ایرانی نژاد امریکی رکن کانگریس کا ٹرمپ پر لفظی وار

ایرانی نژاد امریکی رکنِ کانگریس یاسمین انصاری نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے تہران کو “خالی کرنے” کی تجویز پر شدید ردعمل دیا ہے اور اسے “ظالمانہ اور خوفناک” قرار دیا ہے۔

یاسمین انصاری، جو گزشتہ سال امریکی ایوانِ نمائندگان میں منتخب ہونے والی دوسری ایرانی نژاد رکن بنیں، انہوں  نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا کہ: “تہران تقریباً 1 کروڑ آبادی کا بڑا شہر ہے۔ ایرانی عوام آزادی کے مستحق ہیں، مگر معصوم شہریوں کا قتل، بڑے پیمانے پر خونریزی یا ایک اور نہ ختم ہونے والی جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔”

ٹرمپ کے حالیہ بیانات نے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، خاص طور پر ان کے تہران سے شہریوں کو نکالنے کے مشورے کو جنگ کی دھمکی سمجھا جا رہا ہے۔

47 سائنسدانوں کو ملےسول ایوارڈز

پاک فوج کے زیراہتمام چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں سول ایوارڈز کی پروقار تقریب، نیشنل کمانڈ اتھارٹی سے وابستہ 47 سائنسدانوں اور انجینئرز کو اعزازات سے نوازا گیا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر کی جانب سے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے تحت کام کرنے والے ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز کو ان کی نمایاں خدمات پر سول اعزازات سے نوازا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ یہ اعزازات چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی / ڈپٹی چیئرمین ڈیولپمنٹ کنٹرول کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا (نشانِ امتیاز ملٹری) نے ایک باوقار تقریب کے دوران چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں تقسیم کیے۔

بیان کے مطابق تقریب کے دوران مجموعی طور پر 47 افسران کو اعزازات دیے گئے، 10 افسران کو ستارہ امتیاز21 افسران کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا گیا، 16 افسران کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ اعزازات نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے سائنسدانوں اور انجینئرز کی ان خدمات کا اعتراف ہیں جو انہوں نے قومی دفاع، ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک صلاحیتوں کے فروغ کے لیے انجام دیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے خطاب میں ایوارڈ یافتگان کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو پاکستان کے اسٹریٹجک پروگرام اور قومی سلامتی کے لیے ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔

انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں خودانحصاری کے حصول کی اہمیت پر زور دیا اور مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں اعلیٰ عسکری و سویلین حکام، سائنسدانوں، انجینئرز اور ان کے اہلخانہ نے شرکت کی۔

کوہلی کے لائیک نے اونیت کی قیمت بڑھا دی

بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کے ماڈل اونیت کور کی ‘نامناسب تصویر’ کو لائیک کرنے سے اداکارہ کی برانڈ ویلیو میں 30 فیصد اضافہ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی جانب سے انسٹاگرام پر حادثاتی لائیک نے بالی ووڈ اداکارہ کی قسمت کا دروازہ بھی کھول دیا ہے، انکی ایک ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایجنسی کی اسپانسر شدہ پوسٹس کی قیمت 2 لاکھ بھارتی روپوں سے بڑھ کر 2.6 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

اپنی تصویر پر کوہلی کے لائیک کے بعد اونیت کور نے مبینہ طور پر 12 نئے برانڈ کی توثیق کے معاہدے کیے ہیں، اسی طرح اداکارہ سوشل میڈیا پر بحث کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گلیمرس فوٹو شوٹ جاری کیا جو تیزی سے وائرل ہوا جبکہ اسی دوران اداکارہ و ماڈل کے فالوورز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ مئی کے آغاز میں اونیت کور کی ایک تصویر پر ویرات کوہلی کے لائیک نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی تھی، جس پر کوہلی کو وضاحت پیش کرنا پڑی، انکا کہنا تھا کہ یہ سب غیر دانستگی میں ہوا، جان بوجھ کر لائیک کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

سابق کپتان ویرات کوہلی نے لکھا تھا کہ فیڈ کو کلیئر کرتے ہوئے شاید الگورتھم نے غلطی سے کوئی انٹریکشن کر لیا، اس کے علاوہ کوئی اور وجہ نہیں۔

تاہم مداح ویرات کی جانب سے وضاحت کے باوجود انکا نام بالی ووڈ اداکارہ کیساتھ جوڑ رہے تھے، جس سے قیاس آرائیوں نے جنم لیا۔

اونیت کور کی تصویر پر ویرات کوہلی کا لائک

“ذہنی طور پر بکھر گیا ہوں” – جسٹن بیبر کی جذباتی پوسٹ

کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر حالیہ دنوں میں اپنی وائرل ویڈیوز اور سخت رویے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنے رہے ہیں تاہم اب انہوں نے اپنے بُرے رویے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

