اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان کو آئین شکنی کے اوپر غنڈہ گردی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تقاضوں کی بات عمران صاحب کی سیاسی منافقت ہے؟ کسے دھوکہ دے رہے ہیں؟۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران صاحب نے قومی اسمبلی میں جو شرمناک تماشا کیا، اسی کو پنجاب میں دوہرایا، قومی اسمبلی میں کی جانے والی آئین شکنی اور غنڈہ گردی پنجاب میں بھی دوہرائی گئی، عمران صاحب آپ کا اور آپ کی کٹھ پتلیوں کا یہ رویہ ہے، جس کی وجہ سے عدالتوں کے دروازے نصف شب کو کھولے گئے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں چوروں کی طرح آپ نے آئین اور پارلیمنٹ پر شب خون مارا تو رات کو عدالت لگی، عمران صاحب آپ تو دن کے اجالے میں آئین کو پامال کرتے اور غنڈہ گردی کرتے ہیں، آئین شکن کے منہ سے آئین کی بات ؟ کچھ شرم ؟ توہین عدالت کے مجرم عدالت سے نوٹس لینے کی اپیلیں کس منہ سے کر رہے ہیں ؟ پہلے گھوسٹ انتخاب سے مجرم کٹھ پتلی عمران صاحب پاکستان پر مسلط ہوئے، پھر آئین شکنی کر کے دوہرا آئینی جرم کیا۔
All posts by Khabrain News
امام الحق نے اپنی شادی کیلئے اہم شرط رکھ دی
لاہور: (ویب ڈیسک ) پاکستانی ٹیم کے بلے باز امام الحق نے اپنی شادی سے پہلے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی شادی کی شرط رکھ دی۔
پاکستانی ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہیں ابھی تک کسی سے محبت نہیں ہوئی اور دعا ہے کہ ہو بھی نہ، شادی کے بارے میں ابھی کچھ سوچا نہیں تاہم وعدہ رہا کہ پہلے کپتان بابر اعظم کی شادی ہو گی پھر میں شادی کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے ایک سال سے ڈیڑھ سال تک شادی کرلوں لیکن ابھی ساری توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے، کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے، سب لوگ اس کے بارے میں بات کرتے اور میمز بناتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔
امام الحق نے کہا کہ بابر اعظم کپتان سے زیادہ اچھے بیٹر ہیں جبکہ انہیں کمار سنگا کارا کا اسٹائل اور ویرات کوہلی کا ایگریشن پسند ہے۔ ویرات کوہلی سے اچھا پرفارم نہ بھی ہو رہا ہو تو وہ گراؤنڈ میں ایک فائٹر کے طور پر دکھائی دیتا ہے اور وہ یہ نہیں دیکھتا کہ مجھے سے رنز ہوئے ہیں یا نہیں لیکن اسی جذبے کے ساتھ کھیلتا ہے اور اس کی یہ چیزیں مجھے پسند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حریف باؤلرز سے تو میچ پڑتا ہی ہے لیکن اس سے ہٹ کر شاداب اور حارث رؤف کے خلاف بیٹنگ کرنے کا مزہ آتا ہے، جب مواقع ملتے اور اعتماد دیا جاتا ہے تو پرفارمنس میں نکھار آتا ہے، کوشش کرتا ہوں کہ جو میچ گزر گیا، اسے بھول کر اگلے میچز پر فوکس کروں۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ خواہش ہے تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کروں، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
نواز شریف نے نون لیگ کی سینئر قیادت کو لندن بلالیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) نواز شریف نے سینئر قیادت کو لندن طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا رواں ہفتے لندن جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کو پاکستانی سیاسی معاملات پر طویل بریفنگ دی۔
‘تحریک انصاف ملک میں مسلسل آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے’
اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) شیری رحمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ملک میں مسلسل آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، صدر مملکت وزیراعظم کا مشورہ ماننے کے پابند ہیں۔
نائب صدر پیپلزپارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر کا وزیراعظم کی بھیجی ہوئی سمری مسترد کرنے کا عمل تشویش ناک اور حیران کن تھا، عارف علوی تحریک انصاف کے کارکن کا کردار ادا کر رہے ہیں، بر طرف گورنر پنجاب نے کئی ماہ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کو مفلوج بنا کر رکھا تھا۔ اُنہیں باعزت طریقے سے مستعفی ہو جانا چاہیے تھا مگر عمر سرفراز چیمہ نے کپتان کی طرح آئینی اختیار کا غلط استعمال کرنا چاہا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا صوبے میں مہنگائی کم کرنے کیلئے اہم فیصلہ
