فیصل آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ فیصل آباد آنے والوں کو اب بہترین اور معیاری سڑک ملے گی، 15 ارب روپے کی لاگت سے سڑک کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، منصوبے پر حکومت پاکستان کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا بلکہ این ایچ اے نے اپنے وسائل سے فنڈز فراہم کیے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کاکہنا تھاکہ ایک سال سے زائد عرصہ قبل چیمبر آف کامرس کے صدر ریحان سے ملاقات ہوئی تھی،جنہوں نے سڑک کی خراب صورتحال کی نشاندہی کی۔ اس وقت وعدہ کیا تھاکہ کام مکمل ہونے کے بعد ہی چیمبر آئوں گا،الحمدللہ اب سڑک کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور تینوں کنٹریکٹرز کام میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ موٹرویز کو سرسبز بنانے کے لئے چار اجلاس کرچکا ہوں،موٹرویز کے درمیان اور دونوں اطراف شجرکاری کی جائے گی۔

