راولپنڈی(سٹی رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈی جی آرڈی اے سلمان غنی کی ہدایات کی روشنی میں راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں زیرو پیپر پالیسی کے نفاذ اور الیکٹرانک فائل اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم کے مثر استعمال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس آر ڈی اے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آر ڈی اے کے مختلف ڈائریکٹرز، سینئر افسران اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سرکاری خط و کتابت، فائلوں کی پراسیسنگ اور دفتری امور کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا گیا، جبکہ کاغذی کارروائی میں کمی اور ادارے کے انتظامی امور کو بتدریج پیپر لیس نظام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ آر ڈی اے کے تمام ڈائریکٹوریٹس اور متعلقہ افسران EFOAS پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور سرکاری امور میں غیر ضروری فزیکل فائلوں، خطوط اور کاغذی خط و کتابت کے استعمال کو بتدریج ختم کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ سے متعلق تمام سرکاری خطوط، PUCs، فائلیں اور دیگر مراسلات مقررہ طریقہ کار کے مطابق EFOAS کے ذریعے ہی شروع، ارسال اور پراسیس کیے جائیں۔ ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ کو سرکاری خط و کتابت مقررہ الیکٹرانک نظام کے علاوہ کسی دوسرے ذریعے سے ارسال نہ کی جائے۔ تمام ڈائریکٹوریٹس اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ اپنے سرکاری امور کی بروقت جمع آوری، پراسیسنگ اور تکمیل EFOAS کے ذریعے یقینی بنائیں، تاکہ فائلوں اور کیسز کی نقل و حرکت میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ زیرو پیپر پالیسی کی جانب منتقلی سے سرکاری امور میں کارکردگی، شفافیت، جوابدہی اور بروقت نمٹانے کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ غیر ضروری کاغذی کارروائی میں کمی کے ساتھ ساتھ اتھارٹی کے مجموعی انتظامی نظام کو مزید مثر اور منظم بنایا جا سکے گا۔ EFOAS کے مثر استعمال سے سرکاری کارروائی کا باقاعدہ ڈیجیٹل ریکارڈ برقرار رہے گا، فائلوں اور کیسز کی نقل و حرکت کی بروقت نگرانی ممکن ہو گی اور متعلقہ افسران الیکٹرانک نظام کے ذریعے اپنے کیسز کی صورتحال اور پیش رفت کو مثر انداز میں مانیٹر کر سکیں گے۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نوشین اسرار نے کہا کہ متعلقہ ڈائریکٹوریٹ اور افسر اپنے خطوط، پٹ اپ کیسز اور فائلوں کی EFOAS کے ذریعے بروقت جمع آوری، پراسیسنگ اور نمٹانے کا ذمہ دار ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مراسلات کی عدم جمع آوری، تاخیر سے جمع آوری یا مقررہ الیکٹرانک نظام کے ذریعے مناسب طریقے سے پراسیس نہ ہونے کی صورت میں پیدا ہونے والی تاخیر کی ذمہ داری متعلقہ ڈائریکٹوریٹ یا افسر پر عائد ہو گی۔ انہوں نے تمام ڈائریکٹوریٹس، افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ زیرو پیپر پالیسی کے فوری نفاذ کے لیے جاری ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں اور EFOAS کے مثر استعمال کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں۔
