روسی اداروں پر پابندیاں عائد کردیں۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دونوں اداروں نے نومبر کے انتخابات سے قبل امریکیوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی۔ روس اور ایران کی حکومتیں جعلی ویڈیوز، خبروں اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے غلط معلومات پھیلا رہی ہیں۔ ان معلومات کو صدارتی انتخاب سے قبل ووٹرز پر اثرانداز ہونے اور انتخاب کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کیا گیا۔

امریکی وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق ماسکو میں موجود روسی ادارہ سینٹر فار جیو پولیٹکل ایکسپرٹیز نے امریکی امیدواروں کے بارے غلط معلومات پھیلائیں اور مالی معاونت کی۔ ان میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ڈیپ فیک ویڈیوز بھی شامل تھیں۔ ادارے کے ساتھ  اس کے ڈائریکٹر پر بھی لاگو ہوتی ہیں جنہوں نے روس کےان ملٹری انٹیلی جنس ایجنٹوں کے ساتھ مل کر کام کیا جو مغرب کے خلاف سائبر حملوں اور تخریب کاری کی نگرانی کرتے ہیں۔

امریکی حکام نے بتایا کہ ایرانی ادارہ کاگنیٹیو ڈیزائن پروڈکشن سینٹر، سپاہ پاسداران انقلاب کا ذیلی ادارہ ہے جسے امریکا نے ایک غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔  اس ادارے نے 2023 سے امریکا میں سیاسی کشیدگی بڑھانے کا کام کیا۔

امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایرانی حکومت پر غزہ میں حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ پر امریکا میں مظاہروں کو بڑھاوا دینے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ ایران پر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سینیئر ارکان سمیت کئی اعلٰی موجودہ اور سابق امریکی عہدیداروں کے اکاؤنٹس ہیک کرنے کا بھی الزام ہے۔ روس اور ایران امریکا کے ان الزامات کو مسترد کرچکے ہیں۔

نازیبا زاویے سے تصاویر بنانے پر بھارتی اداکارہ میڈیا پر بھڑک اُٹھیں

بالی ووڈ میں حال ہی میں فلم بے بی جان سے ڈیبیو کرنے والی جنوبی بھارتی اداکارہ  کیرتی سریش نامناسب انداز سے تصویر بنانے پر پاپرازی پر برس پڑیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں بے بی جان اسٹار کو ممبئی میں ایک غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ جب وہ اپنی گاڑی میں بیٹھنے جا رہی تھیں، تو ان کی ٹیم کی ایک رکن ایک فوٹوگرافر سے الجھ پڑی۔

وجہ یہ تھی کہ فوٹوگرافر نے ساڑھی میں ملبوس اداکارہ کی نازیبا زاویے سے تصویر لینے کی کوشش کی تھی جس پر کیرتی سریش کی ایک ٹیم ممبر کی مذکورہ فوٹوگرافر سے تلخ کلامی ہوگئی۔

ایک انٹرویو میں 32 سالہ کیرتی نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فوٹوگرافر کی اس حرکت پر بےحد افسوس ہوا کیونکہ وہ کئی تصاویر کھنچوا چکی تھیں اور گاڑی میں بیٹھنے جا رہی تھیں۔ انہیں اس وقت اس واقعے کی اطلاع نہیں تھی۔ بعد میں ان کی ٹیم کی رکن نے، جس نے فوٹوگرافر کو روکا تھا، گاڑی میں آ کر انہیں اصل صورت حال سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ واقعہ کیرتی کی نئی فلم ’بے بی جان‘ کی افتتاحی نمائش کے بعد پیش آیا، فلم بے بی جان میں کیرتی سریش اداکار ورون دھون کے ساتھ پہلی مرتبہ اسکرین پر جلوہ گر ہورہی ہیں۔

منال خان نے والدہ کی مرضی کے خلاف احسن محسن سے شادی کی؟

پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی اداکارہ منال خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ احسن محسن کے ساتھ ان کی شادی کے خلاف تھیں۔

اداکارہ منال خان نے ایک پوڈ کاسٹ میں اپنی بہن ایمن خان کے ساتھ شرکت کے دوران کئی موضوعات پر گفتگو کی، جہاں انھوں نے انکشاف کیا کہ احسن محسن کے ساتھ شادی کےلیے منال کی والدہ رضامند نہیں تھیں۔

