All posts by Khabrain News

امریکی صدر کیجانب سے وائٹ ہاؤس میں عید الفطر کی تقریب،مسلم رہنماؤں کی شرکت

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں عید الفطر کی تقریب منعقد کی گئی ہے۔جس میں خاتون اوّل بھی شریک تھیں اور امریکا بھر سے مسلم رہنما بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے مسلم کمیونٹی کو عید کی مبار کباد دیتے ہوئے کہا کہ’ انتخابات کےدوران کیا گیا یہ وعدہ پورا کردیا کہ وائٹ ہاؤس میں عید کی تقریبات دوبارہ شروع کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلمان رمضان میں 30 اور ہم 40 روزے رکھتے ہیں ،میں نے مسلسل 40 روزے رکھے جس میں میٹھا حتیٰ کہ آئس کریم تک نہیں کھائی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے مزید کہا کہ گزشتہ برس کووڈ کی وجہ سے عید کی تقریب نہ ہو پائی، کووڈ کے دوران لاتعداد مسلم ہیلتھ ورکروں نے شانہ بشانہ کام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے، ، مذہب کی بنیاد پر کسی کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
اس کے علاوہ وائٹ ہاؤس میں منعقد تقریب میں پاکستانی امریکن گلوکارہ عروج آفتاب بھی موجود تھیں۔
عروج آفتاب نے شاعرانہ انداز میں اپنا پیغام دیا جس میں پانی کے گلاس کا ذکر کیا تھا۔امریکی صدر نے گریمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی گلوکارہ کو اس دوران پانی کا گلاس پیش کردیا جس سے ہال میں قہقہے گونج اٹھے۔

ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا۔
صوبائی دارالحکومتوں میں بھی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے۔ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوگاجبکہ کراچی اورکوئٹہ سمیت ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں عید الفطر کے اجتماعات میں ملک کی سالمیت، ترقی اور بقاءکے لیے دعائیں کی جائیں گی ۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی عید الفطر روایتی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔

پی ٹی آئی کی ریلیاں: قوم حقیقی آزادی کیلئے عمران خان کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے، اسد عمر

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ پوری قوم حقیقی آزادی کے لیے عمران خان کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے۔
انہوں نے یہ بات چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر نکالی جانے ولای ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، آفتاب جہانگیر اور خرم شیر زمان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رہنما اور کارکنان پاکستان اور پارٹی کے جھنڈے اٹھا کر ریلیاں نکال رہے ہیں۔
شرکائے ریلی کی جانب سے اس موقع پر حکومت مخالف نعرے بازی کی جا رہی ہے اور پارٹی کے حق میں فلک شگاف نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں کہا جارہا ہے کہ کون سے فیصلے کرنے ہیں؟ عمران خان تمام فیصلے پاکستان کی بہتری کو دیکھ کر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غلامی نامنظور، آزادی کی زندگی گزاریں گے، سر اٹھا کر زندگی گزاریں گے اور کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف اللہ سے ڈرتا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے پاس سچا اور ایماندار لیڈر عمران خان کی شکل میں موجود ہے، اپنے جائز حق کو منوانے کے لیے عوام سڑکوں پر ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ 31 مئی سے پہلے جعلی حکومت کا دھڑن تختہ ہوگا، تحریر اسکوائر سے زیادہ لوگ اسلام آباد میں جمع کر کے دکھائیں گے، 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔

پی ٹی آئی ورکرز کا چاند رات پر احتجاج، عمران خان سے یکجہتی کا اظہار

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی ورکرز کا چاند رات پر لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں احتجاج، حکومت کی تبدیلی کے خلاف نعرے بازی کی اور عمران خان سے اظہار یکجہتی کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکن لاہور کے لبرٹی چوک پہنچے، کارکنان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے جمع ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما بھی لبرٹی گول چکر پر گئے۔
کراچی تین تلوار پر بھی تحریک انصاف کے کارکن عمران خان کی کال پر جمع ہوئے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔
عمران خان کی کال پر فیصل آباد میں ریلیاں نکلیں، سابق ایم پی اے میاں وارث عزیز اور سابق ایم پی اے لطیف نذر گجر کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کے شرکاء نے پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کی۔
اسلام آباد میں بھی سابق وزیر اعظم عمران خان کی کال پر تحریک انصاف کی ریلیاں نکلیں، کارکنوں کی بڑی تعداد پارٹی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکلی، زیرو پوائنٹ اور آبپارہ میں کارکنوں کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ عمران خان نے مئی کے آخری ہفتے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

