ہر شخص فوراً تہران چھوڑ دے “ٹرمپ کا انتباہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے دارالحکومت تہران سے فوری انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک دھماکا خیز بیان جاری کیا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ٹرمپ نے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔ میں بار بار کہہ چکا ہوں! ہر کسی کو فوراً تہران سے نکل جانا چاہیے۔

اس کے علاوہ کینیڈا میں جی 7 اجلاس کےموقع برطانوی وزیر اعظم کے سا تھ گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو معاہدے پر دستخط کرنے چاہیے، یقینی بنانے جا رہے ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کو جوہری معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے 60 دن کا وقت دیا لیکن ایران نے انکار کر دیا۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی شدید ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور خطے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اب تک ایران اور اسرائیل ایک دوسرے پر متعدد حملے کر چکے ہیں جس میں جمعہ سے اب تک ایرانی میزائل حملوں میں 24اسرائیلی ہلاک اور 600 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ایران کے اہم کمانڈرز اور چیف سمیت کئی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔

54 سالہ اداکارہ کی حیران کن جوانی، 30 کی نظر آنے لگیں

بالی وڈ کی نامور اداکارہ منیشا کوئرالہ ویسے تو اب فلموں میں بہت کم نظر آتی ہیں لیکن سوشل میڈیا پر خاصی متحرک ہیں۔

حال ہی میں ان کی ایک ایسی تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ہے جسے دیکھ کر مداح چونک اٹھے اور انہیں پہچاننے سے ہی انکاری ہوگئے کیونکہ اس تصویر میں 54 سالہ اداکارہ 30 سال کی لگ رہی تھیں۔

اداکارہ منیشا کوئرالہ سوشل میڈیا، خاص طور پر انسٹاگرام پر کافی سرگرم رہتی ہیں، جہاں وہ اپنے مداحوں کو اپنی زندگی کی جھلکیاں دکھاتی رہتی ہیں۔

چاہے وہ ورزش کر رہی ہوں، دوستوں سے ملاقات کر رہی ہوں یا کیمرے کے سامنے پوز دے رہی ہوں، منیشا کی ہر پوسٹ لوگوں کی توجہ حاصل کرتی ہے۔

حال ہی میں انہوں نے اپنا نیا ہیئر اسٹائل متعارف کرایا،جس نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

منیشا کوئرالہ کا ہیئر میک اوور

نیپال کے ایک مشہور بیوٹی سیلون نے انسٹاگرام پر اپنے پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں منیشا کوئرالہ کے نئے انداز کی جھلک دکھائی گئی۔

اس ویڈیو میں وہ بال کٹواتی اور میک اپ کرواتی نظر آئیں، جب ان کا نیا ہیئر اسٹائل مکمل ہوا تو انہوں نے مسکرا کر اشارہ دیا کہ انہیں یہ انداز بہت پسند آیا۔

ویڈیو میں منیشا سفید رنگ کی قمیص اور بیج رنگ کی پینٹ میں نظر آئیں اور مختلف زاویوں سے کیمرے کے سامنے پوز دیتی رہیں۔

اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ایک لازوال حسن اور حوصلے کی علامت ہماری حسین منشیا کا میک اوور۔

منیشا نے اس پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ہیئر میک اوور کے لیے شکریہ، راجیش۔

مداحوں کا ردعمل

منیشا کے نئے انداز نے ان کے مداحوں کو دیوانہ بنا دیا، ایک مداح نے لکھا کہ آپ بہت جوان اور خوبصورت لگ رہی ہیں، ایک اور نے تبصرہ کیا کہ یہ ہیئر اسٹائل آپ پر بہت جچ رہا ہے،ایک پرستار نے کہا کہ آپ واقعی ایک نایاب حسن کی مالک ہیں۔

کسی نے منیشا کو 90 کی دہائی کی خوبصورتی قرار دیا، تو ایک اور صارف نے لکھا کہ انہوں نے پھر سے 30 سال کی عمر کیسے اختیار کر لی؟

