راولپنڈی ، اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور بیلاروس کے سکیورٹی کونسل کے سٹیٹ سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل الیگزینڈر وولفوچ نے ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کے تنازع، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے اور افغانستان سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔ دریں اثناء پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بیلاروس کے سکیورٹی کونسل کے سٹیٹ سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل الیگزینڈر وولفوچ کی جی ایچ کیو آمد ہوئی، بیلاروسی اعلیٰ سطح کے وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی جبکہ دوطرفہ دفاعی تعاون کے دائرہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں بیلاروس سے تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بیلاروس کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دفاعی و سکیورٹی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، بیلاروسی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل
