اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے ریکوڈک صدارتی ریفرنس پر سماعت مکمل کر لی، ریفرنس پر رائے آئندہ ہفتے سنائی جائےگی۔
چیف جسٹس پاکستان نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ ریکوڈک کیس میں حقیقت یہ ہے کہ کئی ارب ڈالرز کا جرمانہ پاکستان پر ہے، صدر مملکت نے ریکوڈک معاہدے کے قانونی چیلنجز پر رائے مانگی ہے، عدالت بنیادی حقوق کے معاملے پر محتاط رہے گی، ریکوڈک معاہدے میں وفاقی حکومت نے آئین و قانون کی پاسداری کی، خوشی ہے ریکوڈک معاہدے میں بین الاقوامی معیار کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
سپریم کورٹ میں ریکوڈک معاہدے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر 17 ویں اور آخری سماعت ہوئی۔
عدالتی معاون سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عدالت ریکوڈک معاہدے میں فریق نہیں کہ اس پر مہر لگائے، معاہدے کی ملکیت سیاسی قیادت کے پاس ہی رہنی دینی چاہیے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ معاہدے میں قانون اورآئین کی خلاف ورزی پرعدالت رائے دے سکتی ہے، خوش آئند بات ہے کہ تمام وکلاء اس بات پرمتفق ہیں کہ ریکوڈک شفاف اور عوامی معاہدہ ہے۔
عدالتی معاون فروغ نسیم نے دلائل میں کہا عدالت معاہدے کے مالی نہیں قانونی معاملات پر رائے دے اور مدِ نظر رکھا جائے کہ پاکستان پر تقریباً 10 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد ہے، پاکستانی عوام سپریم کورٹ پر اندھا اعتماد کرتے ہیں ، جب میں لندن میں پی ایچ ڈی کر رہا تھے تو پوچھا گیا پاکستان میں مارشل لاء کی توثیق سپریم کورٹ کیوں کرتی ہے ؟ میں نےجواب دیا پاکستان میں لوگ آئینی اقدامات کو تسلیم کرتے ہیں، سپریم کورٹ جب مارشل لاء کو آئینی قراردیتی ہے تو عوام اس کوبھی مان لیتے ہیں۔
سپریم کورٹ میں تمام فریقین کے دلائل مکمل ہو گئے، صدارتی ریفرنس پر رائے آئندہ ہفتے سنائی جائےگی۔
All posts by Khabrain News

حکومتی مشکل فیصلوں سے ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکل چکا: وزیراعظم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کے مشکل فیصلوں کی بدولت ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، معیشت سے متعلق بے بنیاد ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی مزموم کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیرِ اعظم سے معروف عالمی انویسٹمنٹ بینکنگ اینڈ کیپیٹل مارکیٹس فرم جیفریز کے وفد نے ملاقات کی، جس ملاقات میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے فرم کو پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کی دعوت دی۔ وفد نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی معاشی بحالی کو ایک اچھی علامت قرار دیا جس نے معاشی چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کیا اور ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، اتحادی حکومت کے مشکل فیصلوں کی بدولت ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال کے بارے میں غلط معلومات پھیلائی جارہی ہے، معیشت سے متعلق بے بنیاد ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی مزموم کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے سیاسی قیمت کی پرواہ کیے بغیر ملک کو گزشتہ چار سال کی نااہلیوں کا خمیازہ بھگتنے سے بچا لیا، حکومت مہنگائی کو کم کرنے اور عام آدمی کے ریلیف کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت بیرونی تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے کوشاں ہے، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔

حنا ربانی کھر کا دورہ کابل، افغان اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں
کابل: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے افغانستان کا دورہ کیا اور اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
حنا ربانی کھر نے افغان عبوری نائب وزیراعظم عبدالسلام حنفی سے ملاقات کی جس میں افغان وزیر معدنیات اورپیٹرولیم شہاب الدین دلاوربھی موجود تھے۔
حنا ربانی نے وفد کے ہمراہ افغان وزیرخارجہ امیرخان متقی سے ملاقات کی جس میں پاکستان، افغانستان کے درمیان سامان، مسافروں کی آمدورفت اور تجارتی مسائل پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
ملاقات میں پاکستان میں قید افغان قیدیوں کی رہائی کے معاملے پربھی بات کی گئی جبکہ پاکستانی وفد نے ویزوں کے اجرا، تجارت، ٹرانزٹ میں سہولت فراہمی کیلئے تعاون اور افغان مہاجرین کے ساتھ اچھے سلوک کے معاملے پر تعاون کا وعدہ کیا۔
افغان وزیرخارجہ نے ترکمانستان، پاک، افغان پاور منصوبے پرکام شروع کرنے کیلئے آمادگی کا اظہار کیا اور سیاسی تعلقات، اقتصادی ترقی، سلامتی سےمتعلق اپنامؤقف بھی واضح کیا۔
افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ پاک افغان تعلقات خطے کے عوام کیلئے سود مند ہیں۔
وزیرمملکت حناربانی کھرنے افغان وزیرتجارت حاجی نورالدین عزیزی سے ملاقات کی جس میں پاک افغان تجارت، اقتصادی تعلقات، راہداری اوررابطوں پر بات چیت کی گئی۔

