All posts by Khabrain News

ملتان میں درج مقدمے میں لاہور کے مجسٹریٹ کو دفعہ 164کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) مقدمہ کہیں بھی درج ہو، کسی بھی ضلع کا مجسٹریٹ دفعہ 164کا اعترافی بیان ریکارڈ کر سکتا ہے، لاہور ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ سنا دیا۔ جسٹس امجد رفیق نے ملتان میں درج مقدمے میں لاہور کے مجسٹریٹ کو دفعہ 164کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دے دیا۔
دفعہ 164کا اعترافی بیان ریکارڈکرنے کا معاملہ، جسٹس امجدرفیق نے خاتون حرا بی بی کی درخواست پر 10صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ایک خاتون نے بیان ریکارڈکرانے کیلئے مجسٹریٹ سے رجوع کیااور مؤقف اختیار کیا کہ ملتان میں جان کو خطرہ ہے، لہذا لاہور میں ہی بیان ریکارڈ کیا جائے۔
مجسٹریٹ نےمقدمہ ملتان میں درج ہونے پر بیان ریکارڈکرنے کی درخواست مستردکر دی، جوغیرقانونی ہے ۔ فیصلے میں کہا گیا کہ بیان ریکارڈکرنے کا مقصد مستقبل کےلئےشواہد کو محفوظ بنانا ہے۔
مجسٹریٹ کو کوئی بھی بیانات ریکارڈکرنے کے اختیارات دیئے گئے ہیں،دفعہ 164کا بیان دوسرے ضلع کی عدالت میں بھی ریکارڈ ہوسکتا ہے۔موجودہ کیس میں خاتون کا بیان لاہور کے مجسٹریٹ کو ریکارڈ کرنا چاہیے۔ضلع کے باہر ریکارڈہونے والا اعترافی بیان ضائع نہیں ہوگا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ جس مجسٹریٹ کے پاس بیان ریکارڈ ہوگا، وہ پابند ہوگا کہ بیان متعلقہ مجسٹریٹ کو بھجوائے، ایسے مجسٹریٹ کو ٹرائل میں بطور گواہ نہیں بلایا جا سکے گا، عدالت نے خاتون کا بیان ریکارڈ نہ کرنے سے متعلق جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

جیسنڈا آرڈرن نے رواں سال کورونا کے مزید ویرینٹ آنے کا خدشہ ظاہر کر دیا

ویلنگٹن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے رواں سال کورونا وائرس کے مزید ویرینٹ سامنے آنے کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ اومیکرون کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا وبا کا دنیا سے خاتمہ ہو گیا ہے، نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کو نئے ویرینٹس کے خطرے سے مقابلے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اومیکرون سے نمٹنے کیلئے بھی حفاظتی انتظامات کرنے ہوں گے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں تاکہ کورونا وبا کا شکار نہ ہوں۔ حکومت اور عوام کو مل جل کر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ جیسنڈا آرڈرن کے خطاب کے دوران پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر مظاہرین احتجاج کرتے رہے، ان کا مطالبہ تھا کہ کورونا کے سبب عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔

‘نیا سنگ میل عبور، ایک ہی روز میں 20 لاکھ سے زائد کورونا ویکیسن لگالی گئی’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یومیہ ویکسینیشن نے نیا سنگ میل عبور کر لیا، ایک ہی روز میں 20 لاکھ سے زائد کورونا ویکیسن لگالی گئی۔

دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن: وزیراعظم جوانوں کا حوصلہ بڑھانے نوشکی جائینگے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے، جہاں وہ دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے نوشکی جائیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم ایک روزہ دورے کے دوران گورنر بلوچستان، وزیراعلی بلوچستان وفاقی و صوبائی وزراء کے ہمراہ نوشکی جائیں گے۔ سانحہ نوشکی کے دوران شہید ہونے والے جوانوں کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے۔ نوشکی میں ایف سی کے جوانوں سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کو نوشکی کیمپ پر دہشتگردوں کے حملے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے۔ عمران خان کے ہمراہ وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر وزراء بھی ہوں گے۔ وزیراعظم گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتیں کریں گے۔ عمران خان کوئٹہ میں اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو امن و امان سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت سی پیک ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق اجلاس بھی منعقد ہوگا۔

