لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں قائم ڈویژن بینچ نے شادی شدہ خاتون کو جعلی عریاں تصاویر بناکر اسے فیس بک پر بلیک میل کرکے بھتہ مانگنے والے سکول ٹیچر کی عبوری ضمانت خارج کردی۔ جبکہ گرین ٹاﺅن پولیس نے ملزم منور کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔گزشتہ روز عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ ایسے گھناﺅنے واقعات میں ملوث ملزم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔قبل ازیں درخواست گزار ملزم منور کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ سرکاری سکول ٹیچر ہے،اس کا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں،مرکزی ملزم اس کا بھائی کرامت ہے۔محکمہ پراسیکیوشن کی طرف سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل خرم نے مقدمہ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی ملزم کرامت نے اپنی بہن سے ملکر گرین ٹاﺅن کی رہائشی شادی شدہ خاتون کی تصاویر حاصل کیں اور پھر ردو بدل کرکے انہیں عریاں بنایا اور فیس بک پر جعلی اکاﺅنٹ بنا کر اپ لوڈ کردیا۔کرامت نے متاثرہ خاتون کو بلیک میل کرکے رقم منور کے بینک اکاﺅنٹ میں منگوائی ،یہ تمام ملزم تفتیش میں قصور وار قرار دئیے گئے۔
خاتون کی جعلی عریاں تصاویر بنا کر بھتہ مانگنے والا سکول ٹیچر

