لاہور(این این آئی) پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان حسن خان کو متحدہ عرب امارات اور نمیبیا کے خلاف جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کی سہ فریقی سیریز کیلئے امریکی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔ 2018 انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرنے کے بعد یہ حسن خان کا پہلا بین الاقوامی موقع ہوگا، اس ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور موسیٰ خان بھی شامل تھے جو بعد میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلے۔ کراچی میں پیدا ہونے والے حسن خان نے 2017 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیساتھ پی ایس ایل سے کرکٹ میں قدم رکھا۔بعد ازاں امریکا منتقل ہوگئے اور میجر لیگ کرکٹ میں سان فرانسسکو یونیکورنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی۔
