ایران اور اسرائیل کے درمیان جلد امن قائم ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پس منظر میں ملاقاتوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل میں جلد امن قائم ہوجائے گا۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جلد ہی امن قائم ہوگا کیونکہ متعدد غیراعلانیہ ملاقاتیں ہو رہی ہیں اور دونوں ممالک کو معاہدہ کرنا چاہیے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کو معاہدہ کرنا چاہیے اور معاہدہ کریں گے اور ہمیں جلد ہی امن دیکھنے کو ملے گا۔

امریکی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان یا تنازع کے حوالے سے ملاقاتوں یا امن کی جانب پیش رفت کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی جبکہ ان کا بیان اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے اس بیان کے برخلاف ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے خلاف اسرائیل کے حملے مزید شدت سے جاری رہیں گے۔

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے بہت کچھ کیا ہے اور انہیں اس حوالے سے کوئی کریڈٹ نہیں ملتا لیکن کوئی بات نہیں ہے کیونکہ عوام سمجھتے ہیں، مشرق وسطیٰ کو دوبارہ عظیم بنائیں۔

امریکی صدر اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کا بھی دعویٰ کرچکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی تنازع کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بھی فوری طور پر اس حوالے سے ردعمل نہیں دیا کہ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس مشرق وسطیٰ کی صورت حال سنھبالنے کے لیے کیا کوششیں کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان اتوار کو بھی حملوں کا سلسلہ جاری رہا اور دونوں اطراف کئی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

سندھ میں پلاسٹک تھیلوں پر مکمل روک، حکام نے کڑی کارروائی کا انتباہ جاری کر دیا

حکومت سندھ کی پلاسٹک شاپنگ بیگز سے متعلق صنعتوں اور دکان داروں کو دی گئی مہلت ختم ہوگئی ہے اور اب صوبے بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی ہوگی اور حکام نے اس حوالے سے سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ واضح احکامات جاری ہو چکے ہیں۔

سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی سندھ آغا شاہنواز خان نے تمام مینوفیکچررز، سپلائرز، ہول سیلرز اور دکان داروں کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ پلاسٹک بیگز کی تیاری، ترسیل اور استعمال کسی بھی صورت برداشت نہیں ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے، گرفتاری اور فیکٹری بندش جیسے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سیپا ٹیمیں فیلڈ میں نکلیں گی اور بغیر کسی رعایت کے کارروائی ہوگی۔

آغا شاہنواز خان نے کہا کہ بارہا مہلت دی گئی، آگاہی مہمات چلائی گئیں، وارننگز بھی دی گئیں لیکن اب برداشت کی کوئی گنجائش باقی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام فیکٹری مالکان، تھوک فروش اور ریٹیلرز فوری طور پر پلاسٹک بیگز کا کاروبار بند کر دیں ورنہ سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسرائیلی حملوں میں امریکا برابرکا شریک ہے، اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا: ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہےکہ  اسرائیل کے حملوں میں امریکا برابر کا شریک ہے  اور  اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر جوابی حملہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے دفاع میں کیا، ایران نے اسرائیل کے فوجی اور اقتصادی اہداف کو نشانہ بنایا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کو مکتوب بھیج کر اسرائیلی حملے میں شریک نہ ہونےکا دعویٰ کیا ہے، اسرائیل کے حملوں میں امریکا برابر کا شریک ہے اور اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا،  عالمی برادری ایران پر جاری اسرائیلی حملوں کی مذمت کرے۔

 عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ  فارس گیس فیلڈ پر اسرائیل کا حملہ خطرناک عمل تھا، ایران پر اسرائیلی حملہ امریکا کی آشیرباد کے بغیر ناممکن تھا، امریکا کی اسرائیلی حملوں کی پشت پناہی کے ثبوت موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ کو ایران دیگر ممالک تک توسیع کرنےکا خواہاں نہیں لیکن اگر مجبور کیا گیا تو ایران جنگ کو دیگر ممالک تک بڑھانے پر غور کرسکتا ہے، ایران اپنا دفاع کر رہا ہے جو اس کا اصولی حق ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نےکہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی ایران کے نطنز  ریکٹر  پر اسرائیلی حملےکی مذمت کرے، ایران کسی ایسے معاہدےکا حصہ نہیں بنےگا جو اسے جوہری توانائی کے حصول سے روکے، اسرائیل نے اہم ایرانی عہدیدار شہید کرکے جوہری مذاکرات سبوتاژ کرنےکی کوشش کی، یورینیم کی Aفزودگی 60 فیصد سے زیادہ کرنےکا عمل جاری رکھا جائےگا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہےکہ اگر امریکا پر حملہ کیا تو اس کی افواج پوری طاقت کے ساتھ جواب دیں گی۔

اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اسرائیل کے ایران پر حملےکا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس حملے میں امریکا کا کوئی کردار نہیں ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ہم پر ایران کی طرف سے کسی بھی طرح کا حملہ کیا گیا تو امریکی مسلح افواج پوری طاقت سے اس سطح کا حملہ کرےگی جو پہلےکبھی نہیں دیکھا گیا۔

فوجی پریڈ کے موقع پر امریکہ میں ٹرمپ مخالف مظاہروں کی لہر

ہزاروں افراد نے امریکہ بھر میں ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا — تازہ ترین صورتحال

ہفتے کے روز امریکہ بھر میں 2,000 سے زائد “نو کنگز” (No Kings) ریلیاں منعقد ہوئیں — جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔ منتظمین نے ان مظاہروں کو “آمریت، ارب پتیوں کو فائدہ دینے والی پالیسیوں، اور جمہوریت کی عسکریت پسندی” کے خلاف قرار دیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بتایا کہ یہ مظاہرے زیادہ تر پُرامن رہے، چند واقعات کے علاوہ۔

یہ مظاہرے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب گزشتہ ہفتے بڑے پیمانے پر امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے چھاپوں کے خلاف احتجاج ہو رہا تھا، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں تارکینِ وطن کی آبادی زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ یہ مظاہرے صدر ٹرمپ کی واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی فوجی پریڈ کے ساتھ بھی متصادف ہوئے۔


سیئٹل میں پُرامن مظاہروں کے بعد وفاقی عمارت کے باہر آگ لگا دی گئی

ہفتے کے دن پُرامن مظاہروں کے بعد ایک گروپ نے سیئٹل میں 2nd ایونیو پر وفاقی عمارت کے داخلی دروازے پر آگ لگا دی اور آتش بازی کی۔

مقامی وقت کے مطابق رات 11:10 بجے آگ بجھ چکی تھی، لیکن پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی باقی تھی۔

پولیس کے مطابق ہزاروں افراد کی بھیڑ نے پُرامن طریقے سے Cal Anderson پارک سے Seattle Center تک مارچ کیا، جہاں “نو کنگز” احتجاجی مظاہرہ ہوا۔


لاس ویگاس میں “نو کنگز” احتجاجی مظاہروں کے دوران 15 افراد گرفتار

ہفتے کو لاس ویگاس میں “نو کنگز” احتجاج سے متعلق 15 افراد کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے بتایا۔

گرفتار ہونے والوں میں سے چار افراد کی عمر 18 سال سے کم ہے۔ ایک شخص پر مہلک ہتھیار سے حملے کا سنگین الزام (فیلونی) عائد کیا گیا، جبکہ ایک اور کو خطرناک ہتھیار رکھنے پر “گراس میسڈی مینر” کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

لاس ویگاس میں دو “نو کنگز” مظاہرے منعقد ہوئے — ایک صبح 9 بجے پٹی (Strip) پر، اور دوسرا شام 5 بجے وفاقی عدالت کے سامنے۔

مقامی میڈیا کے مطابق صبح کا احتجاج پُرامن رہا۔ شام 7:30 بجے کے قریب، وفاقی عدالت کے سامنے جمع ہجوم منتشر ہونے لگا، لیکن کچھ چھوٹے گروہ لاس ویگاس بولیوارڈ پر موجود رہے۔

ہمایوں سعید پر خلیل الرحمان قمر کا سنسنی خیز بیان

ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے اداکار ہمایوں سعید کے ساتھ مزید کوئی پراجیکٹ نہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔ 

ایک حالیہ انٹرویو میں میزبان نے خلیل الرحمان قمر سے سوال کیا کہ وہ زیادہ تر پراجیکٹس ہمایوں سعید کے ساتھ کیوں کرتے ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہوسکتا ہے اب وہ ایسا نہیں کریں گے۔

میزبان نے مزاحیہ انداز میں دوبارہ سوال کیا کہ کیا ہمایوں سعید کی کانپیں ٹانگتی ہیں کسی اور کے ساتھ کام کرنے میں؟ جس پر خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ ’اب میری کانپیں ٹانگتی ہیں بھئی‘۔

ڈرامہ نگار کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ اب ہم زیادہ کام نہیں کر پائیں گے‘۔ خلیل الرحمان قمر نے یہ بھی بتایا کہ جلد ان کا نیا ڈرامہ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ آرہا ہے جس میں ہمایوں سعید، صنم سعید، سجل علی، صبا حمید، صبا فیصل اور دیگر شامل ہیں۔

یاد رہے کہ خلیل الرحمان قمر پاکستان کے مشہور ادیب و ڈرامہ نگار ہیں۔ دوسری طرف ہمایوں سعید پاکستان کے کامیاب اداکار اور پروڈیوسر ہیں۔ دونوں نے مل کر مشہور ڈرامہ میرے پاس تم ہو، فلم پنجاب نہیں جاؤں گی اور لندن نہیں جاؤں گا جیسے کئی بڑے پروجیکٹس دیے ہیں۔

