تحریک انصاف کے اسلام آباد میں متوقع لانگ مارچ نے پی سی بی حکام کو بھی پریشان کردیا۔
ذرائع کےمطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف جون میں شیڈول سیریز کے لیے بورڈ حکام نے راولپنڈی کے ساتھ متبادل آپشن پر بھی مشاورت شروع کردی ہے۔
ویسٹ انڈیزکی ٹیم کی پانچ جون کو راولپنڈی آمد طے ہے، ون ڈے میچز 8، 10 اور 12 جون کو ہونے ہیں۔
ملکی سیاسی صورتحال کو دیکھتےہوئے سیریز کا مقام تبدیل کرنے کی صورت میں کراچی سمیت دیگر شہروں کو متبادل وینو کے لیے استعمال کرنے پر غور ہورہا ہے۔
بورڈ آفیشل نے پلان بی پر مشاورت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متبادل شہروں کا آپشن ضرور زیر غور ہے تاہم اس پر ابتدائی بات چیت کے سوا اب تک کچھ نہیں ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ سیریز اعلان کردہ شیڈول کے مطابق راولپنڈی میں ہوگی، کسی بھی فیصلہ پر پہنچنے سے پہلے حکومت سے بھی بات کریں گے۔
All posts by Khabrain News
ڈرامہ سے پہلے دیکھنے والوں کا نظریہ بدلنا ضرروی: صبور علی
اداکارہ صبور علی نے کہا ہے کہ یکسانیت کے شکار ڈرامہ کو بدلنے سے پہلے دیکھنے والوں کا نظریہ بدلنے کی ضرورت ہے۔
ایک انٹرویو میں صبور علی نے کہا کہ ہمارے ہاں اگر کسی اداکار یا اداکارہ کا ایک منفی کردار ایک بار ہٹ ہو جائے تو اسے مسلسل منفی کردار ملتے رہتے ہیں، یہ رویہ تبدیل ہونا چاہئے۔
صبور علی کا کہنا تھا کہ یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ لوگ ہمیں منفی کردار پر برا بھلا بھی کہتے ہیں اور ان کرداروں کو پسند بھی کرتے ہیں۔ ہمارا بھی دل چاہتا ہے کہ ہم مختلف اور اچھے سے اچھا کام کریں لیکن ناظرین کا اسے قبول کرنا بھی بہت ضروری ہوتا ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 18 مئی سے مذاکرات شروع ہونے کا امکان
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 18 مئی سے مذاکرات دوحہ میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف سے بات چیت میں پیشرفت کے لیے حکومت کو پٹرول اور بجلی پر سبسڈی ختم کرنا ہوگی۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر ماہانہ 65 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے سبسڈی مرحلہ وار ختم کرنے کی یقین دہانی کرائے جانے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف سے منظوری کے بعد ایک ارب ڈالر فنڈز کے اجرا میں مدد ملے گی۔ جولائی 2019 میں آئی ایم ایف نے 6 ارب ڈالر پیکج کی منظوری دی تھی۔
آصف زرداری کی قومی اداروں کیخلاف نفرت انگیز مہم چلانے کی پر زور مذمت
سابق صدر آصف علی زرداری نے قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتساب سے بچنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے۔
آصف علی زداری نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کی منتخب پارلیمنٹ کے ہاتھوں ایک آئینی عمل کے ذریعے اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران ذہنی توازن کھو چکا ہے، وہ شخص اب قومی اداروں پر حملہ آور ہو رہا ہے، قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن کیسز اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے، جن میں سزا سے بچنے کے لئے وہ قومی اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
پی پی رہنما آصف علی زرداری نے کہا کہ اقتدار کے لالچ میں عمران نیازی تمام حدیں پار کرتا ہوا جس نہج پر جا رہا ہے وہ ملک کو ایک مرتبہ پھر دولخت کرنے کی سازش لگتی ہے، سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلوانے کے علاوہ عمران خود جلسوں میں جھوٹ پر مبنی سازشی بیانیے کے ذریعے لوگوں کے جذبات بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے، کرسی کی خاطر نفرت پھیلا کر نہ صرف پاکستان کا نقصان کر رہا ہے بلکہ قومی اداروں کا بھی نقصان کر رہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران کی انہی حرکتوں کی وجہ سے پچھلے پونے چار سال میں ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے کی جانب گیا۔
ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں جلد انتخابات کرائیں: شیخ رشید
شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں جلد انتخابات کرائیں، نواز شریف نے 14مرتبہ فوج اور آرمی چیف پر تنقید کی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی ف، ن لیگ نے بھی عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے، پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتیں انتخابی عوامی رابطہ مہم شروع کرچکی ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم کو حنیف عباسی کی بطور معاون خصوصی تقرری کے فیصلہ پر نظرثانی کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے حنیف عباسی کی بطور معاون خصوصی برائے وزیر اعظم کے خلاف شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حنیف عباسی کو ٹرائل کورٹ سزا دے چکی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے صرف ان کی سزا معطل کی ہے۔
چیف جسٹس نے شیخ رشید کوروسٹرم پر بلا کر ریمارکس دیئے کہ جلسوں میں روز کہا جاتا ہے کہ عدالتیں رات کو کیوں کھلی ؟ اس عدالت میں لاپتہ افراد، بلوچ سٹوڈنٹس کیسز ہیں، عوام کا اعتماد خراب نہ کریں، منگل تک کا وقت دیتے ہیں سوچ لیں کہ عدالت پر اعتماد ہے یا نہیں، کیس دوسری عدالت منتقل کر دیتے ہیں۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ سوچ سمجھ کر آئے ہیں اور عدالت پر مکمل اعتماد ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی ایکسپورٹ پر پابندی لگا دی
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی ایکسپورٹ پر پابندی لگا دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ضرورت کو پہلے پورا کرنا ہے، قیمت کو مستحکم کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکسپورٹ پر پابندی کے ساتھ سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کا بھی حکم دے دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ وزیراعظم نے اپنے احکامات پر موثر عمل درآمد سے مسلسل آگاہ کرنے کی بھی متعلقہ اداروں کو ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ غفلت اور کوتاہی ہوئی تو متعلقہ افسر اور عملہ ذمہ دار ٹھہرائیں گے۔
ڈالر ایک روپیہ مہنگا ، 187.55روپے کا ہو گیا
انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہو گیا۔کرنسی ڈیلرزایسوسی ایشن کے مطابق انٹربینک میں ڈالر1 روپے سے زائد مہنگا ہوگیا ہے، ڈالر 187.55 پیسوں کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔کرنسی ڈیلر نے کہا کہ 16 اپریل کوڈالر 181.55 پیسوں کی سطح پرموجود تھا، اب تک ڈالر 6.15 روپے تک مہنگا ہوچکا ہے۔
نوید اصغر کو چیئرمین واپڈا مقرر کرنے کا فیصلہ، سمری وزیر اعظم کو ارسال
حکومت نے واٹر اینڈ پاور ڈیلوپمنٹ اتھارٹی چیئرمین کے عہدے کی ذمہ داریاں نوید اصغر کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے متعلق سمری وزیر اعظم پاکستان اور کابینہ ڈویژن کو ارسال کردی گئی ہے۔
ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ’ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد وزارتِ آبی وسائل نے چیئرمین کے عہدے کی ذمہ داری مالیاتی رکن نوید اصغر کو سونپنے کی سمری وزیر اعظم کے دفتر بھیجی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بدھ کو کابینہ ڈویژن کے اجلاس میں سمری منظور کرلی جائے گی۔
عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ سمری میں لفٹیننٹ جنرل مزمل حسین کے تحریری استعفے کے بعد سرکاری ضروریات کی بنیاد پر نوید اصغر کو تعینات کرنے کی وجوہات درج کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ مزمل حسین نے زاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئےعہدے سے استعفیٰ دیا ہے، انہوں نے پانچ سال چیئرمین واپڈا کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔
لفٹیننٹ جنرل مزمل حسین کو 24 اگست 2016 کو اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے ظفر محمود کی جگہ چیئرمین واپڈا تعینات کیا تھا۔
