All posts by Khabrain News

سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کا شور شرابا، ایوان سے واک آؤٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن شور شرابا کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئی۔
ڈپٹی چئیرمین مرزا آفریدی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس ہوا جس میں جماعت اسلامی کے رکن سینیٹر مشتاق احمد نے وقفہ سوالات کے دوران وزیر کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر موصوف یہاں کیوں نہیں، کیا ہم فارغ ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ منسٹر کی دیکھا دیکھی سیکرٹریز بھی نہیں آتے۔
قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے جواب دیا کہ ہیلتھ کا وزیر نہیں بلکہ معاون خصوصی ہے، معاون خصوصی ایوان میں نہیں آتے بلکہ وزیر ان کے سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔
اپوزیشن نے ایوان میں شور شرابا کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کردی۔ ڈپٹی چیئرمین نے اپوزیشن اراکین کو منانے کیلئے سینیٹر اعجاز چوہدری و انوارالحق کو بھیجا لیکن اپوزیشن ارکان ایوان میں واپس نہ لوٹے، جس پر گھنٹیاں روک دی گئیں اور ایوان میں ممبران کی گنتی ہوئی تو کورم نامکمل نکلا، جس پر ڈپٹی چیئرمین نے اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کرنے کے بعد دوبارہ شروع کردیا جس میں صرف حکومتی سینیٹرز شریک ہوئے۔
واک آؤٹ کے بعد شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جو اپوزیشن کے بغیر اجلاس چلا رہی ہے اسکی کوئی حیثیت نہیں، حکومت اپنی خود جگ ہنسائی کر رہی ہے، اگر حکومت نے ایسا کرنا ہے تو اپویشن ہرگز ان کے ساتھ نہیں بیٹھے گی اور ہم باہر اجلاس کریں گے۔

کوشش ہے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں: بسمہ معروف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے بطور کپتان کم بیک کررہی ہوں، کراچی میں لگے کیمپ میں کافی محنت کی گئی ہے اور کوشش یہی ہے کہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں۔
ورلڈ کپ کے لئے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے بسمہ معروف نے کہا کہ اس طرز کے ٹورنامنٹ میں پہلے میچ سے اچھا کھیلیں، بھارت سے پہلا میچ ہے اس کو مختلف سوچ کیساتھ کھیلیں، پاکستانی ٹیم اچھی فارم میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیانا، ایمن اور فاطمہ ثنا فاسٹ باؤلرز میں شامل ہیں، ہمارے پاس فاسٹ باؤلرز کے پول میں کم کھلاڑی ہیں اور ہر میچ ہمارے لیے آسان نہیں ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لئے سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی کورونا ٹیسٹنگ رپورٹ منفی آئی ہے، ٹیم پہلے آکلینڈ پہنچ کر کرائسٹ چرچ چارٹرڈ فلائٹ سے روانہ ہوگی اور دس دن آئسولیشن میں رہے گی۔

آسٹریلیا کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، سابق کرکٹرز

لاہور: (ویب ڈیسک) کرکٹ کی معروف شخصیات نے 24سال بعد آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کو خوش آئند اور اہم پیش رفت قرار دے دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے پوڈ کاسٹ میں 3سابق کپتانوں وسیم اکرم، ایلن بارڈر اورمائیکل ایتھرٹن نے آسٹریلیوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کوخوش آئند اوراہم پیشرفت قراردے دیا۔
پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف دورے میں بیٹنگ میں بابراعظم اورمحمد رضوان اوربولنگ میں شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے ہتھیارہوں گے۔
وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز ہمارے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ کرے گی اورپاکستان کرکٹ کے مجموعی منظرنامے پرمثبت اثرات مرتب کرے گی۔آسٹریلیا کا 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا پی سی بی کا بڑا کارنامہ ہے۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈرنے کہا کہ بابراعظم سے بہت متاثرہوں۔ ان کی تکنیک اچھی ہے۔ بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم ایک یونٹ بن کرابھررہی ہے۔پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کوشکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
کے مطابق یہ سیریز دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لئے نام بنانے کا سنہرا موقع ہے۔ آسٹریلوی ٹیم پاکستان کوپاکستان میں ہرا کرتاریخی دورے کویادگاربنا سکتی ہے۔
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کا اپنی بہترین ٹیم پاکستان بھیجنا بڑی خوشخبری ہے۔ماضی میں پاکستان کا اپنی ہوم کرکٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلنا لازمی ضرور تھا مگر یہ کوئی پائیدار حل نہیں تھا۔امید ہے کہ اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

