تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ گزشتہ سال اسرائیل کے خلاف 12 روزہ جنگ نے ثابت کر دیا کہ جب ایران کی خودمختاری اور قومی مفادات کا معاملہ درپیش ہو تو پوری ایرانی قوم تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہو جاتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو درپیش چیلنجز اور بیرونی دباؤ کے باوجود عوام نے قومی یکجہتی کی ایک مثال قائم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران مختلف سیاسی، سماجی اور فکری حلقوں سے تعلق رکھنے والے ایرانی شہری ایک صف میں کھڑے نظر آئے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ 12 روزہ جنگ نے یہ حقیقت واضح کر دی کہ ذاتی پسند، ناپسند اور مختلف نقطہ ہائے نظر سے قطع نظر، جب ہمارے عزیز وطن ایران کا معاملہ آتا ہے تو ہم ایک قوم، ایک بندھی ہوئی مٹھی اور ایک دھڑکتے ہوئے دل کی مانند ہوتے ہیں۔
مسعود پزشکیان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے متحد رہے گا اور کسی بھی بیرونی دباؤ کے سامنے جھکے گا نہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ایرانی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی اور ایران سے متعلق سفارتی و سیکیورٹی معاملات عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
