All posts by Muhammad Saqib

منی بجٹ تیار، 350 ارب کے نئے ٹیکس ،مراعات ختم

اسلام آباد (ویب ڈیسک)حکومت نے ایک ارب ڈالر سے زائد قرض کے حصول کے لیے آئی ایم ایف سے کئے وعدوں پر عمل شروع کردیا ہے‘حکومت چوتھے ترمیمی آرڈیننس کو آئی ایم ایف کے ایماءپر بل کی شکل میں پیش کرےگی‘ ترمیمی فنانس بل کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائےگا‘ ترمیمی بل کابینہ سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں منظوری کےلئے پیش کیا جائےگا‘مجوزہ ترمیمی بل میں حکومت برآمدات کے علاوہ زیرو ریٹنگ سے بھی سیلز ٹیکس چھوٹ واپس لے گی‘مخصوص شعبوں کو حاصل ٹیکس چھوٹ کو بھی ختم کئے جانے کا امکان ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف سے کئے گئے وعدے پر عمل درآمد شروع کردیا ہے، اس حکومت چوتھے ترمیمی آرڈیننس کو آئی ایم ایف کے ایماءپر بل کی شکل میں پیش کرے گی، ترمیمی فنانس بل کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، ترمیمی بل کابینہ سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔مجوزہ ترمیمی بل میں حکومت برآمدات کے علاوہ زیرو ریٹنگ سے بھی سیلز ٹیکس چھوٹ واپس لے گی، جن اشیاءپر سیلز ٹیکس چھوٹ زائد ہے اس اسٹینڈرڈ سیلز ٹیکس ریٹ 17 فیصد لاگو ہوگا، اس کے علاوہ مخصوص شعبوں کو حاصل ٹیکس چھوٹ کو بھی ختم کئے جانے کا امکان ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ترمیمی فنانس بل میں شیڈول چھ کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، جس سے 350 ارب روپے کی ٹیکس مراعات ختم ہو جائیں گی، اس طرح موبائل فون، اسٹیشنری اور پیک فوڈ آئٹمز پر ٹیکس چھوٹ ختم کئے جانے کا امکان ہے۔مجوزہ ترمیمی بل میں رواں مالی سال کے لئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5829 ارب روپے سے بڑھا کر 6100ارب روپے مقرر کرنے کا تجویز ہے تاہم پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی وصولی کا ہدف 600 ارب روپے سے کم کر کے 356ارب روپے مقرر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ترقیاتی بجٹ میں 200 ارب روپے کمی کرنے کی تجویز بھی ترمیمی بل کا حصہ ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل مشیر خزانہ شوکت ترین نے آئندہ ماہ منی بجٹ لانے کا عندیہ دیا تھا۔

امریکا نے روس کے 27 سفارت کاروں کو ملک بدر کر دیا

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں روس کے سفیر اناتولی انتونیوف نے میڈیا کو بتایا کہ 27 روسی سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کو امریکا سے واپس روس جانے کا کہہ دیا گیا ہے جس کے بعد یہ سفارت اہل خانہ سمیت 30 جنوری چلے جائیں گے۔
روسی سفیر اناتولی انتونوف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہمارے سفارت کاروں کو نکالا جا رہا ہے جس سے ہمیں عملے کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ میرے ساتھیوں کا ایک بڑا گروپ اپنے اہل خانہ کے ساتھ 30 جنوری کو ہمیں چھوڑ کر روس واپس چلے جائیں گے۔
دوسری جانب روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ امریکا میں 29 اکتوبر تک تقریباً 200 روسی سفارت کار اپنے فرائض انجام دے رہے تھے جن میں اقوام متحدہ میں روسی مشن کا عملہ بھی شامل تھا۔
دوسری جانب امریکی حکومت نے بھی گزشتہ ماہ کہا تھا کہ روس میں 2017 سے اب تک امریکی مشن 1200 سے گھٹ کر 120 تک رہ گیا ہے جس کی بنیادی وجہ بلاجواز بے دخلی اور پابندیاں ہیں۔
اسی طرح روس نے بھی کہا تھا کہ 2016 سے تاحال 125 سے زائد روسی سفارت کاروں کو خاندانوں سمیت امریکا چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا۔

