کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں نے شہباز شریف کو 2 دفعہ وزیر اعظم بنوایا، چاہتا ہوں کہ وہ بطور وزیرا عظم 5 سال پورے کریں۔وزیراعلی ہائوس میں سندھ کے گندم کے آبادگاروں کے سپورٹ پروگرام کی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ تقریب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، منتخب نمائندے اور آبادگار شریک ہوئے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو ایک یا ہزار صوبے بننے کی کوئی فکر نہیں ہے، عوام کی فکر معاش ہے، میں وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتا ہوں تاکہ وہ عوام کی معاشی مشکلات کے لیے کام کر سکیں، آپ فضل الرحمان کو پسند کریں یا نہ کریں وہ اپوزیشن کی بینچز پر بیٹھے ہیں، آپ خان صاحب کو پسند کریں یا نہ کریں ان کی جماعت موجود ہے، خان صاحب وہ ہیں جنہوں نے میرے والد کو جیل بھیجا، اگر انتقام پر یقین رکھتا تو کہتا کہ رگڑا دیتے رہو۔ بینظیر ہاری کارڈ کاشت کاروں اور چھوٹے زمینداروں کو ریلیف دینے کے لیے بنایا گیا ہے، کاشت کاروں کو 4 ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جا رہی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ویٹ سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے۔ پوری دنیا میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، افسوس کہ پاکستان میں عوامی مسائل پر توجہ دینے کی روایت ختم ہو گئی ہے، پیپلز پارٹی کا آج بھی فوکس عوام کو ریلیف دینے پر ہے۔ پیپلز پارٹی زرعی شعبے کی مشکل وقت میں امداد کے لیے کوشاں ہے، تھرپارکر اور عمر کوٹ کو آفت زدہ قرار دینے کا بھی خیرمقدم کرتا ہوں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے متاثرہ خاندانوں کو 8 ہزار دینے کا بھی خیرمقدم کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے اسی لیے سندھ حکومت نے 10 لاکھ گھر بنائے، نہ صرف گھر بنائے بلکہ کئی ملین روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے، حکومت سندھ نے کراچی میں خاص طور پر ورلڈ کلاس علاج کی سہولیات دی ہیں، این آئی سی وی ڈی اور جناح سمیت سندھ کے اسپتالوں میں مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ اب عوام کراچی کے جناح اسپتال یا گمبٹ میں جا کر مفت علاج کرا سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کو پیپلز پارٹی کا منشور اپنا لینا چاہیے، سیاسی جماعتیں تمام اختلافات بھلا کر معاشی بحران سے نکلنے پر اتفاق کر لیں، ہم نے شہباز شریف کو دو بار وزیراعظم بنایا، ایک بار ان کے ساتھ کابینہ میں بھی رہا، ہمیں وزیراعظم کو اتنا مضبوط کرنا چاہیے کہ وہ غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کر سکیں، وزیراعظم صاحب اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، جنگ میں بھی وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے امن کے لیے بھرپور کوششیں کیں، وزیراعظم کو معاشی مشکلات سے نمٹنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا، وزیراعظم کو موقع ہی نہیں دیا گیا کہ انہیں اپنا ایجنڈہ سیٹ کرنے دیا جائے، جب بھی وزیراعظم غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنا چاہتے ہیں تو کوئی وزیر اٹھ کر اپنا ایجنڈہ سامنے لے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روایت رہی ہے کہ وزیراعظم کو کمزور کر کے اپنی کرسی کے لیے راہ ہموار کی جاتی ہے، میں چاہتا ہوں کہ شہباز شریف پہلے وزیراعظم بنیں جو پانچ سالہ مدت پوری کریں، پاکستان کی خوشحالی کے لیے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، وزیراعظم کی مرضی ہے کہ وہ میری تجاویز پر دھیان دیں یا نہ دیں، عوام کے اصل ایشوز کی طرف میڈیا اور سیاستدانوں کی توجہ دلاتے رہیں گے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام 27-2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی اے پی کھاد کی سبسڈی بروقت فراہم کرنے اور گندم کے کاشتکاروں کو مزید سہولیات دینے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کو گندم فراہم کرنے والے آبادگاروں کو فی من 2 ہزار روپے اضافی معاوضہ ملے گا۔ حکومت سندھ کے کئی اقدامات ہیں جو لوگوں کو نظر نہیں آتے، کسی نے ایسی عینک لگا رکھی ہے جس کو سب خراب ہی نظر آ رہا ہے وہ سندھ کے عوام سے پوچھ لے، وہ سندھ کے عوام سے پوچھ لیں کہ وہ بار بار پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیتے ہیں، ہمیں عوامی اعتماد کے سوا کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
بلاول بھٹو
شہبا زشریف کو 2 بار وزیر اعظم بنوایا چاہتا ہوں 5 سال پورے کریں بلاول بھٹو