بھارت یکم دسمبر کو ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرائے گا
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت یکم دسمبر کو اپنی پہلی ریٹیل ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرا رہا ہے۔
بھارتی مرکزی بینک کے مطابق یکم دسمبر کو ای روپیہ کے پائلٹ پروگرام کا آغاز ہوگا۔
ابتدا میں اس پروگرام میں محدود افراد میں صارفین اور تاجروں کو شامل کرکے ایک ماہ تک جانچ پڑتال کی جائے گی جس کے بعد ہول سیل کے شعبے کو اس پائلٹ پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔
ابتدائی طور پر 4 شہر اور 4 بینک اس پائلٹ پروگرام کا حصہ ہوں گےاور بتدریج اس تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)کو توقع ہے کہ اس ڈیجیٹل کرنسی سے نقد رقم پر انحصار کم ہوگا جبکہ لوگوں کو نجی کرپٹو کرنسی سے دور رکھنا ممکن ہوجائے گا۔
بینک کے مطابق ابتدائی ٹیسٹ کے نتائج کو دیکھتے ہوئے ڈیجیٹل کرنسی میں اضافی فیچرز اور ایپس کا اضافہ کیا جائے گا۔
آر بی آئی کی جانب سے گزشتہ کئی برس سے شہریوں کو کرپٹو ٹریڈنگ سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بھارت کی جانب سے ڈیجیٹل کرنسی کو اس وقت متعارف کرایا جارہا ہے جب دنیا کے مختلف ممالک بھی اس طرح کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔
سنگاپور کے حکام نے اکتوبر 2022 میں ڈیجیٹل کرنسی کی آزمائش کا اعلان کیا تھا جبکہ چین کی جانب سے اس حوالے سے تجربہ کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم سے آصف زرداری کی ملاقات، پی ٹی آئی کی جانب سے اسمبلیوں کی تحلیل پر مشاورت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے سابق صدرآصف زرداری نے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں پی ٹی آئی کی طرف سے اسمبلیوں کی تحلیل اور دیگر امورپرمشاورت کی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی وزیراعظم شہبازشریف سے سابق صدرآصف زرداری نے ملاقات کی تھی۔

فواد چوہدری کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے سفارتخانے میں ملاقات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات آج دن 3 سے 4 بجے تک امریکی سفارتخانےمیں ہوئی اور یہ ون آن ون ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ خیال رہے کہ امریکی سفیر سے فواد چوہدری کی چند دنوں میں یہ دوسری ملاقات ہے۔
امریکی سفارتخانے نے آج ہونے والی ملاقات پر تبصرےسے گریز کیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی سفیر پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملتے رہتے ہیں اور ان ملاقاتوں کی تفصیلات جاری نہیں کی جاتیں۔