پاک آسٹریلیا سیریز،قومی اسکواڈمیں کون ان کون آوٹ؟

کراچی : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان آج یا کل کیا جائے گا۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم 15 رکنی اسکواڈ اور 5 ریزرو کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے۔قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں عابد علی کی جگہ شان مسعود،صاحبزادہ فرحان اور کامران غلام کو شامل کرنے پر غور جاری ہے۔
پندرہ رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم،اظہر علی،فواد عالم،نعمان علی،سعود شکیل،عبداللہ شفیق،حسن علی شامل ہوں گے۔
فہیم اشرف،شاہین شاہ آفریدی،محمد رضوان،زاہد محمود،ساجد خان،نشیم شاہ،امام الحق اور محمد عباس بھی اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔
ریزرو کھلاڑیوں میں شاہنواز دھانی،حارث روف،کامران غلام ،یاسر شاہ کو شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے ٹیم مینجمنٹ سے کیمپ کراچی کی بجائے راولپنڈی لگانے کی درخواست کی۔ ٹیم مینجمنٹ نے درخواست قبول کرکے کیمپ راولپنڈی میں لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔قومی ٹیسٹ ٹیم کا کیمپ 16 یا 17 فروری کو راولپنڈی میں لگایا جائے گا۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 مارچ کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا

اسلام آباد ایکسپریس وے: موٹرسائیکل سواروں کی گاڑی پرفائرنگ ،2 افراد جاں بحق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ایکسپریس وے سے ملحقہ کری روڈ پرموٹرسائیکل سواروں نے گاڑی پرفائرنگ کردی، 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق تھانہ کھنہ پولیس کو موقع پر طلب کرلیا گیا، امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، ایس ایچ او تھانہ کھنہ کے مطابق دونوں فریقین کی دیرینہ دشمنی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کردی۔

ملکہ الزبتھ دوم کی حکمرانی کے 70 سال مکمل

برطانیہ : (ویب ڈیسک) برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم 70 سالوں تک تخت پر بیٹھے راج کرنے والی پہلی برطانوی حکمران بن گئی ہیں۔
25 سالہ شہزادی الزبتھ اپنے شوہر شہزادہ فلپ کے ساتھ کینیا کے دورے پر تھیں، جب ان کے والد بادشاہ جارج ششم 56 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ جس کے بعد انہوں نے 1952 میں تخت سنبھالا، اس وقت ملکہ دو بچوں کی والدہ بھی تھیں۔
ملکہ نے کبھی اس دن کا جشن نہیں منایا، کیونکہ یہ ان کے والد کی موت کا دن بھی تھا۔ لیکن 70 سال مکمل ہونے پر ملکہ نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے ان 7 دہائیوں میں ہونے والی ترقی کو بھی یاد کیا۔
21 ویں سالگرہ پر لیا گیا حلف ملکہ برطانیہ نے ایک بار پھر دہرایا، اور اپنی پوری زندگی ریاست کی سربراہ رہتے ہوئے، اس کی ترقی اور خوشحالی کے کاموں میں گزارنے کا عزم کیا۔
ملکہ کے اعزاز میں پلاٹینم جوبلی کی عوامی تقریبات جون میں شیڈول ہیں، جس میں فوجی پریڈ سمیت کئی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
ملِکہ ایلزبتھ 21 اپریل 1926 کو لندن میں پیدا ہوئیں اور انھوں نے ابتدائی تعلیم گھر پر حاصل کی۔ سال 1947 میں ان کی شادی شہزادے فلپ کےساتھ ہوئی، جن سے ان کے چار بچے ہیں۔
ملکہ الزبتھ دوئم کی تاجپوشی سال 1953 میں ہوئی اور یہ اپنی طرح کی پہلی ایسی تاج پوشی تھی جو ٹیلی ویژن پر نشر ہوئی۔

