کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر دنیا بھر کے صحافیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ کہتے ہیں میڈیا سے وابستہ کارکنان کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا آٸین آزادی صحافت اور شہریوں کی درست اطلاع تک رساٸی کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے آزادی تحریر و تقریر پر کبھی بھول کر بھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1988میں میڈیا کے خلاف کالے قوانین کا خاتمہ کیا۔ دنیا بھر میں میڈیا سے منسلک کارکنان کو مشکل حالات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز اور نفرت انگیز پروپیگنڈہ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں میڈیا سے وابستہ کارکنان کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
All posts by Khabrain News
کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش، بالائی علاقوں میں موسم خوشگوار
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کشمیر سمیت ملک کےمختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جب کہ چترال شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
اس کے علاوہ پاراچنار ،لوئر دیر ،بنوں ،ٹانک، جیکب آباد، بہاولنگر، وہاڑی اور کوہلو میں بھی بادل جم کر برسے۔
مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب،خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
شیخ راشد شفیق کے موبائل فون سے متعلق رپورٹ آج ہی پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) توہین مذہب کیس میں عدالت نے پولیس کو شیخ راشد شفیق کے موبائل فون سے متعلق رپورٹ آج ہی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو 2 روزہ ریمانڈ ختم ہونے پر اٹک کے ڈیوٹی جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ شیخ راشد شفیق کا موبائل فون برآمد کیوں نہیں کیا گیا؟
پولیس کی جانب سے جواب دیا گیا کہ شیخ راشد شفیق کا موبائل فون سعودی عرب میں رہ گیا ہے۔
فاضل ڈیوٹی جج نے پولیس کو آج ہی موبائل فون کی ای ایم آئی نمبر رپورٹ پیش کرنے حکم دے دیا۔
پولیس کی جانب سے عدالت سے شیخ راشد شفیق کا مزید ریمانڈ لینے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ مزید ریمانڈ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ بعد میں ہو گا، پہلے مال مقدمہ موبائل فون عدالت میں پیش کریں۔
شیخ راشد شفیق کو آج 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اٹک کی ضلعی عدالت میں پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق کو عمرے سے واپسی پر اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
شیخ راشد شفیق کا اٹک کی ضلعی عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں عید کے دوسرے دن دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
توہین مذہب مقدمات، شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے مندوبین کو خطوط لکھ دیئے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیاسی مخالفین کیخلاف توہین مذہب کے قانون کا استعمال کرنے پر پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوبین کو خطوط لکھ دیئے۔
خطوط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کا ایک ذمہ دار رکن ملک ہے، ریاستی سطح پر عوام کے بنیادی جمہوری حقوق کا اہتمام حکومت کے بنیادی فرائض میں سے ایک ہے، امریکی سازش کے نتیجے میں بےضمیر مقامی میرجعفروں کی حکومت عوامی تائید سے مکمل محروم ہے۔ عوام میں ساکھ اور مقبولیت سے محرومی کے باعث امپورٹڈ حکومت فاشسٹ اقدامات سے اقتدار کا دوام چاہتی ہے۔
خطوط میں مزید کہا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا نامزد قاتل ریاستی سطح پر سیاسی مخالفین کیخلاف توہین مذہب کا کارڈ استعمال کررہا ہے،اس شرمناک حرکت کا مقصد ملک کو داخلی انتشار کی جانب دھکیلنا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری
لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکی کروڈ آئل کی قیمت میں تین اعشاریہ دو آٹھ فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت ایک سو پانچ اعشاریہ آٹھ ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
برطانوی خام تیل کی قیمتوں میں تین اعشاریہ ایک تین فیصداضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت ایک سوآٹھ اعشاریہ تین ڈالر ہو گئی۔
گورنر پنجاب عید کے دوسرے روز بھی آئینی مشاورت میں مصروف، اسلام آباد روانہ
لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ عید کے دوسرے روز بھی اہم آئینی مشاورت میں مصروف رہے، مشاورت کے بعد اسلام آباد روانہ ہوگئے ۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ صوبہ پنجاب میں جاری آئینی اور سیاسی بحران کے پیش نظر عید کی چھٹیوں کے باوجود آئینی ماہرین سے مسلسل مشاورتی اجلاس میں مصروف رہے۔
انہوں نے عید کے دوسرے دن بھی آئینی ماہرین سے طویل مشاورتی ملاقات کی، گورنر پنجاب اہم مشاورتی اجلاس کے بعد اسلام آباد روانہ ہو گئے، اسلام آباد میں بھی وہ مختلف آئینی ماہرین سے مشاورت کریں گے۔