عمر کے طعنے اور منیشا کی رائے

اس سال کے آغاز میں منیشا نے فری پریس جرنل سے گفتگو کرتے ہوئے خواتین کو عمر کے حوالے سے دی جانے والی تنقید اور سوشل میڈیا پر ملنے والے طعنوں پر بات کی تھی۔

منیشا نے کہا تھا کہ چاہے فلم انڈسٹری ہو یا عام زندگی، عمر رسیدگی خواتین کے لیے ایک مسئلہ ہے، ہمیں شرمندہ کیا جاتا ہے، میں نے کبھی کسی مرد اداکار کو یہ کہتے نہیں سنا کہ وہ بوڑھا ہو گیا ہے لیکن خواتین کو بہت کچھ سننا پڑتا ہے، عمر کو نیچا دیکھنے کا رجحان عام ہے، مجھے ایک مرتبہ ایک راؤنڈ ٹیبل گفتگو سے باہر کر دیا گیا، وجہ یہ دی گئی کہ یہ خاص عمر کے لوگوں کے بارے میں تھی۔

منیشا کا آخری پروجیکٹ

منیشا کو آخری بار سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز’ ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار‘ میں دیکھا گیا۔

یہ تاریخی ڈراما بھارت کی آزادی کی تحریک کے دور میں لاہور کے علاقے ہیرا منڈی میں قائم کوٹھوں کی زندگی پر مبنی ہے۔

اس سیریز میں سوناکشی سنہا، ادیتی راؤ حیدری، رچا چڈھا، سنجیدہ شیخ، شارمین سیگل، اور طحٰہ شاہ بدوشہ جیسے اداکار شامل تھے۔

یہ سیریز مئی 2024 میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی اور جون 2024 میں اس کا دوسرا سیزن بھی منظور کر لیا گیا تھا، فی الحال منیشا نے کسی نئے پروجیکٹ کا اعلان نہیں کیا۔

سنجے کپور کی رخصتی سے قبل کی جھلک منظر عام پر

کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور سونا کومسٹار کے چیئرمین سنجے کپور کی آخری تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سامنے آئی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سوجن انڈین ٹائیگرز پولو ٹیم نے یہ تصویر شیئر کی، تصویر میں سنجے خآصے پرجوش اور خوش دکھائی دے رہے تھے، انہوں نے گہرے نیلے رنگ کی جرسی پہن رکھی تھی اور وہ مسکراتے ہوئے ساتھی جیسل سنگھ کی گردن میں بازو ڈالے نظر آئے۔

اس تصویر کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ‘آج ہم اپنے پیارے دوست سنجے کپور کی یاد میں کارٹیئر ٹرافی کا فائنل کھیل رہے ہیں، جن کا کچھ روز قبل میدان میں افسوسناک طور پر انتقال ہو گیا تھا، ہمارے کپتان اور سرپرست، جیسل سنگھ بھی اپنے پیارے پرانے دوست سنجے کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے لیے ٹیم کے ساتھ میدان میں کھڑے ہوں گے لیکن بطور احترام وہ میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔

نوٹ میں بتایا گیا کہ ‘سنجے اور جیسل کی یہ تصویر کچھ دن پہلے سیمی فائنل کھیلنے کے لیے تیار ہونے سے چند لمحے قبل لی گئی تھی، سنجے؛ آپ بہت یاد آئیں گے، آپ کے انتھک جوش اور سرپرستی کو پوری پولو کمیونٹی ہمیشہ کے لیے یاد رکھے گی’۔

اس پوسٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، ایک شخص نے لکھا کہ ‘پولو کے لیے زبردست جذبہ رکھنے والا ایک سچا شریف انسان، انہیں بہت یاد کیا جائے گا’ ایک اور تبصرے میں لکھا تھا کہ سنجے، آپ کے بغیر زندگی پہلے جیسی نہیں ہوگی’۔

