اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے عسکری قیادت سے مشاورت کے بعد گورنر سندھ کو ہٹانے کا فیصلہ کیا۔صدر ممنون حسین نے جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی کو گورنر لگانے کا مشورہ دیا۔سیاسی حکومت کی رائے تھی کہ اب گورنر سندھ کو ہٹانے سے کراچی آپریشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ماضی میں عسکری قیادت نے کراچی آپریشن کے متاثر ہونے کے پیش نظر عشرت العباد کو ہٹانے سے منع کیا تھا۔حکومت نے حال ہی میں موقف اختیار کیا کہ اگر وزیر اعلی سندھ کی تبدیلی سے کراچی آپریشن متاثر نہیں ہوا تو اب گورنر کی تبدیلی سے بھی کچھ نہیں ہوگا۔وزیر داخلہ چوہدری نثار نے عسکری و سیاسی قیادت میں پل کا کردار ادا کیا۔حکومت کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے دو ہفتے قبل عشرت العباد کو گورنر کے عہدے سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کرلیا تھا۔جس کے بعد عسکری قیادت سے مشاورت کا سلسلہ جاری تھاکیونکہ تین سال قبل بھی نوازشریف عشرت العباد کو گورنر کے عہدے سے ہٹانا چاہتے تھے مگر عسکری قیادت نے کراچی آپریشن کے دوران گورنر سندھ کو نہ ہٹانے کا مشورہ دیا تھا۔اس لئے حالیہ تبدیلی سے قبل عسکری حکام سے طویل مشاورت کی گئی جس کے بعد گورنر سندھ عشرت العباد کو عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔
گورنر سندھ کو ہٹانے کا فیصلہ…. اندرونی کہانی سامنے آ گئی