منال خان نے 10 ستمبر 2021 کو اپنے ساتھی اداکار احسن محسن اکرام سے شادی کی تھی جو کہ محبت کی شادی تھی۔ لیکن حالیہ انٹرویو میں منال نے بتایا کہ جب انھوں نے احسن سے شادی کےلیے اپنی والدہ سے ذکر کیا تو انہوں نے صاف انکار کردیا تھا۔

منال نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ جب میں نے اپنے والد کو بتایا کہ میں کسی کو پسند کرتی ہوں اور اس کے ساتھ شادی کرنا چاہتی ہوں لیکن ماما اس شادی کےلیے نہیں مانیں گی، تو اس موقع پر والد نے مجھے مکمل سپورٹ کیا اور کہا کہ اگر تم یہ شادی کرنا چاہتی ہو تو میں تمھارے ساتھ ہوں۔

ایمن اور منال کا کہنا تھا ان کے والد انہیں بہت سپورٹ کرتے تھے۔ اداکارہ کے مطابق دونوں بہنوں کو انڈسٹری میں متعارف کروانے والے بھی انکے والد ہی تھے جن کے بھروسے اور محنت کے سبب آج وہ دونوں اس مقام پر ہیں اور خودمختار ہیں۔

بھارت: بہار میں بی پی ایس سی امتحانات کے خلاف طلبا کا احتجاج پر تشدد رخ اختیار کر گیا

13 دسمبر کو شروع ہونے والا بہار میں بی پی ایس سی امتحانات کے خلاف طلبا کا بڑا احتجاج پر تشدد رخ اختیار کر گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سراپا احتجاج طلباء نے بی پی ایس سی کے 2024 مشترکہ امتحان کی منسوخی اور شفافیت کے فقدان پر حکومت سے جوابدہی مانگی تھی، مودی سرکار اپنی نا اہلی چھپانے کے لئے پرشانت کشور اور جان سوراج پارٹی پر طلباء کو اکسانے اور امن و امان خراب کرنے کے الزامات لگا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بوکھلاہٹ کا شکار مودی سرکار نے پرشانت کشور اور 700 نامعلوم مظاہرین پر مقدمہ درج کر لیا، نام نہاد جمہوریت کی دعویدار مودی سرکار نے طلباء کے جمہوری حق پر ڈاکا ڈالتے ہوئے لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا بے دریغ استعمال کیا۔پولیس کے تشدد سے مظاہروں کے دوران متعدد طلباء شدید زخمی ہوئے جو ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، پرامن مظاہرین پر پولیس کی جانب سے تشدد نے صورتحال نہایت کشیدہ کر دی۔

پرشانت کشور نے کہا کہ  احتجاج طلباء کا آئینی حق ہے اور اسے دبایا نہیں جا سکتا،
مظاہرین پر پولیس کے تشدد  کے خلاف راشٹریہ، جنتا دل، کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے شدید مذمت کی۔

بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے طلباء کے پرامن احتجاج کو ظلم و جبر کے ذریعے کچلنے پر شدید مخالفت کی، پولیس نے پرشانت کشور اور جان سوراج پارٹی پر بغیر اجازت احتجاج منظم کرنے کا بےبنیاد الزام بھی لگایا۔

دوسری جانب پرشانت کشور نے مظاہروں میں شرکت کر کے طلباء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اورحکومت کو طلباء کے مسائل سننے اور بی پی ایس سی امتحانات کی شفافیت یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

بِہار میں مظاہرین کیخلاف غیر قانونی کاروائیاں مودی کے جمہوریت کے دعوؤں پر گہرا سوالیہ نشان ہے۔

آریان خان کی رنگ رلیاں کنگ خان کو بدنام کرنے لگیں

بالی ووڈ کے کنگ خان کے صاحبزادے آریان خان کے معاشقے ان کے لیے بدنامی کا باعث بننے لگے ہیں۔

سال نو کے جشن میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان کا برازیل سے تعلق رکھنے والی اپنی ’’نئی گرل فرینڈ‘‘ کے ساتھ شرکت نے انھیں خبروں کی زینت بنادیا ہے۔

سپر اسٹار کے بیٹے کا شمار ستاروں کے ایسے بچوں میں ہوتا ہے جو شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے سے پہلے ہی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔ شاہ رخ خان کے بیٹے ہونے کی حیثیت سے آریان میڈیا کی نظروں میں ویسے ہی رہتے ہیں، اس لیے ان کے معاشقے بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔

آریان خان منشیات کیس میں خبروں میں رہنے کے علاوہ اب اپنی زندگی میں آنے والی محبتوں کے حوالے سے بھی اکثر و بیشتر شہ سرخیوں کا حصہ بن رہے ہیں، کیونکہ ان کا نام کسی نہ کسی لڑکی کے ساتھ جڑا نظر آتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان برازیل سے تعلق رکھنے والی لریسا بونیسی نامی ماڈل و اداکارہ کی محبت میں مبتلا ہوچکے ہیں اور انہیں ڈیٹ کر رہے ہیں۔ ان افواہوں کو تقویت اس وقت ملی جب گزشتہ شب سال نو کے جشن پر آریان اور لریسا ساتھ دکھائی دیے۔

افواہیں ہیں کہ نئے سال کے موقع پر آریان خان اور لارسا بونسی کو شہر میں گھومتے پھرتے ایک ساتھ خوشگوار وقت گزارتے ہوئے اور جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا، جس نے ان کے تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیوں کو مزید تقویت ملی ہے۔

نئے سال کے جشن کی تقریب میں آریان خان اپنی مبینہ گرل فرینڈ لارسا بونسی کے ساتھ تقریب میں پہنچے تھے۔ دونوں کو پارٹی کے مقام پر داخل ہوتے دیکھا گیا۔ لارسا نے چند دوستوں کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی اور میڈیا کے سامنے پوز دینے سے گریز کیا، جبکہ آریان اپنے محافظوں کے ساتھ تھے

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک بار پھر آریان خان اور ان کی برازیلی گرل فرینڈ کے تعلقات کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں، جبکہ کئی میڈیا صارفین نے آریان خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ یہ کنگ خان کو بدنام کرے گا۔

بنگلہ دیش لیگ، معاوضوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ سر اٹھانے لگا

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں 11 سیزن کے آغاز پر معاوضوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ سر اٹھانے لگا۔

دربار راجشاہی کے کپتان انعم الحق بجوئے نے انکشاف کیا کہ پلیئرز نے ابھی تک رواں ایڈیشن کا ابتدائی معاوضہ حاصل نہیں کیا ہے۔

ایونٹ قواعد و ضوابط کے تحت فرنچائزز کو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل ہی پلیئرز کو 50 فیصد معاوضہ ادا کریں گی، ایونٹ کے درمیان میں 25 فیصد اور باقی 25 فیصد ٹورنامنٹ کے اختتام پر ادا کیا جانا چاہیے۔

بی پی ایل میں معاوضوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ شروع سے رہا ہے، گذشتہ ایڈیشن کے 2 فرنچائزز کے بقایاجات بنگلہ دیش بورڈ نے خود سے  ادا کیے ۔

بریشال سے پہلے میچ میں شکست کے بعد راجشاہی کے کپتان انعم نے کہا کہ ہمیں ابھی تک کوئی معاوضہ نہیں ملا مگر چونکہ ایونٹ ابھی شروع ہوا، اس لیے ہم سوال اٹھا کر پیچیدگی پیدا نہیں کرنا چاہتا ہے۔

2024 کا آخری سورج کرکٹ کی تلخ و شیریں یادیں دے کر غروب

کرکٹ میں تلخ وشیریں یادیں دے کر 2024 کا آخری سورج بھی غروب ہو گیا۔

گذشتہ سال پاکستان کرکٹ ٹیم کی مختلف فارمیٹس میں کارکردگی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی، ٹیسٹ میں انگلینڈ کو ہوم سیریز میں شکست دی مگر مجموعی کارکردگی مایوس کن رہی اور 7 میچز میں2 ہی فتوحات ہاتھ آئیں،سعود شکیل نے سب سے زیادہ 544 رنز بنائے، ساجد خان نے 22 وکٹیں لیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹیم چھا گئی اور تینوں سیریز سمیت 7 میچز جیتے، صائم ایوب نے515 رنز اسکور کیے، شاہین آفریدی نے 15 وکٹیں لیں۔

