سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے 15 اور 16 جون کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپرئشنز کیے جس کے دوراں 5 خوارج مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی مؤثر کارروائی میں 4 ہندوستانی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے، جن میں خارجی حارث اور خارجی بصیر بھی شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ ایک اور آپریشن کے نتیجے میں مزید ایک خارجی مارا گیا۔

آپریشنزکے دوران ہلاک خوارج سے اسلحہ، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، یہ ہلاک خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ ہندوستانی سپانسرڈ خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

ایوان صدر سے جارب میں صدر مملکت نے کامیاب کاروائی  کے دوران 5 خوارج ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور ملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت ہم ملک سے دہشتگردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کی انتہائی سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ  حکومت پاکستان اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ   سیکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے 5 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، سیکیورٹی فورسز  کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں اور آلہ کاروں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،   بہادرسکیورٹی فورسز پر ہر پاکستانی کو ناز ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا انجام عبرتناک موت ہے، قوم کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا مکمل صفایا کریں گے۔

عاصم اظہر سے بریک اپ کے بعد میرب کی حاوی سے تعلق کی افواہیں

اداکار و گلوکار عاصم اظہر اور ماڈل میرب علی کی منگنی ختم ہونے کے بعد اب سوشل میڈیا پر میرب اور گلوکار حاوی (عبدالرحمان ساجد) کے ممکنہ تعلق کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

مختلف سوشل پلیٹ فارمز خصوصاً ریڈ اِٹ پر یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ میرب علی اور حاوی کی قربت ہی عاصم اور میرب کی علیحدگی کی اصل وجہ بنی۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ خود عاصم اظہر ہی نے رواں برس جنوری میں میرب علی کی سالگرہ کے موقع پر حاوی کا کنسرٹ منعقد کیا تھا، جہاں ان دونوں کی پہلی ملاقات ہوئی۔

میرب نے اس دن کی تصاویر اور جذبات کا اظہار انسٹاگرام پر کیا تھا، تاہم اب وہ پوسٹ حذف کر دی گئی ہے۔

افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ میرب بعد میں بھی حاوی کے کانسرٹ میں شریک ہوئیں، جب کہ عاصم اظہر نے حاوی کو سوشل میڈیا پر ان فالو کر دیا اور یہ حاوی اور میرب کی بڑھتی ہوئی قربت ہی تھی جو عاصم سے منگنی ختم کرنے کی وجہ بنی جبکہ یہ بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ منگنی بھی میرب نے ہی ختم کی ہے۔

یاد رہے کہ میرب، عاصم یا حاوی میں سے کسی نے ان افواہوں کی تصدیق نہیں کی، مگر یہ قیاس آرائیاں سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ حاوی، میوزک بینڈ ’اوج‘ کے سابق لیڈ سنگر ہیں، جنہوں نے 2024 میں سولو کریئر کا آغاز کیا اور تیزی سے شہرت حاصل کی۔

اسٹیٹ بینک کا شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان

 اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مانیٹری پالیسی کے تحت شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھا گیا ہے۔

پالیسی کمیٹی کے مطابق مئی 2025 میں افراط زر  توقعات کے مطابق 3.5 فیصد رہی جب کہ مہنگائی میں معمولی کمی ہوئی۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ امید ہے کہ مہنگائی آگے چل کر آئندہ مالی سال کے دوران مستحکم ہوجائے گی۔

اعلامیے کے مطابق اقتصادی نمو بتدریج بڑھ رہی ہے اور پیشگوئی ہےکہ یہ اگلے سال مزید بڑھے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ تجارتی خسارے میں مستقل اضافہ ہوجارہا ہے اور مالی رقوم کی آمد کمزور ہے تاہم آئندہ مالی سال کے بجٹ کے چند مجوزہ اقدامات درآمدات بڑھا کر اس تجارتی خسارے میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔

 اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اسی تناظر میں مانیٹری پالیسی کمیٹی نے آج کے فیصلے کو میکرو اکنام استحکام اور قیمتوں کے استحکام کو پائیدار رکھنے کے لیے موزوں قرار دیا۔

پنجاب بجٹ مالی سال 2025/26 88نئی اسیکموں کیلئے 2ارب 43 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص

پنجاب بجٹ مالی سال 2025/26

لاہور۔پنجاب حکومت نے مالی سال کے بجٹ میں کھیلوں کی ترقیاتی اسیکموں کے لئے 7ارب 60 کروڈ روپے کا بجٹ مختص کردیا

لاہور۔بجٹ میں 88نئی اسیکموں کےلئے 2ارب 43 کروڈ 30 لاکھ روپے رکھے ہیں

لاہور۔جاری ترقیاتی اسیکموں کو مکمل کرنے کےلئے 5ارب 16۔کروڈ 69۔لاکھ مختص

سندھ حکومت کی ویمن باکسر کو دبئی میں نمائندگی کیلئے اسپانسرشپ

 وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان کی پہلی ویمن باکسر عالیہ سومرو کے لیے دبئی ٹورنامنٹ کا اسپانسر شپ دینے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق عالیہ سومرو بین الاقوامی باکسنگ ایونٹ میں بھارتی حریف کے خلاف میدان میں اتریں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے عالیہ سومرو کو 47 لاکھ روپے کا مالی تعاون بھی فراہم کیا گیا ہے۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا سندھ حکومت خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کے لیے پُرعزم ہے۔ ارکان اسمبلی یوسف بلوچ، ایم پی اے شازیہ کریم اور اسد گبول نے چیک عالیہ سومرو کو دیا۔

باکسر عالیہ سومرو کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا تعاون میرے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا ذریعہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کی باصلاحیت بیٹی دنیا کے مقابلے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے باکسر عالیہ سومرو کے لیے کامیابی کی دعا بھی کی۔

قبل ازیں، پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی شازیہ کریم سنگھار، یوسف بلوچ، ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق اور اسد نبیل گبول کی باکسر عالیہ سومرو سے لیاری میں ملاقات ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر اراکین اسمبلی اور ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق نے 47 لاکھ روپے کا چیک عالیہ سومرو کو پیش کیا۔

ترجمان کے مطابق سندھ حکومت نے اگست میں ہونے والے دبئی میں بھارتی حریف سے مقابلے کے لیے عالیہ سومرو کو مالی معاونت فراہم کی۔

شازیہ کریم سنگھار کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے صحیح مواقع فراہم کرکے بین الاقوامی سطح پر لایا جا سکتا ہے، کھیلوں کی ترقی کے لیے نہ صرف مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں بلکہ نئے کھیلوں کے میدان، اکیڈمیاں اور تربیت گاہیں بھی قائم کر رہی ہے۔

رکن اسمبلی شازیہ کریم سنگھار نے کہا کہ سندھ حکومت مختلف کھیلوں کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز شروع کر رہی ہے، تاکہ گراس روٹ سطح سے نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کیا جا سکے۔

نسیم شاہ ٹیم میں میرٹ پر فٹ نہیں آتے، تنویر احمد

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے قومی کرکٹ ٹیم میں نسیم شاہ کی سلیکشن پر سوالات اٹھادیے۔

سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے ایک مقامی اسپورٹس پلیٹ فارم کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل 10 میں ناقص کارکردگی کے باوجود نسیم شاہ کو کس بنیاد پر منتخب کیا گیا؟۔ میرٹ کی بنیاد پر دیکھیں تو نسیم شاہ کی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں بنتی۔

تنویر احمد نے کہا کہ اگر آپ نے نسیم شاہ کو بنگلہ دیش سیریز کے لیے منتخب کیا اور کھلایا نہیں، تو پھر منتخب ہی کیوں کیا؟ ان کی پی ایس ایل کارکردگی بہت خراب تھی، فٹنس دیکھیں، رن اپ دیکھیں، انرجی ہی نہیں ہے۔ وہ پوری کوشش ہی نہیں کر رہا۔ انجری کے مسائل بھی ہیں، تو پھر ٹیم میں کیسے آ گیا؟۔

تنویر احمد نے الزام عائد کیا کہ نسیم شاہ کی سلیکشن اسلام آباد یونائیٹڈ سے اُن کے تعلق کی بنیاد پر کی گئی کیونکہ قومی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ کا تعلق بھی اسی فرنچائز سے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کئی باصلاحیت اور فارم میں موجود بولرز کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل میں میر حمزہ بہترین بولنگ کر رہے تھے، انہیں نظر انداز کر دیا گیا۔ عباس آفریدی کو بھی پہلے شامل نہیں کیا گیا لیکن جونہی وسیم جونیئر زخمی ہوئے، تو فوراً عباس کو ٹیم میں لے لیا گیا۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ نے پی ایس ایل 10 میں 10 میچز میں صرف 9 وکٹیں حاصل کیں اور ان کا اکانومی ریٹ 9.30 رہا۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود وہ کوئی میچ نہیں کھیل سکے۔

