لاہور (کرائم رپورٹر) مغلپورہ کے علاقہ میں عید کیلئے نئے کپڑے نہ ملنے پر 16سالہ نوجوان نے دلبرداشتہ ہو کر پھانسی لے لی۔ پولیس نے نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ مغلپورہ کے رہائشی جواں سالہ بلال نے گھر والوں کو عید کیلئے نئے کپڑوں کا کہا جس پر اہل خانہ نے چند روز رکنے کا کہا تو بلال دلبرداشتہ ہو گیا اور رات گئے کمرے میں جا کر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ اہل خانہ نے جا کر دیکھا تو اس کی نعش پنکھے سے جھول رہی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دیا۔ دریں اثناءسبزہ زار کے علاقہ میں آج صبح سسرالیوں نے خاتون پر بدترین تشدد کرتے ہوئے بال کاٹنے کے بعد چھری کے پے در پے وار کر کے شدید زخمی کر دیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کے شوہر کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ سبزہ زار کی رہائشی طیبہ پروین کو آج صبح طبی امداد کیلئے سرکاری ہسپتال لایا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی جنہیں طیبہ نے بتایا کہ اس کے سسرالیوں نے اس کے سر کے بال کاٹنے کے بعد اس پر بدترین تشدد کرتے ہوئے چھری کے وار کرتے ہوئے اسے زخمی کر دیا۔ پولیس نے طیبہ کے شوہر بابر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