All posts by Khabrain News

وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں پروقار تقریب، گارڈ آف آنر پیش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم ہاؤس میں نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف پیش کیا گیا، وزیراعظم کو پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے سلامی دی۔ شہباز شریف کا وزیراعظم ہاؤس کے اسٹاف سے تعارف کرایا گیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی پروقار تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس سے پہلے گزشتہ رات ایوان صدر میں تقریب حلف برداری ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نو منتخب وزیراعظم سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔ شہباز شریف 174 ووٹ لیکر قائد ایوان منتخب ہوئے۔ پی ٹی آئی نے وزارت عظمیٰ کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا جبکہ قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے بھی الیکشن کی کارروائی کرانے سے انکار کر دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ میں کہا کہ ان کی توجہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بلند افراط زر سے نمٹنے اور جمود کا شکار معیشت کو شروع کرنے پر مرکوز ہو گی، دوسرے ممالک سے باہمی احترام، مساوات اور امن کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں، ملکر پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے، یہ فخر کی بات ہے تمام ادارے آئین کو رہنما اصول کے طور پر مانتے ہیں۔

شہبازشریف کی حکومت کتنے دنوں کی مہمان ہے؟ فواد چودھری نے بڑا دعویٰ کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چوں چوں کا مربہ حکومت چند ہفتوں کے لئے ہے۔

فواد چوہدری نے ٹوئٹرپرپیغام میں کہا کہ ملک کا بحران سنگین ہورہا ہے۔ چوں چوں کا مربہ حکومت چند ہفتوں کے لئے ہے۔135 حلقوں سے استعفے آچکے ہیں موجودہ پارلیمان اپنی اہمیت اورحیثیت کھو چکی ہے۔ٹکراؤ سےبچنے کا واحد طریقہ انتخابات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ حکومت سوشل میڈیا اورسیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔

فلپائن میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 25 افراد ہلاک

منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 25 افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں بے گھر ہوگئے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلپائن کے وسط اور جنوب میں موسلادھار بارشوں سے سیلابی اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورت حال پیدا ہوئی جس کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب تک پچیس افراد کی اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 6 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ریسکیو عملے کی جانب سے متاثرین کی مدد کے لیے آپریشن جاری ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق موجودہ صورت حال کے سبب 30 ہزار خاندان بے گھر ہوئے جن میں سے سیکڑوں افراد کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مشکل حالات پر قابو پا لیں گے۔
خیال رہے کہ فلپائن کو ہر سال سمندری طوفان کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جنرل ندیم رضا سے قازقستان کے نائب وزیر دفاع کی ملاقات

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے قازقستان کے نائب وزیر دفاع نے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قازقستان کے نائب وزیر دفاع نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سلامتی باالخصوص افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
قازقستان کے نائب وزیر دفاع نے خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، دونوں ملکوں کی افواج کی مشترکہ مشقوں اور وفود کے تبادلے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔

بنگلا دیش کو شکست، جنوبی افریقہ کا ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ نے بنگلادیش کو دوسرا ٹیسٹ 332 رنز سے ہرا کر دو میچز کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا، کیشو مہاراج بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
سیریز کے دوسرے میچ میں 413 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرتے مہمان بنگلادیش نے 27 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے آخری دن کا کھیل شروع کیا، پوری ٹیم 80 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پہلی اننگز میں جنوبی افریقی 453 کے جواب میں بنگلا دیشی ٹیم 217 رنزپر آؤٹ ہو کر خسارے کا شکار ہوئی۔
برتری کی حامل جنوبی افریقہ نے 176 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی، فاتح ٹیم کے کیشو مہاراج شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ اور سیریز کے حقدار بنے۔

پاکستان کے داخلی معاملات پر تبصرہ نہیں کرسکتے:امریکا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ بدستور برقرار ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے داخلی معاملات پر تبصرہ نہیں کرسکتے، جمہوری اور خوشحال پاکستان امریکی مفاد میں ہے۔
چین نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی تبدیلیاں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔
بیجنگ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ دوستانہ پالیسی برقرار رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان میں تمام جماعتیں متحد رہیں گی اور اپنے مجموعی قومی استحکام اور ترقی کا تحفظ کریں گے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے پاکستان کے 23ویں وزیراعظم کا حلف اٹھالیا، قائمقام صدر صادق سنجرانی نے ان سے حلف لیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

“ہمارا مطالبہ فوری الیکشن ” عمران خان کا بدھ کو پشاور میں جلسے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کے روز پشاور میں جلسے کی کال دے دی۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ وہ بدھ کے روزعشاء کے بعد پشاور میں جلسہ کریں گے، یہ ان کا رجیم چینج کی بیرونی سازش کے ذریعے ہٹائے جانے کے بعد پہلا جلسہ ہوگا، وہ چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف کے تمام لوگ اس جلسے میں شرکت کریں کیونکہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک کے طور پر وجود میں آیا تھا یہ کسی بیرونی طاقت کی کٹھ پتلی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر نئے انتخابات کرائے جائیں کیونکہ یہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے کہ لوگوں کو صاف اور شفاف انتخابات کے ذریعے فیصلہ کرنے دیا جائے کہ وہ کس کو اپنے وزیر اعظم کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

ثانیہ نشتر نے بھی استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ثانیہ نشتر نے استعفیٰ دے دیا۔
ثانیہ نشتر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ بطور چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ پسماندہ لوگوں کی خدمت کرنا ایک بہت بڑا اعزاز رہا ہے عمران خان مجھےموقع دینے کے لیے شکریہ! آپ کی قیادت میں ملک کے لیے کام کرنا ایک اعزاز ہے۔

ڈاکٹر توقیر شاہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری تعینات، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈاکٹر توقیر شاہ کو وزیراعظم شہباز شریف کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بیوروکریسی سے متعلق پہلا حکم جاری کردیا ہے اور وفاقی اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن نے ڈاکٹر توقیر شاہ کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر توقیر شاہ شہبازشریف جب وزیر اعلیٰ پنجاب تھے تو اس وقت بھی پرنسپل سیکرٹری کے عہدے پر کام کر چکے ہیں، ان کا شمار بہترین اور قابل افسران میں ہوتا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفیکیشن سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کی طرف سے جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت شہباز شریف ایوان کی اکثریت کے ووٹ لیکر وزیراعظم منتخب ہوئے، شہباز شریف نے وزارت اعظمیٰ کے انتخاب میں 174 ووٹ حاصل کیے۔