راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی وژن اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی خصوصی دلچسپی کے تحت میٹرک دوسرا سالانہ امتحان 2026 میں شفافیت، میرٹ اور امتحانی قواعد پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ امتحانی نظام میں ہر امیدوار کو یکساں مواقع کی فراہمی اور نقل کی روک تھام کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود کی متحرک قیادت، بروقت فیصلوں اور مثر نگرانی کے تحت امتحانی مراکز میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہارڈ اور گرے امتحانی مراکز کی آن لائن مانیٹرنگ، موبائل انسپکٹرز اور چیئرمین اسکواڈ کے ذریعے جانچ پڑتال جاری ہے۔ چیئرمین بورڈ کے مطابق امتحانی شفافیت اور میرٹ کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانی انتظامات، نظم و ضبط اور مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق امتحانی مرکز گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک میں ایک امیدوار رول نمبر 205907 نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جس کے خلاف کیس رجسٹر کرکے بورڈ آفس ڈسپلن برانچ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
