All posts by Khabrain News

جارج بش نے بینظیر بھٹو کو عمران خان کا خیال رکھنے کا کہا تھا: خورشید شاہ

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جارج بش نے بینظیر بھٹو کو عمران خان کا خیال رکھنے کا کہا، اگر کوئی لاکھوں کا جلوس لیکر آتا ہے تو آنے دیں، انتقامی سیاست کے بجائے معاشی بہتری پر جانا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ عوام دیکھ بھال کر فیصلہ کریں، ہماری کوشش ہے مسائل حل کریں لیکن مسائل بہت ہیں، اس وقت معاشی مسائل ہیں کہ اگر بتایا جائے تو حیران رہ جائیں گے، ساڑھے تین سال اس حکومت نے 22 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا ہے، عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا، عوام ویسے ہی پریشان رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امپورٹڈ حکومت کہنے والا خود امپورٹڈ ہے، عمران خان کو تو پاکستان کے لیے تیار کیا گیا ہے، جارج بش نے بے نظیر بھٹو کو کہا تھا اس بچے کا خیال رکھنا، یہ خود امپورٹڈ ہے، اس حکومت کو امپورٹڈ کہتا ہے، ہم انتقام کی سیاست نہیں کرنا چاہتے ہیں، اگر کوئی لاکھوں کا جلوس لیکر آتا ہے تو آنے دیں، ہمیں گرفتاریاں نہیں کرنا ہیں، ہمیں صرف معاشی ترقی لانی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سنتے ہیں پٹرول اور مہنگا ہوجائے گا، ڈالر دو سو روپے تک پہنچ رہا ہے، ہمیں انتقامی سیاست نہیں بلکہ معیشت کی بہتری کی طرف لے جانا ہے۔

شیریں مزاری کے خطوط ‘ہمیں بچاؤ’ کی دہائی ہے: مصدق ملک

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک نے کہا ہے کہ شیریں مزاری کے خطوط “ہمیں بچاؤ” کی دہائی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری کے اقوام متحدہ کو خطوط پر ردعمل دیتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ڈاکٹر مزاری ایک طرف امریکہ کی سازش کا کہہ رہی ہیں، دوسری طرف اقوامِ متحدہ کو رحم کی اپیل کر رہی ہیں، امریکہ سازش کر رہا ہے اور یہ اقوام متحدہ کو درخواست دے رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ سیاست چمکانے کے لئے بیرون ملک خط لکھ رہے ہیں، پی ٹی آئی دوسروں پر فتوے باندھنے والی جماعت ہے، پی ٹی آئی لیڈر کس منہ سے اقوام متحدہ کو عرضیاں لکھ رہی ہیں؟۔

جدہ ایئر پورٹ سے پروازوں کی روانگی بدستور تاخیر کا شکار، مسافروں کا احتجاج

جدہ ایئر پورٹ سے پروازوں کی روانگی بدستور تاخیر کا شکار ہے، پی آئی اے کی 2 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، مسافروں نے احتجاج کیا جبکہ وزیر ہوابازی سعد رفیق نے واپسی آپریشن نارمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جدہ ایئرپورٹ سے پروازوں کی روانگی تاحال تاخیر کا شکار رہی، کئی کئی گھنٹوں سے پھنسے مسافروں نے احتجاج کیا اور ایئرپورٹ پر ہلڑ بازی ہوئی جبکہ سعودی ایوی ایشن حکام صورتحال بہتر بنانے میں مصروف ہیں۔
پی آئی اے حکام کے مطابق رش کی وجہ سے پی آئی اے کی 2 پروازیں 5، 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں، پشاور اور لاہور کیلئے پروازیں پاکستان پہنچیں گی۔
جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے اور پاکستانی سفارتخانے کا عملہ متحرک ہے، وفاقی وزیر ہوا بازی سعد رفیق تمام آپریشن کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سعد رفیق نے مسافروں کی واپسی کا آپریشن نارمل ہونے کا دعویٰ کیا کہ 16گھنٹے کی انتھک کوششوں کے بعد آپریشن نارمل ہوچکا، پی آئی اے، سفارتخانے کے عملے کا شکریہ۔

