ہنزہ: (ویب ڈیسک) ہنزہ کے قریب گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کی صورتحال بدتر ہو گئی، ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔ ہنزہ کی آدھی آبادی کیلئے مستعمل پینے کا واحد واٹر چینل بھی تباہ ہو گیا، انٹرنیٹ سمیت تمام مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔
شیشپر گلیشیئر سے پانی کا اخراج کم ہو گیا مگر سیلابی صورتحال کے باعث ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں ۔ اہم شاہراہ پر پل، مکانات اراضی، دو پاور ہاؤس سمیت پینے کے پائپ بھی متاثر ہوئے ہیں۔
مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو متاثرین کو فوری امداد پہنچانے کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام واٹر چینل، انٹرنیٹ سسٹم سمیت تمام مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے علاقے کا دورہ کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر کے کے ایچ پر ایمرجنسی پل کی تعمیر اور متاثرین کی بھرپور امداد کا یقین دلایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چھوٹی گاڑیوں کےلئے متبادل راستے سےٹریفک گزار دی گئی ہے جبکہ ہیوی ٹریفک کے لئے ایک ہفتے کے اندر متبادل ایمرجنسی پل لگایا جائے گا۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے حسن آباد کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور علاقے میں ہونے والے نقصانات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ اس وقت صورتحال انتظامیہ کے قابو میں ہے، متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ۔
All posts by Khabrain News
حمزہ شہباز نے جنوبی پنجاب میں کپاس کی کاشت کیلئے پانی کی قلت کا نوٹس لے لیا
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلی حمزہ شہباز نے جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کو کپاس کی بروقت کاشت میں درپیش مسائل خصوصا پانی کی قلت کا فوری نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے چیف سیکرٹری پنجاب کو کپاس کی بروقت کاشت یقینی بنانے اور پانی کی قلت دور کرنے کے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سیکرٹری زراعت اور سیکرٹری آبپاشی سے میٹنگ کرکے کپاس کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات کئے جائیں۔
انہون نے مزید ہدایت دی کہ ان تمام اقدامات کی رپورٹ جلد وزیر اعلی آفس پیش کی جائے۔
خلع کا فیصلہ اور سنگین الزامات: عامر لیاقت نے دانیہ شاہ کو ان فالو کر دیا
لاہور : (ویب ڈیسک) گزشتہ روز سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر خلع کی خبروں کے بعد رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کو ان فالو کر دیا۔
گزشتہ روز عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے ایک انسٹا اسٹوری شیئر کی تھی جس میں انھوں نے آگاہ کیا تھا کہ انھوں نے شوہر سے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
بعد ازاں دانیہ شاہ نے عامر لیاقت پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ وہ نشہ آور ہو کر آئے روز تشدد کا نشانہ بناتے، عامر لیاقت جیسے دکھتے ہیں ویسے بالکل نہیں ہیں۔
دانیہ شاہ کا کہنا تھا کہ شادی کے 4 ماہ کسی اذیت سے کم نہیں تھے، عامر لیاقت نشہ کرکے تشدد کرتے تھے، وہ شیطان سے بھی بدتر ہے۔
عامر لیاقت کی جانب سے پہلے ان تمام الزامات کی تردید کی گئی لیکن بعد میں ان کی جانب سے بھی دانیہ شاہ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے متعدد وائس نوٹ جاری کیے گئے۔ایک اسٹوری میں عامر لیاقت نے اہلیہ کو ان فالو کرنے کا اعلان کیا اور اپنی انسٹا اسٹوری میں اپنی پہلی اور دوسری اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’گوکہ دونوں کو طلاق نہیں دی لیکن وہ دونوں غیرت مند اور باحیا تھیں، دونوں نے میری عزت کی حفاظت کی، اُن دونوں نے پہلے اپنے نام کے ساتھ میرا نام ہٹایا اور پھر طلاق مانگی۔‘
اُنہوں نے دانیہ شاہ کو کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اور تُم کتنی بہادر ہو کہ 15 سال کی عُمر میں طلاق لینے چل پڑی ہو، میں اب تمہیں اَن فالو کرتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ 10 فروری 2022 کو عامر لیاقت کی تیسری شادی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
اس سے قبل عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ طوبیٰ نے بھی عامر لیاقت پر الزامات عائد کرتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