پشاور: رواں سال 253 سرچ آپریشنز میں 638 ملزمان سمیت 157 خطرناک اشتہاری گرفتار، اسلحہ برآمد

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور پولیس نے رواں سال جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران 253 سرچ آپریشنزمیں 638 ملزمان سمیت 157 خطرناک اشتہاریوں کوگرفتارکر لیا، بڑی مقدار میں آئس، اسلحہ اور کارتوس بھی برآمد کئے گئے۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ 253 سرچ آپریشنز میں 638 ملزموں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار افراد میں 157 خطرناک اشتہاری شامل ہیں، ڈکیتی، راہزنی اور موٹر سائیکل چھیننے میں ملوث 33 ملزمان گرفتار ہوئے۔ کارروائیوں میں 22 موٹرسائیکل، 8 گاڑیاں برآمد کی گئیں، راہزنوں سے 36 موبائل فونزبھی برآمد کئے گئے، گرفتار ڈکیت گروہ سے 25 لاکھ 72 ہزار نقدی بھی برآمد کی گئی۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں میں 51 کلاشنکوف،68 رائفل،37شارٹ گن،8 کالا کوف ،715پستول اور66 ہزار سے زائد کارتوس برآمد کئے گئے، منشیات کے کاروبار میں ملوث ایک ہزار سے زائد ملزمان کوگرفتارکرتے ہوئے 38 کلو آئس، 48 کلو ہیروئن، 111 کلو افیون، 548 کلو چرس پکڑی گئی، 400 سے زائد افراد کو منشیات بحالی مراکز میں داخل کرایا گیا۔

روپے کے مقابلے امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 3 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکی کرنسی کی قیمت 174 روپے 47 پیسے سے بڑھ کر 174 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 106.70 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 106.70 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45947.95 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.23 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 9 کروڑ 18 لاکھ 97 ہزار 383 شیئرز کا لین دین ہوا۔

ایم کیو ایم وفد کی شہبازشریف سے ملاقات، ان ہاؤس تبدیلی پر بات چیت

لاہور: (ویب ڈیسک) سیاسی رابطے تیز ہو گئے، متحدہ وفد نے لیگی صدر شہبازشریف سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال اور ان ہاؤس تبدیلی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر سے ملاقات کے لئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کا وفد ماڈل ٹاؤن پہنچا، شہبازشریف نے ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان پارٹی رہنما وسیم اختر کا آمد پر استقبال کیا۔ احسن اقبال، سعد رفیق، شاہ محمد شاہ، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، ملک محمد خان نے پارٹی صدر کے ہمراہ ایم کیو ایم قائدین کا استقبال کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ اقتصادی،معاشی اور سیاسی صورتحال پربات چیت ہوئی، سندھ کی صورتحال پرتفصیلی گفتگوہوئی، عمران خان کے کراچی کیلئے 1100 ارب کے پیکیج کا کیا بنا؟ عمران خان اپوزیشن کو دیوار سے لگانا چاہتے ہیں۔ ایم کیوایم کے وفد کوگزارش کی آپ حکومت کے اتحادی ضرور لیکن پہلے پاکستانی ہیں، عمران نیازی کے ہاتھوں ملک کی تباہی ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب آدمی ایک وقت کی روٹی کوترس رہاہے، والدین اپنےبچوں کی فیس دینے سے قاصر ہیں، اس سے زیادہ کرپٹ حکومت کا تصور نہیں کیا گیا۔ کراچی کا امن نوازشریف کے دورمیں واپس آیا، یہ مسلم لیگ (ن) کی بہت بڑی اچیومنٹ تھی، قائد ن لیگ کی لیڈرشپ میں کراچی میں پانی کے منصوبوں کے لیے بے پناہ فنڈزدیئے گئے۔
تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے لیگی صدر کا کہنا تھا کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو فیصلے کا اختیار دیا گیا ہے، مجھے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عامر خان اور ان کے ساتھیوں سے کہا کہ عدم اعتماد آئینی طریقہ ہے۔
تحریک عدم اعتماد پر ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے کہا کہ ہم معاملے کو رابطہ کمیٹی اور اپنی قیادت کے سامنے پیش کریں گے، اس کے بعد جو فیصلہ ہو اس سے ہم مطلع کریں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح ن لیگ وفاق میں مسائل کا شکار ہیں، ہمیں صوبے میں مسائل ہیں، ہم نے اس صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی ہے، ہم سندھ میں پیپلزپارٹی کے ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ مہنگائی کے طوفان پرایم کیو ایم بھی پریشان ہے، صورتحال ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔
عامر خان نے کہا کہ سندھ بلدیاتی بل کے خلاف ہم نے اے پی سی کی تھی، اے پی سی کی قرارداد میں سب جماعتوں نے اتفاق کیا تھا۔ سپریم کورٹ کا بلدیاتی بل کے خلاف بھی فیصلہ آیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کو لیکر تینوں صوبے بھی عدالت جاسکتے ہیں، تمام صوبوں میں بلدیاتی اداروں کو بااختیارہونا چاہیے۔

