لاہور: (ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سابق پاکستانی کرکٹر منصور اختر کو فکسنگ الزامات سے کلیئر کردیا۔اکتوبر دوہزار انیس میں گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ میں پاکستانی کرکٹر عمر اکمل کی جانب سے منصور اختر پر فکسنگ کے لیے اپروچ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سینئر منیجر سٹیو رچرڈسن کی جانب سے منصور اختر کو لکھے گئے خط میں واضح کیاگیاکہ ان پر فکسنگ کا کوئی چارج نہیں لگایا جارہا۔ الزامات کے حوالے سے جاری تفتیش کو ختم کردیاگیاتاہم اگر مستقبل میں اس حوالے سے کوئی نئے شواہد سامنے آئے تو دوبارہ اس کیس کو کھولا جاسکتاہے۔
امریکہ میں مقیم منصور اختر اس ٹیم کے ساتھ منسلک تھے جس کی طرف سے عمر اکمل نے حصہ لیا تھا، عمر اکمل نے پی سی بی اور آئی سی سی کو آگاہ کیا تھا کہ منصور اختر کی جانب سے انہیں میچز کے دوران فکسنگ پر اکسایا گیا تھا۔
All posts by Khabrain News
ڈینیئل ویٹوری نے بابر کو بہترین بلے باز قرار دے دیا
آکلینڈ: (ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ڈینیئل ویٹوری نے بابر اعظم کو عالمی کرکٹ میں موجودہ دور کا بہترین بلے باز قرار دے دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ڈینیئل ویٹوری نے ای ایس پی این کرک انفو کے انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن میں بات چیت کرتے ہوئے بابر اعظم کو اس وقت دنیا کا بہترین بلے باز قرار دیا ہے۔
لیجنڈری لیفٹ آرم سپنر کے مطابق بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز کے دوران اپنی شاندار پرفارمنس کے ساتھ اس وقت سب سے زیادہ ان فارم بلے باز ہیں۔ ویٹوری کا کہنا تھا کہ کھیل کے مختلف فارمیٹس کو مجموعی طور پر بیان کرنا مشکل ہے لیکن اس وقت بابر اعظم سب سے زیادہ انفارم بلے باز رہے ہیں۔
وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو برطرف کر دیا، نوٹیفکیشن جاری
لاہور: (ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو برطرف کر دیا۔ کابینہ ڈویژن نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
گورنر پنجاب سرفراز چیمہ کو ہٹائے جانے کی سمری کے دن پورے ہونے کے بعد آئین اور ضابطے کے مطابق عمر سرفراز چیمہ کو بطور گورنر پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔ نئے گورنر کی تعیناتی تک آئین کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی قائم مقام گورنر ہوں گے۔
نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد عمر سرفراز چیمہ سے سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ گورنر ہاؤس کے باہر سیکورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے مزید نفری تعینات کر دی گئی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق عمر سرفراز چیمہ کو گورنر ہاؤس میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
عوام کیلئے خوشخبری: آٹے و چینی کی قیمتیں کم، گھی پر سبسڈی دینے کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آٹےکا 20 کلو کا تھیلا 950 روپے سے کم کر کے 800 روپے اور ویجی ٹیبل گھی پر 180 روپے فی کلو سبسڈی دینےکی منظوری دے دی ہے۔
اس بات کا فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت منعقدہ ای سی سی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں رمضان ریلیف پیکج کے تحت گندم اور چینی کی قیمتوں پر نظرثانی کی گئی۔
اجلاس کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پسے ہوئے طبقے کے لیے آٹے اور چینی کی قیمتوں پر نظرثانی کی سمری منظور کی گئی ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 950 روپے سے کم کر کے 800 روپے اور چینی کی قیمت 85 روپے سے کم کر کے 70 روپے فی کلوکرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح ویجی ٹیبل گھی پر 180 روپے فی کلو سبسڈی دینےکی بھی منظوری دی گئی ہے۔
جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ای سی سی نے وزیراعظم ریلیف پیکج کی مئی تا جون تک توسیع کی بھی منظوری دے دی ہے۔
رمضان ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی فروخت جاری رکھنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
اجلاس میں پاسکو اور پنجاب کو اضافی گندم خریدنے کی منظوری دی گئی۔ اسی حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ای سی سی کے تحت پاسکو نے 1.20 ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے اور پنجاب نے 3.5 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔
پاسکو کو 0.50 ملین میٹرک ٹن اور پنجاب کو ایک ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کی اجازت دی گئی ہے، پاسکو 28.50 ارب روپے اور محکمہ خوراک پنجاب 145.50 ارب سے گندم خریدے گا۔
ای سی سی نے ملکی طلب کے مطابق 3 ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے جب کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری مؤخر کردی گئی ہے۔
سری لنکا: مظاہروں کے دوران جھڑپوں میں 5 افراد ہلاک، مستعفی وزیراعظم کا گھر نذر آتش
کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں مالیاتی بحران پر قابو پانے میں ناکامی پر حکومت کے خلاف جاری احتجاج میں شدت آتی جارہی ہے اور جھڑپوں میں اب تک 5 افراد ہلاک اور 190 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق راجا پاکسےکے وزارت عظمیٰ سے استعفےنے ان کے حامیوں کو بھی مشتعل کردیا جس پر انہوں صدارتی دفتر کے باہر احتجاج کرنے والے حکومت مخالف مظاہرین پر حملہ کردیا جس سے صورتحال مزید خراب ہوگئی۔
مشتعل مظاہرین نےکرونیگالا شہر میں راجا پاکسےکا آبائی گھر نذر آتش کردیا جب کہ کولمبو کے قریب بھی مشتعل افراد نے سابق وزیر اور حکومتی جماعت کے 2 اراکین پارلمینٹ کے گھر جلادیے۔
خیال رہےکہ مظاہرین مستعفی وزیراعظم راجا پاکسےکے بھائی اور سری لنکا کے صدرگوتابایا راجا پاکسے سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ان کے دفتر کے باہر ایک ماہ سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں مالیاتی بحران بدترین ہوگیا ہے،حکومت کے پاس تیل کی درآمدکے لیے غیر ملکی کرنسی کا بحران ہے اور تیل کی قلت کے باعث ملک کو بجلی کی بھی شدید کمی کا سامنا ہے، شہری پیٹرول اور ایندھن کے لیے گھنٹوں قطار میں لگنے پر مجبور ہیں۔
شان مسعود نے انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا
لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپنر شان مسعود نے انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کا پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیت لیا۔
شان مسعود نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر اپریل کے مہینے کا پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ اپنے نام کیا۔
شان مسعود نے انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ڈربی شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے اپریل میں دو ڈبل سنچریاں اسکور کیں۔
شان مسعود کا مقابلہ تین کاؤنٹی کے کھلاڑیوں کے ساتھ تھا، انہوں نے بین کانمٹن، کیتھ بارکر اور ہیری بروکس کے مقابلے میں 46 فیصد ووٹ حاصل کر کے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد شان مسعود کا کہنا تھا کہ مارنس لبوشین کی کاؤنٹی چیمپئن شپ میں بہترین پرفارمنس ایک مثال ہے،بیٹنگ کے حوالے سے ان سے بات چیت کرتا رہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کاؤنٹی چیمپئن شپ کھلاڑی کو بہترین ماحول مہیہ کرتی ہے ، یہ کھلاڑی پر ہوتا ہے کہ وہ کاؤنٹی کرکٹ کا اپنے کیریئر میں کتنا فائدہ اٹھاتا ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، چھوٹی بہن کے بچھڑ جانے نے زندگی میں بہت کچھ سکھایا، میں نے خود پر پریشر کو ہاوی کرنا چھوڑ دیا ہے اور کرکٹ انجوائے کرتاہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں 14 کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچ کھیلوں گا جن میں نامور سابق کھلاڑیوں سے ملنے کا موقع ملے گا۔
اس کے علاوہ شان نے کہا کہ ڈربی شائر میں ہیڈکوچ مکی آرتھر کے ساتھ کام کرنے سے بہت فائدہ ہور ہاہے۔
واضح رہے کہ شان مسعود اپنے کیریئر میں پہلی بار کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ڈربی شائر کی نمائندگی کررہے ہیں۔
عمران نیازی نریندرمودی کی زبان بولنا بند کریں، شرجیل میمن
