All posts by Khabrain News

حکومت آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں نئی انتخابی حد بندیوں کو مسترد کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت آزاد کشمیر نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں نئی انتخابی حد بندیوں کو مسترد کردیا ہے۔
مظفرآباد کے مرکزی ایوان صحافت میں آزاد کشمیر کے وزیر عبدالماجد خان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے مذموم عزائم کو پروان چڑھا رہا ہے۔
انہوںنے کہا کہ اسی مقصد کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی الیکشن کمیشن کے حد بندی کمیشن نے جموں کے لیے نئی 6 اور وادی کشمیر کے لیے صرف 1 اسمبلی نشست کا اضافہ کیا ہے۔

ملک بھر میں کورونا سے مزید تین افراد جاں بحق، 46 نئے کیسز رپورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا سے مزید 3 افراد جاں بحق ہو گئے، کورونا مثبت کیسز کی شرح صفراعشاریہ چار دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ملک بھر میں پانچ روز بعد کورونا سے تین اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران چھیالیس نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
بلوچستان میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہ ہونے کے بعد پھیلائو کی شرح صفر ہو گئی۔ محکمہ صحت بلوچستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، وائرس کے پھیلائو کی شرح صفر ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 35,486 ہو گئی ہے۔ 1,479,201 افراد کی سکریننگ میں سے505,547 منفی آئے ہیں۔
صوبے میں کورونا سے اب تک 35,108 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ صوبے بھر میں فعال کیسز صفر ہو چکے ہیں، کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 378 ہے۔

کراچی میں چلتی ہائی روف گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، ایک مسافر معمولی زخمی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ڈیفینس فیز 6 میں چلتی ہائی روف گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کے بعد گاڑی کھمبے سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر معمولی زخمی ہوا۔
کراچی کےعلاقے ڈیفینس فیز 6 خیابان اتحاد میں چلتی ہائی روف وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد گاڑی کمبے سے ٹکرا گئی، پولیس حکام کے مطابق گاڑی میں چھ افراد سوار تھے جن میں حدید نامی ایک شخص گاڑی ٹکرانے سے معمولی زخمی ہوا جبکہ دیگر مسافر مکمل محفوظ رہے۔
کلفٹن فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا، واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جے یو آئی کا ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق جے یو آئی کے زیر اہتمام کراچی اورپشاور میں بڑے اجتماعات ہوں گے ،جن سے مولانا فضل الرحمان اورمرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 19مئی کوکراچی میں مزار قائد پر تاریخی جلسہ ہوگا۔

مصر : شدت پسندوں کے حملے میں 11 فوجی ہلاک ہوگئے

قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر کے جزیرہ نما سینا کے علاقے میں شدت پسندوں کے حملے میں 11 مصری فوجی ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مصری فوج کی جانب سے سینا کے علاقے میں 11 فوجیوں کی ہلاکت اور 5 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
مصری فوج کے مطابق سینا کے علاقے میں نہر سوئز کے قریب شدت پسندوں کا حملہ ناکام بنانے کے لیے آپریشن کیا گیا، شدت پسند نہر سوئز کو بند کرنا چاہتے تھے، کارروائی کے دوران 11 فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔
مصری فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور ان کا پیچھا کیا جارہا ہے۔

ہنزہ میں مسافر کوچ الٹ گئی، 13 فرانسیسی سیاحوں سمیت 15افراد زخمی

ہنزہ: (ویب ڈیسک) ہنزہ میں سمائر نگر کےقریب مسافر کوچ الٹ گئی،حادثے میں غیر ملکی سیاحوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے، سیاحوں کا تعلق فرانس سےہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ سمائر نگر کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں13غیر ملکی سیاحوں سمیت 15افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو علی آباد اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
شیشپر گلیشیئر سے پانی کے اخراج کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہونے اورپل گرنےکی وجہ سےمتبادل روڈ استعمال کیا جا رہاہے۔

بھکاری قوم کی قیادت کر سکتے ہیں نہ قوم انہیں اپنا لیڈر سمجھتے ہیں، مراد سعید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما مراد سعید نے کہا کہ بھکاری قوم کی قیادت کر سکتے ہیں نہ قوم انہیں اپنا لیڈر سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے ضمیر کٹھ پتلیوں نے بیرونی سازش کے ذریعے اقتدار کا راستہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی خود مختاری کیلئے کھڑے ہوئے، بیرونی سازش کےتحت امپورٹڈ حکومت کومسلط کیا گیا، یہ وہی لوگ ہیں جو اس ملک کو لوٹتے رہے، پاکستان کی تباہی کے ذمہ دار اس کی تعمیر کی باتیں کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے اسپتالوں میں مفت علاج ہوتا تھا،شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو پنجاب نہیں آنے دوں گا،
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نےمقصود چپڑاسی کے ذریعے اربوں روپےبےنامی اکاوَنٹس میں ڈال دئیے، انہیں 40 ارب کا حساب دینا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ سب کے بیانیوں پر بھاری ہے۔

اداکار فرحان اختر ہالی ووڈ میں قدم رکھنے کیلئے تیار

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف اداکار وفلم ساز فرحان اختر جلد ہالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اسٹار فرحان اختر ہالی ووڈ کی سیریز ’مس مارول‘ میں جلوے بکھیریں گے تاہم یہ اب تک واضح نہیں ہوسکا کہ اس پروجیکٹ میں اداکار کس کردار میں نظر آئیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی پروڈکشن کمپنی ‘ڈزنی پلس‘ کی جانب سے تیار کی جانے والی نئی سیریز ’مس مارول‘ میں فرحان اختر کو کاسٹ کیا گیا ہے۔
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ بالی ووڈ اداکار کو اس پروجیکٹ میں مہمان کردار کے طور پر لیا جائے گا اور وہ مختصر رول نبھائیں گے۔
دوسری جانب نامور اداکارہ عالیہ بھٹ بھی رواں ماہ کے وسط سے اپنی پہلی ہالی ووڈ فلم ’ہارٹ آف اسٹون‘ کی شوٹنگ کا آغاز کریں گی۔ وہ ہالی ووڈ اداکارہ گیل گیڈوٹ اور اداکار جیمی ڈومن کے ساتھ فلم میں جلوہ گر ہورہی ہیں۔

سیاسی اور معاشی مسائل کا حل منصفانہ انتخابات ہیں، حمزہ شہباز

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سیاسی اور معاشی مسائل کا حل منصفانہ انتخابات ہیں، صاف و شفاف انتخابات ہوں اور جس کو مینڈیٹ ملے وہ عوام کے مسائل حل کرے۔
سرکٹ ہاؤس میں وزیر داخلہ کےہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا 4 سال میں جتنی تباہی ہوئی پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی، اگر سپریم کورٹ رات کو نہ کھلتی تو ملک ’بنانا ری پبلک‘ بن چکا ہوتا، پنجاب میں ایک ماہ سے آئینی بحران تھا۔
انہوں نے کہا کہ انتقام پر یقین نہیں رکھتے لیکن عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے ضرور حساب لیا جائے گا، عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے اچھے افسران کو لیکر آئیں گے، راتوں رات سب بدلنے کے بلند و بانگ دعوے نہیں کریں گے، معاشی مسائل کا حل منصفانہ انتخابات ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمارا مطمع نظر صرف عوام کے اعتماد کا ووٹ ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 3200 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے دیے، ہمارے دور میں پہلے بھی فیصل آباد میں تاریخی ڈویلپمنٹ ہوئی، اب بھی ہو گی۔