لاہور: (ویب ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبے میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے متحرک ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ازسر نو فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ فوری طور پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو نوٹیفائی کر کے متحرک کیا جائے جبکہ شوگر، فلور، گھی اور پولٹری ایسوسی ایشنز سے مذاکرات کر کے قیمتوں میں کمی لائی جائے اور گھی، آٹے، چینی، چکن و دیگر اشیا کی قیمتیں کم کرنے کے لیے جامع ایکشن پلان بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ قابل عمل پلان کو جلد حتمی شکل دی جائے اور دکانوں پر اشیا کی فہرستیں نمایاں جگہوں پرآویزاں کی جائیں۔ ہمارا فوکس عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے جبکہ اگلے 24 گھنٹے میں پرائس کنٹرول کے لیے مربوط پالیسی کو حتمی شکل دی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں اور سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث سفید پوش طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس کررہ گیا ہے تاہم ہماری حکومت نے عوام کو مہنگائی سے ہر صورت ریلیف دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹیوں کو بھی ازسر نو فعال کیا جائے گا اور صوبے میں کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہو گی۔
طالبان نے خواتین سے متعلق سخت فیصلے واپس نہ لیے تو اقدامات کریں گے، امریکہ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) امریکہ نے طالبان کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ خواتین کے متعلق سخت فیصلوں کو واپس نہیں لیں گے تو ان کے خلاف سخت اقدامات پر مجبور ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ نے کہا ہے کہ اگر طالبان حکومت افغانستان میں خواتین پر غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے، برقع پہننے کی شرط اور لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق اپنے سخت فیصلوں کو واپس نہیں لیتی تو سخت اقدامات پر مجبور ہوں گے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ طالبان سے خواتین کے عوامی مقامات پر برقع پہننے کو لازمی قرار دینے کے حکم کو واپس لینے کے لیے براہ راست بات کی ہے۔
ترجمان نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ اگرخواتین سے متعلق سخت فیصلوں کو واپس نہیں لیا جاتا تو امریکہ طالبان پر دباؤ بڑھانے کے لیے سخت اقدامات بھی اٹھا سکتا ہے۔ ہمارے پاس بہت سے ایسے ٹولز ہیں جنہیں استعمال کر کے طالبان پر دباؤ بڑھایا جا سکتا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان اقدامات اور ٹولز سے متعلق وضاحت نہیں کی تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکہ افغانستان میں امدادی کاموں اور فنڈز کی فراہمی کو مشروط کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امیر طالبان ملا ہبت اللہ اخوندزادہ نے خواتین کو عوامی مقامات پر چہرہ اور سر سے پاؤں تک ڈھانپنے والا برقع پہننے کا حکم دیا جبکہ ایک ماہ قبل ہی امیر طالبان کی مداخلت پر ہی لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولوں کو کھلنے کے ایک ہی گھنٹے بعد دوبارہ بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا جب کہ تاحال خواتین کو ملازمتوں پر واپس سے روک رکھا ہے۔
جنوبی کوریا کے نئے صدر نے حلف اٹھالیا
جنوبی کوریا: (ویب ڈیسک ) جنوبی کوریا کے نو منتخب صدر یون سک یول نے ملکی صدارت کا حلف اٹھا لیا ہے۔ نو منتخب صدر کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کو مکمل ختم کرنا ہوگا۔
پیپلز پاور پارٹی سے تعلق رکھنے والے قدامت پسند یون نے ریمارکس دارالحکومت سیول میں ہونے والی تقریب میں ملک کے نئے رہنما کے طور پر حلف اٹھانے کے بعد دیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں متعدد بحرانوں جن میں وبائی بیماری، موسمیاتی تبدیلی اور بہت سے معاشی اور سماجی مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نئے صدر کے طور پر، میں اپنی قوم کو تازہ ترین بحرانوں سے نکالنے کے کا فرض نبھاوں گا، میں اس عظیم قوم کے لوگوں کی طرف سے سونپے جانے والے عہدے پر بھی شکر گزار ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ ایک بار پھر ان مسائل پر قابو پالیں گے۔
انہوں نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں صدر کے فرائض کو وفاداری کے ساتھ انجام دوں گا، اس کے ساتھ میری توجہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات اور اقتصادی صورت حال پر مرکوز رہے گی ۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن رواں ماہ جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے۔
وائٹ ہاوس کی ترجمان جین ساکی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن دورہ ایشیا میں اپنے جنوبی کوریائی اور جاپانی ہم منصب سے شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگرام پر بات کریں گے۔