امریکی ساحل پر پراسرار گڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری

اگرچہ سائنسداں ساحلوں پر جان دار، پتھروں اور آلودگی وغیرہ کو دیکھتے ہیں تاہم اب ٹیکساس کے ساحلوں پر عجیب وغریب گڑیوں کی آمد سے لوگ حیران و پریشان ہیں۔
اب تک ٹیکساس بھر کے ساحلوں سے درجنوں پراسرار گڑیائیں مل چکی ہیں۔ یہ سب بہت پرانی ہیں کیونکہ کچھ کے اوپر سمندری جانور بارنیکل اگ آئے ہیں۔ بعض پر سمندری گھاس اور کائی کے نشانات ہیں۔ اکثر گڑیا دیکھنے میں خوفناک لگتی ہیں جبکہ کئی ایک کے ہاتھ پیر بھی غائب ہیں۔
مشن آرینسس ریزرو کے سائنسدانوں نے اس معمے پر غور شروع کردیا ہے کیونکہ ساحلوں پر بہہ کر آنے والے گڑیوں کی تعداد بڑھتی جاری ہے۔ کچھ گڑیوں کی آنکھیں بھی غائب ہیں۔ تاہن جامعہ ٹیکساس میں واقع سمندری تحقیقی ادارے نے بھی اسے ایک عجیب واقعہ قرار دیا ہے۔

شمالی کوریا کا رواں سال کا 14 واں میزائل تجربہ

شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جسے رواں سال کا 14واں میزائل تجربہ قرار دیا جارہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کےمطابق جنوبی کوریا کے فوجی حکام کا کہنا ہےکہ شمالی کوریا نے حال ہی میں مشرقی ساحل کی جانب ایک میزائل فائر کیا ہے اور یہ تجربہ شمالی کوریا کے حالیہ جوہری پروگرام سے متعلق بیان کے ایک ہفتے بعد کیا گیا ہے۔
اس بیان میں شمالی کوریا کا کہنا تھا کہ وہ جتنی جلدی ممکن ہو جوہری صلاحیت کے حصول کو ممکن بنائے گا۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے دعویٰ کیا ہےکہ شمالی کوریا نے تقریباً دوپہر بارہ بجے کے قریب پیانگ یانگ کے علاقے سے ایک میزائل فائر کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی کوسٹ گارڈ کا کہناہےکہ شمالی کوریا کی جانب سے فائر کیا گیا میزائل ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل ہوسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کا یہ میزائل تجربہ رواں سال ہتھیاروں کا 14واں تجربہ ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ شمالی کوریا نے 2017 کے بعد پہلے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا جسے امریکا اور دیگر پڑوسی ممالک پر شمالی کوریا کی جانب سے دباؤ برقرار رکھنے کی حکمت عملی قرار دیا گیا تھا

کراچی میں ہیٹ ویو کا امکان نہیں: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ کے وسط تک کراچی میں کسی ہیٹ ویو کا امکان نہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا ہےکہ کراچی میں 9 مئی تک موسم گرم و مرطوب رہےگا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنےکا امکان ہے جب کہ مئی کے وسط تک کراچی میں ہیٹ ویوکا امکان نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بالائی سندھ میں 7 مئی سےگرمی کی شدت میں اضافےکاامکان ہے اور درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد رہنےکا امکان ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں سائیکلون بننے کا امکان ہے ،7یا 8 مئی کو خلیج بنگال میں کم دباؤ والی صورتحال کا امکان ہے، لو پریشر ایریا سائیکلون بننے کی جانب بڑھ سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ سائیکلون کا رخ اور اس کے اثرات بنگلادیش اور میانمارپر رہیں گے البتہ پاکستان کے ساحلی علاقوں کو سائیکلون سے کوئی خطرہ نہیں۔

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ہیٹ اسٹروک سے ابتک 25افراد ہلاک

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں مارچ کے آخر سے اب تک ہیٹ اسٹروک سے کم از کم 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ریاست کے مختلف حصوں میں اب تک درجہ حرارت 42 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ودربھ علاقے میں سب سے زیادہ 15 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ مراٹھواڑہ میں 6 اور شمالی مہاراشٹر میں 4 اموات ہوئیں۔ ریاست میں ہیٹ اسٹروک کے کل 381 کیسز رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں 6 افراد کی ہیٹ اسٹروک سے مرنے کی تصدیق ہوئی جبکہ بقیہ 19 افراد کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں وسطی ہندوستان میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت ریاست مدھیہ پردیش، راجستھان، مہاراشٹرا اور دہلی سمیت مختلف ریاستوں میں اس سال درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 122 سالوں میں مارچ کے مہینے کے دوران اوسط درجہ حرارت سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