خیال رہے کہ 53 سالہ سنجے کپور کا انتقال 12 جون کو پولو کھیلتے ہوئے انگلینڈ میں ہوا تھا۔

ان کے دوست سہیل سیٹھ نے نیوز ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ان کی موت کے بارے میں بتایا تھا کہ صنعتکار کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی جس کی وجہ کھیل کے دوران ان کے منہ میں جانے والی شہد کی مکھی بنی۔

خیال رہے کہ 2003 میں شادی کرنے والے سنجے اور کرشمہ کپور 2005 میں بیٹی سمیرا اور 2011 میں بیٹے کیان کے والدین بنے تھے۔

2014 میں کرشمہ اور سنجے نے باہمی رضامندی سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی اور ان کی طلاق 2016 میں طے پائی۔ علیحدگی کے بعد سنجے نے پریا سچدیو سے شادی کرلی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا ہے۔

بگ باس فیم منارا چوپڑا سوگوار، والد دنیا سے رخصت ہو گئے

بگ باس 17 سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی اداکارہ منارا چوپڑا کے والد رمن رائے ہنڈا  72 برس کی عمر میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور پرینیتی چوپڑا کے انکل اور انکی کزن منارا چوپڑا کے والد آج بروز 16 جون انتقال کرگئے جو گزشتہ کئی روز سے شدید علیل تھے۔

والد کے انتقال کی افسوسناک خبر منارا چوپڑا نے خود فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری کی صورت میں دی جہاں انہوں نے والد کی تصویر کیساتھ انکے انتقال پر غم کا اظہار کیا اور اُن کے آخری رسومات کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔

منارا نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ،‘بے حد دکھ اور افسوس کے ساتھ ہم اطلاع دے رہے ہیں کہ ہمارے پیارے والد 16 جون 2025 کو ہمیں چھوڑ کر خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ وہ ہمارے خاندان کا مضبوط سہارا تھے۔’

اسکرین  گریب
اسکرین  گریب

انہوں نے والد کی آخری رسومات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے مزید یہ بھی لکھا کہ،‘ آخری رسومات 18 جون 2025 کو امبولی، اندھیری ویسٹ کے شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی۔’

والد کو کھودینے کے بعد منارا چوپڑا اور ان کے اہلِ خانہ اس وقت غم کی کیفیت میں مبتلا ہیں کیونکہ وہ اپنے والد کے اچانک انتقال کا صدمہ جھیل رہے ہیں۔

واضح رہے کہ رامن رائے ہنڈا دہلی میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مقیم تھے اور  گزشتہ کچھ دنوں سے علیل تھے اور اب انکے انتقال کرجانے کے بعد سوگوران میں بیوی کامنی چوپڑا اور بیٹیاں منارا اور متیلی ہیں۔

 اگرچہ اُن کی موت کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی، لیکن اس افسوسناک خبر نے مداحوں اور قریبی لوگوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کردیا ہے۔

منارا چوپڑا کون؟

یاد رہے کہ منارا چوپڑا نے بھارت کے سب سے بڑے ریئلٹی شو ’بگ باس 18’ میں شرکت کے بعد بے پناہ مقبولیت حاصل کی،کیونکہ اس شو میں انکے خوش مزاج اور دوستانہ انداز نے لاکھوں لوگوں کو گرویدہ بنایا۔

بگ باس میں شرکت سے قبل، منارا کئی تامل، تیلگو، ہندی اور کنڑا فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔

علاوہ ازیں حال ہی میں، وہ ریئلٹی شو لافٹر شیفس میں ایک کنٹسٹنٹ کے طور پر نظر آئیں، تاہم انہوں نے شو کے درمیان میں ہی شو کو چھوڑ دیا اور مکمل سیزن کا حصہ نہیں بن سکیں۔

منارا چوپڑا کس سے شادی کریں گی؟

منارا چوپڑا نے حال ہی میں فلمی گیان کو ایک انٹرویو دیا، جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کی کزن بہن پریانکا کی شادی ہو گئی اور میرا بھی جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں تو آپ کب تک شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں؟

سوال کا جواب دینے سے پہلے منارا کھلکھلا کر ہنسی اور کہنے لگیں کہ میرا تو ابھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں لیکن ہاں یہ سوال بگ باس کے دوران اور بگ باس کے بعد اتنا پوچھا گیا ہے کہ اب میں اس کا جواب دینا چاہتی ہوں کہ ‘میں اس شخص سے شادی کروں گی جو عقل مند ہو اور دنیا جہان کی  معلومات ہو’۔

اپنی بات کی وضاحت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری شخصیت بھی ایسی ہی ہے کہ مجھے جتنی زبانیں بولنا آتی ہیں ، اگر کوئی اس زبان کے بولنے والا شخص مل گیا تو میں اس سے اس ہی کی مادری زبان میں گفتگو کرتی ہوں جیسا کہ بگ باس میں تہلکا بھائی سے پنجابی میں اور ارون سے تلگو میں اکثر ہم کلام ہوا کرتی تھی۔

20 جون سے بلند ترین پولو میدان میں شندور فیسٹیول کا آغاز

روایتی شندور پولو فیسٹیول کا انعقاد 20  سے 22 جون تک شندور میں کیا جائے گا۔

شندور پولو فیسٹیول کا انعقاد  خیبر پختونخوا حکومت ، گلگت بلتستان حکومت اور فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔

شندور فیسٹیول کے لیے فلک بوس پہاڑوں کے درمیان 12  ہزار فٹ سے زائد کی بلندی پر دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

شندور میلے میں پولو میچز کے علاوہ پیرا گلائیڈرز اور پیرا ٹروپرز اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد شندور میلے میں شرکت کرنے کے لیے تیار ہے۔

فوربز میگزین نے ارشد ندیم کو بین الاقوامی سطح پر سراہا

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس 2024 میں تاریخی کارکردگی کے بعد فوربز 30 انڈر 30 ایشیاء کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔

پیرس اولمپکس میں 28 سالہ ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا جس کو فوربز نے ’اسٹننگ شو‘ قرار دیا، جو کہ انفرادی اسپورٹس میں پاکستان کا اب تک کا پہلا جبکہ 30 سال سے زیادہ کے عرصے میں پاکستان کا پہلا طلائی تمغہ تھا۔

اولمپکس میں کامیابی کے بعد ان کو پنجاب اور سندھ سے 15 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زیادہ کے کیش انعامات موصول ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ حکومت نے اسلام آباد کی ایک سڑک کا نام ارشد ندیم کے نام پر رکھا جبکہ پاکستان پوسٹ نے یومِ آزادی پر ایک یادگاری اسٹیمپ بھی جاری کیا تھا۔