میر جعفر اور میر صادق وہ ہیں جو آئین شکنی کرتے ہیں، اکبر ایس بابر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ میر جعفر اور میر صادق وہ ہوتے ہیں جو آئین شکنی کرتے ہیں۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی ،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق معلومات کا قابل بھروسہ ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں معلومات قابل تصدیق اور قابل بھروسہ نہیں ہیں ہمارے اوپر فارن فنڈنگ نہیں ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ہے۔ فارن فنڈنگ وہ ہوتی ہے جو بیرون ملک حکومت سے لی جائے۔
کیس کی سماعت کے بعد اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس پر کل صبح 10 بجے دوبارہ سماعت ہو گی اور ان کے دلائل کے بعد ہم اپنے جوابات کے لیے کچھ وقت لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں اپنی آخرت کو سنوارو لیکن میرا سوال ہے کہ آپ کب اپنی آخرت سنواریں گے ؟ خان صاحب آپ کے دورِ میں ہزارہ کے بہن بھائیوں کو قتل کیا گیا اور ہزارہ برادری کے افراد کی لاشیں سڑکوں پر تھیں، ان کے عزیز وقارب رو رہے تھے اور آپ نے الزام لگایا میں بلیک میل نہیں ہوں گا۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ آپ اپنے گریبان میں جھانکیں، دوسروں کو نہ کہیں بلکہ آپ پہلے خود اپنی آخرت سنوارو۔ میر صادق اور جعفر کا حوالہ بڑا خوفناک ہے کیونکہ میر جعفر اور میر صادق وہ ہوتے ہیں جو آئین شکنی کرتے ہیں۔ عمران خان کا مارچ آزادی مارچ نہیں غلامی مارچ ہے اور آپ پہلے اپنی تحریک انصاف کی بادشاہت ختم کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا این سی او سی فوری بحال کرنے کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کورونا وائرس کے نئے اومیکرون ویرینٹ کا پہلا کیس سامنے آمنے کا نوٹس لے لیا ہے اور فوری طور پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو بحال کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعظم نے وزارت برائے قومی صحت سے اومیکرون ویرینٹ کے نئے سب ویرینٹ کے حوالے سے موجودہ صورتحال سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے ملک میں کورونا وائرس کے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے نئے سب ویرینٹ کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی۔
این آئی ایچ نے ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ جینوم کی ترتیب کے ذریعے اومیکرون کے نئے سب ویرینٹ کو بی اے.2.12.1 کا نام دیا گیا ہے، جس کا ملک میں پہلا کیس سامنے آیا ہے۔
این آئی ایچ نے بتایا تھا کہ اومیکرون کی اس نئی ذیلی قسم کی وجہ سے مختلف ممالک میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے ملک میں کووڈ-19 کے کیسز میں تیزی سے کمی اور بڑی آبادی کی کامیاب ویکسی نیشن کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو31 مارچ کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں کووڈ کے کیسز اور ویکسی نیشن کی شرح کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اب ہم نے اس وبا کے ساتھ زندگی گزارنے کا نارمل طریقہ کار اپنانا ہے اور ایمرجنسی میں بنائے گئے اس ادارے کو بند کرنے کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے پوری قوم کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ ویکسی نیشن کی شرح بہت اچھی سطح تک پہنچ چکی ہے اور وبا کا پھیلاؤ بھی کم ہو گیا ہے، لہٰذا آج این سی او سی کے آپریشن کا آخری دن ہے۔
ون ڈش کا مطلب ون ڈش، پابندی ورنہ کڑی سزا
لاہور: (ویب ڈیسک ) عوام کے لیے بڑا ریلیف، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے شادیوں پر ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت جاری کی ہیں کہ پنجاب بھر میں ون ڈش پر پابندی کے قانون پر من و عن عمل کرایا جائے جبکہ خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
حمزہ شہبازنے کہا کہ ون ڈش پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، اقدام سے عام آدمی اور سفید پوش طبقے کو ریلیف ملے گا، ہماری حکومت عام آدمی کی حکومت ہے، اس لیے ہم ہر وہ قدم اٹھائیں سے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدار ت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں اراکین پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، چوہدری محمد اقبال، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نے شرکت کی۔
متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے، رکن پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ کی اسلام آباد سے ویڈ لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