All posts by Khabrain News

وزیراعظم نے نوازشریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی تجدید کے احکامات جاری کردیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی تجدید کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
نواز شریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ زائد المعیاد ہوگئے تھے اور پی ٹی آئی حکومت نے پاسپورٹ کی تجدید کا عمل روک دیا تھا۔
تاہم اب وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی تجدید کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پاسپورٹ کی تجدید کے احکامات وزارت داخلہ کو جاری کیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھی پاسپورٹ کی تجدید کیلئے کہہ دیا گیا۔

راکھی ساونت کو کن دوستوں نے کروڑوں روپے کی کار تحفے میں دی؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی اداکارہ راکھی ساونت ہمیشہ خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں تاہم اس بار وہ اپنے دوستوں کی جانب سے ایک مہنگا تحفہ ملنے کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت کے دوست عادل اور شیلی لاتھر نے اداکارہ کو ایک چمچماتی لال رنگ کی BMW کار تحفے میں دے دی جس کی مالیت تقریباً 50 لاکھ بھارتی روپے ( یعنی ایک کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) ہے۔
راکھی نے انسٹاگرام پر دوستوں کی جانب سے کار تحفے میں ملنے کی ویڈیو اپ لوڈ کی اور بعدازاں انہوں نے کیک بھی کاٹا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ‘میں آپ لوگوں سے ہمیشہ محبت اور آپ کا احترام کرتی رہوں گی۔

روسی صدر پیوٹن کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
گزشتہ روز شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عالمی رہنماؤں کی جانب سے شہباز شریف کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان میں روس کے سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر نے امید کا اظہار کیا ہے کہ شہباز شریف روس، پاکستان تعلقات، بین الاقوامی دہشت گردی سے نمٹنے اور افغان تصفیے میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

امریکا میں ریلوے اسٹیشن پر فائرنگ میں 13 افراد زخمی، دھماکا خیز آلات برآمد

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی شہر بروکلین کے ایک سب وے اسٹیشن پر فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 13 افراد زخمی ہو گئے جب کہ اس مقام سے کئی دھماکہ خیز آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست نیویارک کے شہر بروکلین کے ریلوے اسٹیشن میں نارنجی تعمیراتی بنیان پہنے اور منہ پر گیس ماسک لگائے ایک مسلح شخص نے پہلے ایک ڈبہ پھینکا جس سے دھواں نکلا اور بھگدڑ مچ گئی۔
اس کے بعد اس شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر نیویارک پولیس نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا۔
پولیس کو ریلوے اسٹیشن سے دھماکا خیز آلات بھی ملے ہیں جو پھٹنے سے بچ گئے تھے۔ اگر یہ مواد پھٹ جاتا تو بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوتا پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی امریکی صدر جو بائیڈن نے اسلحہ کے خرید و فروخت پر قابو پانے کے نئے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں سالانہ تقریباً 40 ہزار اموات ہوتی ہیں جن میں خودکشیاں بھی شامل ہیں۔

اداروں کے خلاف مہم چلانے والے قانون کی گرفت میں ضرور آئیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کو پاکستان ہاؤس میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں پورے پاکستان سے بیورو کریسی لائیں گے، اللہ نے اچکن پہنا دی ہے، فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم ناقابل برداشت ہے، قانون اور ادارے اپنا راستہ خود لیں گے، ہم کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت نے ملک کے وسائل کا ناجائز استعمال کیا، قانون اور ادارے اپنا راستہ خود لیں گے، ہم کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کرینگے، مجھے کسی کو کچھ بتانے کی ضرورت نہیں، سب کچھ ریکارڈ میں موجود ہے، انتخابی اصلاحات ترجیج ہے، فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم ناقابل برداشت ہے، ایسے عناصر کے خلاف قانون سخت کارروائی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل ہوگا، نیب کو کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کے لیے استعمال نہیں کرینگے، وفاقی کابینہ ایک دو روز میں تشکیل پا جائے گی، پارلیمنٹ کا ڈیڑھ سال رہتا ہے، میرا فیصلہ اتحادی کرینگے، پیپلز پارٹی کو کابینہ میں آنا چاہیے۔
صحافی نے وزیراعظم سے سوال کیا اچکن کا طعنہ دینے والوں کو کیا پیغام ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دیکھ لیں اللہ نے اچکن پہنا دی ہے، صدر مملکت کی طبیعت ٹھیک نہیں تو اللہ انہیں صحت دے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ تارکین وطن ہمارے سفیر ہیں، ان کو ووٹنگ کا پورا حق ہے، جو ممالک دوست بننا چاہتے تھے ان سے بھی تعلقات خراب ہوگئے، عمران خان نے دوست ممالک کو بھی ناراض کیا، مودی کو مشورہ دیا ہے مسئلہ کشمیر حل کر کے پائیدار امن کی طرف چلیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سب سے بڑاچیلنج تباہ حال معیشت اور مہنگائی پر قابو پانا ہے، تحریک انصاف والے خزانہ خالی کر گئے ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک کے مستقبل پر بھی مشاورت ہوگی، 2 چھٹیاں خوشحال قومیں کرتی ہیں، باتوں سے قومیں نہیں بنا کرتیں، اتوار کو بھی کام کرنا پڑے گا، مہنگائی کم کرنے کیلئے طویل اور قلیل المدتی پلان بنا رہے ہیں، لیگی وزرا کے قلمدان نواز شریف فائنل کریں گے، سیاسی سرگرمیوں کے علاوہ انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، (ن) لیگ کی سوچ ہے اصلاحات لائیں اور الیکشن میں جائیں، اب پنجاب اسپیڈ نہیں پاکستان اسپیڈ ہوگی۔

