اسرائیل کا ایران کے نئے فوجی سربراہ کو شہید کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے اعلیٰ ترین فوجی کمانڈر علی شادمانی کو تہران میں ایک حملے میں شہید کر دیا ہے۔ 

اسرائیلی بیان کے مطابق شادمانی ایران کے “سب سے سینئر کمانڈر” اور رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے قریبی ترین ساتھی تھے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شادمانی کو خاتم الانبیاء سنٹرل ہیڈ کوارٹر کے سربراہ کے طور پر حال ہی میں تعینات کیا گیا تھا، یہ عہدہ انہیں اس وقت دیا گیا جب سابق کمانڈر غلام علی رشید کو جمعے کے روز اسرائیلی حملے میں ہلاک کیا گیا تھا۔

ایرانی حکومت کی جانب سے فی الحال اس واقعے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اگر اسرائیلی دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ ایران کے فوجی ڈھانچے پر ایک بڑا دھچکا اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے مزید بڑھنے کا اشارہ ہو سکتا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کو مارے بغیر امن ممکن نہیں، اسرائیل

تل ابیب:  اسرائیلی وزیراعظم نے پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر کو مارنے سے ہی تنازع ختم ہوگا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر پر حملے کو خارج از امکان قرار نہیں دے سکتے، ایران مشرق وسطیٰ میں دہشت پھیلا رہا ہے، ہم وہی کررہے ہیں جو ضروری ہے، ایران خطے کو جوہری جنگ کی دہلیز پر لے آیا ہے۔

نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ ایران مستقل جنگ چاہتا ہے ہم اس کا خاتمہ کر رہے ہیں۔

اسرائیل کا ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہ ہونے کا اعتراف

اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر نے اعتراف کیا ہے کہ ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہیں ہوئے، موجودہ جنگ سے ایرانی خطرہ ختم نہیں ہو سکتا، ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران ہزاروں میزائل اسرائیل پر داغنا چاہتا ہے، ٹرمپ ہی ایران کو جوہری پروگرام ترک کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔

ایرانی میزائلوں سے تل ابیب میں امریکی سفارتخانہ متاثر

امریکی نمائندہ مائیک ہکبی نے بتایا ہے کہ تل ابیب میں واقع امریکی سفارتخانے کی ایک شاخ کو ایرانی میزائلوں کے قریبی دھماکوں کے باعث معمولی نقصان پہنچا ہے اگرچہ میزائل سفارتخانے کی عمارت سے براہ راست نہیں ٹکرائے تاہم دھماکوں سے پیدا دھچکوں سے سفارتخانہ متاثر ہوا ہے۔

مائیک ہکبی نے یہ بھی واضح کیا کہ اس واقعے میں کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا اور فی الحال یروشلم اور تل ابیب میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے عارضی طور پر بند رکھے گئے ہیں۔

جی7 اجلاس: ٹرمپ نے اعلامیہ مسترد کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل ایران کشیدگی پر جی 7 اجلاس کے اعلامیے پر دستخط نہیں کریں گے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کینیڈا میں ہونے والے جی 7 اجلاس کے اعلامیے پر دستخط نہیں کریں گے جس کے مسودے میں اسرائیل ایران تنازع میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اعلامیے کے مسودے  میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہیے۔اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

مسودےمیں توانائی کی منڈیوں سمیت مارکیٹ کےاستحکام کےتحفظ کاعہد بھی شامل ہے۔

جی 7 اجلاس کےموقع برطانوی وزیر اعظم کےسا تھ گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو معاہدے پر دستخط کرنے چاہئیں، یقینی بنانے جا رہے ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔

دوسری جانب صدرٹرمپ نے کینیڈا میں جی 7 اجلاس میں شرکت مختصر کر کے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے، وہ آج  واشنگٹن واپس آئیں گے اور اہم معاملات میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ جی 7 اجلاس 15 جون سے شروع ہوا اور آج اس کا اختتام ہوگا۔

نیشنز کپ: پاکستان نے جاپان کو 2-3 سے شکست دی

ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے میں تین دو کے اسکور  سے شکست دے دی۔

کوالالمپور میں جاری ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں جاپان کے مدمقابل تھی جس میں قومی ٹیم نے دو ۔ ایک کے خسارے سے کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کو غضنفر علی نے پہلے کوارٹر میں گول کرکے برتری دلائی،جاپان نے کازوماسا کے گول کی بدولت ایک منٹ بعد مقابلہ برا برابر کیا۔ دو منٹ بعد کوجی یاما ساکی نے گول کرکے جاپان کو برتری دلادی۔

پہلے کوارٹر میں مقابلہ دو  ایک سے جاپان کے حق میں تھا، دوسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے رانا وحید اشرف نے گول کرکے مقابلہ دو ، دو گول سے برابر کردیا۔