آزادی صحافت میں تنزلی؛ عمران خان کی وجہ سے ملکی جمہوریت بدنام ہوئی، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی میں تنزلی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان عمران حکومت کے آخری سال پریس فریڈم انڈیکس میں 12 پوائنٹس گر گیا جبکہ پورے دور حکومت میں 18 پوائنٹس گرا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت کی درجہ بندی میں تنزلی پر نہ صرف عمران خان کو ’’آزادی صحافت کے شکاری‘‘ کا شرمناک خطاب ملا بلکہ ہماری جمہوریت بھی بدنام ہوئی۔ شہباز شریف نے عزم کیا کہ ہم آزادی اظہار رائے اور صحافت کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
عالمی صحافتی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) کی حال ہی میں جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 12 درجے تنزلی کے ساتھ اس برس 157ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔
اس کے ساتھ، بھارت 8 درجے تنزلی کے ساتھ 150 جب کہ سری لنکا 146، بنگلہ دیش 162 اور میانمار 176 کی درجہ بندی پر ہے۔

اندازہ نہ تھا ادارے شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی اجازت دیں گے، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اندازہ نہ تھا ادارے شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی اجازت دیں گے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف کامقصد صرف پیسے بنانا ہے، جب بھی ان چوروں اور دو ڈاکو فیملیز کا دور آیا تو پاکستان بہت نیچے چلا گیا، اگر ہم نے ان کو رہنے دیا تو یہ ملک کی بدقسمتی ہوگی۔
سازش کی کامیابی سے متعلق غلط اندازہ لگانے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رپورٹس مل رہی تھیں مگر یقین نہیں تھا کہ یہ سازش کامیاب ہوگی، مجھے نہیں پتہ تھا اس معاملے میں مختلف فریق شامل ہوجائیں گے، شہباز شریف پر مقدمات ہیں، میں نہیں سوچ رہا تھا کہ ہمارے انصاف کے ادارے اس طرح کے آدمی کو وزیراعظم بنانے کی اجازت دیں گے، کیونکہ اگر کسی کو ہٹاکر دوسرے شخص کو لانا ہو تو ایسے شخص کو لایا جائے جو بہتری لے کر آئے۔
عمران خان نے کہا کہ اب نیب اور ایف آئی اے ان کے کنٹرول میں ہیں، آتے ہی انہوں نے ایف آئی اے کے سارے لوگ تبدیل کردیے، میں حیران ہوں کہ ہماری عدالتیں یہ تماشا دیکھ رہی ہیں لیکن اس پر کوئی از خود نوٹس نہیں لیا جاتا، نیب نے فرح پر کیس کردیا، مہینہ بھی نہیں گزرا انتقامی کارروائیں شروع ہوگئیں، فرح کا صرف یہ قصور ہے کہ وہ بشریٰ بیگم کے قریب ہے۔
فرح بہانہ اصل نشانہ میں ہوں
چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرے خلاف یہ کچھ کر نہیں سکتے، آمدن سے زائد اثاثہ جات کا کیس سرکاری عہدے دار پر ہوتا ہے، فرح تو سرکاری عہدے دار ہی نہیں ہے، آپ اس سے یہ سوال کیسے پوچھ سکتے ہیں، وہ 20 سال سے رئیل اسٹیٹ کا کام کررہی ہے، تین سال میں اس کام میں بہت پیسہ کمایا گیا ہے، اس کے خلاف ایف بی آر میں ٹیکس کا کیس ہوسکتا ہے لیکن نیب میں نہیں ہوسکتا، فرح بہانہ اصل نشانہ میں ہوں، بشریٰ کی دوست کے ذریعے ٹارگٹ کیا جارہا ہے، جس کا مقصد صرف کردار کشی ہے، انہوں نے عید کے بعد بھی میری کردار کشی کرنی ہے۔
گرفتاری سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چوروں کے خلاف جہاد میں جیل جانا چھوٹی چیز ہے، جان کی قربانی دینے کےلیے تیار ہوں، ان لوگوں کو کبھی تسلیم نہیں کروں گا، جب تک زندہ ہوں ان کے خلاف لڑوں گا، کوئی فکر نہیں مجھ پر آرٹیکل 6 لگائیں، غداری کا مقدمہ یا جو چاہے کریں۔

سیلفی لینے کا شوق 2 دوستوں کی موت کا سبب بن گیا

جھنگ : (ویب ڈیسک) سیلفی لینے کا شوق 2 دوستوں کی موت کا سبب بن گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جھنگ کے رہائشی دو دوست سیلفی لیتے ہوئے ہیڈ تریموں میں ڈوب گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک دوست سیلفی لیتے ہوئے ڈوبا جب کہ دوسرا مدد کرتے ہوئے ڈوب گیا ۔ ڈوبنے والے دونوں دوست عید کے موقع پر ہیڈ تریموں گئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈوبنے والے دونوں افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