حکومت ہٹانے کے بعد کل پشاور میں پہلا جلسہ ہو گا: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سازش کے ذریعے ایک امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی، حکومت ہٹانے کے بعد کل پشاور میں پہلا جلسہ ہو گا، ملک میں فوری انتخابات کرائیں جائیں۔
سابق وزیراعظم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پشاور کے لوگوں کل آپ کے پاس آرہا ہوں، سازش کے ذریعے ایک امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی، سازش کے ذریعے حکومت ہٹانے کے بعد یہ پہلا جلسہ ہو گا، پشاور جلسہ میں آپ سے یہ ساری باتیں کروں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اپنی آزادی اور جمہوریت کی حفاظت قوم کرتی ہے، جمہوریت کی حفاظت کوئی فوج یا باہر کی قوت نہیں کرسکتی، پاکستان میں فوری انتخابات کروائیں جائیں۔
دوسری جانب عمران خان نے لاہور میں 24 اپریل کو جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں جلسے کی تاریخ کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما شفقت محمود کا کہنا تھا کہ چوروں لٹیروں کاٹولہ اکٹھا ہوگیا، 24 اپریل کو مینار پاکستان میں جلسہ ہوگا، کل پشاور، 16 اپریل کو مزار قائد کراچی میں جلسہ ہے، پی ٹی آئی ممبران نے ایک دوسرے سے سبقت لیکر قومی اسمبلی میں استعفے دیے، ملک سے انقلابی فضا ختم نہیں ہوگی، ان چوروں، لٹیروں کیساتھ قومی اسمبلی میں نہ بیٹھنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کسی سے کوئی جھگڑا کیا نہ ہی کسی کے خلاف تھے، ہم ایک آزاد خودمختار ملک ہیں، ایک منتخب حکومت اور وزیراعظم کو ہٹانے پر ملک میں انقلابی فضا پیداہوگئی، ہفتے کی رات ایک کال پر ملک بھر میں عوام کا ایک سمندر نظرآیا۔

سعودی عرب اور کویت میں ستارہ ٹوٹ کر زمین پر گرنے کی ویڈیو وائرل

ریاض/ کویت سٹی: (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور کویت میں آدھی رات کو اُس وقت دن کی روشنی پھیل گئی جب ایک چمک دار ستارہ آسمان سے ٹوٹ کر زمین کی طرف آیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق شمال مشرقی شہر “حفر الباطن” میں اندھیری رات کو ایک ستارہ آسمان سے ٹوٹ کر زمین کی طرف آنے کے واقعے سے رات 3 بجے کے وقت دوپہر کی سی روشنی کا منظر پیدا ہوگیا۔
یہی ٹوٹا ستارہ کویت کے جنوب مشرقی حصے میں بھی شہریوں نے دیکھا اور کئی نے ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اچانک ایک ستارہ آسمان پر روشن ہوتا ہے جو زمین کی طرف جا رہا ہے۔
ستارے کی روشنی سے نصف شب میں دن کا سماں پیدا ہوگیا اور ہر شے چمک اُٹھی۔ ستارہ 26 کلومیٹر فی سیکنڈ کے حساب سے زمین کی طرف بڑھ رہا تھا تاہم زمین پر پہنچنے سے قبل ہی مکمل طور پر جل کر ختم ہوگیا۔

جاسوسی کا الزام؛ فرانس نے روس کے مزید 6 سفارت کاروں کو ملک بدر کردیا

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس نے ایک ہفتے قبل 35 روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کے بعد مزید 6 روسی سفارت کاروں کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے ملک سے بیدخل کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس نے 6 روسی سفارت کاروں کو ملک کی جاسوسی کرنے کے الزام میں بیدخل کردیا۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ افراد سفارت کاروں کے روپ میں خفیہ ایجنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔
قبل ازیں فرانس کی خفیہ ایجسنی نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک کے خلاف ایک خفیہ آپریشن کا پردہ فاش کردیا ہے۔ اس خفیہ آپریشن کے منصوبہ ساز پیرس میں موجود روسی سفارت کار تھے۔
خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل ہی فرانس نے 35 روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب مزید 6 سفارت کاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا گیا ہے اس طرح مجموعی طور پر 41 سفارت کاروں کو روس واپس بھیج دیا گیا۔
8 دنوں میں 41 سفارت کاروں کی ملک بدری پر روس نے فرانس کی وزارت خارجہ سے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سفارت کاروں کی کمی سے سفارت خانے کو چلانے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے روس صدر پوٹن کو یوکرین پر حملے سے باز رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی تھی تاہم ان کا دورہ روس کامیاب نہ ہوسکا تھا۔

بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ تشویشناک ہے،امریکی وزیرخارجہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے بیان میں کہا کہ بھارت میں حالیہ دنوں میں ہونے والے واقعات تشویشناک ہیں۔ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
امریکی وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔انسانی حقوق کی پامالی میں سرکاری افسر، پولیس اہلکاراورجیل حکام ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام سے ملاقاتوں میں انسانی حقوق کی اہمیت اوراس کی بلاتفریق فراہمی سے متعلق اپنے موقف سے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔

اسلام آباد پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک 5 دن میں میٹرو چلانے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک پانچ دن میں میٹرو چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میٹرو بس چلانے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے میٹرو سروس پانچ روز میں چلانے کے انتظامات مکمل کریں۔
وزیر اعظم کی جانب سے سی ڈی اے، وزارت داخلہ، این ایچ اے کو میٹرو چلانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
خیال رہے کہ میٹرو پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک مسلم لیگ نون نے گزشتہ دور حکومت میں شروع کی تھی۔