ملک میں ہر پانچ سال کے بعد مردم شماری کرائی جائے گی

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں ہر پانچ سال کے بعد مردم شماری کرائی جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کو صدر پاکستان اورگورنرسندھ دیے ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ کراچی کی نوکریاں کراچی والوں کو ملنی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دو ہفتے میں وزیراعظم عمران خان کراچی کا دورہ کریں گے۔ وہ کراچی میں گرین لائن کا افتتاح کریں گے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد میرٹ اورانصاف کے لیے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی معاونت سے کراچی کی ترقی کا سفر شروع ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر 2022 میں مردم شماری مکمل کرلی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا دیرینہ مطالبہ مردم شماری رہا ہے۔

تیسرے روز کا کھیل ختم،بنگلا دیش کے پاکستان کیخلاف 4وکٹوں پر 39رنز

پاکستان اور بنگلا دیش کے مابین پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا ۔
میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 39رنز بنالئےاور پاکستان کے خلاف 83رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔
مشفق الرحیم 12اور یاسر علی 8 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ شاہین آفرید ی نے 3 اور حسن علی نے 1 وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں چٹاگانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
بنگالی ٹائیگرز کا دوسری اننگز میں ٹاپ آرڈر فلاپ ہو گیا، شادمان اسلام 1، نجم الحسین شانتو اور مومن الحق صفر رنز پر آوٹ ہوئے، سیف حسن 18 رنز بنا سکے۔
چٹا گانگ ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے بغیر کسی نقصان 145رنز پر اننگز کا آغاز کیا تھا، ڈیبیو میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے، ابتدائی دو وکٹوں کے بعد عابد علی نے شاندار سنچری بنائی، بنگلا دیش کے خلاف اوپنر نے کیریئر کی چوتھی سنچری اسکور کی، بابر اعظم 10 رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
کپتان کے بعد پویلین لوٹنے والوں کی لائن لگ گئی، فواد عالم 8 ، محمد رضوان 5، حسن علی 12 ، ساجد خان 5 اور نعمان علی صرف 9 رنز بنا سکے۔ پوری شاہین ٹیم 286 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ بنگالی باولرز تاج الاسلام نے 7، عبادت حیسن نے 2 جبکہ مہدی حسن میراز نے 1 وکٹ حاصل کی۔
گذشتہ روز بنگلا دیش کے 330 رنز کے جواب میں پاکستان نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل بنگلادیش نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو لٹن داس 113 اور مشفیق الرحیم 82 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ تاہم کھیل کے دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے سنچری اسکور کرنے والے لٹن داس کو ایک رن کے اضافے کے بعد 114 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ لٹن داس اور مشفیق الرحیم کے درمیان 206 رنز کی شراکت ہوئی۔
اگلے آنے والے بیٹر یاسر علی کو بھی حسن علی نے 4 رنز پر بولڈ کر دیا جبکہ مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شادمان اسلام، سیف حسن اور نجم الحسین 14، 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ مہدی حسن 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک وکٹ ساجد خان کے حصے میں آئی

پاکستان کو مدینہ کی طرح فلاحی ریاست بنانا زندگی کا مقصد ہے: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانا میری زندگی کا مقصد ہے۔
معروف امریکی اسکالر شیخ حمزہ یوسف کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مذہب کے معاملے پر کسی کے ساتھ زبردستی نہیں کی جا سکتی اور اسلام بھی ہمیں یہی سکھاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے سیاست شروع کی تو لوگ سیاست میں آنے سے ڈرتے تھے، سیاست میں آیا تو طاقتور لوگوں نے میری کردار کشی کی لیکن آپ اپنی ناکامیوں سے سیکھتے ہیں، میں نے 22 سال تک جدوجہد کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ انا کسی بھی شخص کو برباد کر دیتی ہے، کامیابی اور عزت صرف اللہ کی ذات دیتی ہے، مال و دولت نہیں انسان کے اندر غیرت کا ہونا بہت ضروری ہے، میرے نزدیک امیر وہ ہے جو اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرتا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ قانون کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا اور پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانا میری زندگی کا مقصد ہے۔\