چوتھےکوارٹر میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کوبرتری دلائی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی، یوں پاکستا ن نے مقابلہ تین دو سے جیت کرتین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

پاکستان نے پول بی میں چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلےگی۔

ایران کا پھر اسرائیل پر حملہ، حیفہ ریفائنری مکمل بند، 3 ہلاک

اسرائیل کا ایران پر تازہ حملہ، دارالحکومت تہران میں کئی دھماکوں کی آوازیں

اسرائیل نے ایران پرتازہ حملہ کیا ہے اور دارالحکومت تہران میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق دھماکے تہران کے مشرق اور جنوب مشرقی علاقوں میں  کیے گئے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی خوزستان صوبے کے شہر اہواز میں  بھی کئی دھماکے سنے گئے ہیں۔

اس سےقبل پیر اور منگل کی درمیانی شب ایران نےاسرائیلی پر ایک اور بڑا حملہ کیا تھا جس میں تل ابیب اور حیفہ پر میزائل اور ڈرونز داغے گئے، ان حملوں میں 3 اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے۔

ایران کا اسرائیل پر سائبر حملہ، شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کے پیغامات موصول

ایران کی جانب سے اب اسرائیل پر سائبر حملہ کیا گیا جس میں موبائل فونز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اسرائیل میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر سائبر حملہ کیا ہے جس میں اسرائیلی شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے اور ایندھن ذخیرہ کرنے کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔

اسرائیلی حکام نے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ یہ ایران کا سائبرحملہ ہے، عوام اس پر توجہ نہ دیں۔

ایشیا کپ: کشیدگی کے باوجود بھارت ایونٹ میں شامل

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونیوالی سرحدی کشیدگی کے باوجود بھارتی ٹیم ایشیاکپ ایونٹ میں حصہ لے گی۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کے انعقاد سے قبل پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلہ مداحوں کو دیکھنے کا ملے گا کیونکہ ایشیاکپ 2025 میں روایتی حریف ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔

ایونٹ کی میزبابی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرے گا تاہم میزبانی کی رائٹس بھارت کے ہی سپرد ہوں گے۔

ایشیاکپ کا انعقاد رواں برس ستمبر میں ہونا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی  باضابطہ شیڈول جاری نہیں ہوسکا ہے۔

فوربس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان یا بھارت ایونٹ سے کوئی بھی دستبردار ہوتا ہے تو ایونٹ کے میڈیا حقوق رائٹس (جو 170 ملین ڈالر میں فروخت ہوئے ان پر اثر انداز ہوگا) اس لیے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے مبینہ طور پر صورتحال کو زیادہ پیچیدہ نہ بنانے اور ٹورنامنٹ کو غیر جانبدار مقام پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اگر ٹورنامنٹ باضابطہ طور پر متحدہ عرب امارات منتقل ہوتا ہے، تو یہ چوتھی بار ہوگا کہ ملک ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ پہلی بار یو اے ای نے ایشیاکپ کی میزبانی کا افتتاحی ایڈیشن 1984 میں کیا تھا، بعدازاں پانچواں اور 14 واں ایڈیشن وہاں بالترتیب 1995 اور 2018 میں اسی مقام پر ہوا تھا۔

واضح رہے کہ رواں برس ہونیوالا ایشیاکپ ٹی20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا، جس کا مقصد ٹی20 ورلڈکپ 2026 کی تیاری کرنا ہے۔

تاریخی ٹی20 میچ، ایک میچ میں 3 سُپر اوور

نیپال، نیدرلینڈز اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان جاری سہ ملکی ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے 3 سپر اوورز کروادیے گئے۔

گزشتہ روز گلاسگلو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز اور نیپال کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، جہاں مداحوں انتہائی سنسنی خیز ٹی20 مقابلہ دیکھنے کا ملا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے اور نیپال کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف ملا، تاہم نیپالی ٹیم محض 8 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بناسکی اور یوں میچ ڈرا ہوگیا۔

پہلا سپر اوور:

میچ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے سپر اوور کروایا گیا، جہاں نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 19 رنز بنائے، جواب نیدرلینڈز کی ٹیم نے بھی بغیر وکٹ گنوائے 19 رنز بنائے اور میچ دوبارہ ڈرا ہوگیا۔

دوسرا سپر اوور:

اسی مقابلے میں دوسرا سپر اوور دیکھنے کو بھی ملا جہاں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کی اور ایک وکٹ کے نقصان پر 17 رنز کا مجموعہ بورڈ پر لگایا، نیپالی بیٹر ہدف کے تعاقب کیلئے میدان پر اُترے اور وہ بھی صرف 17 ہی رنز بناکر سکے، یوں میچ تیسری بار ڈرا ہوگیا۔