پی ٹی آئی گینگ کے مطابق کچھ کیا نہیں تو ڈر کیسا؟، خواجہ سعد رفیق

لاہور:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مخالفین سے جیلیں بھرنے والے شہزاد اکبر بھاگ گئے، پی ٹی آئی گینگ کے مطابق کچھ کیا نہیں تو ڈر کیسا؟۔
وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا کہ نیب کو روڈ رولر کی طرح استعمال کرنیوالے ڈر کیوں رہے ہیں، بقول پی ٹی آئی گینگ کچھ کیا نہیں تو ڈر کیسا؟ دوسروں کو چوہے کہنے والوں کے خود چوہے بننے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کو جواب دیتے ہوئے سابق معاون خصوصی نے کہا کہ شہزاد اکبر تو نہیں بھاگا، البتہ جتنے ترلے منتیں سعد رفیق نے عمران خان سے کیے ہیں انکا گواہ محمد معظم علی ہے، کچھ شرم و حیا ہوتی ہے ! ہمت ہے تو اس سے پوچھ لو! آپ یہ بھی بہتر جانتے ہیں آپکو جیل کس نے ڈلوایا ہمت ہے تو ڈائریکٹ انہیں مخاطب کریں۔

بلاول نے بھانجے کے ساتھ پہلی عید منانے کی تصویر شیئر کردی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری کے بیٹے میر حاکم کے ساتھ پہلی عید منانے کی تصویر شیئر کردی۔
بلاول نے بھانجے کے ساتھ عید کی تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی اور لکھا کہ ’میر حاکم کی پہلی عید‘۔
ماموں اور بھانجے کی پیار بھری تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے پیار بھیجا تو کسی نے تبصرہ کیا کہ آخر ماموں نے بھانجے کو کتنی عیدی دی؟

