All posts by Khabrain News

ایک روپیہ ادھر سے ادھر نہیں ہونے دیا، 820 ارب روپے وصول کیے، چیئرمین نیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے مجموعی طور پر 820 ارب روپے وصول کیے۔
چیئرمین کمیٹی رانا تنویرکی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایک لاکھ 77 ہزار سے زائد سوسائٹیز کے متاثرین کو رقوم دیں اور متاثرین کو 25 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے مجموعی طور پر 820 ارب روپے وصول کیے اور موجودہ چیئرمین کے دور میں 587 ارب روپے وصول کیے گئے۔ اپنے دور میں ایک روپیہ ادھر سے اُدھر نہیں ہونے دیا اور ایک ایک پائی کا حساب رکھا ہے جس کا آپ حساب لے سکتے ہیں۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ آڈیٹر جنرل نے نیب وصولیوں کا مکمل آڈٹ کیا ہے۔ نیب نے 500 ارب روپے براہ راست وصول کیے اور 198 ارب روپے بینک لون ڈیفالٹر سے وصول کیے۔ نیب نے 45 ارب روپے عدالتی جرمانے کی مد میں وصول کیے۔
چیئرمین کمیٹی رانا تنویر نے کہا کہ چیئرمین نیب نے اچھا کام کیا لیکن ابھی بہت کام کرنے والا ہے۔ لاہور میں ایسے گروپ بھی جن کے پاس زمین نہیں اور اربوں روپے وصول کر رہے ہیں۔ عمران خان کے دور میں گندم اور ادویات اسکینڈل پر نیب نے کچھ نہیں کیا اور آر ایل این جی میں تاخیر سے سیکرٹری پیٹرولیم نے اعتراف کیا کہ 20 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ نیب نے آر ایل این جی کی تاخیر پر کوئی تحقیقات نہیں کیں۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ راولپنڈی کی ایک سوسائٹی سے اڑھائی ارب روپے متاثرین کو دلوائے اور اس سوسائٹی میں 45 لاکھ کا میں نے بھی پلاٹ لیا تھا اور جب سوسائٹی مالک کو طلب کیا تو اس نے کہا پیسے پاس ہیں مجھے زمین لے کر دیں۔ سوسائٹی کے مالک کو کہا کہ نیب زمین کی لین دین کا کام نہیں کرتا جس پر سوسائٹی مالک نے کہا میں آگے تک جاؤں گا اور میں نے کہا آپ آگے جائیں گے نہ پیچھے جائیں گے بلکہ جیل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے دور میں نیب نے اچھے کام کیے ان کی تو تعریف ہونی چاہیے۔

ملک اسلامی جمہوریہ لیکن اسلام کے مطابق کچھ نہیں ہو رہا، سپریم کورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ پاکستان نے کہا ہے کہ ہمارا ملک اسلامی جمہوریہ ہے لیکن یہاں اسلام کے مطابق کچھ نہیں ہو رہا۔
سپریم کورٹ میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہم راتوں رات انقلاب لاتے ہیں۔ ملک اسلامی جمہوریہ ہے مگر یہاں اسلام کے مطابق کچھ نہیں ہو رہا۔
انہوں نے ریمارکس دیئے کہ وزیر اعظم اپنی صوابدید پر 2،2 پلاٹ الاٹ کر دیتا ہے اور وزیر اعظم کون ہوتے ہیں ایسے پلاٹ دینے والے؟ ملک میں پلاٹ دینے کا کوئی اصول نہیں ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ اخبارات میں پڑھتے ہیں کہ سیکرٹری کو 2 پلاٹ دیئے گئے۔ ملک میں صرف بڑے لوگوں کو پلاٹ ملتے ہیں غریب کو کوئی نہیں دیتا اور کچی آبادی میں لوگوں نے اوپر نیچے چھوٹے چھوٹے کمرے بنائے ہوئے ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا بڑے افسران کو دو دو پلاٹ نہیں دیتے؟
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پہلے دو دو پلاٹ دے دیئے جاتے تھے لیکن 2006 کے بعد کسی کو دو پلاٹ نہیں ملے اور درخواست گزار نے پلاٹ پر گھر تعمیر کر لیا اب ان سے واپس لیا جا رہا ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ کا پہلے ایک اور پلاٹ تھا اس لیے آپ سے واپس لیا جا رہا ہے۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے درخواست گزار کی پلاٹ واپس کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

