کراچی (نیوز ایجنسیاں )امیر جماعت اسلامی
پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے رابطہ کیا ہے اور امید ہے آئندہ دو دنوں میں وزیراعظم سے ملاقات ہو جائے گی۔ ایک انٹرویو میں حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات ہونے کی خبروں سے متعلق سوال پر دوٹوک کہا کہ فی الحال وزیراعظم سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔حافظ نعیم نے کہا کہ معلوم نہیں کس ذرائع سے ملاقات کی خبریں چلائی گئیں حالانکہ ابھی تک ہماری کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ سے رابطہ کرکے یقین دلایا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات جلد متوقع ہے اور امکان یہی ہے کہ آئندہ دو روز میں وزیراعظم سے ملیں گے۔حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں اب وزیراعظم سے ملاقات ہو تو وہ لیوی کو ختم کرنے کی طرف جائیں کیونکہ آئی ایم ایف سے بھی ان کی ملاقات ہو گئی ہے اب ان کو عوام کو ریلیف دیناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ 150ارب روپے ماہانہ عوام سے پیٹرولیم لیوی لی جارہی ہے 110سے120ارب روپے ماہانہ غریب سے پیٹرولیم لیوی لی جارہی ہے، 9اکتوبر کو چارسدہ میں جماعت اسلامی کا بڑا جلسہ ہے پورا پلان موجود ہے ہم فیلڈ میں موجود ہیں ہمارے لوگ بھی آن بورڈ ہیں وزیراعظم سے ملاقات کا انتظار ہے، وزیراعظم نے ریلیف نہ دیا تو ہم ملتان سے ہی مارچ کا آغاز کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن
