All posts by Khabrain News

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا رواں ماہ امریکہ کا دورہ متوقع

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا رواں ماہ امریکہ کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔

بلاول بھٹو 12 سے 18 مئی تک امریکا کا دورہ کر سکتے ہیں، ذرائع

بلاول بھٹو امریکی وزیر خارجہ کی دعوت پر دورہ کریں گے، ذرائع

بلاول بھٹو 12 مئی کو ورلڈ فرینڈ شپ کوویڈ کانفرنس میں شرکت کریں گے، ذرائع

بلاول بھٹو 18 مئی کو عالمی فوڈ سیکیورٹی بین الوزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے، ذرائع

بلاول بھٹو امریکی ہم منصب سمیت اہم امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، ذرائع

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا بھی دورہ امریکہ متوقع ہے۔

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین مستعفی، استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین مستعفی ہوگئے۔ چیئرمین واپڈا نے اپنا استعفی وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا۔
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوائے گئے استعفے میں کہا کہ ذاتی وجوہات کی بناء پرکام جاری نہیں رکھ سکتا، درخواست ہے کہ میرا استعفی منظور کیا جائے۔ خیال رہے لیفٹینٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے 24 اگست 2016 کو چئرمین واپڈا کا چارج سنبھالا تھا۔

وقت کم ہے، دن رات کام کرنا ہوگا: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی پیپلز پارٹی کے پارلیمانی وفد سے ملاقات میں گفتگو

لاہور : (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی ، وفد میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، قمرالزمان کائرہ، رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی اور حسن مرتضیٰ شامل تھے ۔ملاقات میں سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سید یوسف علی گیلانی اور دیگر شرکاء نے حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کامنصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔ملاقات میں مل جل کر چلنے پر اتفاق رائے کا اعادہ کیا گیا ،وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بھرپور تعاون کرنے پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ہمارے دوست اور بھائیوں کی مانند ہیں،رواداری اور احساس حقیقی سیاسی روایات ہیں ،عہدے عارضی ہوتے ہیں انسانیت سے محبت ترجیح ہونی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ آئینی اور جمہوری اقدار کو مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ پنجاب کی ترقی کا سفر وہیں سےشروع ہو چکا ہے جہاں سے 4سال پہلے منقطع ہوا تھا۔ وقت کم ہے، دن رات کام کرنا ہوگا۔دوستوں کے مشوروں کا خیر مقدم کریں گے۔ہم سب ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے یکجا ہو کر کام کر رہے ہیں۔سردار اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر ،عطا اللہ تارڑ اورعمران گورایہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

عمران خان جیسا نالائق وزیر اعظم کبھی نہیں آیا، سعیدغنی

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان جیسا نالائق وزیر اعظم کبھی نہیں آیا۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسجد نبویﷺ میں ہونے والے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں اور پاک سرزمین پر ایسی حرکت بری سوچ والے ہی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آئین و قانون کے تحت ہٹایا گیا جبکہ عدلیہ اور اسٹبلشمنٹ نے آئین اور قانون کے مطابق کردار ادا کیا۔ عدم اعتماد جب جمع ہوا تو عمران خان نے شکر ادا کیا، وہ کہتے ہیں گزشتہ سال جولائی میں ان کو عدم اعتماد کا پتہ تھا۔
سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کو فوج اچھی لگتی ہے نہ ہی میڈیا۔ انہیں تو سیاسی جماعتیں بھی اچھی نہیں لگتیں۔ عمران خان جیسا نالائق وزیر اعظم پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آیا اور عمران خان اپنی نااہلی سے بچنے کے لیے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نظر میں ملک کے 70 فیصد ووٹرز نے جن کو ووٹ دیا وہ غدار ہیں۔ کیا نااہلی، ہٹ دھرم اور انا پرست عمران خان محب وطن اور باقی غدار ہیں ؟ ملک کے لیے اس وقت سب سے زیادہ خطرہ عمران خان ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ایکشن پلان میں عدم اعتماد کا آپشن شامل نہیں تھا اور عمران خان اس وقت ملک کے لیے سب سے زیادہ سیکیورٹی تھریٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اسمبلیاں توڑنے اور نئے انتخابات کا مطالبہ کیا تو عمران خان نہ مانے، عدم اعتماد سے پہلے عمران خان اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کرا سکتا تھا لیکن سابق وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین کو پامال کیا ہے۔ ان لوگوں کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے اور اس وقت ہمیں ان لوگوں کو نشان عبرت بنانا چاہیے۔

آئی جی موٹروے پولیس انعام غنی عہدے سے فارغ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی جی موٹروے پولیس انعام غنی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس سروس گریڈ 21 کے انعام غنی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور پولیس سروس گریڈ 21 کے خالد محمود کو آئی جی موٹروے کا عارضی چارج سونپ دیا گیا ہے۔ خالد محمود موٹروے پولیس میں ہی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
انعام غنی کا تعلق خیبر پختونخواہ کے ضلع مالاکنڈ سے ہے انہوں نے 1989 میں بطور اے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی ان کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے سترہویں کامن سے ہے۔ کیرئیر کے آغاز میں انعام غنی نے سی ایس اے اور نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں خدمات سر انجام دیں۔
انعام غنی ایف آئی اے اور آئی بی میں بھی انتہائی اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
قبل ازیں گزشتہ روز آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے ڈی پی او گجرات کو عہدے سے ہٹا دیا محمد عمر فاروق سلامت کو سی پی او رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی، ایس پی انویسٹیگیشن گجرات عمران رزاق کو ڈی پی او گجرات کا اضافی چارج سونپ دیا گیا۔

وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازشریف کا صوبے کے مخلتف اضلاع کے دورے کا پلان تیار

وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازشریف کا صوبے کے مخلتف اضلاع کے دورے کا پلان تیار

وزیراعلی پنجاب لاہور، ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد اور دیگر اضلاع کے دورے کریں گے

وزیراعلی پنجاب عوامی مقامات پر مسائل و سہولتوں کا جائزہ لیں گے

کام کے سوا کچھ نہیں ہوگا، باتیں کم زیادہ کام کریں، وزیراعلی پنجاب کی ہدایت

پنجاب میں بےشمار مسائل ہیں سب کو ٹھیک کریں گے، وزیراعلی پنجاب

کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلی پنجاب

امریکہ نے یوکرین کیلئے مزید 15 کروڑ فوجی امداد کا اعلان کر دیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے یوکرین کے دفاع اور سلامتی کے لیے مزید 15 کروڑ ڈالر فوجی امدادی پیکج کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے فوجی امداد کے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے یوکرین کو جنگی اسلحہ اور ریڈارز کے علاوہ دیگر ساز و سامان فراہم کیا جائے گا۔
جوبائیڈن نے کانگریس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے لیے مزید 33 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دی جائے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ 24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد سے امریکہ اب تک 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کی مالیت کے ہتھیار کیف کو دے چکا ہے جس میں اینٹی ایئر کرافٹ اسٹنگر میزائل، ڈرونز اور بھاری اسلحہ شامل ہے۔
صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ نے یوکرین کو انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ تاریخی امداد فراہم کی ہے۔ امریکہ نے یوکرین کی آزادی کے لیے اگلی صفوں میں لڑنے والوں کو براہ راست اسلحہ اور حربی ساز و سامان فراہم کیا جس کی کانگریس نے منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کے لیے منظور شدہ فنڈز ختم ہونے کے قریب ہیں اور یوکرین کی جیت کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی بغیر کسی تعطل کے اسلحہ کی ترسیل جاری رکھیں۔
اتوار کو یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی ایک ورچوئل اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں امریکی صدر جو بائیڈن کے علاوہ جی سیون ممالک کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں روس کے خلاف مغربی ممالک کی جانب سے فراہم ہونے والی امداد پر غور کیا جائے گا۔

سانحہ مری کیس کا فیصلہ محفوظ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) عدالت نے سانحہ مری کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں سانحہ مری کیس کی سماعت ہوئی اور جسٹس عبد العزیز نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے محکمہ جنگلات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ جنگلات سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لکڑی چوری کر کے اس کو آگ لگا دیتے ہیں اور آپ اگر احساس پیدا کریں تو آج اس طرح مارے مارے نہ پھرتے۔
عدالت میں سی این ڈبلیو کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ عدالت نے ٹی ایم اے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ پلازہ کا معاہدہ طے ہوا اور رقم مختص کی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ جھوٹ بول رہے ہیں کہ ہمیں معلوم ہی نہیں۔ سڑکیں بلاک تھیں اور ہزاروں لوگ پھنسے ہوئے تھے تو اس موقع پر اداروں نے کیا کیا۔
ایڈووکیٹ جلیل عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ پارکنگ پلازہ پر معاہدہ ہوا ٹی ایم اے کو معلوم بھی ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
یاد رہے کہ 9 جنوری کو مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں افراد سڑکوں پر پھنس گئے تھے، شدید سردی اور دم گھٹنے سے ایک خاندان کے 8 افراد سمیت 23 سیاح جاں بحق ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی کراچی میں تنظیم سازی پر اختلافات کا معاملہ، 5 رکنی شکایتی کمیٹی تشکیل

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کراچی میں تنظیم سازی پر اختلافات کے معاملے پر علی زیدی نے 5 رکنی شکایتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
5 رکنی شکایتی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ فردوس شمیم، خرم شیر، عمران اسماعیل، محمود مولوی، اکرم چیمہ کمیٹی میں شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاون کی سطح پر تنظیم سازی پر اعتراضات کے لیے کمیٹی کو شکایات جمع کرائی جائیں۔ کمیٹی اعتراضات کا جائزہ لے کر 48 گھنٹے میں سفارش پیش کرے گی۔

سینیئر وکیل اشتر اوصاف اٹارنی جنرل مقرر، وزیراعظم نے منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیئر وکیل اشتر اوصاف کو اٹارنی جنرل مقرر کر دیا گیا۔ وزیراعظم نے اشتر اوصاف کو اٹارنی جنرل مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
اشتر اوصاف نواز شریف دور میں بھی بطور اٹارنی جنرل خدمات انجام دے چکے ہیں۔