اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور برطانیہ نے ترجیحی شعبوں میں تجارت اور تعاون کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ
تجارتی مذاکرات کے ذریعے ٹھوس نتائج کے حصول پر اتفاق کیا ہے۔جمعرات کو وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات میں سیکرٹری تجارت جواد پال اور وزارت تجارت کے سینئر حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر صحت و حیاتیاتی علوم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت و لائیو سٹاک، مالیاتی خدمات، ہوا بازی اور معدنیات سے متعلق خدمات کے شعبوں میں تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون کو وسعت دینے پر غور کیا گیا۔برطانوی سفیر نے طویل مدتی، باہمی طور پر متفقہ شعبوں میں تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ممکنہ شعبوں میں ریگولیٹری اصلاحات، تجارتی سہولت کاری، تعلیم و افرادی قوت کی مہارتوں میں بہتری اور سرمایہ کاری کے لیے مالی معاونت ہو سکے وفاقی وزیر جام کمال خان نے لائیو سٹاک کو تعاون کے اہم شعبے کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی لائیو سٹاک کے شعبے کو مضبوط بنانے، جانوروں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے، ویلیو ایڈیشن اور گوشت کی برآمدات میں اضافے میں گہری دلچسپی ہے۔