پاکستان کا جولائی میں بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کا امکان ہے، جس کا حتمی اعلان بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے متوقع ہے۔ اس کے بعد اگست میں قومی ٹیم، سلمان آغا کی قیادت میں، ویسٹ انڈیز کے خلاف امریکہ میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔

غزہ میں اسرائیلی حملے، 59 فلسطینی شہید

غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں مزید 59 فلسطینی شہید ہوگئے۔ 

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں اور اسرائیلی فورسز خوراک کی تلاش میں نکلنے والے اور خوراک کی تقسیم کے مراکز پر جمع ہونے والے فلسطینوں کو بھی نشانہ بنارہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹو میں اسرائیلی فوج نے 59 فلسطینیوں کو شہید کیا جن میں سے 17 افراد خورا کی تلاش میں گئے تھے یا امریاک اور اسرائیل کی نگرانی میں چلنے والے خوراک تقسیمی مراکز کے باہر کھانہ ملنے کے انتظار میں تھے۔

مقامی لوگوں کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج نے خوراک ملنے کی امید پر کھڑے ہجوم  پر فائرنگ کرنے سے پہلے کوئی انتباہ جاری نہیں کیا جس کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں ہوئیں۔

کراچی میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

 کراچی : محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج اور کل  آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کے مطابق کراچی  آج گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے،  شہر قائد میں آج  درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  آج دوپہر 3 یا 4 بجے کے بعد کراچی کے اطراف گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں جس دوران شہر کے اکثر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش ہوسکتی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ شہر کے مضافات میں کل بھی  بارش کا امکان رہےگا۔

ائیر انڈیا کا دوسرا وائس ریکارڈر برآمد

بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں 12 جون کو گرنے والے ائیر انڈیا بوئنگ 787 کا دوسرا بلیک باکس بھی مل گیا۔

بھاتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن جانے والی بدقسمت پرواز 171 کے ملبے سے دونوں بلیک باکسز برآمد کر لیے گئے ہیں جب کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔

تحقیقاتی حکام نے وزیراعظم نریندر مودی کے ایک سینئر معاون پی کے مشرا کو بلیک باکس کی بازیابی کی تصدیق کی۔

گزشتہ روز پی کے مشرا نے احمد آباد میں طیارہ حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا اور سول اسپتال کا دورہ بھی کیا جہاں زخمی افراد زیر علاج ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر مل گیا ہے، فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر مہلک حادثے کے ایک دن بعد جمعہ کو برآمد کر لیا گیا تھا۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر، جو اس سے قبل برآمد کیا گیا تھا، اس سے افسوسناک حادثے کی وجہ کی نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ ائیر انڈا طیارہ حادثے میں  270 افراد ہلاک ہوئے، طیارے میں 242 افراد سوار تھے جن میں سے 241 ہلاک ہوگئے اور ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گیا۔

ویمنز ورلڈکپ: پاکستان کے میچ نیوٹرل وینیوز پر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کی میزبانی بھارت کے پاس ہے اور ورلڈکپ کا آغاز 30 ستمبر سے بنگلورو میں ہوگا۔

ویمنز ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی جس کے لیے کولمبو کو نیوٹرل وینیو بنایا گیا ہے۔

ویمنز ورلڈکپ کا پہلا میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کے درمیان میچ 5 اکتوبر کو کولمبو میں ہوگا، آسٹریلوی ٹیم یکم اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 8 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جب کہ پاکستان ٹیم بنگلادیش کے خلاف 2 اور انگلینڈ کے خلاف 15 اکتوبر کو کھیلے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 18 اکتوبر کو شیڈول کیا گیا ہے، پاکستان جنوبی افریقا سے 21 ور سری لنکا سے 24 اکتوبر کو مقابلہ کرے گا۔

آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل گوہاٹی یا کولمبو اوردوسرا سیمی فائنل بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔

اس کے علاوہ ایونٹ کا فائنل 2 نومبر کو بنگلورو یا کولمبو میں کھیلا جائے گا۔