اقتدار اللہ کی امانت، ایک ایک پائی عوام کی ہے، خدمت کا سفررُکے گا نہیں، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اقتدار اللہ کی امانت اور ایک ایک پائی عوام کی ہے۔ ہماری خدمت کا سفررُکے گا نہیں۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے پیش کردہ بجٹ کو ملک کی تاریخ کا لاثانی بجٹ قرار دیتے ہوئے  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی خدمت کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ یہ زیرو ٹیکس بجٹ ہے، لیکن اس کے باوجود صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پائی پائی عوام کی امانت ہے اور ہم اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں۔ مریم نواز شریف نے فنانشل ڈسپلن، ای ٹینڈرنگ اور گڈگورننس کی وجہ سے اسکینڈل فری ترقیاتی عمل کو حکومت پنجاب کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ 700 سڑکوں کی تعمیر و توسیع پر کام جاری ہے، جس سے 12 ہزار کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک مکمل ہوگا۔ تعلیم و صحت کے شعبوں میں بجٹ کی موجودہ سطح کو تاریخ کا سب سے بڑا اقدام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فری میڈیسن ہر اسپتال میں فراہم کی جائے گی جب کہ اسکولوں میں تمام بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں 94 نئے ترقیاتی پروگرامز اور 100 منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جو ماضی میں کسی حکومت نے نہیں دیے۔ پچھلا بجٹ بھی ریکارڈ تھا، لیکن اب ہم اپنے ہی ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 40 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر 40 سال میں نہ ہو سکی، لیکن ان کی حکومت مختصر وقت میں یہ ہدف حاصل کرے گی۔ عید کے موقع پر پورے صوبے میں صفائی کے ریکارڈ قائم کیے گئے، افسران خود سڑکوں پر نکلے، عوامی خدمت کو مشن سمجھ کر کام کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ٹیکس بڑھانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے گی جب کہ سرکاری ملازمین کو کارکردگی کی بنیاد پر ایڈیشنل پرفارمنس بونس دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ مزدور کی کم از کم اجرت 40 ہزار مقرر کر دی گئی ہے اور اجرتوں کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرتے ہوئے بھی حکومت نے 740 ارب روپے کا سرپلس بجٹ پیش کیا جب کہ مقامی قرضوں کی شرح میں 94 فیصد کمی آئی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ تمام اعداد و شمار خود زبانی یاد ہیں اور صوبائی اسمبلی میں مکمل شفافیت کے ساتھ فنڈز کے استعمال کی تفصیل پیش کی جائے گی۔

انہوں نے چیف سیکرٹری، وزیر خزانہ، وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ مریم اورنگزیب اور تمام ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ  اقتدار اللہ تعالیٰ کی امانت اور عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے۔ کامیابی صرف نیت اور محنت سے حاصل ہوتی ہے، اور ہم یہ سفر جاری رکھیں گے۔

فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کے لیے تیار کردہ “میڈ اِن پاکستان” فٹبال دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا

فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کا میلہ امریکا میں سجنے کو ہے لیکن اس بار میدان میں صرف کھلاڑی نہیں بلکہ “میڈ اِن پاکستان” گیند بھی خوب جلوے دکھانے کو تیار ہے۔

ایڈیڈاس کی جانب سے تیار کردہ آفیشل میچ بال “Club World Cup 25 Pro Ball” اپنی دلکش stars and stripes ڈیزائن، جدید ٹیکنالوجی اور شاندار کارکردگی کی وجہ سے عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

پاکستان میں تیار ہونے والا یہ بال مکمل طور پر ماحول دوست مواد سے بنایا گیا ہے اور اس میں ایڈیڈاس کی PRECISIONSHELL ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو گیند کی رفتار، اسپن اور پرواز کو مزید بہتر بناتی ہے۔

بال میں موشن سینسر بھی نصب ہے جو فی سیکنڈ 500 بار ڈیٹا بھیجتا ہے جس سے آف سائیڈ فیصلے، پلیئر ٹریکنگ اور ٹچ پوائنٹس کی شناخت میں مدد ملے گی۔

لوگبرو یونیورسٹی برطانیہ میں ہونے والی جانچ میں یہ بال باقی مشہور گیندوں جیسے نائیک، پوما اور مائٹر سے بہتر ثابت ہوا۔ کھلاڑیوں نے اسے “پروفیشنل کھیل کے لیے موزوں” اور “زیادہ درست” قرار دیا۔

ایڈیڈاس کا کہنا ہے کہ گیند کی شکل برقرار رکھنے اور فلائٹ کو مستحکم رکھنے کے لیے اندر ہائی گریڈ بلیڈر استعمال کیا گیا ہے جس پر کمپنی دو سال کی شیپ گارنٹی بھی دے رہی ہے۔