چھٹی تھل جیپ ریلی زین محمود نے جیت لی،خواتین کٹیگری میں تشنا پٹیل فاتح

چھٹی تھل جیپ ریلی زین محمود نے جیت لی ، دفاعی چیمپیئن صاحبزادہ سلطان ٹائٹل کا دفاع نہ کر سکے ، خواتین کٹیگری میں تشنا پٹیل نے ٹرافی اپنے نام کر لی۔
چھتی تھل جیپ ریلی کی پریپیئرڈ کٹیگری میں زین محمود نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 8 منٹ اور 39 سیکنڈز میں طے کر کے میدان مار لیا جبکہ دفاعی چیمپین صاحبزداہ سلطان تین منٹ 38 سیکنڈ کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے جبکہ نادر مگسی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جیپ ریلی کی خواتین کٹیگری میں تشنا پٹیل نے کم وقت میں فاصلہ طے کر کے میدان مار لیا۔

ملک کو کسی بین الاقوامی قوت کی کالونی بننے نہیں دینا: فضل الرحمان

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مسلط شدہ لوگوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
لاڑکانہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ملک میں آج ہو رہا ہے اس سے ملکی بقا داؤ پر لگی ہوئی ہے، جعلی کابینہ نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کی منظوری دی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے وطن عزیز کی آزادی کے لیے قربانیاں دی ہیں، آج عزم کرنا ہے کہ ملک کو کسی بین الاقوامی قوت کی کالونی بننے نہیں دینا، پاکستان کی بقا کی جنگ خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، ریاست کی بقا کا دارومدار معیشت پر ہے جبکہ دفاع پر دارومدار ثانوی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ آج بنگلادیش، انڈونیشیا اور ملائشیا کی معیشتیں ترقی کر رہی ہیں لیکن پاکستان واحد ملک ہے جس کی سالانہ قومی پیداوار صفر سے بھی نیچے گئی ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معشیت کو تباہ و برباد کر دیا ہے، چیلنج یہ ہے کہ کس طرح ملک کو واپس اپنی ٹانگوں پر کھڑا کیا جائے۔
وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھا عمران خان نے کہا کہ مودی کامیاب ہو گا تو مسئلہ کشمیر حل ہو جائے گا، 70 سال سے کشمیری آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، آج ان کو بھارت کے حوالے کر دیا۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا ہمارا نوجوان بہت مظلوم ہے، انہیں دھوکہ دیا گیا، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا کہا گیا لیکن ایک کروڑ لوگوں کو بےروزگار کر دیا گیا، 50 لاکھ گھر بنانے کا کہا گیا لیکن 50 لاکھ گھر گرا دیے گئے۔
فضل الرحمان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کے ساتھ اقتدار میں آئی، یہ جو ہم پر مسلط کیے گئے ان کی کوئی حیثیت نہیں، ہم انہیں مسترد کر چکے ہیں، یہ دوبارہ دھاندلی کے لیے قانون سازی کر رہے ہیں، آج پارلیمنٹ یرغمال ہے اور کوئی قانون سازی ہوئی ہے تو بین الاقوامی اداروں کی ہدایات پر ہوئی ہے۔

