All posts by Khabrain News

کوئٹہ میں ماں اور چاربچوں کو ذبح کرنے والا سفاک قاتل مقتولہ کے شوہر کا بھتیجا نکلا

خاتون اور چار بچوں کو قتل کرنیوالے قاتل کو گرفتارکرلیا گیا، قاتل مقتولہ کے شوہر کا بھتیجا نکلا۔
گزشتہ روز کوئٹہ سے جنوب مغرب میں 25 کلو میٹر دور کچلاک کے علاقے کلی پوٹی ناصران میں قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی تھی، جہاں نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے سے ایک خاتون اور اس کے چاربچوں کو بے دردی سے تیز دھار آلے کے ساتھ ذبح کرکے قتل کردیا تھا، تاہم ڈپٹی کمشنر پشین کے مطابق قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشین نے پریس کانفرنس میں لرزہ خیز واردات کے حوالے سے بتایا کہ بوستان میں خاتون اور چار بچوں کو قتل کرنے والا قاتل گرفتارکرلیا گیا ہے، قاتل مقتولہ کے شوہر کا بھتیجا ہے، جس کی عمر 20 سال اور نام محمود اللہ ہے۔ ملزم محمود اللہ واردات کے بعد افغانستان فرار ہو گیا تھا اور ایک روز بعد ہی دوبارہ واپس آیا تو اسے گرفتار کرلیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر پشین نے انکشاف کیا کہ قاتل محمود اللہ نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولہ کے شوہر حکمت اللہ نے دو شادیاں کررکھی ہیں، اور قتل کی اس لرزہ خیز واردات میں اس کی دوسری بیوی بھی شامل ہے، واردات کے دوران مقتولہ سکینہ بی بی نے مزاحمت کرکے قاتلہ کو زخمی بھی کیا تھا۔

نوشہرہ میں پانی کی ٹینکی میں گر کر 3 بچے جاں بحق

جہانگیرہ اسٹیشن روڈ کے علاقے میں 3 بچے واٹر ٹینک میں گر کر جاں بحق ہوگئے۔
پشاور ڈویژن کے ضلع نوشہرہ کے علاقہ جہانگیرہ اسٹیشن روڈ کے علاقے میں پانی کی ٹینکی میں گر کر 3 بچے جاں بحق ہوگئے،بچوں کی شناخت 6 سالہ بلال عمر، 4 سالہ بچی فجر عمر اور 3 سالہ مدثر عمر کے نام سے ہوئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جہانگیرہ اسٹیشن روڈ کے مقام سے کنٹرول روم کو تین بچوں کے واٹر ٹینکی میں گرنے کی اطلاع ملی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو اسٹیشن 33 اکوڑہ خٹک سے میڈیکل ٹیم بمع ایمبولینس روانہ ہوگئی تاہم بچے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوچکے تھے۔
جاں بحق ہونے والے تینوں بچے آپس میں بہن بھائی تھے۔

عوامی رابطہ مہم؛ عید کے بعد مریم نواز کے جلسوں کیلئے شیڈول جاری

پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے جلسوں کے لیے مسلم لیگ (ن) نے تیاریاں شروع کردیں، عوامی رابطہ مہم کے تحت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جلسوں کا شیڈول جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز مئی کے آخری ہفتے میں بہاولپور میں بڑا جلسہ کریں گی، مریم نواز 6 مئی کو اٹک، 8 مئی کو اوکاڑہ اور 11 مئی کو صوابی میں جلسے کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ مریم نواز سینٹرل پنجاب، جنوبی پنجاب اور کے پی کے میں جلسے اور مریم نواز عید کے بعد عوامی رابطہ مہم کی قیادت کریں گی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی عوامی رابطہ مہم عید الفطر کے فوری بعد شروع کی جائے گی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کا عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندرا اسپتال میں داخل

بالی ووڈ کے سینئر اداکار وفلم ساز دھرمیندرا کو کمر میں شدید درد اور طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری میں دھرمیندرا کے نام سے مشہور اس شخصیت کا اصل نام دھرم سنگھ دیول ہے۔ وہ ان دونوں ممبئی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، اداکار کو انتہائی نگہداشت وارڈ(آئی سی یو) میں بھی رکھا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھرمیندرا کو آئی سی یو سے نکال لیا گیا ہے اور اب ان کی حالت بہتر ہے، ڈاکٹروں کے مشوروں کے مطابق ممکنہ طور پر جلد فلم ساز کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔
86 سالہ اداکار کے کمر میں شدید درج اٹھنے سے ان کی حالت بگڑ گئی تھی جس کے بعد اہل خانہ نے فوری طور پر انہیں اسپتال میں داخل کرایا۔ طبی ماہرین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں، دھرم سنگھ کی صحت اب بہتر ہے۔
خیال رہے کہ دھرمیندرا گزشتہ کئی سالوں سے بڑی اسکرین سے دور ہیں تاہم اب وہ کرن جوہر کی فلم ’روکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔

بلاول بھٹو کو ترک وزیر خارجہ میولود چاؤش اوغلو کا فون

دبئی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ترکی کے ہم منصب میولود چاؤش اوغلو نے فون کر کے وزارت خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

تفصیلات کے مطابق ترک وزیر خارجہ میولود چاؤش اوغلو نے وزیر خارجہ پاکستان بلاول

بھٹو کو فون کر عہدہ سنبھالنے اور عید الفطر کی مبارک باد دی۔

بلاول بھٹو اور ترک ہم منصب میں برادرانہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی، بلاول بھٹو نے کشمیر کے معاملے پر پاکستانی مؤقف کی حمایت پر ترک ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

