اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی )سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) ظفر بختاوری نے وفد کے ہمراہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور نومنتخب صدر نوشیروان خلیل خان، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر وسیم اسلم، نائب صدر اکرام عباسی اور ایگزیکٹو ممبران کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ وفد میں صدر اسلام آباد ویمن چیمبر ثمینہ فاضل، صدر تلہ گنگ چیمبر ملک شبیر، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری اور سابق ایگزیکٹو ممبر ملک محسن خالد شامل تھے۔سہیل الطاف نے ظفر بختاوری کی قیادت میں وفد کی آر سی سی آئی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی اور اتحاد کیلئے ایسی سرگرمیاں انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر و صنعتکار ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ظفر بختاوری نے سہیل الطاف کی طویل عرصہ سے کاروباری برادری کیلئے خدمات اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سہیل الطاف نے چیمبر اور تاجر برادری کے مسائل کے حل اور کاروباری اتحاد کیلئے ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ہے۔ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کو معاشی استحکام، برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار دوست ماحول کی ضرورت ہے، جبکہ چیمبرز کو حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مثر پل کا کردار ادا کرنا چاہیے۔نوشیروان خلیل خان نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ ثمینہ فاضل نے خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت اور کاروباری مواقع بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ حسن سروش نے چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے درمیان مضبوط رابطے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔سینئر نائب صدر وسیم اسلم نے نومنتخب قیادت کی حوصلہ افزائی کیلئے آر سی سی آئی آمد پر ظفر بختاوری، ثمینہ فاضل، ملک شبیر کاشف چوہدری اور ملک محسن خالد کا شکریہ ادا کیا۔