یاد رہے کہ دنیا میں استعمال ہونے والے زیادہ تر فٹبالز پاکستان میں تیار کیے جاتے ہیں اور یہ بال ایک بار پھر ملک کی فٹبال انڈسٹری کے عالمی معیار کی عکاسی کر رہا ہے۔

ایران کا بڑا قدم: پارلیمانی بل کے ذریعے جوہری عدم پھیلاؤ کا معاہدہ چھوڑنے کی تیاری

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ ایک ایسا بل تیار کر رہی ہے جس کے تحت ایران ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے معاہدے (NPT) سے دستبردار ہو سکتا ہے۔

ترجمان نے تاہم واضح کیا کہ ایران کا مہلک ہتھیاروں کی تیاری کا کوئی ارادہ نہیں، اور وہ اجتماعی تباہی کے ہتھیاروں کی مخالفت پر قائم ہے۔

یاد رہے کہ این پی ٹی ایک 190 رکن ممالک پر مشتمل عالمی معاہدہ ہے جس پر 1968 میں دستخط کیے گئے اور یہ 1970 میں نافذ ہوا۔

معاہدے کے تحت امریکہ، روس، چین، برطانیہ اور فرانس کے علاوہ کسی بھی ملک کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں، تاہم پرامن نیوکلیئر پروگرام کے تحت توانائی کی پیداوار کی اجازت دی جاتی ہے، جس کی نگرانی اقوام متحدہ کرتی ہے۔

ایران نے اس معاہدے کے تحت کئی برسوں تک ذمہ داریاں نبھائیں، لیکن 2018 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے اور سخت پابندیاں لگانے کے بعد ایران نے مرحلہ وار اپنی ذمہ داریاں ترک کرنا شروع کیں۔ یہ پابندیاں ایرانی معیشت پر سخت اثر ڈال چکی ہیں۔

ایران پر حملے سے قبل امریکا نے اسرائیل کو 300 ہیل فائر میزائل فراہم کیے: امریکی عہدیداروں کا انکشاف

امریکی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے سے قبل امریکا نے خفیہ طور پر اسرائیل کو تقریباً 300 ہیل فائر میزائل فراہم کیے۔ 

یہ انکشاف ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دو امریکی عہدیداروں کے حوالے سے کیا ہے جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی۔

حکام کے مطابق یہ ترسیل اسرائیل کے ایران پر حملے سے صرف چند دن قبل کی گئی، اور اتنی بڑی مقدار میں میزائلوں کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اسرائیل کی جنگی منصوبہ بندی سے آگاہ تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میزائلوں کی ترسیل اور دیگر اسلحہ فراہمی کی خبریں خفیہ رکھی گئیں اور میڈیا میں کہیں رپورٹ نہیں ہوئیں۔

عہدیداروں نے مزید انکشاف کیا کہ ایران کی طرف سے داغے جانے والے میزائلوں کو روکنے کے لیے امریکی فوج نے بھی اسرائیل کی مدد کی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ گزشتہ کئی مہینوں سے اسرائیل کو اسلحہ فراہم کر رہی ہے۔

ہیل فائر میزائل (Hellfire Missiles) دراصل لیزر گائیڈڈ اور ہوا سے زمین پر مار کرنے والے ہتھیار ہیں جو انتہائی درستگی سے نشانہ لگاتے ہیں۔ انہیں ہیلی کاپٹروں، ڈرونز اور دیگر پلیٹ فارمز پر نصب کیا جا سکتا ہے۔

ان میزائلوں کا ابتدائی ڈیزائن 1980 کی دہائی میں اینٹی ٹینک ہتھیار کے طور پر کیا گیا تھا، مگر اب انہیں دنیا بھر میں فوجی آپریشنز میں استعمال کیا جا رہا ہے، خاص طور پر ان حملوں میں جہاں درست نشانے کی ضرورت ہو، جیسے جوہری تنصیبات پر حملہ۔