البتہ ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل ناکامیوں نے شائقین کو مایوس کیا، 27 میچز میں سے صرف 9 میں کامیابی ملی جبکہ 16 میں شکست ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر 7 ٹیسٹ میچز کھیلے، ان میں سے 2 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 5 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،مجموعی طور پر چار ٹیسٹ سیریز کھیلیں، ان میں سے2 میں ناکامی ہوئی، ایک میں فتح حاصل کی ، جنوبی افریقہ میں جاری سیریز کے پہلے سنچورین ٹیسٹ میں 2 وکٹ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچز کی سیریز کھیلی، جس میں تمام میچز میں میزبان نے فتح حاصل کی، بنگلہ دیش کے خلاف 2میچز کی سیریز گرین کیپس کے لیے مایوس کن رہی جس میں حریف نے تاریخی کامیابی سمیٹی۔

انگلینڈ کے خلاف تین میچز کی سیریز پاکستان کے لیے کامیاب ثابت ہوئی، جہاں پاکستان نے 1-2سے فتح حاصل کی۔ رواں سال سعود شکیل 7 میچز میں544 رنز بنا کر ٹاپ بیٹر رہے،محمد رضوان نے 539 اور سلمان علی آغا نے 454 رنز بنائے، ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز محمد رضوان کے نام رہا، انھوں نے ناقابل شکست 171 رنز بنائے، ساجد خان نے سب سے زیادہ 22 وکٹیں حاصل کیں۔

نعمان علی 20 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ خرم شہزاد 13 وکٹوں کے ہمراہ تیسرے نمبر پر رہے۔وکٹ کیپر محمد رضوان نے22 کیچز تھامے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2024 کے ون ڈے انٹرنیشنل سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین سیریز میں کامیابی اپنے نام کی ،گرین شرٹس نے آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کو زیر کیا،آسٹریلیا کے خلاف تین میچز کی سیریز میں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔

اسی طرح زمبابوے میں بھی ٹیم نے 1-2 سے سیریز اپنے نام کی،قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف کارکردگی مزید متاثر کن رہی، پاکستان نے میزبان کو 3 میچز کی سیریز میں 0-3 سے کلین سویپ کیا۔

رواں برس صائم ایوب سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ثابت ہوئے، انھوں نے 9 میچز میں 515 رنز بنائے، ان میں تین سنچریاں اور ایک ففٹی شامل ہے،ان کا بہترین اسکور 113 ناٹ آئوٹ اور اوسط 64.37 رہی، محمد رضوان 264، بابر اعظم 228 اور سلمان علی آغا 209 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے 6 میچز میں 15 وکٹیں حاصل کیں، حارث روف نے 8 میچز میں 13 شکار کیے، سلمان علی آغا نے9 میچز میں 11 اور ابرار احمد نے چار میچز میں 10 وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے بھی6 میچز میں 10 شکار کیے۔2024 میں قومی ٹیم نے 27 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، ان میں صرف 9 میں کامیابی ملی جبکہ 16 میچز میں شکست ہوئی اور 2 برابر رہے،ورلڈکپ میں امریکا سے بھی شکست ہوئی، ٹیم پہلے مرحلے تک محدود رہی ۔

سعودی عرب، پاکستانی نوجوانوں نے سال نو کا جشن منفرد انداز میں منا کر سب کو حیران کر دیا

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں پاکستانی نوجوانوں نے 2025 کے آغاز کا جشن ایک منفرد انداز میں منایا۔

یحییٰ اشفاق، عمر جان، حاجی عثمان اور اسامہ جان نے سمندر کی 100 فٹ گہرائی میں اتر کر نئے سال کا استقبال کیا اور کیک کاٹ کر پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔

تفصیلات کے مطابق، یحییٰ اشفاق گزشتہ کئی سالوں سے نئے سال کی آمد کے موقع پر سمندر کی تہہ میں جاکر اپنے انوکھے انداز میں جشن منانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس بار بھی انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ 100 فٹ گہرائی میں جا کر نئے سال کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر نوجوانوں نے کیک کاٹ کر نہ صرف اس کامیابی کا جشن منایا بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے دعائیں بھی کیں۔

یحییٰ اشفاق اور ان کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ یہ ایک منفرد تجربہ تھا اور وہ ہر سال نئے انداز میں تہواروں کا جشن مناتے ہیں تاکہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرسکیں۔

یحییٰ اشفاق نے اس سے قبل بھی کئی قومی اور مذہبی تہواروں کے موقع پر سمندر کی گہرائی میں جا کر ریکارڈ قائم کیے ہیں اور اس طرح کی انوکھی سرگرمیوں کے ذریعے اپنے وطن کا نام بلند کیا ہے۔