لاہور(این این آئی)پاکستانی طالبعلم محمود برانہ نے ایک بار پھر یونیورسٹی آف گریٹر مانچسٹر میں اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کی حیثیت سے منتخب ہو کرایک نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ وہ گزشتہ سال بھی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر رہ چکے ہیں اور اس سال یونیورسٹی کے طلبہ نے دوبارہ انہیں صدر منتخب کر لیا ہے۔محمود برانہ کو طلبہ کی جانب سے بڑی تعداد میں ووٹ حاصل ہوئے۔ انہیں پاکستان سے تعلق رکھنے والا وہ واحد پاکستانی طالب علم رہنما بھی قرار دیا جا رہا ہے جنہوں نے یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس یونین صدارتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے یہ عہدہ حاصل کیا۔ان کی یہ کامیابی برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی میں طلبہ کی فلاح و بہبود اور ان کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات پر کام کیا ہے، جن میں طلبہ کے لیے فنڈنگ اور گرانٹس حاصل کرنا، سہولیات کو بہتر بنانا اور ضرورت مند طلبہ کو مدد فراہم کرنا شامل ہے۔