روسی وزیر خارجہ نے ہٹلر کو یہودی قراردیدیا: اسرائیل شدید برہم، سفیر طلب

تل ابیب: (ویب ڈیسک) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے تازہ بیان پر اسرائیل نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر یہود دشمنی کے جذبات پھیلانے اور ہولو کاسٹ کی اہمیت کم کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز اور مؤقر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک اطالوی ٹی ریٹے 4 نے دوران انٹرویو جب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے استفسار کیا گیا کہ روس کس طرح کہہ سکتا ہے کہ اسے یوکرین کو نازی اثر و رسوخ سے پاک کرنے کی ضرورت ہے جب کہ ملک کے صدر ولادیمیر زیلینسکی تو یہودی ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ جب وہ کہتے ہیں کہ ہم تو خود یہودی ہیں تو کس طرح سے یہ نازی ازم ہے؟ میں سمجھتا ہوں کہ ایڈولف ہٹلر بھی یہودیوں سے تعلق رکھتا تھا اسی لیے ان کی بات کا کوئی مطلب نہیں ہے۔
سرگئی لاوروف نے مترجم کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب تو کافی عرصے سے ہم عقلمند یہودی لوگوں کو یہ کہتے ہوئے بھی سن رہے ہیں کہ یہود مخالف سب سے بڑے خود یہودی ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی وزیر خارجہ کے اس انٹرویو پر اسرائیل نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے جھوٹ کا مقصد یہودیوں کے اپنے خلاف ہونے والے تاریخ کے سب سے بڑے اور ہولناک جرائم کا الزام خود یہودیوں پر ہی لگانا ہے۔ اس ردعمل کا اظہار خود اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کیا ہے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے یہودیوں کے ہولوکاسٹ کا استعمال فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
اسرائیل نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے انٹرویو پر معافی مانگیں۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے اس کے لیے روسی سفیر کو بھی طلب کیا۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق ایڈولف ہٹلر کو یہودی قرار دینا ایسا ہی ہے جیسے یہ کہا جائے کہ یہودیوں نے خود کو ہلاک کیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہودیوں پر یہود مخالف ہونے کا الزام لگانا نسل پرستی کی سب سے گری ہوئی سطح ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے تاحال اپنے ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ہولوکاسٹ میں مارے جانے والے 60 لاکھ یہودیوں کی یادگار ید واشیم کے چیئرمین دانی دیان کا کہنا ہے کہ روسی وزیر خارجہ کے ریمارکس حقیقی نازی ازم کے متاثرین کی توہین اور ان کے لیے بڑا دھچکہ ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ نازی حامی عناصر یوکرین کی حکومت اور فوج پر تسلط رکھتے ہیں۔
اسرائیلی وزیر خارجہ جن کے دادا بھی ہولو کاسٹ میں مارے گئے تھے ان کا کہنا تھا کہ یوکرینی نازی نہیں ہیں، صرف نازی ہی نازی تھے اور صرف انہوں نے یہودی لوگوں کی منظم نسل کشی کی۔
جرمن حکومت کے ترجمان نے اس معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈولف ہٹلر کے بارے میں سرگئی لاوروف کا تبصرہ مضحکہ خیز پروپیگنڈہ تھا۔

عمران خان بتائیں امریکا کے خلاف کون سے بڑا کارنامہ کیا تھا: شرجیل میمن

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے سابق وزیراعظم کے ٹوئٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان بتائیں امریکا کے خلاف کون سے بڑا کارنامہ کیا تھا؟ ایساکیاکارنامہ کیاجوان کےخلاف بیرونی سازش ہوئی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سازش کا راگ الاپنے والے سے اپنے ایم این ایز اور اتحادی تنگ تھے عمران نیازی ملک میں اقتصادی تباہی کا ذمہ دار ہے اس شخص نےملک کی خارجہ پالیسی کوشدیدنقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کو روکنے میں بھی عمران خان اور ان کے مشیروں کا ہاتھ رہا عمران نیازی نے پاکستان کے ریاستی اداروں کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی دفاعی تجزیہ کار ریبیکا گرانٹ کی غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو کی ویڈیو شیئر کی ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ امریکا فرمانبردار اور کٹھ پتلی وزیراعظم چاہتا ہے۔ حکومت تبدیلی کی سازش پرشبہ ہے تو اس ویڈیو سے شکوک دور ہونےچاہئیں۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ ایک جمہوری طور پر منتخب وزیراعظم اور اسکی حکومت کو کیوں ہٹایا گیا ہے، واضح رہے کہ امریکا فرمانبردار اور کٹھ پتلی وزیراعظم کے طور پر چاہتا ہے۔