کراچی: شمسی سوسائٹی میں تین بچیوں اور ماں کا لرزہ خیز قتل
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں گھر سے ایک ہی خاندان کی تین بچیوں اور ان کی والدہ کی لاشیں ملی ہیں۔
کراچی کے الفلاح تھانے کی حدود شمسی سوسائٹی کے ایک گھر میں پر تشدد واقعات میں 3 بچیوں اور ان کی والدہ کو قتل کردیا گیا جب کہ ایک مرد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولین کا خاندان اس علاقے میں پہلی منزل پر کرائے پر مقیم تھا، گھر سے 3 بچیوں اور ایک خاتون کی خون میں لت پت لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ گھر سے ایک مرد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا کہ فواد کی جان بچ سکے گی یا نہیں، فواد کا آپریشن چند گھنٹے مزیدجاری رہ سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، علاقہ مکینوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے جب کہ اطراف میں لگے کیمروں کی بھی فوٹیج حاصل کی جائے گی۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کورنگی ساجد امیر سدوزئی کے مطابق شمسی سوسائٹی کا واقعہ مقتول خاندان کا اندرونی معاملہ ہے جس میں مبینہ طور پر زخمی ہونے والا شخص ہی چار افراد کے قتل کا ملزم ہے۔
ساجد امیر سدوزئی کے مطابق مقتولین میں ملزم فواد کی اہلیہ اور اس کی تین بچیاں شامل ہیں۔
ملزم فواد مصالحہ کمپنی میں سیلز منیجر ہے جس نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ اور تین بچیوں کو قتل کر کے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔
ساجد امیر سدوزئی کے مطابق واردات کے بعد کمرے کی کنڈی اندر سے بند تھی جس سے شبہ ہے کہ یہی ملزم اصل واردات کرنے والا ہے۔
جائے وقوع سے آلہ قتل خون آلود چھری بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہے۔
قتل کیے گئے افراد میں زخمی فواد کی اہلیہ ہما، 16 سالہ بیٹی نیہا، 12 سالہ بچی فاطمہ اور 10 سالہ بچی ثمرہ شامل ہیں۔
فواد کی حالت تشویشناک ہے، طبی امداد دی جارہی ہے، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق زخمی اور لاشوں کو گھر کا دروازہ توڑ کر نکالا گیا، عمارت میں ایک فلور پر فواد اور دوسرے پر اس کے بھائی کی فیملی رہتی ہے ، فواد کا بھائی ملازمت پر تھا، پڑوسی بھی واقعے سے لاعلم تھے ، فواد نجی کمپنی میں سیلز مین ہے ، فواد شدید زخمی حالت میں ہے ابھی بیان نہیں لیا۔
مقتولہ ہما کے بھائی اسد نے جناح اسپتال کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایساکوئی معاملہ نہیں تھاکہ بات قتل تک پہنچ جائے، ہم ہما اور تینوں بچیوں کاپوسٹ مارٹم کرانانہیں چاہتے۔
ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم ضروری ہے ، کوشش کریں گے پوسٹ مارٹم ہو، میڈیکو لیگل ہونا ضروری ہے وہ کروائیں گے، ممکنہ طور پر ملزم فواد نے پہلے بیگم اور پھر 3بیٹیوں کو قتل کیا ہے ، فواد کی والدہ سے معلومات حاصل کی ہیں، فواد کا اہلیہ سے جھگڑا معمول تھا، فواد کی اہلیہ کی آواز بھابھی نے سنی تو گھر والے اوپر گئے، دروازے کی کنڈی توڑ کر گھر والے اندر داخل ہوئے ، شور شرابے کی آواز نہ آنےسے شبہ ہے کہ نشہ آور چیز دی گئی ہو۔
ساجد سدوزئی کے مطابق فواد فیکٹری میں سیلز منیجر کے طور پر کام کرتا ہے، صبح فواد ڈیوٹی پر گیا اور گھر آکر واپس آکر یہ کام کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فیملی منع کر رہی ہے مگر پوسٹ مارٹم کر رہے ہیں، 4 قتل کا معاملہ ہے نظرانداز نہیں کرسکتے۔
فواد کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دوپہر ڈیڑھ بجے تک سب صحیح تھا، آج بچیاں اسکول اور کالج بھی گئی تھیں، بیٹے کو 4 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی، میں نے دو چیخوں کی آواز سنی تو میں نے اوپر کال کی کسی نے فون نہیں اٹھایا، میں جب اوپر گئی تو دروازہ نہیں کھلا۔
فواد کی والدہ نے مزید بتایا کہ ہم نے دروازے کو زور سے ہلایا تو کنڈا کھل گیا، اندر گئی تو بچیاں جہاں سوتی تھیں وہیں پڑی ہوئی تھیں، دوسرے کمرے میں بہو کے اوپر کمبل پڑا ہوا تھا،اند گئی تو میرا بیٹا فواد بھی زخمی پڑا تھا، میرے بیٹے یا بہو نےکبھی کسی بات کی شکایت نہیں کی، آج ساری پوتیاں مجھ سے مل کر پڑھنے گئی تھیں۔
فواد کے ہم زلف کا کہنا ہے کہ فواد کو مالی مسائل کاسامنا نہیں تھا، فواد اپنی بیٹیوں اور بیوی سے محبت کرتا تھا۔
فواد کے ہم زلف کا کہنا ہے کہ فواد پراعتماد اور رکھ رکھاؤ والاانسان ہے۔

