All posts by Khabrain News

ایک ٹانگ سے لنگڑے مگرمچھ نے امریکا میں ٹریفک رکوادی

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکی شہر وینس میں ایک ٹانگ سے لنگڑے بڑے مگرمچھ نے اُس وقت ٹریفک عارضی طور پر روک دی جب وہ سڑک پار کررہا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹریفک میں موجود ایک ڈرائیور نے سڑک پار کرتے ہوئے اس پورے واقعے کی ویڈیو بنائی۔
ویڈیو بنانے والے ڈینیل کوفمین نے بتایا کہ وہ گاڑی چلا رہے تھے جب انہوں نے ایک بڑے مگرمچھ کو سڑک پر چلتے ہوئے دیکھا اور اس کی ویڈیو بنا کر فیس بُک پر پوسٹ بھی کردی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے ایک مگرمچھ کے لیے ٹریفک رُک گئی اور وہ سڑک پار کر کے سیدھا ویڈیو بنانے والے کوفمین کی گاڑی کی طرف آرہا ہے۔
کوفمین نے بتایا کہ مگرمچھ نے سڑک پار کی اور میری گاڑی کے نیچے آگیا اور دوسری طرف نکل گیا تاہم بعد میں اُسے ریسکیو ٹیم نے محفوظ مقام پر پہنچا دیا۔

بیس بال میں الیسا نیکن نے بطور پہلی خاتون کوچ انٹری ڈال دی

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا کے پسندیدہ کھیل بیس بال میں الیسا نیکن نے بطور پہلی خاتون کوچ انٹری ڈال دی۔
کرکٹ کی طرز پر کھیلی جانے والی امریکا کی پسندیدہ گیم بیس بال کا سیزن شروع ہو گیا جس میں ٹیم فرانسیسکو جائنٹس نے چھکا مار دیا، ٹیم آفیشلز نے الیسا نکن کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے جو بطور آن فیلڈ پہلی خاتون کوچ فرائض انجام دیں گی۔
آئندہ سیزن کے لیے انہوں نے ٹیم سان فرانسیسکو جائنٹس کے ساتھ معاہدہ کر لیا، اس اعلان کے بعد کھلاڑی پر جوش نظر آئے۔

برطانوی وزیراعظم کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان بننے پر مبارک باد دی ہے۔
ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے شہباز شریف کو مبارک باد دیتے ہوئےکہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور ہمارے لوگوں کے درمیان بھی گہرے تعلقات ہیں۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں پر مل کرکام کرنےکے منتظر ہیں۔

پاکستان کا شمار دنیا میں پانی کی کمی کے دس بڑے ممالک میں ہوتا ہے:سفیر منیر اکرم

نیو یارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ 2023ء واٹر کانفرنس کے دوران رکن ممالک کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان کا شمار دنیا میں پانی کی کمی کے شکار دس بڑے ممالک میں ہوتا ہے. موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر واقعات کی وجہ سے ہم گرمیوں میں سیلاب اور سردیوں میں بار بار خشک سالی کا شکار ہوتے ہیں. مجھے یقین ہے کہ ایس ڈی جی – 6 گلوبل ایکسلریشن فریم ورک، اپنے پانچ ایکسلریٹر فنڈنگ ​​کے ساتھ، ڈیٹا اور معلومات، صلاحیت کی ترقی، اختراعات اور گورننس کے ساتھ مکالمے کے موضوعات کی تشکیل کے لیے ایک مناسب فریم ورک فراہم کر سکتا ہے. یہ مکالمے توجہ اور عمل پر مبنی ہونے چاہئیں، جیسا کہ ہماری آج کی بحث میں روشنی ڈالی گئی ہے.
انہوں نے کہا کہ سرحد پار آبی تعاون جامع علاقائی انضمام، امن اور پائیدار ترقی کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی کے چیلنجوں اور موسمیاتی تبدیلی کے موافقت سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے. اس وقت دنیا کے میٹھے پانی کا 60 فیصد سرحد پار سے آتا ہے، 153 ممالک میں کم از کم 286 عبوری دریا اور جھیل کے طاس اور 592 عبوری آبی نظام موجود ہیں. دنیا کے زیادہ تر آبی وسائل دو یا دو سے زیادہ ممالک کے درمیان مشترک ہیں ، پانی کی بڑھتی ہوئی کمی کے ساتھ سرحد پار تعاون کی ضرورت بڑھ جاتی ہے.
منیر اکرم کا کہنا تھا ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے وعدوں کے سلسلے میں جو تین عناصر سب سے اہم ہوں گے وہ ہیں فنانس، ٹیکنالوجی تعاون اور شراکت داری. ہم امید کرتے ہیں کہ ہم پانی کے حوالے سے وعدے رکن ممالک کے قومی وعدوں میں بھی جھلکیں گے۔

مسلم لیگ (ن) ہارس ٹریڈنگ کا بازار لگائے ہوئے ہے: حکومتی اتحاد پنجاب

لاہور:(ویب ڈیسک)پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے حکومتی اتحاد نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہارس ٹریڈنگ کا بازار لگائے ہوئے ہے۔
وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے سلسلے میں حکومتی اتحاد کے وزیراعلیٰ کے لئے امیدوار چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، مشاورتی اجلاس میں ارکان اسمبلی سے رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مشاورت میں سابق صوبائی وزرا راجہ بشارت ،میاں اسلم اقبال ، چودھری ظہیرالدین ، راجہ راشد حفیظ ، سمیع اللہ اور دیگر اراکین اسمبلی بھی میں شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے سلسلے میں ارکان سے رابطوں پر بات چیت کی گئی، پرویز الٰہی کی جانب سے اتحادی ارکان اسمبلی کو آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے ٹاسک دیئے گئے۔
حکومتی اتحاد کا کہنا تھا کہ انشا اللہ وزیراعلیٰ کے انتخاب میں کامیاب ہوں گے، ارکان سے مکمل رابطے ہیں، اللہ کے فضل سے اکثریت ہمارے پاس ہے۔