تیسرا سپر اوور:

انتہائی دلچسپ میچ کا تیسرا سپر اوور بھی رولر کوسٹر رائیڈ ثابت ہوا، اب نیپال نے پہلے بیٹنگ کی تو وہ بغیر کوئی رنز بنائے اپنی دونوں وکٹیں گنوا بیٹھی اور یوں نیدرلینڈز کو جیت کیلئے محض ایک رن کا ہدف ملا، جہاں مائیکل لیویٹ نے چھکا لگا کر ٹیم کو میچ جتوادیا۔

یہ ٹی20 کی تاریخ میں پہلا میچ تھا جہاں 3 سپر اوورز پر میچ کا نتیجہ سامنے آیا۔

ہر شخص فوراً تہران چھوڑ دے “ٹرمپ کا انتباہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے دارالحکومت تہران سے فوری انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک دھماکا خیز بیان جاری کیا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ٹرمپ نے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔ میں بار بار کہہ چکا ہوں! ہر کسی کو فوراً تہران سے نکل جانا چاہیے۔

اس کے علاوہ کینیڈا میں جی 7 اجلاس کےموقع برطانوی وزیر اعظم کے سا تھ گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو معاہدے پر دستخط کرنے چاہیے، یقینی بنانے جا رہے ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کو جوہری معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے 60 دن کا وقت دیا لیکن ایران نے انکار کر دیا۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی شدید ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور خطے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اب تک ایران اور اسرائیل ایک دوسرے پر متعدد حملے کر چکے ہیں جس میں جمعہ سے اب تک ایرانی میزائل حملوں میں 24اسرائیلی ہلاک اور 600 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ایران کے اہم کمانڈرز اور چیف سمیت کئی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔

54 سالہ اداکارہ کی حیران کن جوانی، 30 کی نظر آنے لگیں

بالی وڈ کی نامور اداکارہ منیشا کوئرالہ ویسے تو اب فلموں میں بہت کم نظر آتی ہیں لیکن سوشل میڈیا پر خاصی متحرک ہیں۔

حال ہی میں ان کی ایک ایسی تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ہے جسے دیکھ کر مداح چونک اٹھے اور انہیں پہچاننے سے ہی انکاری ہوگئے کیونکہ اس تصویر میں 54 سالہ اداکارہ 30 سال کی لگ رہی تھیں۔

اداکارہ منیشا کوئرالہ سوشل میڈیا، خاص طور پر انسٹاگرام پر کافی سرگرم رہتی ہیں، جہاں وہ اپنے مداحوں کو اپنی زندگی کی جھلکیاں دکھاتی رہتی ہیں۔

چاہے وہ ورزش کر رہی ہوں، دوستوں سے ملاقات کر رہی ہوں یا کیمرے کے سامنے پوز دے رہی ہوں، منیشا کی ہر پوسٹ لوگوں کی توجہ حاصل کرتی ہے۔

حال ہی میں انہوں نے اپنا نیا ہیئر اسٹائل متعارف کرایا،جس نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

منیشا کوئرالہ کا ہیئر میک اوور

نیپال کے ایک مشہور بیوٹی سیلون نے انسٹاگرام پر اپنے پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں منیشا کوئرالہ کے نئے انداز کی جھلک دکھائی گئی۔

اس ویڈیو میں وہ بال کٹواتی اور میک اپ کرواتی نظر آئیں، جب ان کا نیا ہیئر اسٹائل مکمل ہوا تو انہوں نے مسکرا کر اشارہ دیا کہ انہیں یہ انداز بہت پسند آیا۔

ویڈیو میں منیشا سفید رنگ کی قمیص اور بیج رنگ کی پینٹ میں نظر آئیں اور مختلف زاویوں سے کیمرے کے سامنے پوز دیتی رہیں۔

اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ایک لازوال حسن اور حوصلے کی علامت ہماری حسین منشیا کا میک اوور۔

منیشا نے اس پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ہیئر میک اوور کے لیے شکریہ، راجیش۔

مداحوں کا ردعمل

منیشا کے نئے انداز نے ان کے مداحوں کو دیوانہ بنا دیا، ایک مداح نے لکھا کہ آپ بہت جوان اور خوبصورت لگ رہی ہیں، ایک اور نے تبصرہ کیا کہ یہ ہیئر اسٹائل آپ پر بہت جچ رہا ہے،ایک پرستار نے کہا کہ آپ واقعی ایک نایاب حسن کی مالک ہیں۔

کسی نے منیشا کو 90 کی دہائی کی خوبصورتی قرار دیا، تو ایک اور صارف نے لکھا کہ انہوں نے پھر سے 30 سال کی عمر کیسے اختیار کر لی؟