کوئٹہ میں کپڑے کی مارکیٹ میں آتشزدگی، متعدد دکانوں کا سامان جل گیا
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں کپڑے کی مارکیٹ میں آتشزدگی کے سبب متعدد دکانوں کا سامان جل گیا، فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا۔
آتشزدگی کا واقعہ پشتون آباد کے علاقے تارو چوک پر پیش آیا جب ایک کپڑے کی مارکیٹ میں اس وقت آگ لگی جب مارکیٹ بند تھی، اہل علاقہ نے جب مارکیٹ میں آگ لگی دیکھی تو فائر بریگیڈ کو کال کی اور مارکیٹ کے تالے توڑ کر اندر پہنچے، فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے آگ بجھانے کا آپریشن شروع کیا اور 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کے ایک حصے میں موجود کئی دکانوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا جس سے ان کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں لگی یہ کسی کی سازش ہوسکتی ہے، انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیں اور اس میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے۔
کسی ایک سپر پاور کی گود میں بیٹھ کر باقیوں کو ناراض نہیں کرینگے،شہبازگل
لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ کسی ایک سپر پاور کی گود میں بیٹھ کر باقیوں کو ناراض نہیں کرینگے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امریکاسپرپاور ہے، اس سے دوستی چاہتے ہیں۔ایسی دوستی چاہتے ہیں جیسے دوست ہوتے ہیں۔ہم امریکا سے برابری کی سطح پر دوستی چاہتے ہیں۔ کسی ایک سپر پاور کے گھٹنوں میں بیٹھ کر باقی سب کو ناراض نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ کوئی ملک ہزاروں میل دورہے اس سے ہماری کیا دشمنی؟ لیکن ہم کسی کی پراکسی جنگ نہیں لڑیں گے۔ ہم کسی ملک کو مردہ باد نہیں کہنا چاہتے اور چاہتے ہیں ہمیں بھی کوئی ملک مردہ باد نہ کہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پوری قوم کو ایک ڈاکٹرائن بتائی گئی۔ نئی پالیسی جیواسٹریٹجک نہیں معاشی اسٹریٹجک بنائی ۔ ڈاکٹرائن میں بتایا گیا پاکستان کو معاشی طور پر اوپر کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ہی روس کا دورہ ہوا۔ روس کے دورے میں 30 فیصد گیس پیٹرول کی آفرہوئی۔جہاں سے سستی گیس تیل ملے گا لیں گے۔چین ہمارا دوست ہے اس کے ساتھ بھی چلیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمارافوکس تھا کہ سب سے پہلے معیشت کو بہتر کرنا ہے۔ اب ڈالر 187روپے میں پہنچا ہوا ہے۔ایک مہینے میں6ارب روپے اجاڑ دیئے گئے ہیں۔اسٹیٹ بینک کا گورنربہترین کام کر رہا تھا لیکن اسے فارغ کردیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے نئے گورنر کی تعیناتی تک ڈپٹی گورنر کو ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت
لاہور: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک کے نئے گورنر کی تعیناتی تک ڈپٹی گورنر کو ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کردی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر کے عہدے کی مدت ختم ہوگئی جس کےبعد نئی تعیناتی تک ڈپٹی گورنر مرتضیٰ سید گورنراسٹیٹ بینک کے امور سرانجام دیں گے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرمرتضیٰ سید مستند ماہر معاشیات ہیں اور انہیں آئی ایم ایف کے ساتھ کام کرنےکا وسیع تجربہ ہے۔
قانون کے مطابق حکومت ایک ماہ میں مستقل گورنراسٹیٹ بینک تعینات کرنےکی پابند ہے۔
سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی نے باہمی اختلافات کی تردید کر دی
گجرات: (ویب ڈیسک) سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے آپسی اختلافات پر خاموشی توڑ دی، کہا آپسی اختلافات کی افواہیں اڑانے والوں کا کوئی علاج نہیں۔
ظہور پیلس میں لیگی کارکنوں اور معززین کے اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اداروں کیخلاف بیانات سے ہر کسی کو گریز کرنا چاہیے، ہمارا ضمیر صاف ہے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سب کہہ رہے ہیں ہمارا آپس میں اختلاف ہے۔ چوہدری شجاعت نے سالک حسین کو جب کان پکڑ کر کہا سیدھے ہو جاؤ تو سب اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے۔ الیکشن و سیاست میں سولو فلائٹ کی گنجائش نہیں ہوتی اور نہ ہی یہ ضروری ہے کہ آپ سیاست میں اتریں اور فوری عہدہ مل جائے، عہدوں کا فائدہ تب ہوتا ہے جب ساتھ عزت بھی ملے اور آپ کے کام بھی نظر آئیں۔
چوہدری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ میں تو اللہ تعالیٰ سے یہی کہتا ہوں جو بھی عہدہ دے عزت سے دے، اگر عزت نہیں تو کچھ نہیں۔ 1950 سے چوہدری ظہور الہٰی خاندان سیاست کا مرکز و محور چلا آرہا ہے ،چوہدری ظہور الہٰی نے ہم بھائیوں کو اور ہم نے اپنی نسل کو ایک ہی بات سکھائی کہ بڑوں کی عزت کرنی ہے، سیاست میں اصل مقصد ٹارگٹ اچیو کرنا ہونا چاہئے۔ نوجوان سیاستدان صبر و حوصلے، نیک نیتی کیساتھ چلیں تو عہدے جھولی میں آگرتے ہیں۔ اکٹھ سے خطاب کے بعد انہوں نے لیگی کارکنوں سے عید بھی ملی۔