این اے 133 ضمنی الیکشن: ووٹرز سے قرآن پر حلف لیکر ووٹ خریدنے کے الزامات

لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ہونے والے ضمنی الیکشن سے قبل سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز سے قرآن پاک پر حلف لیکر ووٹ خریدنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
این اے 133 ضمنی الیکشن کی انتخابی جنگ حلقے سے نکل کر سوشل میڈیا پر آ گئی ہے اور پیسوں کے بدلے ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔
5 دسمبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن سے قبل مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی جانب سے ایک دوسرے پر ووٹ خریدنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے کارکن محمد عارف نے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی والے حلقے میں ووٹوں کی خریداری کر رہے ہیں۔محمد عارف کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار حلف لےکر ووٹر کو 2 ہزار روپے دے رہے ہیں۔
سیکرٹری انفارمیشن پیپلز پارٹی پنجاب شہزاد چیمہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، ایسی ویڈیوز دونوں جماعتوں کی طرف سے وائرل ہو رہی ہیں۔
شہزاد چیمہ نے کہا کہ پارٹی نے کسی کو نہیں کہا کہ کسی کو پیسے دیں، یہ ہتھکنڈے الیکشن خراب کرنے کے لیے ہیں، اگر کسی سطح پر یہ ہوا ہے تو پیپلزپارٹی اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس کے ساتھ انہوں نے ایک کیپشن بھی تحریر کیا ہے۔
اعجاز چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ن لیگ کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا، لاہور میں این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں خواتین کو قرآن پاک پر حلف لیکر ووٹ کے بدلے پیسے دیے جا رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے سینیٹر نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ اسی وجہ سے ن لیگ والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خلاف ہیں۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 پر ضمنی الیکشن 5 دسمبر کو ہو گا، یہ نشست مسلم لیگ ن کے پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

صدرمملکت کی تاجک ہم منصب سے ملاقات، تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

صدر مملکت عارف علوی 15ویں سمٹ آف اکنامک آرگنائزیشن میں شرکت کیلئے ترکمانستان پہنچ گئے، انہوں نے تاجک صدر امام علی رحمان سے سائیڈ لائن ملاقات کی جس کے دوران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
صدرڈاکٹرعارف علوی نے دورہ ترکمانستان کے دوران تاجکستان کےصدرامام علی رحمان سے لاقات کی جس کے دوران کاسا 1000 منصوبے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ صدر عارف علوی نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی بندرگاہوں کےذریعے تاجکستان کیلئےعلاقائی انضمام اور روابط پر روشنی ڈالی۔
ملاقات میں افغانستان میں انسانی صورتحال کی وجہ سےدرپیش چیلنجز پربھی گفتگو ہوئی۔ صدرعارف علوی نے تاجک ہم منصب کو افغانستان میں امن واستحکام کیلئےپاکستان کی کوششوں بارےمیں آگاہ کیااورکہا کہ افغانستان میں عدم استحکام سےہمسایہ ممالک سب سےزیادہ متاثرہوں گے، افغان معیشت بچانےکیلئےافغانستان کےمنجمداثاثےبحال کرنےکی ضرورت ہے۔
صدرمملکت نے زور دیا کہ افغانستان میں امن،مفاہمت اوراستحکام کیلئےمل کرکام کرنےکی ضرورت ہے،افغانوں کےحقوق کےاحترام اورافغان سرزمین کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغانستان میں پائیدارامن خطےمیں تجارت اورمعاشی مواقع فراہم کرےگا، ملاقات کےدوران دونوں رہنماؤں نےموجودہ دوطرفہ تعلقات پراطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم کا جہلم کیلئے ایک اور تحفہ القادر یونیورسٹی کا قیام ہے چوہدری فواد حسین

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں  وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین۔ نے لکھا کہ  ‏وزیر اعظم عمران خان  کا جہلم کیلئے ایک اور تحفہ القادر یونیورسٹی کا قیام ہے،  وفاقی حکومت کی یہ یونیورسٹی سوشل سائنسز میں ایک نئ جہت کا آضافہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ   امید ہے یہ ایک ایسی عالمی درسگاہ بنے گی جس میں تصوف، اسلام اور سائنس کے علوم کے اسکالرز پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کل القادر یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاکس کا افتتاح کریں گے۔ اسلامی تعلیمات، تصوف اور جدید سائنسی تحقیق پر مبنی القادر یونیورسٹی نوجوان نسل میں علم و تحقیق کے فروغ کے علاوہ انکی کردار سازی  میں اہم کردار ادا کرے گی۔