مسلم لیگ(ن) کی حکومت وزیراعظم کے تنخواہ بڑھانے کے اعلان سے پیچھے ہٹ گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کے بعد سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل نے بظاہر ’یوٹرن‘ لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ چونکہ تنخواہوں میں چند ماہ قبل ہی اضافہ کیا گیا تھا اس لیے حکومت مزید اضافہ نہیں کررہی۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے فلور پر بطور وزیر اعظم اپنے پہلے خطاب میں شہباز شریف نے تنخواہوں، پنشن اور مزدوروں کی کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔
مفتاح اسماعیل نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ’چونکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں چند ماہ قبل اضافہ کیا گیا تھا اس لیے ہم ان کی تنخواہ دوبارہ نہیں بڑھا سکتے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ یہ ’یو ٹرن‘ نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تنخواہوں کے مسائل پر آئندہ بجٹ میں غور کیا جائے گا، اس دوران ہم نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافہ کیا، مجھے امید ہے کہ اس سے کوئی الجھن باقی نہیں رہے گی۔
منگل کے روز مفتاح اسماعیل نے دوران پریس کانفرنس کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی زیرقیادت حکومت کے دور میں ملکی معیشت کو بری طرح ’نقصان‘ پہنچا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ عوامی قرضوں کا حجم 6 ہزار 400 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

بھارت اور امریکا کے مشترکہ اعلامیے میں غیر ضروری حوالہ مسترد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارت اور امریکا کے مشترکہ اعلامیہ میں غیر ضروری حوالہ مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت اور امریکہ کے مشترکہ اعلامیہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا، بھارت نے وزارتی مذاکرات کے بعد 11 اپریل کو غیر ضروری بیان دیا، بیان میں کچھ غیر موجود، ختم شدہ تنظیموں کا بلاجواز حوالہ دیا گیا، ایسے حوالے دونوں ممالک کے انسداد دہشتگردی بارے غلط اندازوں کا ممبع ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بدقسمتی سے دوطرفہ تعاون میکانزم کے ذریعے تیسرے ملک کو سیاسی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، بیان رائے عامہ کو دہشتگردی کے حقیقی ابھرتے خطرات سے دور رکھنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، پاکستان کے خلاف کیے دعوے بدنیتی پر مبنی، مصدقہ حقائق سے عاری ہے، پاکستان دو دہائیوں سے انسداد دہشتگردی کی عالمی جنگ میں فعال، قابل اعتماد کردار کا حامل رہا، پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی جنگ میں کامیابیا‌ں، قربانیاں لازوال ہیں، پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کاوشوں کا امریکہ سمیت دنیا نے اعتراف کیا، خطے کے کسی ملک نے امن کے لیے پاکستان سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت درحقیقت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشتگردی سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پردہ ڈال رہا ہے، عالمی برادری، ہندوستان کے دہشتگردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال سے روکے، یہ ریکارڈ پر ہے کہ بھارت دیگر ممالک کی سرزمین سے دہشتگرد نیٹ ورک چلاتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سنگین صورتحال کا ادراک نہ کرنا عالمی ذمہ داری سے دستبردار ہونے کے مترادف ہے، شراکت دارممالک جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی پر معروضی نقطہ نظر اختیار کریں، ممالک یکطرفہ، سیاسی مقاصد، زمینی حقائق کے برعکس حمایت سے گریز کریں، پاکستان نے اپنے تحفظات سے سفارتی ذرائع سے امریکہ کو آگاہ کر دیا ہے۔

ضیاء گیا، مشرف گیا، سلیکٹڈ گیا، جئے بھٹو، عوام سے کیا وعدہ نبھا دیا: بلاول

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ضیاء گیا، مشرف گیا، سلیکٹڈ گیا، جئے بھٹو، ہم نے پاکستان کے عوام سے کیا وعدہ نبھا دیا۔
چیئرمین پی پی پی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ پیغام میں کہا کہ ہم نے پاکستان کے عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ نبھادیا، عوامی مارچ نے سلیکٹڈ راج سے آزادی کے حوالے سے تاریخی کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ عید کے بعد جن کارکنان نے اس سب کو ممکن بنایا، ان کی ستائش کے لئے تقریب ہوگی۔

شیڈول جاری، اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب 16 اپریل کو ہوگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی کے خالی عہدے پر انتخاب کے لیے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق ووٹنگ 16 اپریل کو ہو گی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے تمام ممبران قومی اسمبلی کو جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق اسپیکر کا انتخاب 16 اپریل 2022 بروز ہفتہ کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کیا جائے گا۔
اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 15اپریل دن 12 بجے تک سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی کی شعبہ قانون سازی برانچ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں، نئے اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کی کارروائی اور طریق کار کے قاعدہ 2007 کے قاعدہ 9 کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ سابق اسپیکر اسد قیصر کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہے۔

مریم نے اپنے چچا و وزیراعظم کی دورانِ پروازکام کرنے کی تصویر شیئرکردی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے اپنے چچا اور وزیراعظم شہباز شریف کی دورانِ پروازکام کرنے کی تصویرشیئرکردی۔
شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد کراچی کا آج پہلا دورہ کیا اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔
مریم نواز نے اپنے چچا اور وزیراعظم شہباز شریف کی دورانِ پروازکام کرنے کی تصویرشیئرکی اور کہا کہ جب ملک کا درد اور فکر ہو تو اِس طرح کام کیا جاتا ہے، ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا جاتا۔
مریم نواز نے شہبازشریف کو شاباشی بھی دی۔