واشنگٹن،لندن(نیوز ایجنسیاں)امریکا نے برطانوی فوجی اڈے پر حملے کے خدشے کے پیش نظر برطانیہ کے فیئرفورڈ ائیربیس سے بی ون بمبار طیارے واپس بلا لئے ۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ امریکا نے برطانیہ کے فیئرفورڈ ائیربیس سے اپنے تمام بمبار طیارے واپس بلا لئے ہیں۔ یہ پیش رفت ائیربیس پر حملوں کی منصوبہ بندی کے شبے میں 5افراد کی گرفتاری کے بعد سامنے آئی ہے۔امریکی عہدیدار کے مطابق آپریشنل سکیورٹی کے باعث اثاثوں اور فوجی دستوں کی نقل و حرکت کی بروقت تصدیق ممکن نہیں تھی، تاہم اب اس بات کی تصدیق کی جا سکتی ہے کہ آر اے ایف فیئرفورڈ پر تعینات تمام امریکی بمبار طیارے امریکا میں اپنے اڈوں پر واپس پہنچ چکے ہیں۔عہدیدار نے مزید کہا کہ امریکی بمبار طیاروں کے آپریشنز انجام دینے والے فضائی اہلکار، جن میں بی ون، بی ٹو اور بی 52 طیارے شامل ہیں، دنیا بھر میں کہیں بھی اور کسی بھی وقت درست اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے ساتھ تیار ہیں۔ ان کارروائیوں میں امریکی سرزمین سے پرواز کرکے مشن مکمل کرنے اور واپس آنے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔دوسری جانب برطانوی ائیربیس کے قریب سے گرفتار کیے گئے پانچوں افراد کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے، جبکہ ایران نے مبینہ حملے کی منصوبہ بندی میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔برطانوی تفتیش کاروں کو ملزمان کی وینز سے پیٹرول ملا تھا، تاہم کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ اس کے باوجود برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ لندن کے شمال مغرب میں واقع فیئرفورڈ ائیربیس پر ایک درجن B-1 بمبار طیارے تعینات تھے جنہیں ایران پر امریکی حملوں میں استعمال کیا گیا تھا۔
بی ون بمبار طیارے