اسلام آباد: پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک، ایک گرفتار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکوہلاک، ایک ڈاکوزخمی حات میں گرفتار کرلیا گیا۔ ڈکیت گینگ ڈکیتوں کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھا۔
تھانہ کھنہ کے علاقے لہتراڑ روڈ پرصنم چوک کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا۔ ہلاک ڈاکو شناخت پرویز اور زخمی کی شناخت محمد آصف کے نام سے ہوئی، ہلاک ڈاکو راولپنڈی میں ڈکیتیوں کے دوران قتل، اقدام قتل سمیت سنگین جرائم کی 24 وارداتوں میں ملوث تھا۔
زخمی ڈاکو محمد آصف نے ڈکیتی کی 3 وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ڈکیت گروہ کا اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ متعدد واردتوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ گینگ گن پوائنٹ پر شہریوں کو لوٹتا اور مزاحمت پر انہیں زخمی یا قتل کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا تھا۔

سکی کناری منصوبہ تکمیل کے قریب،884 میگاواٹ بجلی یومیہ پیدا ہوگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سی پیک کے تحت شروع کئے جانے والامنصوبہ سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ منصوبے سے 884 میگاواٹ بجلی کی یومیہ پیداوار حاصل ہوگی۔
اسلام آباد سے 256 کلومیٹردور وادی کاغان میں سکی کناری ہائیڈروپاورپراجیکٹ کا آغاز دسمبر2016 میں ہوا، منصوبے پر85 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
جی او سی سپیشل سیکیورٹی ڈویژن میجر جنرل کامران نذیر کا کہنا ہے سکی کناری ہائیڈرو پاورپراجیکٹ سی پیک کے تحت بننے والا اہم منصوبہ ہے، یہاں سیکیورٹی کا منظم اورجامع نظام ہے۔
منصوبے کوتعمیر کرنے والی چینی کمپنی کے ڈائریکٹر ہوازیکنگ کا کہنا ہے کہ منصوبے سے مقامی لوگوں کو روزگار ملا ہے۔
منصوبے کے الیکٹریکل انجینئر عثمان رمضان کا کہنا ہے کہ یہ ایک ماحول دوست منصوبہ ہے، جس جنگلی حیات و نباتات کو فروغ ملا ہے۔ یہ منصوبہ جہاں ایک طرف ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دے گا، وہیں معیشت کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یوکرین پر حملے کیا تو روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی،امریکی صدر

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن سے جرمن چانسلر اولاف شُولس کی وائٹ ہاوس میں ملاقات ہوئی، جس میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین پر حملے کی صورت میں روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ روسی جارحیت روکنے کیلئے جرمنی اور امریکا ایک پیج پر ہیں، جرمنی امریکا کے قریبی اتحادیوں میں سے ایک ہے، انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ پیوٹن جانتے ہیں یوکرین پر حملہ بہت بڑی غلطی ہوگی۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ جرمنی مکمل طور پر قابل اعتماد ہے، جرمنی کے ساتھ دوبارہ اعتماد جیتنے کی ضرورت نہیں، نیٹو روس کے حملے کا جواب دینے کیلئے تیار ہے، تمام فریقوں کیلئے سفارت کاری بہترین راستہ ہے، اگر روس حملہ کرتا ہے تو اقتصادی پابندیاں عائد کریں گے۔
دوسری جانب روسی صدر پیوٹن کی فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات ہوئی، روسی صدر نے کہا کہ فرانسیسی صدر کے خیالات مستقبل کے اقدامات کے لحاظ سے حقیقت پسندانہ ہیں، میکرون کی کچھ تجاویز پر آگے بڑھنا ممکن ہے۔
فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ موجودہ حالات سے آگاہ ہیں،امن کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، نیٹو کی اوپن ڈور پالیسی ضروری ہے، انہوں نے بتایا کہ آنے والے دن انتہائی اہم ہیں۔
یاد رہے دو روز قبل امریکہ نے دعویٰ کیا تھا کہ روس یوکرین پر آئندہ چند ہفتوں میں حملہ کرسکتا ہے اور جس کے لیے اس نے 70 فیصد تک تیاری مکمل کر رکھی ہے۔
امریکی حکام نے دعویٰ کیا کہ 15 فروری سے مارچ کے اختتام تک کا موسم روس کو بھاری جنگی سازو سامان سرحدوں تک منتقلی کے لیے پیک ٹائم ہو گا۔
واضح رہے کہ روس نے یوکرین کی سرحد کے نزدیک ایک لاکھ فوجی اہلکار تعینات کر رکھے ہیں تاہم روس نے یوکرین پر حملے کے خدشے کو مسترد کر دیا ہے۔