مودی نے ملنے والے تحائف سے جمع 100 کروڑ بھارتی روپے سے کیا کیا؟
ممبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں آج کل سابق وزیراعظم عمران خان کو دیگر ممالک سے ملنے والے قیمتی تحائف کے توشہ خانہ سے سستے داموں خرید کر انہیں مہنگے داموں فروخت کرنے کے چرچے زبان رد عام ہیں۔
پاکستان میں اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے عمران خان پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے بطور وزیراعظم دیگر ممالک سے ملنے والی قیمتی گھڑیاں، گاڑیاں اور دیگر نوادرات دبئی میں مہنگے داموں فروخت کر کے کروڑوں روپے کمائے جبکہ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کا مؤقف ہے کہ عمران خان کو ملنے والے تحفے ان کی ملکیت تھے اور ان کی مرضی ہے کہ وہ ان تحفوں کو کس قیمت پر فروخت کرتے ہیں۔
اب اس حوالے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ایک پرانا ویڈیو کلپ بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ خود کو ملنے والے تحائف کے بارے میں بتا رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں نریندر مودی ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ جب میں گجرات کا وزیراعلیٰ تھا تو لوگ مختلف قسم کے تحائف دیتے تھے، کبھی کوئی شال دے دیتا تو کبھی کوئی چاندی کی تلوار اور کبھی کوئی اچھا سا تاج محل دے دیتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ بہت شاندار پینٹنگز بھی دیتے تھے، میں بھی انسان ہوں میرا بھی دل کرتا کہ اس پینٹنگ کو گھر کی دیوار پر لگاؤں گا کہ کبھی مہمان آئیں گے تو اچھا لگے گا۔
نریندر مودی نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ ’آپ کا بھی دل کرے گا یا نہیں کرے گا؟‘ جس پر شرکاء نے جواب دیا کہ ’کرے گا‘ لیکن بھارتی وزیراعظم ہاتھ پر ہاتھ مار کر کہتے ہیں کہ میرا دل نہیں کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے جو تحائف ملتے تھے میں ساری چیزیں توشہ خانہ میں ڈال دیتا تھا جس پر وہ بھی بہت تنگ آ گئے، پھر میں نے ان چیزوں کی قیمت لگوانا شروع کی اور پھر ان کی نیلامی کروانا شروع کی۔
بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا ہمارے ملک میں یہ باتیں ہوتی ہیں کہ فلاں حکومت جاتے ہوئے اتنی چیزیں ساتھ لے گئی لیکن میں دعوے سے کہتا ہوں کہ جب میں نے گجرات چھوڑا تو بطور وزیراعلیٰ مجھے جو چیزیں ملیں میں نے ان کی عوامی سطح پر نیلامی کروائی اور اس سے جو رقم ملی وہ لڑکیوں کی تعلیم پر خرچ کی۔
نریندر مودی نے بتایا کہ ملنے والے تحائف اور بعد میں لوگ مجھے جو چیک دیتے تھے ان کی مد سے 100 کروڑ سے زیادہ رقم جمع ہوئی جو میں سرکار کو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے دیکر گیا۔
’بیرونی سازش میں اندرونی سہولت کاروں کے ذریعے مداخلت کر کے جمہوریت کا قتل کیا گیا‘
لاہور : (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ بیرونی سازش میں اندرونی سہولت کاروں کے ذریعے مداخلت کر کے جمہوریت کا قتل کیا گیا۔
ایک بیان میں گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے 2 اعلامیوں میں بیرونی سازش کی تصدیق کے بعد شک کی گنجائش نہیں رہی۔
ان کا کہنا ہے کہ بیرونی سازش کے ذریعے جمہوریت، آئین اور قانون کا قتل کیا گیا، بیرونی سازش میں اندرونی سہولت کاروں کے ذریعے مداخلت کر کے جمہوریت کا قتل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی سازش میں اندرونی سہولت کاروں کے ذریعے پارلیمان کی بالادستی تہس نہس کی گئی، یہی واردات پنجاب میں دہرانے کی کوشش کی گئی۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ آئین و قانون اور سیاسی تاریخ کی روشنی میں اس کا راستہ روکنےکی کوشش کی ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عدلیہ، پارلیمینٹیرینز اور سیاسی جماعتوں کا کردار اس بحران میں انتہائی اہم ہے، عدلیہ، پارلیمنٹیرینز اور سیاسی جماعتوں کا عمل قوم کے سامنے ہے۔
حکومت نے ایف آئی اے کی پیکا ایکٹ کی شق 20 کی بحالی کیلئے دائر پٹیشن واپس لے لی