کراچی: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران نیازی نریندر مودی کی زبان بولنا بند کریں، دشمن ممالک کو خوش کرنے کے لیے عمران نیازی ایک خطرناک ایجنڈے پر گامزن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ملک میں افراتفری ، انارکی اور شرانگیزی پھیلانا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستانی عوام کسی بھی صورت میں قبول نہیں کرے گی کہ عمران نیازی ملک کے اہم ترین اداروں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی عوام اپنی افواج، عدلیہ اور الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اگر نفرت انگیزی کے ایجنڈے سے عمران نیازی باز نہ آئے، تو محبت وطن عوام عمران خان کے اس پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ سے شروع ہوکر جھوٹ پر ختم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اعلیٰ عہدیداران ، وزرا، اور اراکین اسمبلی فیصلہ کریں کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا ملک کو نقصان پہنچانے والے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کا انشورنس پروگرام کے تحت بیروزگاری الاؤنس دینے کا فیصلہ
دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بیروزگار ہوجانے والے ملازمین کو مخصوص عرصے تک خصوصی الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں محمد بن راشد المکتوم نے ملازمین کے لیے ایسا انشورنس پروگرام متعارف کرایا ہے جس کے تحت ملازمین کے بیروزگار ہونے پر محدود عرصے تک بیروزگاری الاؤنس دیا جائے گا۔
بیروزگاری الاؤنس ایسے ملازمین کے لیے ہے جن کی نوکری اچانک کسی بھی وجہ سے ختم ہوجائے۔ یہ الاؤنس ایسے ملازمین کو نئی ملازمت ملنے تک مالی تحفظ فراہم کرے گا۔
دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اس الاؤنس کا مقصد متحدہ عرب امارات میں لیبر مارکیٹ کی مسابقت کو بڑھانا، ملازمین کی حفاظت کرنا اور روزگار کا ایک مستحکم ماحول قائم کرنا ہے۔
بیروزگاری الاؤنس دینے کا فیصلہ دبئی کے حکمراں محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اس اجلاس میں معیشت، تعلیم اور تجارت کے حوالے کئی دیگر بڑے فیصلے بھی کیے گئے۔
بیروزگاری الاؤنس سے متعلق مزید تفصیلات متعلقہ وزارتوں کی منظوری اور انشورنس پروگرام کی تکمiل کے بعد فراہم کی جائیں گی۔
عمران نیازی اس قوم کا میر جعفر اور میر صادق ہے، مولانا فضل الرحمان
پشاور: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار کے حوالے سےچارج شیٹ جاری کردی جس میں کہا گیا کہ عمران نیازی اس قوم کا میر جعفر اور میر صادق ہے اور اپنے ایجنڈے کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے تشویش میں مبتلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کو پوری دنیا میں رسوا کررہا ہے، اس نے ساڑھے تین سال ملک کو تباہ و برباد کردیا، ملک کو معاشی اور اخلاقی طور پر تباہ جبکہ سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار کردیا۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا ہمارے دفاعی ادارے کے خلاف بیانات کا مقصد فوج کو تقسیم کرنا ہے، ہم نے ادارے کی کسی فرد کی رائے یا اس کے کسی اقدام سے اختلاف کیا ہے لیکن فوج کی بحیثیت دفاعی ادارہ ہمیشہ احترام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیانات فوج میں انتشار ڈالنے کے لیے ہیں، ایلیٹ کلاس کی ایک لابی اس کے پیچھے ہے، ہم ملک اور ملکی اداروں کو تباہ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اداروں اور اس کے جغرافیائی سرحدات کی حفاظت کریں گے، اسلامی سربراہی کانفرنس میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی اور اب وہ ایک خاص قسم کی لابی کی پشت پناہی سے دفاعی ادارے کو تقسیم کرنا چاہتا ہے جو بہت بڑا جرم ہے، امریکا کی آنکھوں میں کھٹکنے والا سی پیک منصوبہ امریکا کے کہنے پر ساڑھے تین سال منجمد کئے رکھا۔
سری لنکا؛ حکومتی رکن اسمبلی نے مشتعل مظاہرین کے ہتھے چڑھنے پر خودکشی کرلی
کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں مارے جانے کے خوف سے حکمراں جماعت کے رکن اسمبلی نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں حکومت کے خلاف پُرتشدد مظاہرے جاری ہیں اور اس دوران مشتعل مظاہرین نے حکمراں جماعت کے رکن اسمبلی کی کار کو گھیرے میں لے لیا۔
رکن اسمبلی نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی جس سے تلخ کلامی بڑھ گئی جس پر رکن اسمبلی نے براہ راست مظاہرین پر گولیاں برسادیں جس سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
اس کے بعد رکن اسمبلی نے ایک عمارت میں پناہ لے لی تاہم وہاں بھی سیکڑوں مشتعل مظاہرین لوہے کی راڈیں، ڈنڈے اور چاقو تھامے پہنچ گئے اور عمارت کا محاصرہ کرلیا۔
رکن اسمبلی نے خوف زدہ ہوکر خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