عمر کے طعنے اور منیشا کی رائے

اس سال کے آغاز میں منیشا نے فری پریس جرنل سے گفتگو کرتے ہوئے خواتین کو عمر کے حوالے سے دی جانے والی تنقید اور سوشل میڈیا پر ملنے والے طعنوں پر بات کی تھی۔

منیشا نے کہا تھا کہ چاہے فلم انڈسٹری ہو یا عام زندگی، عمر رسیدگی خواتین کے لیے ایک مسئلہ ہے، ہمیں شرمندہ کیا جاتا ہے، میں نے کبھی کسی مرد اداکار کو یہ کہتے نہیں سنا کہ وہ بوڑھا ہو گیا ہے لیکن خواتین کو بہت کچھ سننا پڑتا ہے، عمر کو نیچا دیکھنے کا رجحان عام ہے، مجھے ایک مرتبہ ایک راؤنڈ ٹیبل گفتگو سے باہر کر دیا گیا، وجہ یہ دی گئی کہ یہ خاص عمر کے لوگوں کے بارے میں تھی۔

منیشا کا آخری پروجیکٹ

منیشا کو آخری بار سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز’ ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار‘ میں دیکھا گیا۔

یہ تاریخی ڈراما بھارت کی آزادی کی تحریک کے دور میں لاہور کے علاقے ہیرا منڈی میں قائم کوٹھوں کی زندگی پر مبنی ہے۔

اس سیریز میں سوناکشی سنہا، ادیتی راؤ حیدری، رچا چڈھا، سنجیدہ شیخ، شارمین سیگل، اور طحٰہ شاہ بدوشہ جیسے اداکار شامل تھے۔

یہ سیریز مئی 2024 میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی اور جون 2024 میں اس کا دوسرا سیزن بھی منظور کر لیا گیا تھا، فی الحال منیشا نے کسی نئے پروجیکٹ کا اعلان نہیں کیا۔

سنجے کپور کی رخصتی سے قبل کی جھلک منظر عام پر

کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور سونا کومسٹار کے چیئرمین سنجے کپور کی آخری تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سامنے آئی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سوجن انڈین ٹائیگرز پولو ٹیم نے یہ تصویر شیئر کی، تصویر میں سنجے خآصے پرجوش اور خوش دکھائی دے رہے تھے، انہوں نے گہرے نیلے رنگ کی جرسی پہن رکھی تھی اور وہ مسکراتے ہوئے ساتھی جیسل سنگھ کی گردن میں بازو ڈالے نظر آئے۔

اس تصویر کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ‘آج ہم اپنے پیارے دوست سنجے کپور کی یاد میں کارٹیئر ٹرافی کا فائنل کھیل رہے ہیں، جن کا کچھ روز قبل میدان میں افسوسناک طور پر انتقال ہو گیا تھا، ہمارے کپتان اور سرپرست، جیسل سنگھ بھی اپنے پیارے پرانے دوست سنجے کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے لیے ٹیم کے ساتھ میدان میں کھڑے ہوں گے لیکن بطور احترام وہ میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔

نوٹ میں بتایا گیا کہ ‘سنجے اور جیسل کی یہ تصویر کچھ دن پہلے سیمی فائنل کھیلنے کے لیے تیار ہونے سے چند لمحے قبل لی گئی تھی، سنجے؛ آپ بہت یاد آئیں گے، آپ کے انتھک جوش اور سرپرستی کو پوری پولو کمیونٹی ہمیشہ کے لیے یاد رکھے گی’۔

اس پوسٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، ایک شخص نے لکھا کہ ‘پولو کے لیے زبردست جذبہ رکھنے والا ایک سچا شریف انسان، انہیں بہت یاد کیا جائے گا’ ایک اور تبصرے میں لکھا تھا کہ سنجے، آپ کے بغیر زندگی پہلے جیسی نہیں ہوگی’۔

خیال رہے کہ 53 سالہ سنجے کپور کا انتقال 12 جون کو پولو کھیلتے ہوئے انگلینڈ میں ہوا تھا۔

ان کے دوست سہیل سیٹھ نے نیوز ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ان کی موت کے بارے میں بتایا تھا کہ صنعتکار کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی جس کی وجہ کھیل کے دوران ان کے منہ میں جانے والی شہد کی مکھی بنی۔

خیال رہے کہ 2003 میں شادی کرنے والے سنجے اور کرشمہ کپور 2005 میں بیٹی سمیرا اور 2011 میں بیٹے کیان کے والدین بنے تھے۔

2014 میں کرشمہ اور سنجے نے باہمی رضامندی سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی اور ان کی طلاق 2016 میں طے پائی۔ علیحدگی کے بعد سنجے نے پریا سچدیو سے شادی کرلی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا ہے۔