حنا ربانی کھر کی کابل میں ویمن چیمبر آف کامرس سے ظہرانے پر ملاقات
کابل: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے دورے کے دوران ویمن چیمبر آف کامرس سے ظہرانے پر ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت نے معاشرے میں خواتین کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کی کاروباری خواتین کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ پاکستان خواتین کے کاروبار کے ذریعے تیار کردہ مصنوعات کی درآمد کو خصوصی ترجیح دے گا۔

ول اسمتھ نے پہلی بار آسکر تقریب میں تھپڑ مارنے کی وجہ ظاہر کردی
نیویارک: (ویب ڈیسک) ہالی وڈ اداکار ول اسمتھ نے مارچ میں آسکر ایوارڈز کی تقریب کے دوران اسٹیج پر کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مار ا تھا اور بعد میں معذرت بھی کی تھی۔
مگر اب پہلی بار انہوں نے تھپڑ مارنے کی وجہ بیان کی ہے۔
آسکر ایوارڈز کے اس واقعے کے بعد پہلے ٹی وی انٹرویو میں ول اسمتھ نے بتایا کہ آخر کس چیز نے انہیں کرس راک کو تھپڑ مارنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ ‘جیسا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ وہ ایک خوفناک رات تھی، متعدد پیچیدگیاں اور پہلو اس رات میں چھپے ہیں مگر اس دن کے اختتام پر مجھے ہی شکست ہوئی تھی’۔
انہوں نے کہا کہ ‘یقیناً میں اپنے رویے کو درست قرار نہیں دے سکتا ، مگر اس وقت میرے اندر بہت کچھ ہوا تھا۔ وہ ایک چھوٹا بچہ تھا جو اپنے باپ کو ماں پر تشدد کرتے دیکھتا تھا، اس لمحے غصے کا وہ غبارہ پھٹ گیا اور میں وہ بن گیا جو میں نہیں بننا چاہتا تھا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ وہ غصہ تھا جو بہت عرصے سے میرے اندر جمع ہورہا تھا’۔
انٹرویو کے دوران ول اسمتھ نے کہا کہ جب وہ اس واقعے کے بعد گھر گئے تو 9 سالہ بھتیجا ان کے انتظار میں جاگ رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ‘میری گود میں بیٹھ کر اس نے آسکر کو تھاما اور کہا کہ آپ نے اس شخص کو کیوں مارا؟ اس وقت مجھے احساس ہوا کہ میں نے کیا کردیا، مجھے اس حد تک نہیں جانا چاہیے تھا’۔
یاد رہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کےدوران کرس راک ایوارڈ دینےاسٹیج پرآئے تھے جس دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے ول اسمتھ کی بیوی جاڈا پنکٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑنے کا مذاق اڑایا تھا۔
کامیڈین کے مذاق پر ول اسمتھ اسٹیج پر آئے اورکرس راک کے منہ پر زور دارتھپڑ مارا۔
اس واقعے کے بعد اکیڈمی ایوارڈز نے آسکر تقاریب میں ول اسمتھ کی شرکت پر 10 سال کی پابندی عائد کردی تھی۔
اکیڈمی ایوارڈز کے حکام کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ ہمارے لیے دنیا بھر میں اپنے مہمانوں، ناظرین اور اپنی اکیڈمی فیملی کے لیے ایک مثال قائم کرنے کا ایک موقع تھا تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرسکے۔
بیان میں کہا گیا کہ ول اسمتھ کے رویے کے جواب میں ہم آج یہ کارروائی کر رہے ہیں جو ہمارے فنکاروں اور مہمانوں کی حفاظت کے مقصد کی طرف ایک قدم ہے۔
اس وقت ول اسمتھ نے کہا تھا کہ ‘میں اکیڈمی کے فیصلے کو قبول کرتا ہوں اور اس کا احترام کرتا ہوں’۔
آسکر ایوارڈز کے واقعے کے بعد ول اسمتھ کی پہلی فلم Emancipation دسمبر کے آغاز پر ریلیز ہورہی ہے جو ایک ہفتہ سنیما میں دکھائی جائے گی جس کے بعد ایپل ٹی وی پلس میں اسٹریم کی جائے گی۔

میرا نے اپنی خوبصورتی کا راز بتا دیا
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے اپنی خوبصورتی کا راز بتا دیا۔
ایک تقریب میں ان سے سوال کیا گیا کہ ان کی خوبصورتی کا راز کیا ہے؟ وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ نوجوان ہوتی جا رہی ہیں؟
جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری خوبصورتی کا راز ہے، اچھی سوچ، اچھا اخلاق، انسانیت اور اس کی خدمت، لوگوں کی مدد کرنا۔
انہوں نے اپنی تعریفیں جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ایک اچھی انسان ہیں اور پاکیزہ ہیں ۔