جنوبی افریقہ میں سیلاب سےہلاکتوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی

جنوبی افریقہ : (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ،ہلاکتوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی۔
جنوبی افریقی صوبہ کازولوناٹال میں بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ۔ صوبے میں سیلابی ریلوں کی زد میں آکر کئی گھر اور پل تباہ ہو گئے۔
ڈربن شہر اور اس کے قریبی علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد 306 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق ڈربن شہر میں گزشتہ 60سال میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں بارشوں اور سیلاب سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوچکا ہے۔ 248 کے قریب اسکول بھی تباہ ہو گئے ہیں۔
جنوبی افریقا کے صدر سرل رامافوسا نے سیلاب اور آفت قرار دے دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ بارشیں اور سیلاب موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے ، دنیا ااس مسئلے سے نمٹنے میں اب مزید تاخیر کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

انٹر بینک میں ڈالر 13 پیسے سستا ہو گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالرکی قدر 13پیسےگر گئی۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹر بینک میں ڈالر13پیسے کمی سے 181روپے 69پیسے پر بند ہوا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 50پیسے کی بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی جس کے بعد 181روپے 50پیسے پر ٹریڈ ہوا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی امریکی ڈالر 20 پیسے سستا ہوا تھا جس کے بعد 181 روپے 82 پیسے پر بند ہوا تھا۔ خیال رہے کہ 4 روز کے دوران ڈالر 6 روپے 49 پیسے سستا ہوا ہے۔

پی ٹی آئی کے 123 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے پاکستان تحریک انصاف کے 123 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، استعفوں کی منظوری کے باعث عام انتخابات ناگزیر ہوچکے۔

تحریک انصاف کے 123 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے 123 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے گئے۔

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی فرخ حبیب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرلئے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے استعفوں کی منظوری کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

 

ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بھی ایکسپریس کو 123 اراکین قومی اسمبلی کے استعفی منظور کرنے کی تصدیق کردی۔ فرخ حبیب نے مطالبہ کیا کہ استعفوں کی منظوری کے باعث ملک میں عام انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں۔

قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے اپنے حکمنامے میں کہا کہ مجھے 125 اراکین کے استعفی موصول ہوئے،جن میں سے 2 اراکین کے استعفوں کی تصدیق نہ ہوسکی، لہذا 123 اراکین کے استعفی قبول کرلیے ہیں۔

جن کے استعفوں کی تصدیق نہ ہوسکی ان میں این اے 12 سے منتخب پرنس محمد نواز اور این اے 47 سے منتخب جواد حسین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت پی ٹی آئی اراکین نے قومی اسمبلی سے استعفے دے دیے تھے۔

فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، افواہوں کی بنیاد پر بے بنیاد کردار کشی قابل قبول نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے اور افواہوں کی بنیاد پر بے بنیاد کردار کشی قابل قبول نہیں کی جائے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کو پاکستان کی قومی سلامتی، پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں ، آپریشن ردالفساد کے تحت حالیہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے اور فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں ہونے والی بات چیت پر بھی آگاہی دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو روز قبل آرمی چیف کی زیر صدارت فارمیشنز کور کمانڈر کانفرنس ہوئی اور اس میں پاکستان آرمی کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی، کانفرنس کے شرکا کو پاک فوج کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اور ضطے کے حالات کے تناظر میں درپیش سیکیورٹی چیلنجز ان کے حوالے سے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس بریفنگ دی گئیں جبکہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وضر کردہ حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی بارڈر سیکیورٹی مکمل طور پر برقرار ہے اور مسلح افواج اور متعلقہ ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ فارمیشن کمانڈر بریفنگ میں آپریشن ردالفساد کے تحت انٹیلی کی بنیاد پر آپریشنز اور مغربی سرحدوں کی مینجمنٹ کے حوالے آگاہ کیا گیا، پچھلے چند مہینوں میں بلوچستان اور قبائلی اضلاع میں دہشت گردوں نے امن عامہ کو خراب کرنے کی بے انتہا کوشش کی لیکن ہمارے بہادر آفیسرز اور جوانوں نے ان مذموم عزائم کو بھرپور طریقے سے ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کے پہلے تین ماہ کے دوران 128 دہشت گردوں کو ہلاک اور 270 کو گرفتار کیا گیا اور ان آپریشنز کے دوران 97 آفیسرز اور جوانوں نے شہادت نوش کیم، پوری قوم ان بہادر سپوتوں اور ان کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ انشااللہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی دوران عالمی امن کے قیام کی خاطر اقوام متحدہ کے تحت امن مشن کانگو میں تعینات پاکستان آرمی کے چھ آفیسرز اور جوانوں نے 29مارچ کو فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا، اب تک پاکستان فوج کے 168 افسران اور جوان مختلف اقوا م متحدہ مشن کے دوران بین الاقوامی امن کی کوششوں کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، ان قربانیوں کا اعتراف اقوام متحدہ میں اعلیٰ ترین سطح پر کیا گیا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ فارمیشن کمانڈرز نے ملکی سلامتی کے حوالے سے لیے گئے اقدامات بالخصوص اندرونی سیکیورٹی کی مد میں پاکستان آرمی کی آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کے سلسلے میں مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اسے درست سمت میں بہترین قدم قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سب نے اتفاق کیا کہ جمہوریت، اداروں کی مضبوطی، قانون کی بالادستی اور سب اداروں کا آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنا ہی بہترین ملکی مفاد کی ضمانت ہے، عوام کی حمایت مسلح افواج کی طاقت کا منبع ہے، اس کے بغیر قومی سلامتی کا تصور بے معنی ہے، اس لیے مسلح افواج اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کا سبب بننے والی کوئی دانستہ یا غیردانستہ کوشش وسیع تر ملکی قومی مفاد کے منافی ہے۔

پاکستان کی داخلی اور بارڈر سکیورٹی مستحکم ہے: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پاکستان کی داخلی اور بارڈر سکیورٹی مستحکم ہے، بلوچستان میں دہشتگردی کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ 2 روز پہلے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں سکیورٹی، انٹیلی جنس سے متعلق بریفنگ دی گئی، پاک فوج اور متعلقہ ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان کی داخلی اور بارڈر سکیورٹی مستحکم ہے، بلوچستان میں دہشتگردی کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔

عمران خان منحرف اراکین اسمبلی کی نااہلی کیلئے متحرک، سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) منحرف اراکین کی نا اہلی کے لیے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ عدالت میں تاحیات نااہلی کیلئے آرٹیکل 163/ اے کے تحت آئینی درخواست دائر کر دی۔
وکیل بابر اعوان کے ذریعے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی، سیکریٹری قانون اور سیکریٹری کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمیٰ قرار دے کہ منحرف اراکین کی نااہلی تاحیات ہوگی، جو بھی رکن پارٹی چھوڑنا چاہتا ہے وہ پہلے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے، پارٹی سے منحرف ہونے والے اراکین صادق اور امین نہیں رہتے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ منحرف ارکان کا ووٹ گنتی میں شمار نہیں ہونا چاہیے، سپریم کورٹ اپنے فیصلوں میں انحراف کو ناسور قرار دے چکی ہے، اس لیے کوئی وجہ نہیں کہ منحرف ارکان کی نااہلی تاحیات قرار نہ دی جائے۔

عمران نیازی کا ایجنڈا پاکستان میں اداروں کو بدنام کرنا اور انتشار پھیلانا ہے: احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا ایجنڈا پاکستان میں اداروں کو بدنام کرنا اور انتشار پھیلانا ہے۔
عمران خان کے پشاور جلسے سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ فکر نہ کرو پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ ترین ہاتھوں میں ہے، جنہوں نے پروگرام شروع کیا اور پایہ تکمیل تک پہنچایا، تم تو اسے بھی بیچ دو گے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ کیا فارن فنڈنگ کرنے والے کے اشارے پر ملک میں افراتفری پیدا کی جا رہی ہے؟۔