ایران کی حمایت میں آج پوری اسلامی دنیا ایک ہے، سعودی ولی عہد

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ایرانی صدرمسعود پزشکیان کےدرمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ 

عرب میڈیا کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں سعودی ولی عہد نے ایرانی صدرسے تنازعات کے حل کے لیے طاقت کااستعمال نہ کرنے پر زور دیا۔

ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب ایران کی خودمختاری اورسلامتی کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتا ہے، اسرائیلی حکومت ایران سے تنازع بڑھانا چاہتی ہے تاکہ امریکا جنگ میں شامل ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری اسلامی دنیا ایران کی سپورٹ میں متحد ہے، ہمیں اعتماد ہے کہ ایران دانش مندانہ اقدام کرےگا۔

اس موقع پر ایرانی صدر مسعود  پزشکیان نے کہاکہ امن کاہدف حاصل کرنےکےقریب پہنچنے پر اسرائیل اسے ناکام بناتا رہا، سعودی عرب اور ایران مل کر خطے کو پر امن بنائیں گے۔

امریکہ ایران اور اسرائیل کے تنازع میں شامل نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کا ایران پر حالیہ حملے سے کوئی تعلق نہیں، تاہم اگر ایران نے امریکا یا اس کے مفادات پر حملہ کیا تو وہ ایسا بھرپور جواب دیں گے جو دنیا نے پہلے کبھی نہ دیکھا ہو۔

صدر ٹرمپ نے یہ بات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پیغام میں کہی، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ ایران اسرائیل تنازع میں فریق نہیں ہے۔

ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے کسی بھی شکل میں امریکا کو نشانہ بنایا تو امریکی فوج بے مثال طاقت سے جواب دے گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ ایران اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ آسانی سے کروا سکتے ہیں اور یہ تنازع حل کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ دونوں فریق سنجیدہ ہوں۔

دوسری جانب ایران نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے اسرائیل کی حمایت کی تو وہ خود بھی حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

اسرائیلی حملے بند ہو جائیں تو ایرانی ردعمل بھی ختم ہو جائے گا، ایران

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل ایران پر اپنے حملے روک دے تو ایران بھی اپنے جوابی حملے بند کر دے گا۔

تہران میں سفارتکاروں سے خطاب کے دوران پریس کانفرنس میں عباس عراقچی نے کہا، “اگر جارحیت رُک جائے تو ہمارے جوابی اقدامات بھی رُک جائیں گے۔”

یہ اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد عباس عراقچی کی پہلی عوامی میٹنگ تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر جو حملے ہو رہے ہیں، ان میں امریکہ کی شمولیت سے متعلق ایران کو شبہ ہے اور نطنز جوہری تنصیب پر حملے کے حوالے سے امریکی انکار پر یقین کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران نہیں چاہتا کہ اسرائیل کے ساتھ یہ کشیدگی ہمسایہ ممالک تک پھیلے، جب تک کہ ایران کو مجبور نہ کیا جائے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق، اسرائیل کے خلاف ایران کا ردعمل مکمل طور پر اپنے دفاع کے تحت تھا۔

اتوار کے روز اسرائیل نے ایران کے مختلف حصوں میں تیسرے روز بھی فضائی حملے جاری رکھے، جبکہ ایرانی میزائلوں نے اسرائیلی دفاعی نظام کو چکمہ دیتے ہوئے ملک کے اہم علاقوں میں عمارتوں کو تباہ کیا۔

ایران کا رات گئے اسرائیل پر تباہ کن میزائل حملہ، 10 افراد جاں بحق، 200 سے زائد زخمی

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر 100میزائل اور متعدد ڈرونز سے نیا حملہ کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی اسرائیل اور ساحلی شہر حیفہ میں میزائل گرے اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

اسرائیلی میڈیا نے بھی حیفہ اورتامرا بستی میں ایرانی میزائل گرنے کی تصدیق کی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق شمالی اسرائیل میں ایرانی حملوں میں ایک اسرائیلی خاتون ہلاک ہوگئی اور  2 کی حالت تشویشناک ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق میزائلوں حملوں کے سائرن بجنے کے بعد اسرائیلی شہریوں کو بنکرز میں جانے کی ہدایات دی گئیں۔

ایرانی سرکاری ٹی وی نے بتایاکہ میزائلوں اور ڈرونز سے اسرائیل میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا ورکنگ پیپر تیار

آئندہ 15 روز  کے لیے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 5 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کی ورکنگ کی تفصیلات سامنے آ گئیں، عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہونے کی بنا پر تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کا ورکنگ پیپر تیار کرلیا گیا۔

ذرائع  کے مطابق اوگرا اپنی سمری آج حکومت کو ارسال کرے گا، وزیر اعظم اوگرا کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دیں گے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق ہو گا۔

ذرائع نے کہا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز  ہے، پیٹرول ایک روپے 12 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو سکتا ہے۔

اس کے علاوہ مٹی کا تیل 4.16 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل 4.13 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