کراچی(این این آئی)پاکستان کسٹمز ایئر فریٹ یونٹ کراچی سے جعلی کمپنیوں کے نام پر 3 ارب 26
کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کے 71 ہزار 815 انٹرنیٹ راوٹرز کی غیرقانونی درآمد کا انکشاف ہوا ہے، جن کی کسٹمز کلیئرنس پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے اجازت نامے کے بغیر دی گئی۔یہ انکشاف کلکٹر کسٹمز کراچی ایئرپورٹ سعدیہ شیراز کی جانب سے سیکریٹری انفورسمنٹ ایف بی آر کو بھیجی گئی 39 صفحات پر مشتمل تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ درآمدات کے عوض تجارتی بنیادوں پر منی لانڈرنگ بھی کی گئی۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلم سنز انٹرپرائزز اور موسانی سنڈیکیٹ نامی دو مبینہ جعلی اور کاغذی کمپنیوں کے ذریعے پی ٹی اے کے ٹائپ اپروول اور کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے بغیر 71 ہزار 815 انٹرنیٹ راوٹرز درآمد کیے گئے۔