روس سے تعلقات میں بہتری پر ہمیں بہت فائدہ ہے: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ساری قوم ’غلامی امپورٹڈ حکومت نامنظور‘‘پرمتحد ہوچکی ہے، میں اینٹی امریکن نہیں، امریکا کو آزادانہ فیصلے کرنے والی حکومت کی عادت نہیں۔ روس سے تعلقات میں بہتری پر ہمیں بہت فائدہ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین نے اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سازش کے خلاف اوورسیزپاکستانیوں کو احتجاج کرنے پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں، امریکا کوآزادانہ فیصلے کرنے والی حکومت کی عادت نہیں ہے، میں اینٹی امریکن نہیں ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ سے بڑے اچھے تعلقات تھے۔
انہوں نے کہا کہ سرد جنگ کے بعد ہمارے روس سے تعلقات کبھی ٹھیک نہیں تھے، پہلی دفعہ روس کے ساتھ تعلقات بہتر کر رہے تھے، روس سے سستی گندم، 30 فیصد کم قیمت پرتیل مل رہا تھا، بھارت بھی روس سے سستا تیل لے رہا ہے، روس دورے پر امریکا ناراض ہو گیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے امریکن کوعادت ہے جو حکم کریں پاکستان وہی مانے، دہشت گردی کی خلاف جنگ کی 15 سال مخالفت کرتا رہا، دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کو بہت زیادہ نقصان ہوا، سابق سربراہ نے ایک دھمکی پرامریکی جنگ کا ساتھ دیا۔ پاکستان کا نائن الیون سے کوئی لینا دینا نہیں تھا، پرویز مشرف نے کتاب میں لکھا آرمٹیج نے دھمکی دی، مشرف امریکا کا پریشربرداشت نہیں کر سکا، امریکا کے کہنے پرقبائلی علاقوں میں فوج بھجوا دی گئی، دہشت گردی کی جنگ میں 80 ہزارجانیں اورفوجیوں کی شہادتیں ہوئی، میری خارجہ پالیسی کا مقصد کسی اور کی جنگ میں حصہ نہیں لینا، یہاں پرابلم بن گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کوسراہنے کے بجائے الزام لگائے گئے، ہمارے قبائلی علاقے اجڑ گئے، اب دوبارہ کہہ رہے تھے تو میں نے تو کبھی نہیں ماننا تھا، جولائی، اگست میں سمجھ گیا تھا کچھ پلاننگ ہو رہی ہے، عدم اعتماد کے دوران ہمارے لوگوں کو خریدا گیا، منصوبے کے تحت طاقتور فورسزبیٹھی تھی ان کو سزائیں نہیں ہونے دے رہی تھی، ہمارے سفیر کو دھمکی 22 کروڑعوام کی توہین ہے، کہا گیا اگرعمران خان بچ گیا تو نتائج بھگتنا ہوں گے، دھمکی کے اگلے دن عدم اعتماد آ جاتی ہے، ملک میں میرجعفر، میرصادق اس سازش میں ملے ہوئے تھے، رات کو بارہ بجے عدالتیں کھلیں ہمارے ہاتھ باندھ کر ہٹا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ ترین مافیا کو ہمارے اوپر مسلط کر دیا گیا، شہبازشریف کے خلاف 40ارب کے کیسزہیں، باپ،بیٹا دونوں کے خلاف اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، نوازشریف، مریم نوازسزا یافتہ ہیں۔ 18 قتل کرنے والے کو وزیرداخلہ بنا دیا گیا، ملک یا فیکٹری کو تباہ کرنا ہو تو کرپٹ لوگوں کو اوپر بٹھا دیں، کرپٹ لوگوں کومسلط کرنا یہ ہمارے ملک کی بھی توہین ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے مزید کہا کہ سازش کر کے منتخب حکومت کو گرایا گیا، ہم نے اقتدارسنبھالا تو تاریخی خسارہ تھا، بیرونِ ملک جا کر مجھے ہاتھ پھیلانے پڑے، اقتدار کے دوسرے سال کورونا نے ہٹ کیا، یہ باتیں کرتے ہیں اہلیت کی، ہم نے کورونا کے دوران معیشت اورغریب لوگوں کو بچایا، بھارت میں 55 لاکھ سے زائد لوگ کورونا سے مرے، بھارت کی معاشی گروتھ کی بجائے مائنس میں چلی گئی، پاکستان کی اکانومی 5٫6 فیصد سے گروتھ کر رہی تھی، 31 ارب ڈالرکے ترسیلات زر پاکستان آئے، ہماری حکومت میں تاریخی ٹیکس ریونیواکٹھا ہوا، دیوالیہ ہونے والے ملک کی اکانومی کو ہم نے ٹھیک کیا۔
عمران خان نے کہا کہ کسانوں کو پہلی دفعہ ہماری حکومت میں فائدہ ہوا، ہماری حکومت تب گرائی جب ملک ترقی کر رہا تھا، یہ بھی سازش تھی، ہماری حکومت تمام مشکل وقت سے نکل چکی تھی، اپنے میڈیا سے پوچھتا ہوں اب مہنگائی کدھرگئی؟ ہماری حکومت سے زیادہ مہنگائی ہے، اب عوام سے مہنگائی بارے کیوں نہیں پوچھا جاتا؟ ہماری حکومت میں تھوڑی سے مہنگائی تو خبریں چلائی جاتی تھیں، سندھ ہاؤس میں نیلام گھرمیں پیسہ چلایا گیا، مولانا فضل الرحمان، بلاول کے لانگ مارچ ناکام ہو گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے ملنے والی دھمکی کو ہمارے سفیرنے خود کنفرم کیا، اب تو سب کچھ کلیئر ہو گیا ہے، سارا کچھ تصدیق شدہ ہے، اوورسیزپاکستانی بیرون ممالک میں سازش کے بارے میں اپنی آواز بلند کریں، 20 مئی کے بعد اسلام آباد کی کال دوں گا، پاکستان کی عوام کو اتنا متحد پہلے نہیں دیکھا، ساری قوم ’غلامی امپورٹڈ حکومت نامنظور‘‘پرمتحد ہوچکی ہے، پاکستان میں شب دعا ہورہی تھی ہمیں نہیں پتا تھا مدینہ میں کیا ہورہا ہے، کریمنل نے شیخ رشید کے بھتیجے کے خلاف کیس بنایا، یہ جہاں بھی چلے جائیں، دونعرے ہرجگہ لگیں گے،غدار اور چورکے نعرے لگیں گے۔