نیدرلینڈ میں دو کاروں کو ٹکر مارنے پر 4 سالہ ننھا ڈرائیور گرفتار

ایمسٹر ڈیم: (ویب ڈیسک) نیدرلینڈ کی پولیس نے اُس چار سالہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا جس نے اپنی والدہ کی کار کی چابی چرائی اور کار اسٹارٹ کردی جو پاس کھڑی گاڑیوں سے ٹکراگئی۔
نیدر لینڈ میں پڑوسیوں کو گاڑیاں ٹکرانے کی آواز نے چونکا دیا۔ پریشان حال پڑوسی باہر نکلے تو دیکھا ان کی کاروں پر ڈینٹ پڑے ہیں اور پاس ایک کار بھی کھڑی ہے جس میں سے ’’ ننھا مجرم‘‘ ننگے پاؤں نکل کر بھاگتے ہوئے اپنے گھر میں داخل ہوجاتا ہے۔
پڑوسیوں نے ننھے واردتیے کی مخبری پولیس کو کی تو پولیس بچے کو مہمان بناکر لے گئی۔ بچے کو چاکلیٹ پیش کی گئی اور کھیلنے کو ایک بھالو بھی دیا تاکہ مجرم کو رام کیا جا سکے تب تک بچے کی ماں بھی آگئیں۔
پولیس ماں سمیت بچے کو جائے وقوعہ پر لے کر گئی اور بچے سے کہا کہ وہ کار چلا کر دکھائے جس پر بچے نے چابی سے دروازہ کھولا، ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اور چابی سے گاڑی اسٹارٹ کرلی۔ بچے نے یہ بھی کر کے دکھایا کہ کس طرح کلچ اور ایکسیلیٹر پر پاؤں رکھا جاتا ہے۔
والدہ حیران پریشان یہ منظر دیکھتی رہیں۔ پولیس نے ہدایت کی آئندہ کار کی چابیاں سنبھال کر رکھیں اور بچے کو ماں کے حوالے کردیا۔

شہری نے مسافروں کو گرمی سے بچانے کیلئے اپنے رکشے کی چھت پر پودے اگالیے

نئی دلی: (ویب ڈیسک) بھارت ان دنوں شدید گرمی کے لپیٹ میں ہے ،ایسے میں ایک شہری نے مسافروں کو دھوپ اور تپش سے بچانے کیلئے اپنے رکشے کی چھت پر ہی پودے اگالیے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ( اے ایف پی ) کے مطابق نئی دلی میں سڑکوں پر سبز اور پیلے رنگ کے آٹو رکشے ہر جگہ نظر آتے ہیں لیکن مہندرا کمار کا رکشہ ان سب میں منفرد ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئی دلی کے 48 سالہ رہائشی مہندرا کمار ایک رکشہ ڈرائیور ہیں، انہوں نے مسافروں کو گرمی کے اس موسم میں ٹھنڈک اور راحت پہنچانے کیلئے رکشے کی چھت پر مختلف قسم کے تازہ پودے اگالیے۔
کمار کا کہنا ہے کہ نئی دلی میں45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بھی یہ پودے رکشے کو ٹھنڈا رکھتے ہیں۔
خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کمار نے بتایا کہ ‘تقریباً دو سال پہلے مجھے گرمی کے موسم میں یہ خیال آیا اور میں نے سوچا کہ اگر میں چھت پر کچھ پودے اگا سکوں تو اس سے میرا رکشہ ٹھنڈا رہے گا اور مسافروں کو گرمی سے راحت ملے گی’۔
رپورٹس کے مطابق کمار نے مسافروں کی سہولت کیلئے رکشے کے اندر دو چھوٹے کولر اور پنکھے بھی لگائے ہیں۔
کمار کا کہنا تھا کہ میرا رکشہ اب قدرتی اے سی (ایئر کنڈیشنر) کی طرح ہے،اس لیے مسافر بھی اب سواری کے بعد اتنے خوش ہوتے ہیں کہ وہ مجھے اضافی10، 20 بھارتی روپے دیتے ہیں۔
کمار کے مطابق رکشے کی چھت پر پودے اگانا آسان تھے، میں نے سب سے پہلے ایک چٹائی اور موٹی بوری بچھائی جس پر کچھ مٹی ڈال دی اور پھر اس میں سڑک کنارے سے گھاس کی چھوٹی ٹہنیاں اور مختلف پودوں کے بیچ ڈال دیے اوردن میں 2 بار انہیں پانی دیتا رہا ،لہٰذا دیکھتے ہی دیکھتے چند دنوں میں یہ پودے بڑے ہوگئے۔
دوسری جانب کمار کا یہ منفرد رکشہ نئی دلی کی سڑکوں پر عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور شہری اس میں سوار ہوکر تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارت میں 2010 سے اب تک ہیٹ ویوز سے6 ہزار 5 سو سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی جنوبی ایشیا میں سخت نقصان پہنچارہی ہے۔