لاہور : (ویب ڈیسک) حکومت نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) کی طرف سے پیکا ایکٹ کی شق 20 کی بحالی کے لیے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن واپس لے لی۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھاکہ بشام میں سگنل نہ ہونے کی وجہ سے وزیراعظم شہباز شریف کو پٹیشن دائر کرنے کا بروقت پتا نہ چل سکا، یہ پٹیشن آزادی اظہار رائے کو یقینی بنانے کی حکومتی پالیسی کے خلاف ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق وزیراعظم نے ایف آئی اے کی جانب سے پٹیشن دائر کرنے کا سخت نوٹس لیا ہے اور اسے واپس لے لیا گیا ہے۔
اس سے پہلے پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے مشترکہ بیان میں پیکا ایکٹ شق 20 کی بحالی کے لیے ایف آئی اے کی اپیل پر اظہارِ تشویش کیا تھا ۔
دوسری جانب ترجمان ایف آئی اے نے ایک بیان میں اعتراف کیا ہے کہ وفاقی ادارے نے وزارت داخلہ اور حکومت کی اجازت کے بغیر درخواست دائر کی تھی جو واپس لی جا رہی ہے۔
شفقت، خلوص اور صبر کا پیکر ، ’ماں سے محبت کے اظہار کا عالمی دن‘
لاہور : (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں آج ماں سے محبت کے اظہار کا دن منایا جا رہا ہے۔
ماں ایک ایسی ہستی ہے جسے شفقت، خلوص اور صبر کا پیکر بناکر دنیا میں اتارا گیا، ماں قدرت کا وہ تحفہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں عظیم قربانیاں دے کر بچوں کو پروان چڑھانےوالی ہستی ماں کو سلام پیش کرنا ہے۔
زندگی کی کتاب کا سب سے حسین کردار ماں ہی تو ہے کیوں کہ ماں تم سا کوئی نہیں ہے۔
کرس گیل آئی پی ایل سے دور ہو گئے کیونکہ ۔ ۔ ۔
لندن : (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈین اسٹار کرس گیل پذیرائی نہ ملنے پر انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) سے دور ہو گئے۔
کرس گیل نے کہا کہ لیگ میں وہ مقام نہیں دیا گیا جس کا وہ خود کو اہل خیال کرتے تھے لہذا اس بار ڈرافٹ میں ہی شرکت نہیں کی تھی۔برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں گیل نے آئی پی ایل انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مجھے وہاں قابل قدر مقام نہیں مل سکا حالانکہ میں نے کئی برسوں تک اس لیگ میں پرفارم کیا تھا۔
گیل پنجاب کنگز کا حصہ رہے لیکن انھیں خاطرخواہ مواقع میسر نہیں آسکے تھے۔
سوناکشی سنہا نوجوان اداکار ظہیر اقبال کی محبت میں مبتلا؟اداکار کا موقف بھی آگیا
ممبئی : (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے اداکار ظہیر اقبال نے اداکارہ سوناکشی سنہا سے معاشقے کی خبروں کو افواہ قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار ظہیر اقبال نے وضاحت پیش کی ہے کہ میرے اور سوناکشی کے قریبی اور گہرے تعلقات کی باتیں من گھڑت ہیں، اب مجھے اس طرح کی جھوٹی خبروں کا کوئی اثر بھی نہیں ہوتا، افواہ پھیلانے والوں کو یہ سوچ کر خوشی ہوتی ہے کہ میرا اداکارہ سے کوئی چکر ہے تو وہ یہ حقیقت سمجھ کر سوچتیں رہیں جو ان کے لیے بہتر ہے۔ظہیر کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو سوناکشی اور میرے تعلقات کا سن کر دکھ ہوا ہے تو براہ کرم وہ ایسی جھوٹی خبریں نہ پھیلائیں۔
اپنے ایک انٹرویو کے دوران اداکار نے بتایا کہ مجھے سلمان خان ہمیشہ سے نصیحت کرتے آئے ہیں کہ بالی ووڈ میں ایسی باتیں پھیلتی ہیں، ہمیں بس من گھڑت باتوں پر توجہ نہیں دینا چاہیے۔خیال رہے کہ سوناکشی کے مداحوں کو ان کی نئی فلم ’ہاری ہارا ویرا ملو‘ کا بے صبری سے انتظار ہے۔
ماں سے محبت کیلئے ہر لمحہ اور 365 دن بھی کم ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا مدرز ڈے پر پیغام
لاہور : (ویب ڈیسک) آج دنیا بھر میں ماؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ ماں سے محبت کے لئے ہر لمحہ اور 365 دن بھی کم ہیں۔
عالمی مدرز ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ہرماں عظیم ہے،تمام ماؤں کوسلام پیش کرتاہوں، ہر ماں کی صحت اورسلامتی کیلئےدعاگوہوں، ماں کاوجودسراپامحبت ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نےمزید کہا کہ ماں اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت ہے، ماں جیسی عظیم ہستی سے اظہار محبت کے لئے ایک دن مخصوص نہیں کیا جاسکتا۔ یہ ناچیز اپنی ماں کی دعاؤں سے ہی وزارت اعلیٰ کے منصب پر ہے ، ساڑھے تین سال کے بعد قطر میں والدہ محترمہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا ، میں وطن عزیز کے لئے جان کی قربانی پیش کرنے والے ہر شہید کی ماں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں ۔
وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہر ماں کی صحت اور سلامتی کے لئے دعا گو ہوں ۔