All posts by Khabrain News

بنگلا دیش کو شکست، جنوبی افریقہ کا ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ نے بنگلادیش کو دوسرا ٹیسٹ 332 رنز سے ہرا کر دو میچز کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا، کیشو مہاراج بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
سیریز کے دوسرے میچ میں 413 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرتے مہمان بنگلادیش نے 27 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے آخری دن کا کھیل شروع کیا، پوری ٹیم 80 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پہلی اننگز میں جنوبی افریقی 453 کے جواب میں بنگلا دیشی ٹیم 217 رنزپر آؤٹ ہو کر خسارے کا شکار ہوئی۔
برتری کی حامل جنوبی افریقہ نے 176 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی، فاتح ٹیم کے کیشو مہاراج شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ اور سیریز کے حقدار بنے۔

پاکستان کے داخلی معاملات پر تبصرہ نہیں کرسکتے:امریکا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ بدستور برقرار ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے داخلی معاملات پر تبصرہ نہیں کرسکتے، جمہوری اور خوشحال پاکستان امریکی مفاد میں ہے۔
چین نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی تبدیلیاں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔
بیجنگ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ دوستانہ پالیسی برقرار رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان میں تمام جماعتیں متحد رہیں گی اور اپنے مجموعی قومی استحکام اور ترقی کا تحفظ کریں گے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے پاکستان کے 23ویں وزیراعظم کا حلف اٹھالیا، قائمقام صدر صادق سنجرانی نے ان سے حلف لیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

“ہمارا مطالبہ فوری الیکشن ” عمران خان کا بدھ کو پشاور میں جلسے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کے روز پشاور میں جلسے کی کال دے دی۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ وہ بدھ کے روزعشاء کے بعد پشاور میں جلسہ کریں گے، یہ ان کا رجیم چینج کی بیرونی سازش کے ذریعے ہٹائے جانے کے بعد پہلا جلسہ ہوگا، وہ چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف کے تمام لوگ اس جلسے میں شرکت کریں کیونکہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک کے طور پر وجود میں آیا تھا یہ کسی بیرونی طاقت کی کٹھ پتلی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر نئے انتخابات کرائے جائیں کیونکہ یہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے کہ لوگوں کو صاف اور شفاف انتخابات کے ذریعے فیصلہ کرنے دیا جائے کہ وہ کس کو اپنے وزیر اعظم کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

ثانیہ نشتر نے بھی استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ثانیہ نشتر نے استعفیٰ دے دیا۔
ثانیہ نشتر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ بطور چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ پسماندہ لوگوں کی خدمت کرنا ایک بہت بڑا اعزاز رہا ہے عمران خان مجھےموقع دینے کے لیے شکریہ! آپ کی قیادت میں ملک کے لیے کام کرنا ایک اعزاز ہے۔

ڈاکٹر توقیر شاہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری تعینات، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈاکٹر توقیر شاہ کو وزیراعظم شہباز شریف کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بیوروکریسی سے متعلق پہلا حکم جاری کردیا ہے اور وفاقی اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن نے ڈاکٹر توقیر شاہ کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر توقیر شاہ شہبازشریف جب وزیر اعلیٰ پنجاب تھے تو اس وقت بھی پرنسپل سیکرٹری کے عہدے پر کام کر چکے ہیں، ان کا شمار بہترین اور قابل افسران میں ہوتا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفیکیشن سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کی طرف سے جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت شہباز شریف ایوان کی اکثریت کے ووٹ لیکر وزیراعظم منتخب ہوئے، شہباز شریف نے وزارت اعظمیٰ کے انتخاب میں 174 ووٹ حاصل کیے۔

ڈی آئی خان : پولیس موبائل پر دہشت گردوں کا حملہ، 5 اہلکار شہید

ڈی آئی خان: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر راکٹ لانچر داغ دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقت کلاچی میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس موبائل پر راکٹ داغا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔
راکٹ داغنے کے بعد دہشت گردوں نے فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار شہید جب کہ ڈی ایس پی کلاچی فضل سبحان سمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے
واقعے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے حادثے پر پہنچ کر شہید وزخمی پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈی ایس پی کلاچی فضل سبحان کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں دو خواتین سمیت 4 فلسطینی شہید