مزمل حسین کا کنٹریکٹ گزشتہ سال 24 اگست کو ختم ہوگیا تھا لیکن پی ٹی آئی کی زیر قیادت وفاقی حکومت نے انہیں مزید پانچ سال کی توسیع دے دی تھی۔
خیال رہے سابق چیئرمین واپڈا ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین نے زاتی وجوہات کی بنیاد پر 7 مئی کو عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
ان کے اچانک استعفے نے لوگوں کو حیران کردیا تھا کیونکہ ان کے دور میں ملک کے پانی اور بجلی کے شعبے میں بہتری آئی تھی، سوشل میڈیا پر کچھ بلاگرز نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ مزمل حسین نے سابق وزیر اعظم کو ہٹانے کی حالیہ تحریک عدم اعتماد کے دوران پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی حمایت میں عہدے اےاستعفیٰ دیا ہے۔
اپنے استعفے میں سبکدوش ہونے والے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پچھلے 5 سالوں میں کچھ شاندار سنگ میل حاصل کیے ہیں، جس میں کئی ہائیڈرو پاور پراجیکٹس شامل ہیں جو پہلے پیچیدگیوں اور تاخیر کا شکار تھے۔
ان منصوبوں میں نیلم جہلم، کچھی کینال، تربیلا چوتھی توسیع اور گولن گول شامل ہیں۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ 2 کھرب 60 ارب روپے سے زائد کی لاگت کے 10 سے زائد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیامر بھاشا، مہمند، داسو اور سات دیگر جیسے نظر انداز کیے گئے ڈیموں کی بروقت تکمیل پاکستان کو سستی توانائی پر خود انحصار کرنے اور پانی کے ذخیرہ کو دگنا کرکے مستقبل میں قوم کی خوشحالی کا ذریعہ بنے گی۔
مزمل حسین نے استعفیٰ میں کہا کہ ’وزیر اعظم، میں ذاتی اور خاندانی مجبوریوں کی وجہ سے اس عہدے پر آگے مزید کام کرنے سے قاصر ہوں اور بطور چیئرمین واپڈا اس مشکل ذمہ داری سے استعفیٰ دینا چاہتا ہوں‘۔
مسجد میں شوٹنگ کا الزام: صبا قمر اور بلال سعید کیس سے بری
لاہور کی مسجد وزیر خان میں گانے کی شوٹنگ کے الزام پر اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کو بری کردیا گیا۔
لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج محمد مشتاق نے صبا قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواستیں منظور کیں اور انہیں بے قصور قرار دیا۔
واقعے کا پس منظر کیا تھا؟
خیال رہے کہ اگست 2020 میں صبا قمر اور بلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔
سوشل میڈیا پر دونوں فنکاروں نے اپنے گانے ‘قبول ہے’ کے ٹیزر کے ساتھ کیپشن شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے لکھا کہ ‘یہ وہ واحد حصہ ہے جو تاریخی وزیر خان مسجد میں فلمایا گیا تھا، یہ میوزک ویڈیو کا تعارفی حصہ ہے جس میں نکاح کا منظر پیش کیا گیا ہے، اسے نہ تو کسی طرح کے پلے بیک میوزک کے ساتھ فلمایا گیا تھا اور نہ ہی یہ میوزک ٹریک کا حصہ ہے’۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ان دونوں نے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے ساتھ ساتھ مقدس مقام کی بے حرمتی کی ہے لہٰذا دونوں کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔
بعد ازاں دونوں شخصیات کی جانب سے اس معاملے پر معافی بھی مانگی گئی تھی جب کہ محکمہ اوقاف نے مسجد میں گانے کی شوٹنگ کی اجازت دینے پر مسجد کے مینیجر کو معطل کر دیا تھا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام چار بجے ہوگا، ایجنڈا جاری
اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام چار بجے ہوگا جس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
ایجنڈے کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل مالیاتی اور قرض پالیسی جنوری 2022 پیش کریں گے جب کہ اس دوران وسط سال بجٹ جائزہ رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
ایجنڈے کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال عمومی شماریات ازسرنو تنظیم ترمیمی آرڈیننس پیش کریں گے۔
ای او بی آئی کی پنشن میں اضافہ نہ ہونے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