چند روز قبل جسٹن بیبر کیلیفورنیا میں پاپارازی کے ساتھ ایک جھگڑے کی وجہ سے خبروں کا حصہ بنے جہاں انہیں چیختے ہوئے اور  اپنی نجی زندگی کے لیے پرائیویسی کا مطالبہ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد جسٹن بیبر نے ایک نامعلوم دوست کے ساتھ ہونے والی گفتگو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں انہوں نے اس دوست سے تعلقات ختم کر دیے کیونکہ اس نے بیبر کے رویے پر اعتراض کیا تھا۔

تاہم اب جسٹن بیبر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک تفصیلی پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ مسلسل اپنے بارے میں سوچتے سوچتے “تھک چکے” ہیں اور تنگ آچکے ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں “غصے کے مسائل” کا سامنا ہے۔ بیبر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذات پر ضرورت سے زیادہ توجہ دیتے آئے ہیں، جو اب ان کے لیے ذہنی دباؤ کا باعث بن رہی ہے۔

جسٹن بیبر نے اس پیغام کے ذریعے اپنی ذہنی حالت کے بارے میں کھل کر بات کی ہے، جسے مداحوں اور میڈیا دونوں نے سنجیدگی سے لیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ واقعات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب گلوکار کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں۔

اسرائیل کا ایران کے نئے فوجی سربراہ کو شہید کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے اعلیٰ ترین فوجی کمانڈر علی شادمانی کو تہران میں ایک حملے میں شہید کر دیا ہے۔ 

اسرائیلی بیان کے مطابق شادمانی ایران کے “سب سے سینئر کمانڈر” اور رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے قریبی ترین ساتھی تھے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شادمانی کو خاتم الانبیاء سنٹرل ہیڈ کوارٹر کے سربراہ کے طور پر حال ہی میں تعینات کیا گیا تھا، یہ عہدہ انہیں اس وقت دیا گیا جب سابق کمانڈر غلام علی رشید کو جمعے کے روز اسرائیلی حملے میں ہلاک کیا گیا تھا۔

ایرانی حکومت کی جانب سے فی الحال اس واقعے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اگر اسرائیلی دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ ایران کے فوجی ڈھانچے پر ایک بڑا دھچکا اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے مزید بڑھنے کا اشارہ ہو سکتا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کو مارے بغیر امن ممکن نہیں، اسرائیل

تل ابیب:  اسرائیلی وزیراعظم نے پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر کو مارنے سے ہی تنازع ختم ہوگا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر پر حملے کو خارج از امکان قرار نہیں دے سکتے، ایران مشرق وسطیٰ میں دہشت پھیلا رہا ہے، ہم وہی کررہے ہیں جو ضروری ہے، ایران خطے کو جوہری جنگ کی دہلیز پر لے آیا ہے۔

نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ ایران مستقل جنگ چاہتا ہے ہم اس کا خاتمہ کر رہے ہیں۔

اسرائیل کا ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہ ہونے کا اعتراف

اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر نے اعتراف کیا ہے کہ ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہیں ہوئے، موجودہ جنگ سے ایرانی خطرہ ختم نہیں ہو سکتا، ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران ہزاروں میزائل اسرائیل پر داغنا چاہتا ہے، ٹرمپ ہی ایران کو جوہری پروگرام ترک کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔

ایرانی میزائلوں سے تل ابیب میں امریکی سفارتخانہ متاثر

امریکی نمائندہ مائیک ہکبی نے بتایا ہے کہ تل ابیب میں واقع امریکی سفارتخانے کی ایک شاخ کو ایرانی میزائلوں کے قریبی دھماکوں کے باعث معمولی نقصان پہنچا ہے اگرچہ میزائل سفارتخانے کی عمارت سے براہ راست نہیں ٹکرائے تاہم دھماکوں سے پیدا دھچکوں سے سفارتخانہ متاثر ہوا ہے۔

مائیک ہکبی نے یہ بھی واضح کیا کہ اس واقعے میں کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا اور فی الحال یروشلم اور تل ابیب میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے عارضی طور پر بند رکھے گئے ہیں۔

جی7 اجلاس: ٹرمپ نے اعلامیہ مسترد کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل ایران کشیدگی پر جی 7 اجلاس کے اعلامیے پر دستخط نہیں کریں گے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کینیڈا میں ہونے والے جی 7 اجلاس کے اعلامیے پر دستخط نہیں کریں گے جس کے مسودے میں اسرائیل ایران تنازع میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اعلامیے کے مسودے  میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہیے۔اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