کراچی میں اچانک موسلا دھار بارش

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں اچانک اور غیر متوقع موسلا دھار بارش سے شہری بھیگ گئے جبکہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث کئی موٹر سائیکل سوار گر گئے ۔
کراچی میں بارش کی سرپرائز انٹری نے شہریوں کو بھگودیا ، لیاری ، کھارا در ، میٹھا در ، سٹی سٹیشن ، بولٹن مارکیٹ اور اطراف کے علاقے میں موسلا دھار بارش ہوئی جس نے شہریوں کو نہلا دیا ۔ ناظم آباد ، بہادر آباد اور سٹیڈیم روڈ پر بھی بادل برسے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ پھلسن کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار گر گئے تاہم خوش قسمتی کوئی بڑا حادثہ سامنے نہیں آیا۔
کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے غیر متوقع بارش پر کہا کہ ایک کمزور مغربی سسٹم ملک کے بالائی علاقوں ، جنوب مشرقی بلوچستان اور سندھ سے گززر رہا ہے آج شام تک کراچی ، دادو ، لاڑکانہ ، سکھر ، جامشورو اور دیگر شہروں میں ہلکی بارش ، بوندا باندی کا امکان ہے ۔

پاکستان میں ایڈز کے مریضوں میں اضافہ ہوگیا، وزارت صحت کا اعتراف

اسلام آباد: پاکستان میں دیگر ایشیائی ممالک کی بہ نسبت ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔

ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا آفریدی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس ہوا جس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے تحریری جواب میں اعتراف کیا کہ پاکستان میں دیگر ایشیائی ممالک کی نسبت ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔

جواب میں بتایا گیا کہ استعمال شدہ سرنجوں کا دوبارہ استعمال، ٹیسٹنگ اور علاج نہ ہونا ایڈز کے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہات ہیں۔ ایڈز کے پھیلاؤ کی وجوہات میں بغیر معائنہ کیا ہوا یعنی اَن اسکرینڈ خون کی تھیلیوں کی دستیابی بھی شامل ہے۔

جماعت اسلامی کے رکن سینیٹر مشتاق احمد نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایڈز کے پھیلاؤ میں 11 خطرناک ترین ممالک میں شامل ہے اور ملک میں 2 لاکھ 40 ہزار افراد ایڈز کا شکار ہیں۔

وزیراعظم کا ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان

نوشکی: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پورا احساس ہے ہمارا تنخواہ دار طبقہ تکلیف میں ہے، پوری کوشش ہے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے نوشکی میں جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے واقعہ کی چین میں خبر ملی، دہشتگردوں کو شکست دینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فوج کے جوانوں کو پیغام دینے کیلئے نوشکی آیا ہوں، پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیں اپنے جوانوں پر پورا اعتماد ہے، ہمیں اعتماد ہے پاکستان میں کسی قسم کی دہشتگردی کامیاب نہیں ہوسکتی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنی قوم کیلئے جان دینے والوں کا خاص رتبہ ہوتا ہے، غیر ملکی قوتیں پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، بلوچستان میں اتنی ترقی ہوگی کہ دہشتگردوں کی کوئی بات نہیں سنے گا، سی پیک کے اگلے فیز میں سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری دنیامیں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے، پورا احساس ہے ہمارا تنخواہ دار طبقہ تکلیف میں ہے، پوری کوشش ہے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ کریں، نجی سیکٹر اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرے، جیسے جیسے معیشت بہتر ہوگی، تنخواہوں میں اضافہ کرتے جائیں گے، کسی حکومت نے اتنے فنڈز بلوچستان میں نہیں لگائے جتنے ہم نے لگائے۔