امریکہ میں ایک ڈیلیوری ڈرائیور پر گرم مشروب گرنے سے زخمی ہونے کے کیس میں کافی کمپنی’اسٹاربکس’ پر پانچ کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ریاست کیلی فورنیا کی ایک جیوری نے 2020 میں پیش آئے اس واقعے سے متعلق دائر کیس میں گزشتہ روز 14 مارچ کو کمپنی پر جرمانہ عائد کردیا، 5 کروڑ ڈالر کا یہ جرمانہ پاکستانی روپے میں لگ بھگ 14 ارب بنتا ہے۔
متاثرہ ڈلیوری رائیڈر ‘مائیکل گارسیا’ 2020ء میں کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں اسٹاربکس کے ایک آؤٹ لیٹ پر موجود تھے جب ایک گرم چائے ان پر گر گئی۔
مائیکل گارسیا کے دعوے کے مطابق وہ 3 مشروبات لینے اسٹاربکس گئے تھے لیکن ایک ڈرنک مناسب طریقے سے پیک نہیں کی گئی تھی اور کمپنی کی لاپروائی کی وجہ سے اُن پر گرگئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مشروب گرنے سے ان کے جسم کا حصہ شدید جل گیا، نشان پڑگئے اور ان کے مخصوص اعضا کو بہت زیادہ نقصان پہنچا جس کے بعد انہیں ایمرجنسی روم لے جایا گیا۔
مائیکل کے وکیل نک رولی کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد مائیکل کی زندگی ہمیشہ کے لیے تبدیل ہوچکی ہے، اب کوئی بھی رقم مائیکل کو پہنچنے والے مستقل نقصان کا ازالہ نہیں کرسکتی۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ جیوری کا فیصلہ اسٹاربکس کو صارف کی حفاظت کو نظرانداز کرنے اور ذمہ داری قبول کرنے سے انکار پر جواب دہ ٹھہرانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
دوسری جانب اسٹاربکس کا کہنا ہے کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل کا ارادہ رکھتی ہے۔
کمپنی کی ترجمان جیسی اینڈرسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم مائیکل گارسیا سے ہمدردی رکھتے ہیں۔ لیکن جیوری کے دیے گئے اس فیصلے سے متفق نہیں ہے کہ ہم اس کے ذمہ دار تھے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عائد کیا گیا جرمانہ بہت زیادہ ہے۔
ان کے بقول ہم اپنے اسٹورز پر ہمیشہ اعلیٰ حفاظتی معیارات کے لیے پرعزم رہے ہیں جس میں گرم مشروبات کی ہینڈلنگ بھی شامل ہے۔
اسٹاربکس کا مختصر تعارف
واضح رہے کہ اسٹاربکس دنیا کی سب سے مشہور اور بڑی کافی ہاؤس چین ہے، جو اپنے معیاری کافی مشروبات، فرینڈلی کسٹمر سروس، اور منفرد کیفے کلچر کے لیے جانی جاتی ہے۔
اس کا ہیڈکوارٹر سیئٹل، واشنگٹن، امریکہ میں واقع ہے اور 80 سے زائد ممالک میں اسکے لگ بھگ 35 ہزار اسٹورز موجود ہیں۔
اسٹاربکس کی خاص بات اِسکی پریمیئم کوالٹی کافی ہے، جو خاص اقسام کے کافی بینز سے تیار کی جاتی ہے، یہ کمپنی ایسپریسو بیسڈ مشروبات، فریپیچینو، چائے، اور دیگر مشروبات کیلئے بھی پہچانی جاتی ہے۔
اسٹاربکس اپنے چِل آؤٹ کیفے کلچر اور کمفرٹیبل ماحول کے لیے مشہور ہے، جہاں لوگ بیٹھ کر کام کر سکتے ہیں، ملاقاتیں کر سکتے ہیں یا صرف کافی انجوائے کر سکتے ہیں۔
پاکستان میں اسٹاربکس کا کوئی آفیشل آؤٹ لیٹ نہیں ہے، لیکن لوگ اس کی کافی کو خاص طور پر بیرون ملک سفر کے دوران بہت پسند کرتے ہیں۔
بھاری قیمتوں کے سبب اسٹاربکس کو اکثر تنقید کا سامنا رہتا ہے، کیونکہ اس کے مشروبات دیگر مقامی برانڈز کے مقابلے میں کافی مہنگے ہوتے ہیں۔