مسودےمیں توانائی کی منڈیوں سمیت مارکیٹ کےاستحکام کےتحفظ کاعہد بھی شامل ہے۔

جی 7 اجلاس کےموقع برطانوی وزیر اعظم کےسا تھ گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو معاہدے پر دستخط کرنے چاہئیں، یقینی بنانے جا رہے ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔

دوسری جانب صدرٹرمپ نے کینیڈا میں جی 7 اجلاس میں شرکت مختصر کر کے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے، وہ آج  واشنگٹن واپس آئیں گے اور اہم معاملات میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ جی 7 اجلاس 15 جون سے شروع ہوا اور آج اس کا اختتام ہوگا۔

نیشنز کپ: پاکستان نے جاپان کو 2-3 سے شکست دی

ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے میں تین دو کے اسکور  سے شکست دے دی۔

کوالالمپور میں جاری ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں جاپان کے مدمقابل تھی جس میں قومی ٹیم نے دو ۔ ایک کے خسارے سے کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کو غضنفر علی نے پہلے کوارٹر میں گول کرکے برتری دلائی،جاپان نے کازوماسا کے گول کی بدولت ایک منٹ بعد مقابلہ برا برابر کیا۔ دو منٹ بعد کوجی یاما ساکی نے گول کرکے جاپان کو برتری دلادی۔

پہلے کوارٹر میں مقابلہ دو  ایک سے جاپان کے حق میں تھا، دوسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے رانا وحید اشرف نے گول کرکے مقابلہ دو ، دو گول سے برابر کردیا۔

چوتھےکوارٹر میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کوبرتری دلائی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی، یوں پاکستا ن نے مقابلہ تین دو سے جیت کرتین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

پاکستان نے پول بی میں چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلےگی۔

ایران کا پھر اسرائیل پر حملہ، حیفہ ریفائنری مکمل بند، 3 ہلاک

اسرائیل کا ایران پر تازہ حملہ، دارالحکومت تہران میں کئی دھماکوں کی آوازیں

اسرائیل نے ایران پرتازہ حملہ کیا ہے اور دارالحکومت تہران میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق دھماکے تہران کے مشرق اور جنوب مشرقی علاقوں میں  کیے گئے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی خوزستان صوبے کے شہر اہواز میں  بھی کئی دھماکے سنے گئے ہیں۔

اس سےقبل پیر اور منگل کی درمیانی شب ایران نےاسرائیلی پر ایک اور بڑا حملہ کیا تھا جس میں تل ابیب اور حیفہ پر میزائل اور ڈرونز داغے گئے، ان حملوں میں 3 اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے۔

ایران کا اسرائیل پر سائبر حملہ، شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کے پیغامات موصول

ایران کی جانب سے اب اسرائیل پر سائبر حملہ کیا گیا جس میں موبائل فونز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اسرائیل میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر سائبر حملہ کیا ہے جس میں اسرائیلی شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے اور ایندھن ذخیرہ کرنے کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔

اسرائیلی حکام نے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ یہ ایران کا سائبرحملہ ہے، عوام اس پر توجہ نہ دیں۔

ایشیا کپ: کشیدگی کے باوجود بھارت ایونٹ میں شامل

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونیوالی سرحدی کشیدگی کے باوجود بھارتی ٹیم ایشیاکپ ایونٹ میں حصہ لے گی۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کے انعقاد سے قبل پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلہ مداحوں کو دیکھنے کا ملے گا کیونکہ ایشیاکپ 2025 میں روایتی حریف ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔

ایونٹ کی میزبابی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرے گا تاہم میزبانی کی رائٹس بھارت کے ہی سپرد ہوں گے۔

ایشیاکپ کا انعقاد رواں برس ستمبر میں ہونا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی  باضابطہ شیڈول جاری نہیں ہوسکا ہے۔

فوربس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان یا بھارت ایونٹ سے کوئی بھی دستبردار ہوتا ہے تو ایونٹ کے میڈیا حقوق رائٹس (جو 170 ملین ڈالر میں فروخت ہوئے ان پر اثر انداز ہوگا) اس لیے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے مبینہ طور پر صورتحال کو زیادہ پیچیدہ نہ بنانے اور ٹورنامنٹ کو غیر جانبدار مقام پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اگر ٹورنامنٹ باضابطہ طور پر متحدہ عرب امارات منتقل ہوتا ہے، تو یہ چوتھی بار ہوگا کہ ملک ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ پہلی بار یو اے ای نے ایشیاکپ کی میزبانی کا افتتاحی ایڈیشن 1984 میں کیا تھا، بعدازاں پانچواں اور 14 واں ایڈیشن وہاں بالترتیب 1995 اور 2018 میں اسی مقام پر ہوا تھا۔

واضح رہے کہ رواں برس ہونیوالا ایشیاکپ ٹی20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا، جس کا مقصد ٹی20 ورلڈکپ 2026 کی تیاری کرنا ہے۔