بلاول بھٹو اور ترک وزیر خارجہ نے سفارتی تعلقات کے 75 برس کی تکمیل کا جشن منانے پر بھی اتفاق رائے کیا۔

وزیراعظم کا عید کنٹرول لائن پر منانے کا اعلان

مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے عید کا دن کنٹرول لائن پر گزارنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردارتنویر الیاس نے عید فوجی جوانوں کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے، جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نماز عید الفطر مظفرآباد میں ادا کرنے کے بعد ایل او سی کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاک فوج کے جوانوں سے بھی ملاقات کرینگے۔

اپنے دورہ ایل او سی پر وزیراعظم آزاد کشمیر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقات کرینگے جبکہ آزاد کشمیر میں مہاجرین کے کیمپوں کا بھی دورہ کرینگے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولاناعبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا تھا، جس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان میں عیدا لفطر بروز منگل تین مئی کو ہوگی۔

عمران خان کی کردار کشی کی بڑی مہم شروع ہونے والی ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی کردار کشی کی بڑی مہم شروع ہونے والی ہے، جعلی ویڈیوز، آڈیوز کے ذریعے پروپیگنڈا کیا جائے گا، لاکھوں لوگ پی ٹی آئی چیئرمین کے ساتھ اسلام آباد آئیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے توہین مذہب کے کیسز سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی، یہ لوگ عمران خان کی کردار کشی کے لئے بڑی مہم بھی شروع کرنے والے ہیں، ڈمی حکومت کے آخری ہفتے ہیں، حقیقی آزادی کی تحریک ان معاملات کی وجہ سے رکنے والی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نصرت بھٹو، بے نظیر بھٹو کی کردار کشی کی مہم 88 کی دہائی میں چلائی گئی، پاکستان کی حقیقی آزادی کی تحریک ان معاملات کی وجہ سے رکنے والی نہیں، چاند رات کو ہزاروں نوجوان جھنڈے لے کر نکلیں گے، عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

عید کے بعدعمران خان کا پنجاب کے 6 شہروں میں جلسوں کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان عید الفطر کے بعد پنجاب میں بھرپور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔
عید کے بعد پی ٹی آئی کے جلسوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔ سیکرٹری اطلاعات پنجاب مسرت جمشید کے مطابق چھ مئی کو عمران خان آبائی علاقے میانوالی میں جلسہ عام منعقد کریں گے جس کے لیے سبطین خان فوکل پرسن مقررکئے گئے ہیں۔
دس مئی کو جہلم میں جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں فواد چوہدری فوکل پرسن ہونگے۔ عمران خان بارہ مئی کو اٹک میں جلسہ کرینگے، جس کے لیے طارق صدیق فوکل پرسن مقررکئے گئے ہیں
سابق وزیراعطم عمران خان چودہ مئی کو سیالکوٹ میں جلسہ عام کرینگے،جس میں عثمان ڈار فوکل پرسن ہونگے۔ عمران خان پندرہ مئی کو فیصل آباد میں جلسہ کرینگےجس کے لیے لطیف نذر فوکل پرسن ہونگے۔
انیس مئی کو چکوال میں جلسہ عام ہوگا جس کے لیے راجہ یاسر ہمایوں کو فوکل پرسن مقرر کیاگیاہے۔

منصوبہ بندی سے مسجد نبویؐ کی بے حرمتی کی گئی، عمرانی فتنہ کچلنا ہوگا: جاوید لطیف

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کے تحت مسجد نبویؐ کی بے حرمتی کی گئی، اس عمرانی فتنے کو کچلنا ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ریاست کو اس کا مدعی بننا ہوگا، شیخ رشید نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ وہاں کیا کچھ ہوگا، آپ پاکستان میں فساد اور خون ریزی کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرانی فتنہ کہتا ہے چاند رات کو موٹر سائیکلوں پر پارٹی پرچموں کیساتھ نکلیں، تمام مکاتب فکر کو اکٹھا کر کےعمرانی فتنے کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

تحریک انصاف لانگ مارچ کیلئے متحرک، 20 لاکھ لوگوں کو اسلام آباد لے جانے کا ہدف

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی لانگ مارچ کیلئے متحرک ہو گئی ، کارکنوں کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا، تحریک انصاف نے بیس لاکھ لوگوں کو اسلام آباد لے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ کارکن آج رات کو پرچم لے کر نکلیں اور لانگ مارچ کی ابتدا کریں جبکہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ آج لاہور کے لبرٹی چوک میں عمران خان کی ہدایت پر احتجاج ہوگا۔ دوسری طرف پی ٹی آئی نے عید الفطرکے فوری بعد پنجاب میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غلامی نامنظور مارچ کے لئے تحریک انصاف پنجاب نے آرگنائزنگ کمیٹی بنا دی۔ شفقت محمود کنونئیر اورراجہ یاسر ہمایوں کو ڈپٹی کنونئیر مقرر کر دیا گیا۔
چیئرمین عمران خان نے عید الفطر کے فوری بعد پنجاب میں جلسوں کا اعلان کیا ہے، 6مئی کو میانوالی، 10مئی کو جہلم ، 12 مئی کو اٹک، 14مئی کو سیالکوٹ، 15 مئی کو فیصل آباد اور 19 مئی کو چکوال میں جلسہ عام ہو گا۔