یروشلم: (ویب ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے میں 24 گھنٹوں کے اندر اندر اسرائیلی فوج نے چار فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
مِڈل ایسٹ آئی کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے پیر کی صبح اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران 17 سالہ محمد زکارنا کی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑنے کی اطلاع دی۔
اسی طرح گزشتہ دن غادہ ابراہیم العریدی، ایک 47 سالہ 6 بچوں کی بیوہ ماں کو ایک اسرائیلی فوجی نے بیت لحم کے مغرب میں حسین نامی گاؤں میں گولی مار کر شہید کیا جبکہ رات کے قریب 21 سالہ محمد علی غنیم کو بیت لحم کے جنوب میں الخدیر قصبے میں شہید کیا گیا۔
اس کے علاوہ ایک اور فلسطینی خاتون 24 سالہ ماہا الزاطری کو اتوار کی سہ پہر ہیبرون کے قریب ابراہیمی مسجد کے پاس گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔
رواں سال مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں اب تک کم از کم 35 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکبادی دی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں نریندر مودی کا کہنا تھاکہ شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ بھارت خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے اور اسے دہشت گردی سے پاک خطہ دیکھنا چاہتا ہے تاکہ ہم اپنے ترقیاتی چیلنجز پر توجہ مرکوز کرسکيں اور اپنے لوگوں کی خوشحالی کو یقینی بناسکیں۔
خیال رہے کہ شہباز شریف ملک کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں اور سب سے پہلے ترک صدر نے انہیں فون کرکے مبارکباد دی ہے۔

اقتدار جانے کا دکھ نہیں اپنے ہی افراد کے دھوکہ دینے پر دکھی ہوں: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت میں بلیک میل ہوتے رہے لہٰذا آئندہ اتحادیوں کو ساتھ ملا کر حکومت نہیں بنائیں گے۔
تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور عوامی رابطہ مہم اور جلسے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع عمران خان کا کہنا تھاکہ اسمبلی سے استعفے دے دیے، اب پارلیمنٹ نہیں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اب عوامی سطح پر نئے انتخاب کا دباؤ ڈالے گی، تحریک انصاف کی مقبولیت سے تمام جماعتیں خوفزدہ ہیں، دوبارہ پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت لے کر جائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ اتحادی حکومت میں بلیک میل ہوتے رہے، آئندہ اتحادیوں کو ساتھ ملا کر حکومت نہیں بنائیں گے، بیساکھیوں کے سہارے حکومت ملی، کھل کر کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھاکہ اب پارٹی سے وفاداروں کو ہی ٹکٹ دے کر کامیاب بنائیں گے، دوبارہ اقتدار میں آ کر ہارس ٹریڈنگ کا ہمیشہ کیلئے راستہ بند کروں گا، اقتدار جانے کا دکھ نہیں اپنے ہی افراد کے دھوکہ دینے سے دکھ ہوا، پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ایوان میں آ کر بیٹھیں گے۔

اردوان پر داماد کی ڈرون کمپنی کیلئے مارکیٹنگ کا الزام لگانے والے اخبار پر مقدمہ

انقرہ: (ویب ڈیسک) ڈرونز بنانے والی ترک کمپنی کے چیف ٹیکنیکل آفیسر سیلکُک بیراکتر جو کہ صدر طیب اردوان کے داماد بھی ہیں، نے ڈرون کی فروخت سے متعلق رپورٹس پر ایک صحافی اور اخبار کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔
ترک نیوز ویب سائٹ ترکش منٹ کے مطابق صدر رجب طیب اردوان کے داماد سیلکُک بیراکتر نے نومبر 2021 میں روزنامہ کی طرف سے شائع ہونے والی دو رپورٹس پر یینی یاسم اخبار اور صحافی سیدات یلماز کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے جبکہ 10,000 ترک لیرا ہرجانے کا بھی مطالبہ کیا۔
یلماز کی طرف سے لکھی گئی رپورٹس میں اردوان خاندان پر داماد کی کمپنی کے تیار کردہ ڈرونز کے لیے ‘sales representative’ کی طرح کام کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ رپورٹس میں ان صارفین کے نام بھی درج ہیں جنہوں نے ڈرونز خریدے۔
یلماز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ صدر اردوان ذاتی طور پر داماد کی کمپنی کے تیار کردہ ڈرونز کی مارکیٹنگ میں ملوث تھے اور متعدد ممالک نے ترک حکومت کی مدد سے کمپنی سے یہ ڈرونز خریدے بھی۔